Tag: woman

  • امریکا میں خوفناک حادثہ، خاتون کی لاش دیکھنے والوں کی چیخیں نکل گئی

    امریکا میں خوفناک حادثہ، خاتون کی لاش دیکھنے والوں کی چیخیں نکل گئی

    نیو یارک : امریکہ میں ایک خوفناک حادثے میں خاتون کچل کر ہلاک ہوگئی، تیز رفتار لفٹ سے گر کر خاتون کی دونوں ٹانگیں کچل گئیں۔

    نیو یارک میں ایک سپر مارکیٹ کی عمارت کی لفٹ میں خرابی کے باعث اس میں موجود خاتون لفٹ کے نیچے آکر بری طرح کچل گئی، 39سالہ خاتون کا نام معلوم نہیں ہوسکا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون اسی سپر ماکیٹ میں ملازمت کرتی تھی، وہ شام 4 بجے کے بعد لفٹ شافٹ کے نیچے سے مردہ حالت میں ملی تھی اور اس کی حالت انتہائی قابل رحم  تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے نیویارک کے محکمہ برائے تعمیرات نے بتایا کہ جب ان کا ایک ملازم کچھ سامان لے کر اوپر کی طرف جارہا تھا تو اس نے اس خاتون کو دیکھا جس کے سر خون بہہ رہا تھا اور وہ موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

    ایک اور عینی شاہد کا کہنا ہے میں کھانے کا سامان لینے یہاں آیا تھا اور جب اس عمارت کی لفٹ کے نیچے دبی ہوئی اس عورت کو دیکھا تو میری چیخ نکل گئی ایسا محسوس ہوا جیسے میرا دل رک گیا ہو۔

    واضح رہے کہ لفٹ سے ہونے والی ہلاکت اس سال پیش آنے والا یہ پہلا حادثہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی رواں سال ستمبر میں بوسٹن یونیورسٹی کے لیکچرار کیری اس وقت ہلاک ہوگئے جب اپارٹمنٹ کی لفٹ میں خرابی ہوئی اور وہ لفٹ اور فرش کے درمیان پھنس کر موت کے منہ میں چلے گئے۔

    اس کے علاوہ نومبر کے اوائل میں شمالی کوئنز لینڈ کے ایک بزرگ جوڑے کے گھر کی لفٹ ان اوپر آگری جس کے بعد وہ دونوں ہلاک ہوگئے۔

    جنوری2020میں اسرائیل میں ایک نوجوان جوڑا لفٹ میں پھنس جانے کے باعث اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

  • پیسوں کی خاطر لاش کو ’زندہ‘ رکھنے والی عورت

    پیسوں کی خاطر لاش کو ’زندہ‘ رکھنے والی عورت

    امریکا میں ایک عورت نے پیسوں کے لیے ایک لاش کو کئی ہفتے تک چھپائے رکھا، کچھ عرصے بعد وہ گھر چھوڑ گئی اور جاتے ہوئے لاش کو ایک ڈبے میں بند کر کے پڑوسی کے ہاں رکھوا گئی۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک کاؤنٹی کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایک شخص کی کال موصول ہوئی جس کا کہنا تھا کہ اس کے گھر میں موجود ٹریش کین (کچرے کے ڈبے) میں انسانی باقیات موجود ہیں۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو اس شخص نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل ان کی پڑوسی خاتون اس سیل شدہ ڈبے کو امانتاً رکھوا کر گئی تھیں، خاتون کا کہنا تھا کہ اس میں ان کا ذاتی سامان ہے اور وہ کچھ عرصے بعد واپس آ کر اسے اپنے ساتھ لے جائیں گی۔

    تاہم 2 ماہ بعد بھی جب وہ خاتون واپس نہیں آئیں تو پڑوسی نے کچرے کو ڈبے کو کھولنے کا فیصلہ کیا، ڈبے کو کھولتے ہی اندر سے شدید بدبو کا بھبھکا آیا، اندر ایک انسانی لاش موجود تھی جو گلنا سڑنا شروع ہوچکی تھی۔

    پولیس نے پڑوسی خاتون کی تلاش شروع کردی اور جلد ہی اسے حراست میں لے لیا، ملزمہ نے بتایا کہ مذکورہ شخص (لاش) ان کا پارٹنر تھا جو ایک روز گھر میں مردہ پایا گیا تھا۔

    خاتون نے پولیس کو اطلاع دینے کے بجائے لاش کو الماری میں چھپا دیا، 3 ہفتے بعد انہوں نے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور جاتے ہوئے لاش کو کچرے کے ڈبے میں سیل کر کے پڑوسی کا ہاں رکھوا گئیں۔

    ملزمہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا اپنے پارٹنر کی سوشل سیکیورٹی کی رقم حاصل کرنے کے لیے کیا۔

    پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا جبکہ خاتون کو لاش کی بے حرمتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

  • پارکنگ سے روکے جانے پر خاتون کی عجیب حرکت کیمرے میں ریکارڈ

    پارکنگ سے روکے جانے پر خاتون کی عجیب حرکت کیمرے میں ریکارڈ

    امریکا میں ایک خاتون نے غلط جگہ پارکنگ سے روکنے پر دوسری خاتون پر تھوک دیا، تھوکنے والی خاتون کے ساتھ 3 بچے بھی موجود تھے جو دوسری خاتون کو مغلظات بکتے رہے۔

    سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو اس خاتون نے پوسٹ کی جو اس واقعے کا نشانہ بنی، ان کے مطابق انہوں نے 3 بچوں کے ساتھ کار میں موجود ایک خاتون کو غلط جگہ پر گاڑی پارک کرنے پر ٹوکا اور کہا کہ ان کی گاڑی کی وجہ سے دوسری گاڑیوں کا راستہ بلاک ہورہا ہے۔

    ٹوکے جانے پر دوسری خاتون نے ان کی بات نظر انداز کردی، مذکورہ خاتون موبائل نکال کر ان کی ویڈیو بنانے لگیں جس پر بچوں کی ماں خطرناک انداز میں گاڑی سے نکل کر ان تک پہنچی۔

    اس دوران ویڈیو بناتے ہوئے وہ خاتون کہتی رہیں کہ ماسک پہنو، ماسک پہنو، تاہم دوسری خاتون نے ان سے بحث جاری رکھی اور جانے سے قبل ادھ کھلی کھڑکی سے اندر تھوک دیا۔

    جب وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر جانے لگیں تو ان کے بچے بھی دوسری خاتون کو مغلظات بکتے رہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کیے جانے کے بعد صارفین نے اس پر سخت افسوس اور غم و غصے کا اظہار کیا، ایک صارف کا کہنا تھا کہ دوسری خاتون اپنے بچوں کے لیے بہت اچھی رول ماڈل ثابت ہورہی ہیں۔

  • سوشی کھانے میں بے احتیاطی کا بھیانک نتیجہ

    سوشی کھانے میں بے احتیاطی کا بھیانک نتیجہ

    امریکا میں ایک خاتون کو 5 دن پرانی سوشی کھانا سخت مہنگا پڑ گیا اور اس کے ہولناک نتائج نے انہیں مہینوں تک اسپتال کے چکر لگوائے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون 5 دن پرانی سوشی کھانے کے بعد ہیلوسی نیشن، بے خوابی اور بے چینی کا شکار ہوگئیں۔

    اس کا آغاز اس وقت ہوا جب وہ ایک رات دیر سے گھر پہنچیں اور انہیں احساس ہوا کہ انہوں نے سار دن کچھ نہیں کھایا، اس وقت تمام ریستوران بند ہوچکے تھے۔

    انہوں نے اپنا فریج دیکھا تو اس میں سروس اسٹیشن سے خریدی گئی سوشی رکھی تھی جو انہوں نے 5 دن پہلے خریدی تھی، انہوں نے بھوک مٹانے کے لیے وہی کھالی۔

    اس کے بعد وہ بے خوابی، بے چینی اور ہیلو سی نیشن کا شکار ہوگئیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں اضافہ ہوتا گیا، بعد ازاں انہیں معدے میں تکلیف کی بھی شکایت ہوگئی۔

    وہ کئی ڈاکٹرز کے بعد گئیں اور بالآخر کئی ماہ تک مختلف ٹریٹ منٹس اور ٹیسٹس کے بعد انکشاف ہوا کہ ان کے معدے میں ایک عدد ٹیپ ورم (کیڑا) موجود ہے

    ڈاکٹرز کے مطابق اس ٹیپ ورم نے ہزاروں انڈے دے دیے تھے، ٹیپ ورم کی غذا وٹامن تھی اور وہ خاتون کے جسم کے خلیے بھی کھا رہا تھا۔

    ڈاکٹرز نے کیڑوں سے متعلقہ انفیکشنز کی صرف ایک دوا خاتون کو دی جس کے بعد خاتون صحت یاب ہونے لگیں۔

  • دروازے کے ہینڈل کے نیچے ایسا کیا تھا جس کے بعد خاتون اپنی گاڑی سے خوف کھانے لگیں؟

    دروازے کے ہینڈل کے نیچے ایسا کیا تھا جس کے بعد خاتون اپنی گاڑی سے خوف کھانے لگیں؟

    آسٹریلیا میں ایک خاتون اپنی گاڑی میں ایک بڑی مکڑی کو موجود دیکھ کر اس قدر خوفزدہ ہوئیں کہ گاڑی سے ہی خوف کھانے لگیں۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا جہاں کی رہائشی کرسٹین جونز نے ایک بڑی جسامت کی بالوں والی مکڑی کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کی۔

    انہوں نے لکھا کہ یہ مکڑی ان کی گاڑی کے دروازے کے ہینڈل کے نیچے تھی، پہلے وہ اسے معمولی سا کیڑا سمجھیں۔

    جونز نے لکھا کہ جب انہیں احساس ہوا کہ یہ اس قدر بڑی مکڑی ہے تو وہ خوف اور کراہیت کے مارے ایک ہفتے تک اپنی گاڑی نہیں چلا سکیں۔

    ان کی اس پوسٹ پر درجنوں لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار کیا، ایک صارف نے لکھا کہ اب یہ گاڑی آپ کی نہیں، اب اس گاڑی کا مالک کوئی اور ہے۔

    آسٹریلیا میں ہی اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ بھی پیش آیا جس میں ایک پلمبر نے کان میں لگائے ہیڈ فون پر ایک بڑی مکڑی دیکھی۔

    پلمبر کا کہنا تھا کہ وہ کام کے دوران آواز روکنے والا ہیڈ فون پہنے ہوا تھا تاہم اس کے باوجود اس کے کان میں جھنجھناہٹ ہوتی رہی، جب اس نے ہیڈ فون اتار کے دیکھا تو اس پر ایک بڑی مکڑی کو چپکا ہوا پایا۔

    پلمبر کا کہنا ہے کہ مکڑی سے نجات پانے کے بعد وہ بڑی مشکل سے ان ہیڈ فونز کو استعمال کر سکا۔

  • موٹرسائیکل سوار بھارتی خاتون بے قابو،اہلکار کی درگت بنا دی، ویڈیو وائرل

    موٹرسائیکل سوار بھارتی خاتون بے قابو،اہلکار کی درگت بنا دی، ویڈیو وائرل

    ممبئی : بھارت میں خاتون نے ہیلمٹ نہ پہننے کے سوال پر ٹریفک پولیس اہلکار کی درگت بنا دی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون پولیس اہلکار کا گریبان پکڑے ہوئے اسے تھپڑ ماررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی میں ایک موٹر سائیکل سوار خاتون نے محض اس بات پر پولیس اہلکار کی پٹائی کردی کہ اس نے ہیلمنٹ نہ پہننے پر اسے روکا تھا۔

    مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون ٹریفک پولیس اہلکار کی درگت بنارہی ہے، خاتون کے احترام میں اس اہلکار نے اُسے کچھ نہ کہا اور خاموشی سے پٹتا رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ ممبئی کے علاقے کاٹن ایکسچینج کے پاس پیش آیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار نے موٹر سائیکل سوار خاتون کو روکا جس ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔

    دونوں کے درمیان جرمانے کے اوپر پہلے تکرار شروع ہوئی اور پھر اس کے بعد اچانک خاتون نے سڑک پر پولیس اہلکار کو نہ صرف مارنا شروع کیا بلکہ اس کی وردی بھی پھاڑی دی۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار نے اُسے گالیاں دیں جس پر وہ غصہ ہوئی، جبکہ پولیس اہلکار نے خاتون کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔

    دوسری جانب مہاراشٹرا کی حکمراں جماعت شیو سینا کے رہنما سنجے راوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ خاتون کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ کو بھی ٹیگ کیا اور کہا کہ یہ معاملہ پولیس کی عزت کا ہے۔

  • خاتون کی ایک ہی روز میں 2 بچے اغوا کرنے کی کوششیں کیمرے میں ریکارڈ

    خاتون کی ایک ہی روز میں 2 بچے اغوا کرنے کی کوششیں کیمرے میں ریکارڈ

    امریکی شہر لاس اینجلس میں پولیس نے ایک اغوا کار خاتون کی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کرتے ہوئے عوام سے اس کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس پولیس نے ایک اغوا کار خاتون کی 2 سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کی ہیں جن میں وہ بچے اغوا کرنے کی ناکام کوشش کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

    دونوں ویڈیوز 18 اکتوبر کی ہیں، پہلی ویڈیو ایک مقامی ریستوران کی ہے جہاں ملزمہ گاڑی کے قریب کھڑی بچے کو گود میں اٹھائے ایک عورت کے پاس جاتی ہے، اور اس سے مطالبہ کرتی ہے بچہ اس کے حوالے کردو۔

    ملزمہ کہتی ہے کہ مذکورہ 1 سالہ بچہ اس کا بھائی ہے جو اس کے حوالے کردیا جائے، بچے کو گود میں اٹھائے عورت وہاں سے دور ہٹتی ہے تو ملزمہ پیچھے سے بچے کو چھیننے کی کوشش بھی کرتی ہے۔

    اسی دوران ایک راہگیر قریب آکر ملزمہ کو وہاں سے دور بھگانے کی کوشش کرتا ہے جس کے بعد وہ وہاں سے چلی جاتی ہے۔

    بعد ازاں اسی روز وہ ایک رہائشی علاقے سے گزرتے ہوئے ایک گھر کے قریب رکتی ہے، گھر کے بیرونی حصے میں کئی بچے کھیل رہے ہیں، ملزمہ ان میں سے ایک 5 سالہ بچے کو اٹھا کر فرار ہونے کی کوشش کرتی ہے تاہم گھر والوں کی بروقت کارروائی سے اپنے مقصد میں ناکام رہتی ہے۔

    واقعے کے بعد اغوا کار خاتون فرار ہوگئی اور تاحال پولیس اسے پکڑنے میں ناکام ہے، پولیس نے ملزمہ کی فوٹیجز جاری کر کے عوام سے اس کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • لندن: ماسک نہ پہننے پر پولیس اہلکار نے لڑکی کا گلا دبا دیا

    لندن: ماسک نہ پہننے پر پولیس اہلکار نے لڑکی کا گلا دبا دیا

    لندن: برطانوی دارالحکومت میں لندن پولیس کے ایک اہلکار نے ماسک نہ پہننے پر ایک لڑکی کا گلا اتنی زور سے دبایا کہ اسے سانس لینے میں مشکل ہوگئی، سوشل میڈیا پر پولیس کے اس رویے پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لندن پولیس نے ایک لڑکی کو ماسک نہ پہننے کی اتنی سخت سزا دی کہ وہ مرتے مرتے بچی۔

    لندن پولیس نے وحشی پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماسک نہ پہننے پر ایک لڑکی کا گلا دبا دیا جس کی وجہ سے اس لڑکی کو سانس لینے میں پریشانی ہونے لگی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اہلکار تھوڑی دیر اور خاتون کا گلا دبائے رہتا تو اس کی موت بھی ہو سکتی تھی۔ سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار کی اس حرکت پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح برطانیہ میں بھی کرونا وائرس ایک بار پھر زور پکڑنے لگا ہے، برطانیہ میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 46 ہزار 156 ہوچکی ہے۔

    برطانیہ میں اب تک کوویڈ 19 سے 42 ہزار 72 اموات ہوچکی ہیں۔

    برطانیہ سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 کروڑ 38 لاکھ 72 ہزار 977 ہوچکی ہے جبکہ دنیا بھر میں 10 لاکھ 13 ہزار 146 اموات ہوچکی ہیں۔

  • امریکی خاتون نے 3 سالہ بچے کو سوئمنگ پول میں پھینک دیا

    امریکی خاتون نے 3 سالہ بچے کو سوئمنگ پول میں پھینک دیا

    امریکا میں ایک خاتون نے نشے کی حالت میں 3 سالہ بچے کو گردن سے پکڑ کر سوئمنگ پول میں پھینک دیا، خوش قسمتی سے بچہ محفوظ رہا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں پیش آیا جہاں پولیس نے خاتون کو چائلڈ ابیوز کے الزام میں گرفتار کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 33 سالہ ایشٹن ہیڈنز اس وقت نشے کی حالت میں تھیں جب وہ اپنی حوالگی میں موجود ایک 3 سالہ بچے کو سوئمنگ پول کے قریب لے گئیں۔

    پولیس کے مطابق بچے نے ان سے کہا کہ مجھے تیرنا نہیں آتا جس کے بعد خاتون نے بچے کو گردن سے پکڑا اور سوئمنگ پول میں پھینک دیا۔

    میڈیکس کی جانچ کے دوران بچے کی گردن پر ناخنوں کے نشانات بھی پائے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کا تعلق امریکی ریاست پنسلوینیا سے ہے جو کام کے سلسلے میں سینٹ پیٹرز برگ آئیں۔ دوران حراست انہوں نے پولیس سے تعاون بھی نہیں کیا۔

    واقعے میں بچہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے۔

  • 106 سالہ سعودی خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    106 سالہ سعودی خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں 106 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے ویڈیو کال کر کے بزرگ خاتون کی خیریت دریافت کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں میں 106 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جنہیں علاج کے لیے رفحا سے عرعر شہر کے میڈیکل ٹاور منتقل کیا گیا تھا۔

    حدود شمالیہ ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے بھی ویڈیو کال کر کے بزرگ خاتون کی خیریت دریافت کی، گورنر نے کرونا وائرس سے متاثر ایک بچی سمیت دیگر صحتیاب افراد سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے۔

    خاتون کے بیٹے متعب الشمری کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کے سینے میں تکلیف تھی۔ رفحا ہسپتال میں ان کی صحیح تشخیص نہ ہوسکی تو انہیں عرعر شہر میں شمالی میڈیکل ٹاور منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ان کا خیال رکھا۔

    بیٹے کا کہنا ہے کہ اسپتال میں علاج کے پہلے تین دن تک ہم والدہ کی آواز بھی نہ سن سکے، کرونا میں مبتلا ہونے سے قبل والدہ صحت مند زندگی گزار رہی تھیں البتہ انہیں تنفس کا عارضہ تھا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ لیبارٹریاں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔