Tag: winter

  • موسم سرما میں خشک جلد کو موائسچرائز رکھنے کے لیے کریم گھر میں بنائیں

    موسم سرما میں خشک جلد کو موائسچرائز رکھنے کے لیے کریم گھر میں بنائیں

    موسم سرما شروع ہوچکا ہے اور ایسے میں جلد کو خشکی سے بچانے کے لیے اضافی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، جلد کو موائسچرائزڈ رکھنے کے لیے گھر میں نائٹ کریم بنانا بے حد آسان ہے۔

    اس کا طریقہ درج ذیل ہے۔

    آئلی اسکن کے لیے

    ایک لیموں کا رس، ایک چمچ گلاب کا عرق، ایک چمچ گلیسرین اور ایک چمچ خشک دودھ کا پاؤڈر مکس کریں اور اس کو لوشن کی طرح بنا کر کسی بوتل میں رکھ لیں۔

    اس کو روزانہ رات کو لگائیں اور صبح اٹھ کر پانی سے منہ دھو لیں۔

    خشک جلد کے لیے

    ایک لیموں کا رس، ایک چمچ گلاب کا عرق، ایک چمچ گلیسرین، ایک چمچ لیکوئیڈ دودھ اور آدھا چمچ انڈے کی سفیدی کو اچھی طرح مکس کریں اور جلد پر لگا کر سو جائیں۔

    صبح نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں۔

    اس کو بنا کر کسی بوتل میں نہ رکھیں بلکہ روزانہ بنائیں اور روزانہ جلد پر لگائیں کیونکہ انڈے کی زردی ایک دن بعد اثر نہیں دکھا سکے گی۔

    یہ نائٹ کریم آپ کی جلد کو موائسچرائز رکھے گی، آئلی جلد کا اضافی آئل کنٹرول کرنے اور خشک جلد کو ڈی ہائیڈریٹ کرنے میں مدد دے گی۔

    اس میں شامل لیموں، گلیسرین اور دودھ آپ کی اسکن ٹون کو بھی بہتر کریں گے جبکہ جلد سے ایکنی کا خاتمہ بھی کریں گے۔

  • سخت سردی کا علاج، ہیٹر لگے الیکٹرک کمبل

    سخت سردی کا علاج، ہیٹر لگے الیکٹرک کمبل

    کڑاکے کی سردی ہے اور ایک عام کمبل کے ذریعے گزارا  ممکن نہیں تو اب پریشان نہ ہوں کیونکہ ہیٹر لگے کمبل آپ کی پریشانی حل کردیں گے۔

    یہ انسانی جبلت  میں شامل ہے کہ وہ اپنی مشکل کا حل تلاش کرلیتا ہے، ہماری دنیا کچھ سالوں سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نبردآزما ہے، گرمیوں میں سخت گرمی، سردیوں میں سخت سردی اب معمولات کا حصہ ہوتے جارہے ہیں۔

    جب عام کمبل یخ بستہ ہواؤں سے انسانوں کو بچانے میں ناکام رہے تو انہوں نے کمبل میں ہیٹر لگا کر اس کا علاج ڈھونڈ لیا ہے۔

    ہیٹر لگے کمبل کے چاروں کناروں پر گرمی فراہم کرنے والی باریک تاریں لگائی گئی ہیں جنہیں ایک ڈیوائس کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

    ان کمبلوں کی بھی مختلف اقسام میں بعض میں چھوٹی سائز کی چپ لگائی گئی ہے جب کہ کچھ کمبل ایسے ڈیزائن کیے گئے ہیں جن میں ریموٹ کے ذریعے گرمی اندر آتی رہتی ہے۔

    ان کمبلوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہیں ایک سے دو گھنٹے ہیٹر چلا کر اوڑھ لیں تو یہ چار سے پانچ گھنٹے تک جسم کو گرم رکھتے ہیں، تاہم سونے سے قبل اسے بند کرنا نہ بھولیں اور اس کا ریموٹ بھی بستر سے دور رکھیں۔

    اگر آپ کے لیے سردی ناقابل برداشت ہے تو نہ گھبرائیں، ابھی بازار جائیں اور اپنی پسند کا ہیٹر لگا الیکٹرک کمبل لے آئیں۔

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ

    کراچی : آج شہر قائد میں بادل خوب برسے صبح سویرے ہونے والی بارش نے شہریوں کو موڈ کو خوشگوارکردیا، موسم کی پہلی بارش سے سرد موسم میں مزید شدت آگئی۔

    کراچی کے مختلف علاقوں گلستان جوہر،گلشن اقبال، شارع فیصل، کورنگی، ملیر،ماڈل کالونی، کھارادر، گارڈن، قیوم آباد سمیت مختلف علاقوں میں کہیں تیز اورکہیں ہلکی بارش ہوئی بارش سے سڑکوں پرپھسلن اورپانی جمع ہونے سے دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    صبح سویرے ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں منگل تک بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے جبکہ 28 دسمبر سے شہر میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں 5 ملی میٹریکارڈ کی گئی۔ائیرپورٹ پر4 اورگلستان جوہر میں 3 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھرموسم ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ ہلکی بارش کا سلسلہ کل صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 دسمبرسے سردی کی لہرآنے کی توقع ہے جو5 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج دادو، ٹھٹہ، بدین میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے، جامشورو، حیدرآباد اور میرپورخاص میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    سندھ کے دیگراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد میں رات، صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔

    اس کے علاوہ جڑواں شہروں اسلام آباد راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ایبٹ آباد شہر اور اس کے گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش اور گلیات، نتھیاگلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی کے پہاڑوں پر بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفباری کے باعث ایبٹ آباد سے مری اور ٹھنڈیانی روڈ بند کردیئے گئے ۔

  • موسم سرما میں بالوں کو گرنے سے کیسے بچایا جائے؟ آسان نسخہ

    موسم سرما میں بالوں کو گرنے سے کیسے بچایا جائے؟ آسان نسخہ

    بالوں کا گرنا ایک قدرتی عمل ہے لیکن قدرتی مقدار سے زیادہ گرنا پریشانی کا باعث ہے، اس کا علاج کرنے سے پہلے بال گرنے کی وجوہات کو جاننا ضروری ہے۔

    بال گرنے کی وجوہات ایک موروثی خواص اور کسی ہارمونی تبدیلی، کسی اور بیماری کا شکار ہونے اور اس کے طِبّی علاج کے کسی ذیلی اثر پر بھی مشتمل ہو سکتی ہیں گو بال گرنے کی شکایت ہر کسی میں پیدا ہوسکتی ہے لیکن عام طور پر مرد اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔

    سردیوں میں یہ شکایت مرد ہوں یا خواتین سب کو ہی رہتی ہے، موسم سرما میں بال گرنے کے مسائل پر کیسےقابو پایا جائے؟ اس کیلئے انتہائی آسان اور موثر طریقے جانیے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر صحت ڈاکٹر کاشف نے بتایا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ہم اس موسم میں پانی کا استعمال کم اور چائے کافی کی مقدار بڑھا دیتے ہیں۔

    اس پر قابو پانے کیلئے بالوں میں تیل لگانا ضروری ہے، سب سے بہترین سرسوں کا تیل ہے جسے رات کو لگایا جائے اور صبح اٹھ کر شیمپو سے دھولیا جائے تو اس مسئلے سے نجات ملک سکتی ہے۔

    ڈاکٹر کاشف نے نسخہ بتایا کہ کسٹر آئل کوکونٹ آئل اور پانی برابر مقدار میں ملا کر ایک بوتل میں رکھ لیں اس تیل کو نہانے کے بعد سر پر اسپرے کریں اس عمل سے بالوں میں چمک بھی آئے گی۔

  • شدید سردی، امریکی ریاست میں پانی اور بجلی بھی غائب، خوفناک مناظر

    شدید سردی، امریکی ریاست میں پانی اور بجلی بھی غائب، خوفناک مناظر

    امریکی ریاست ٹیکسس میں تاریخ کے بدترین برفانی طوفان نے تباہی مچادی، لاکھوں لوگ 2 روز سے پانی اور بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں، سخت موسم کے باعث اب تک 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا کی کئی جنوبی ریاستیں اس وقت شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں تاہم ریاست ٹیکسس سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔

    ریاست میں درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ایسے سرد ترین موسم میں تقریباً 20 لاکھ کے قریب افراد 2 روز سے پانی و بجلی سے محروم ہیں۔

    لوگ لکڑیاں جلا کر خود کو گرم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے باعث لکڑیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے، علاوہ ازیں گروسری اسٹورز میں بھی اشیائے ضرورت کم پڑ گئی ہیں۔

    ہیٹنگ سسٹم معطل ہوجانے کے باعث گھروں میں موجود اشیا برف بن چکی ہیں۔

    ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے فش ٹینک کی تصویر شیئر کی جو مکمل طور پر جم چکا ہے اور اس کے اندر موجود مچھلی مرچکی ہے۔

    شہر ڈلاس سے ایک اور تصویر سامنے آئی جس میں ایک گاڑی لیک ہوتے پانی کے پائپ کے نیچے کھڑی تھی جو اب جم چکی ہے۔

    شدید موسمی حالات اور حادثات کے باعث اب تک 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    حکام کے مطابق یہ برفانی طوفان 30 سالہ تاریخ کا بدترین طوفان ہے، حکام نے حالات مزید بگڑنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

    نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مزید برفانی طوفانوں کا امکان ہے جس سے لگ بھگ 15 کروڑ شہری متاثر ہوں گے، اس وقت ملک کا 73 فیصد سے زائد حصہ مکمل طور پر برف سے ڈھکا ہوا ہے۔

  • سردی میں اضافہ، 5 جنوری تک چھٹیوں میں اضافے کی اپیل

    سردی میں اضافہ، 5 جنوری تک چھٹیوں میں اضافے کی اپیل

    کراچی: سردی میں اضافے کو دیکھتے ہوئے سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے 5 جنوری تک چھٹی میں اضافے کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سردیوں کی تعطیلات 5 جنوری تک بڑھانے کی درخواست کر دی ہے، ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی کا کہنا تھا سائبیرین ہواؤں کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، چھٹیوں میں اضافہ کیا جائے۔

    چیئرمین نے کہا کہ جنوری میں سردی زیادہ ہوتی ہے، اسکولوں کے اوقات بھی تبدیل کیے جائیں، صبح کے اسکولز کے اوقات 8:30 سے ڈیڑھ بجے تک کیے جائیں، جب کہ دوپہر کے اسکولز کے اوقات ایک سے ساڑھے 4 بجے تک کیے جائیں۔

    سندھ حکومت کا اسکولوں کی چھٹیاں نہ بڑھانے کا اعلان

    خیال رہے کہ گزشتہ سال کے آخری دن حکومت سندھ نے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سیکریٹری تعلیم سندھ احسن منگی نے کہا کہ سندھ کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، اسکول یکم کو معمول کے مطابق کھلیں گے۔ کراچی میں آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ نے بھی یکم سے اسکول معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیش تر حصوں میں سردی میں اچانک اضافے کے بعد یہ امید کی جا رہی تھی کہ سندھ کے اسکولوں میں ایک ہفتے کا اضافہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب سردی میں اضافے کے بعد کے پی کے کے اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں 7 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔

  • شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    اسکردو: ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں سردی نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل 1999 میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    گزشتہ چند روز سے بلتستان میں شدید سردی ہے اور پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شدید سردی کے سبب شمالی علاقوں کے ندی، نالے اور دریا جم گئے ہیں، آئندہ 24 گھنٹے کے بعد موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ کل سے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی اسکردو ملک کا سرد ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ ٹھنڈ بڑھنے سے بلتستان کے بالائی علاقوں میں شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    شیلا، گلتری اور شغر تھنگ کا زمینی رابطہ ایک ماہ سے بدستور بند ہے اور لوگوں نے حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

  • موسم سرما کی عدالتی تعطیلات کا اعلان، اوقات کار میں بھی تبدیلیاں

    موسم سرما کی عدالتی تعطیلات کا اعلان، اوقات کار میں بھی تبدیلیاں

    اسلام آباد : ہائیکورٹ نے سردیوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا، عدالتی اوقات کار میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، تعطیلات میں ہائیکورٹ رجسٹری درخواستیں موصول کرنے کیلئے کھلی رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سردیوں کی تعطیلات اور عدالتی اوقات کارکا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی تعطیلات میں ڈیوٹی پر ہوں گے جبکہ جسٹس عامر فاروق، جسٹس غلام اعظم 24سے31دسمبرتک چھٹی پر ہوں گے، جسٹس میاں گل حسن 2سے10جنوری تک چھٹی پرہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز24 سے28 دسمبر تک چھٹی پرہونگی، جسٹس فیض احمد جندران یکم سے 10 جنوری تک چھٹی پرہونگے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سردیوں کی تعطیلات میں صرف ارجنٹ کیسسز سنیں جائیں گے، دوران تعطیلات صرف ضمانت کی درخواستوں پرسماعت ہوگی، تعطیلات میں ہائیکورٹ رجسٹری درخواستیں موصول کرنے کیلئے کھلی رہیں گی۔

    اس کے علاوہ سردیوں کی تعطیلات کی وجہ سے عدالتی اوقات کار بھی تبدیل کیے گئے ہیں، دوران تعطیلات پیر تا جمعرات عدالتی اوقات 9:30 تا 1:30 رہے گی، بروز جمعہ عدالتی اوقات صبح 9 سے 12:30 تک ہوں گے۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بارش کا امکان

    ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بارش کا امکان

    لاہور / گلگت،بلتستان : ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے اور ملک کے جنوبی حصوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کےبالائی علاقوں گلگت،بلتستان اورملحقہ علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا،پوٹھو ہار میں کہیں کہیں ہلکے بادل چھائے رہیں گے۔

    پنجاب کے شہروں لاہور، ملتان، فیصل آباد رحیم یار خان میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں صبح کے وقت دھند کا امکان ہے۔

    بالائی سندھ کے شہر سکھر، لاڑکانہ ، نواب شاہ میں دھند کاامکان ہے جبکہ حیدر آباد اور کراچی میں مطلع صاف اور موسم خشک رہے گا۔

    اس کے علاوہ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کی آمد کی وجہ سے موسم میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی حصوں میں معمول سے کم جبکہ شمالی اور مغربی علاقوں میں زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں۔

  • بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، بارش سے سردی میں اضافہ

    بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، بارش سے سردی میں اضافہ

    اسلام آباد / لاہور / کراچی / کوئٹہ : ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش نے سردی میں مزید اضافہ کردیا، کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بادلوں کا راج ہے، بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش نے سردی مزید بڑھا دی ہے۔ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا گشت جاری ہے۔

    ملک بھر کے بالائی علاقوں میں برفباری نے موسم کو اور خوشگوار کردیا ہے۔ بٹگرام، کالام، سوات، مالم جبہ، مانسہرہ میں فلک بوس پہاڑوں نے برف کی چادراوڑھ لی۔ کوئٹہ میں ابر کرم جاری ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے کوئٹہ سمیت شمال مشرقی بلوچستان میں مزید اڑتالیس گھنٹوں تک بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت میں درجہ حرارت صفر، دالبدین میں تین اور قلات میں پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر اقتدار اسلام آباد میں بھی موسم سہانا ہے۔ بارش اورٹھنڈی ہوائوں نے راولپنڈی میں سردی بڑھادی۔

    لاہور میں گزشتہ رات سے بارش نے موسم کو دلکش بنا دیا۔ اوکاڑہ، نوشہرہ، میاں چنوں ، گجرات سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں موسلادھار تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس کے علاوہ شہر قائد کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں سرسرا رہی ہیں۔ بادل بھی چھائے ہوئے ہیں مگربارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔