Tag: winter

  • کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی: شہرقائد میں سردی کی پہلی لہر نے ہی کراچی کو ٹھنڈاٹھار کردیا، علی الصبح درجہ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا، صبح سویرے شہر میں ٹھنڈ پڑی، موسم سرما کی آمد سے گرم کپڑوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں علی الصبح درجہ حرارت19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد نمی کے تناسب میں واضح کمی واقع ہوئی، ہوا میں نمی کا تناسب39فیصد ہے، شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، صبح وشام کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد اور خشک ہوگا۔

    تین روز قبل ہی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ سمندری طوفان ماہا کراچی سے 675 کلوميٹر دور ہے، کراچی ميں7 نومبر سے جزوی سردی کی لہر داخل ہورہی ہے، سردی کی اس لہر کے دوران درجہ حرارت18 سے 20 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    کراچی کے شہری سردی کی واپسی پر خوش ہيں، جبکہ ٹھنڈ بڑھنے سے خشک ميوہ جات، سوپ اور مچھلی بيچنے والوں کی بھی چاندی ہوجائے گی۔

  • کراچی میں سردی ،  محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    کراچی میں سردی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    کراچی : محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اورنومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں اس بارسردی جلد آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغرب کی جانب ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے اور ہوا کا زیادہ دباؤ یعنی پریشر گریڈینٹ اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے، پریشر گریڈینٹ شمالی بلوچستان میں موجود ہے۔

    محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ پریشر گریڈینٹ کی وجہ سے شمال کی جانب سے ہوائیں چلنے کی صورت میں کراچی میں موسم خنک ہوسکتا ہے اور نومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرداور خشک رہنےکا امکان ہے، آج اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔

    کراچی لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری اور شمالی علاقہ جات اور بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بادل چھائے رہیں گے۔

  • شام میں خانہ جنگی، شدید ٹھنڈ کے باعث 15 بچے ہلاک

    شام میں خانہ جنگی، شدید ٹھنڈ کے باعث 15 بچے ہلاک

    دمشق: شام میں ایک جانب شدید خانہ جنگی کی صورت حال ہے تو دوسری جانب سخت سردی نے 15 بچوں کی جانیں لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق شام میں عسکریت پسندوں کے دہشت گرد حملوں نے جہاں سیکڑوں عام شہروں موت گھاٹ اتار دیا، وہیں شامی بچے اب شدید ٹھنڈ کے باعث مرنے لگے ہیں، شام کے مختلف علاقوں میں پندرہ بچے ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے ’یونی سیف‘ کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران سردی لگنے سے آٹھ بچے جنوب مشرقی شام کی الرکبان بستی میں جبکہ سات ہجین میں ہلاک ہوئے۔

    یونی سیف کا کہنا ہے کہ یخ بستہ موسم کے ساتھ ساتھ ناکافی طبی سہولیات بھی ان ہلاکتوں کی وجہ بنیں، الرکبان بستی اردن کی سرحد پر ریگستانی علاقے میں قائم ہے، یہاں پر زیادہ تر بچے اور خواتین ہی مقیم ہیں۔

    شام میں سردی سے نمٹنے کے لیے سہولیات ناقص ہیں، انتظامیہ نے فوری طور پر اقدامات نہیں کیے تو مزید جانوں کا ضیاع ممکن ہے۔

    دوسری جانب عسکریت پسند تنظم داعش سے نمٹنے کے لیے اتحادی افواج کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔

    شام سے ایک ایک ایرانی جنگجو کو نکال باہر کیا جائے گا: امریکی وزیر خارجہ

    گذشتہ دنوں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ شام سے ایک ایک ایرانی جنگجو کو نکال باہر کیا جائے گا، عسکریت پسندوں کا خاتمہ کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب تک شامی صدر بشار الاسد کے زیرکنٹرول علاقوں سے ایرانی اور اس کے لیے برسرپیکار قوتیں باہر نکل نہیں جاتیں اس وقت تک امریکا ان علاقوں کی تعمیر نو کے لیے امداد نہیں دے گا۔

  • ملک کے بیشتر شہروں میں سردی بدستور برقرار، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

    ملک کے بیشتر شہروں میں سردی بدستور برقرار، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہریوں نے سردی کی توڑ کے لیے گرم کپڑے نکال لیے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو میں پارہ منفی دس ڈگری تک گرگیا، گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں خشک سردی کی حالیہ لہر مزید چند روز جاری رہنے کا امکان ہے۔

    گلگت اور اسکردو میں بارش کا امکان ہے، کوئٹہ، قلات اور دیر میں سردی میں مزید اضافے کی توقع ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند متوقع ہے۔

    گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا تھا۔

    شہر قائد میں بھی سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا ہے، رات گئے ہلکی ٹھنڈ اور دھند نے شہریوں کو گھروں میں قید کردیا۔

  • سردی میں اضافے پر ملک میں انفلوئنزا سر اٹھانے لگا

    سردی میں اضافے پر ملک میں انفلوئنزا سر اٹھانے لگا

    اسلام آباد: سردی میں اضافے پر ملک میں انفلوئنزا سر اٹھانے لگا، قومی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ بر وقت احتیاطی تدابیر نہ کی گئیں تو شہری انفلوئنزا اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارۂ صحت نے صوبوں کو ہنگامی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی کے اضافے پر ملک بھر میں انفلوئنزا سر اٹھانے لگا ہے جس سے بچنے کے لیے بر وقت احتیاطی تدابیر کی جائیں۔

    [bs-quote quote=”بچے، بزرگ اور حاملہ خواتین انفلوئنزا کا بہ آسانی شکار بن سکتے ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”قومی ادارۂ صحت”][/bs-quote]

    قومی ادارۂ صحت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انفلوئنزا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، بچے، بزرگ اور حاملہ خواتین انفلوئنزا کا بہ آسانی شکار بن سکتے ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شوگر کے مریض، موٹے افراد اور دل کے مریض بھی انفلوئنزا کا آسان شکار ہیں، سانس کے مریضوں کو انفلوئنزا ہونے سے پیچیدگیاں بھی ہو سکتی ہیں۔

    قومی ادارۂ صحت نے متعلقہ اداروں کو انفلوئنزا پر قابو پانے کے لیے بر وقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بر وقت احتیاطی تدابیر اپنا کر انفلوئنزا سے بچا جا سکتا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا غریب مریضوں کی مالی اعانت کا فیصلہ


    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ زکام، بخار کے مریضوں سے میل جول میں احتیاط برتی جائے، بیمار افراد سے ملنے کے بعد ہاتھ، منہ، آنکھوں کو مت چھوئیں، اور ہاتھ صابن سے دھوئیں۔

  • ملک کے بیشتر شہروں میں سردی کی آمد، ٹھنڈی یخ بستہ ہواؤں نے ڈیرہ جمالیا

    ملک کے بیشتر شہروں میں سردی کی آمد، ٹھنڈی یخ بستہ ہواؤں نے ڈیرہ جمالیا

    لاہور / پشاور / کوئٹہ : ملک کے بیشتر شہروں میں سردی قدم جما رہی ہے، سرد ہوائیں چلنے لگیں، پہناوے بھی بدل گئے، بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرے ڈال دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ٹھنڈی یخ بستہ ہو اؤں نے ڈیرہ جمالیا، سردی نے لوگوں پر کپکپی طاری کردی، میدانی علاقوں میں خنک ہواؤں کا زور ہے اور بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے کی پیشن گوئی کی ہے۔ ماہ نومبر کی آمد کے ساتھ ہی سردی بھی چلی آئی، لاہور میں جاڑے نے انٹری دے دی، بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرے ڈال دیئے، موسم کی کروٹ سے پھول پتے بھی خوش دکھائی دیئے۔

    صادق آباد میں سردی بڑھی تو شہری گرم پکڑے لینے بازار پہنچ گئے، اس کے علاوہ یخ بستہ ہواؤں نے کوئٹہ کا رخ کرلیا، پارہ منفی ڈگری میں چلاگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید سرد موسم کا امکان ہے، شمال مشرقی سرد ہواؤں کے باعث کل سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت مزید دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ کم ہوگا، پشاور کو بھی سردی نے لپیٹ میں لے لیا۔

    مزید پڑھیں: سردیوں کے پھل نارنگی میں چھپے بے شمار فوائد

    سردی سے بچاﺅ کیلئے سوپ،چائے ،قہوے اور دیسی انگیٹھیوں کا استعمال بڑھ گیاہے۔ کالام اور چترال میں موسم ابر آلود ہے، چمن ،زیارت، پشین ،ژوب اور لورالائی میں بھی سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

  • سردیاں شروع ہونے سے قبل ہی اسکولوں کی چھٹیاں ختم

    سردیاں شروع ہونے سے قبل ہی اسکولوں کی چھٹیاں ختم

    کراچی : شہر قائد کے اسکولوں میں دی جانے والی موسم سرما کی چھٹیاں سردیاں شروع ہونے سے پہلے ختم ہوگئیں، اب بچوں کو سخت سردی میں جانا پڑے گا، محکمہ موسمیات کی واررننگ کو محکمہ تعلیم نے کوئی اہمیت نہ دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف سردی بڑھنے کی پیش گوئی تو دوسری طرف بچوں کی چھٹیاں ختم ہونے کا وقت آگیا، محکمہ موسمیات کے خبردارکرنے کے باوجود اس مرتبہ بھی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل نہ ہوا۔

    سردیوں کی چھٹیاں سردی شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگئیں، واضح رہے کہ چھٹیوں سے قبل محکمہ موسمیات نے حکومت سندھ کو خبردار بھی کیا تھا کہ سردی جنوری میں زیادہ پڑے گی لہٰذا اسکول کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل کریں مگر متعلقہ حکام نے کوئی نوٹس نہ لیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جنوری سے سردی کی نئی لہر ملک بھر کو لپیٹ میں لے لے گی۔


    مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا


    چاہے سوئیٹر پہنیں یا ٹوپی، بچوں کو اسی سردی سے لڑتے ہوئے اسکول جانا پڑے گا، بچوں کی صحت کے بارے میں پریشان ہونے والے والدین شکوہ کرتے ہیں کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے محکمہ تعلیم بے خبر نظرآتا ہے۔

  • کرسمس اور سرد موسم، گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل تبدیل کر لیا

    کرسمس اور سرد موسم، گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل تبدیل کر لیا

    نیویارک : کرسمس پرآمد مد ہے اور جہاں مسیحی برادری اس تہوار کا منانے کی تیاریوں میں مصروف ہے، وہیں سرچ انجن گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل تبدیل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل اپنا لوگو جسے ڈوڈل کہا جاتا ہے ہر اہم موقع کی مناسبت سے بدلتا ہے، اس بار بھی گوگل کرسمس کی خوشیوں میں کچھ اسطرح شامل ہوا کہ کرسمس اور سرد ،موسم کی مناسبت سے اپنا ڈوڈل تبدیل کر لیا ہے۔

    نئے ڈوڈل میں پینگوئنز اپنا سوٹ کیس پیک کر رہے ہیں تاکہ کرسمس اپنے دوست طوطے کے ساتھ منا سکیں جبکہ گوگل پر میگا ایونٹ کا رنگ چھا گیا ہے۔

    یوں تو پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا گروپ میچ کل کھیلے گا لیکن میچ کے لیے گوگل نے اپنا ڈوڈل ابھی سے بدل دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گوگل کسی بھی معروف شخصیت کی برسی اور سالگرہ اور عالمی دن پر ڈوڈل متعارف کراتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سردیوں میں وزن کیسے کم کیا جائے؟

    سردیوں میں وزن کیسے کم کیا جائے؟

    وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کو سردیوں میں فٹنس کلب (جم) جانے میں بہت دقت پیش آتی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے وزن پر قابو نہیں پاسکتے تاہم حیران کُن بات یہ ہے کہ سردیوں میں کچھ معمولی عادات کو اپنا کر بڑھتے وزن کو قابو کیا جاسکتا ہے۔

    تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی کہ سردیاں موٹاپے کو دور کرنے میں کارآمد ثابت ہوتی ہیں کیونکہ موسم سرما میں انسانی صحت پر دائمی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    پڑھیں: سردیوں میں بیماریوں سے محفوظ رکھنے والی فائدہ مند غذائیں

    آسٹریلوی محقق ماہر ڈاکٹر پاؤل جو سڈنی کے گرونِ انسٹی ٹیوٹ آف مڈیکل ریسرچ میں کئی برس سے تدریسی امور سرانجام دے رہے ہیں اُن کا کہنا ہے کہ ’سردیوں میں سونے کی وجہ میٹابولزم تیزی سے بڑھتا ہے جس کے نتیجے میں کسی بھی شخص کو موٹاپے کی شکایت ہوسکتی ہے‘۔

    اُن کا کہنا ہے کہ ’موسم سرما صحت کے لیے اچھا تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس دوران آپ کے جسم میں موجود کیلوریز ختم ہونے کی وجہ سے چربی ختم ہوتی ہے جس کی وجہ سے آپ موٹاپے سے آسانی سے نجات حاصل کرلیتے ہیں۔

    محقق کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگ نہیں جانتے کہ اُن کے جسم کو سردیوں اور گرمیوں میں کن غذاؤں کی ضرورت ہے کیونکہ اُن کوئی اچھا مشورہ دینے والا کوئی نہیں ہوتا تاہم کچھ چیزوں کو استعمال کر کے سردیوں میں وزن کو گھٹایا جاسکتا ہے۔

    پانی کی زیادہ مقدار والی غذائیں

    موسم سرما میں اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو ایسے پھلوں کا استعمال کریں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جیسے ’تربوز، کھیرا، ٹماٹر، ناریل کا پانی، لیموں، اسٹار فروٹ، گرے فروٹ وغیرہ کا استعمال کریں۔

    علاوہ ازیں سردیوں میں سوپ اور پانی کا استعمال بھی کیلوریز ختم کرتا ہے جو موٹاپے کو کم کرنے میں بہت مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

    پانی کا استعمال

    تحقیق سے معلوم ہوا کہ پانی صحت کے لیے بہت کارآمد ہے، لیکن بہت سارے لوگ خصوصاً گرمیوں میں ٹھنڈا پانی استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے وزن میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے تاہم گرم پانی بھوک کو کم اور توانائی کو بڑھاتا ہے۔

    سردیوں میں زیادہ مقدار میں گرم (نارمل) پانی پینے سے جسم کا درجہ حرارت برقرار رہتا ہے جس کی وجہ سے جسم میں موجود زہریلا فضلا ختم ہوجاتا ہے۔

    سورج کی روشنی

    یقیناً آپ کو یہ سن کر حیرت ہوگی کہ سورج کی روشنی وزن کو کم کرنے میں مددگار ہے، سورج سے نکلنے والی شعاعین دماغ میں بننے والے کیمیائی مادے کو ختم کرتی ہیں جس کی وجہ سے انسان ذہنی تناؤ کا شکار نہیں ہوتا۔

    یہ بھی پڑھیں: صبح جلدی اٹھنے کے فوائد

    صبح کے وقت سورج کی تیز روشنی مصنوعی روشنی سے بہت بہتر ہے اور وہ خوراک کے ساتھ ساتھ بھوک کو کم کردیتی ہے ۔

    نوٹ: کسی بھی مرض میں مبتلا افراد طبیب کے مشورے کے بعد یہ عادات اپنائیں


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں سردی لے آئیں

    کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں سردی لے آئیں

    کراچی : شہر قائد میں پانچ کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں سردی لے آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا، سردہوائیں چلنے کا سلسلہ مزید2روزتک جاری رہے گا لیکن بارش کا کوئی امکان نہیں ، شہرمیں5کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موجودہ درجہ حرارت28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کاتناسب24 فیصد ہے۔

    کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے اور موسم سرد ہونے کے بعد شہریوں نے گرم ملبوسات کی خریداری کے لئے سستے بازاروں کا رخ کرلیا ہے۔

    دوسری جانب سوات کی حسین وادی نے برف کی چادر اوڑھ لی، شوگران اور ناران کے پہاڑوں پر برفباری نےسردی میں اضافہ کردیا ہے۔

    لاہور میں ٹھنڈی ہوائوں کا بسیرا ہے، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور اسلام آباد میں رم جھم کا امکان ہے جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور بالائی فاٹا میں بارش کی نوید سنائی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔