Tag: Winter Weather

  • منگولیا میں شدید سرد موسم سے 20 لاکھ جانور ہلاک

    منگولیا میں شدید سرد موسم سے 20 لاکھ جانور ہلاک

    خشکی سے گھرا ملک منگولیا میں شدید ٹھنڈ اور برف باری کے نتیجے اب تک 20 لاکھ سے زیادہ جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق منگولیا میں دسمبر سے مارچ کے درمیان شدید سرد موسم کا ہونا معمول کی بات ہے، ملک میں ان مہینوں کے درمیان کچھ علاقوں میں پارہ منفی 50 تک گر جاتا ہے۔

    منگولیا کی وزارت زراعت کے گنتولگا کے مطابق پیر تک 2.1 ملین مویشی سخت موسم میں بھوک اور تھکن سے ہلاک ہوگئے ہیں، جن میں بھیڑ، بکری، گھوڑے اور گائے شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ’موسم سرما کا آغاز شدید برف باری سے ہوا لیکن اچانک ہوا کا درجہ حرارت بڑھ گیا، اور برف پگھل گئی جس نے پگھلنے والی برف کو مزید برف میں تبدیل کر دیا، اس برف کی وجہ سے مویشیوں کے لیے نیچے کی گھاس تک پہنچنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے‘۔

    حکام کا بتانا ہے کہ منگولیا کے چھ صوبوں میں اس وقت موسم شدید سرد ہے اور سخت موسمی حالات سے متاثرہ شہریوں کو خوراک فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ منگولیا کی آب و ہوا شدید قسم کی ہے، موسم سرما بہت سرد اور موسم گرما معتدل ہوتا ہے، جس سے بہت سے لوگوں اور جانوروں کی موت واقع ہوتی ہے۔

  • ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے، کراچی میں سائبیریا کی ہوائیں چل پڑیں

    ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے، کراچی میں سائبیریا کی ہوائیں چل پڑیں

    کراچی / لاہور/ پشاور : ملک بھر میں سردی نے اپنا زور دکھانا شروع کردیا، پنجاب میں دھند اور خیبر پختونخوا میں بارشیں جبکہ کراچی میں سائبیریا کی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں۔

    ملک بھر میں سردی کا راج ہے کراچی میں سائبرین ہواؤں نے سردی کی شدت بڑھادی، بالائی علاقوں میں بارشوں سے ٹھنڈ بڑھ گئی شہری کپکپا اٹھے۔

    موسم کا حال سنانے والوں نے اہلیان کراچی کو مزید سردی کی نوید سنادی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر تیس نومبر تک جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔

    لاہورمیں رات گئے بونداباندی سے موسم سرد ہوگیا اور پارہ گیارہ ڈگری تک گرگیا۔ قومی شاہراہ پر لاہورسے ساہیوال تک دھند کا راج ہے، حد نگاہ ساٹھ سے ایک سو بیس میٹر تک رہ گئی۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، ساہیوال، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ کالام ، مالم جبہ، بالاکوٹ، پشاور اور چترال سمیت خیبر پختونخوا میں بھی بادل جم کر برسے۔

    مانسہرہ میں تین دن بعد بارش کاسلسلہ تھم گیا۔ بجلی بحال نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں بلوچستان، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے چند علاقوں میں بارش نے سردی بڑھادی کالام اور مالم جبہ میں دس انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔