Tag: Wolf

  • گھر میں بھیڑیے پالنے والا سعودی نوجوان

    گھر میں بھیڑیے پالنے والا سعودی نوجوان

    ریاض: سعودی عرب میں ایک نوجوان نے اپنے گھر میں بھیڑیے پال لیے جو اس کے ساتھ گھر کے افراد کی طرح رہ رہے ہیں اور سب سے نہایت مانوس ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نوجوان راید العریما نے قصیم ریجن کے الفوارہ شہر میں واقع اپنے گھر میں کئی بھیڑیے پالے ہوئے ہیں، نوجوان نے بھیڑیوں کے بچوں کی پرورش کی اور اب وہ خاندان کے فرد کے طور پر اس کے ساتھ رہنے لگے ہیں۔

    ایک انٹرویو میں سعودی نوجوان نے بتایا کہ مجھے بھیڑیے اچھے لگتے تھے اسی لیے انہوں نے بھیڑیا پالنا شروع کیا۔ ان کے مطابق ان کے گھر میں 6 بھیڑیے موجود ہیں اور اب تو ان کے گھر والے بھی بھیڑیوں سے نہایت مانوس ہوگئے ہیں۔

    سعودی نوجوان نے بھیڑیوں کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    راید العریما کا کہنا ہے کہ اسے ان منفرد جانوروں کے لیے ایک بڑا فارم بنانے کی خواہش ہے اور وہ چاہتا ہے کہ اسے اس کا لائسنس مل جائے۔

    ان کے مطابق جب وہ بھیڑیے کے بچے گھر پر لایا تھا تو اہلیہ نے مخالفت نہیں کی اور پھر رفتہ رفتہ سب لوگ ان سے مانوس ہوگئے۔ جب بھی وہ گھر سے دور جاتا ہے تو واپسی پر بھیڑیے اسے بچوں کی طرح ملتے ہیں۔

    نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ ان بھیڑیوں کو 9 کلو کچا گوشت کھلاتے ہیں، ہر بھیڑیے کی یومیہ خوراک ڈیڑھ کلو گوشت ہے، میرے جاننے والوں میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنے بھیڑیوں کو پیزا بھی کھلاتے ہیں۔

  • 140 برس بعد بھیڑیوں کی واپسی

    140 برس بعد بھیڑیوں کی واپسی

    یورپی ملک نیدر لینڈز میں 140 برس بعد بھیڑیے دیکھے گئے۔ بھیڑیوں کی آبادی میں تقریباً خاتمے کے بعد اب اسے بھیڑیوں کی واپسی کہا جارہا ہے۔

    ایک صدی قبل تک نیدر لینڈز میں بھیڑیوں کا بے تحاشہ شکار کیا گیا تھا، زیادہ تر بھیڑیوں کی ہلاکتیں کسانوں کے ہاتھوں ہوتی تھیں جو اپنے مویشیوں پر انہیں حملہ آور دیکھ کر انہیں مار دیتے تھے۔

    نتیجتاً نیدر لینڈز سے بھیڑیوں کی آبادی ختم ہوگئی تھی، تاہم اب سنہ 2005 سے اکا دکا بھیڑیے مختلف جگہوں پر دکھائی دے رہے تھے۔

    ماہرین ماحولیات نے جب اس حوالے سے جانچ پڑتال شروع کی تو انہوں نے دیکھا کہ یہ بھیڑیے جرمنی اور فرانس سے آرہے تھے۔

    گزشتہ کچھ عرصے میں ماہرین نے کافی وقت تک 2 مادہ اور ایک نر بھیڑیے کو دیکھا، ان کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں پر 6 ماہ کا عرصہ گزر گیا ہے اور ان کی یہیں پر موجودگی ثابت کرتی ہے کہ وہ اب یہاں مطمئن ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب مقامی چرواہے بھیڑیوں کی واپسی سے خوش نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ بھیڑیے، ان کی بھیڑوں اور بکریوں پر حملے کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں مال مویشی کے نقصان کے بعد انہیں حکومت کی جانب سے معاوضہ بھی دیا جاتا ہے۔

    نیدر لینڈز کی وزارت ماحولیات کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں بھیڑیے اپنے گھروں کو واپس لوٹیں اور دوسری جانب دیگر جانور بھی ان کے حملوں سے محفوظ رہیں۔ وہ ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جن سے چرواہے بھی مطمئن رہیں جبکہ بھیڑیے بھی اپنے فطری ماحول میں افزائش پاسکیں۔

  • امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیئے جیسا ہے، جو قابل اعتبار نہیں، رجب طیب اردوان

    امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیئے جیسا ہے، جو قابل اعتبار نہیں، رجب طیب اردوان

    انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا کے رویے کو جنگلی بھیڑیے سے تشبیہ دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی ضروت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرغزستان میں بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ترک صدر نے امریکا کی جانب سے لگائی جانے والی حالیہ معاشی پابندیوں پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا رویہ ایک جنگلی بھیڑیے جیسا ہے، اس لیے اس پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے، تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور روس کے درمیان ڈالرز کے بغیر تجارت کی بات چیت چل رہی ہے۔

    ہمیں آپس میں اپنی کرنسیوں میں تجارت کر کے امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی ضروت ہے، ڈالر کا استعمال ہمیں نقصان پہنچاتا ہے لیکن فتح حاصل کرنے تک ہم ہار نہیں مانیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، اس کی وجہ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری بنی تھی، جسے اپنے خلاف دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ اس پادری کو رہا کیا جائے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ دنوں امریکا نے دہشت گردوں سے رابطے کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہا نہ کرنے کی صورت میں ترکی پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔