Tag: woman

  • شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم ہتھیا لی، خاتون عدالت پہنچ گئیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم بٹورے جانے کے بعد خاتون نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا، عدالت نے دھوکے باز نوجوان پر جرمانہ عائد کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق العین کی عدالت نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے لاکھوں درہم لوٹنے والے نوجوان کے خلاف فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

    العین کی عدالت میں ایک خاتون نے مقدمہ دائر کر کے مطالبہ کیا کہ اسے شادی کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 48 ہزار 222 درہم وصول کرنے والے نوجوان سے رقم واپس دلائی جائے۔

    خاتون نے وعدہ خلافی اور دھوکا دہی سے ہونے والے مالی اور سماجی نقصان کی تلافی کے لیے مزید ایک لاکھ درہم کا بھی مطالبہ کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ نوجوان سے اس کی دوستی ہو گئی تھی اور اس نے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم دھوکے باز نے رقم کی قلت کا بہانہ کر کے اس سے گھر کا فرنیچر خریدنے کے بہانے رقم طلب کی۔

    وہ تقریباً 6 سال سے اسے مسلسل رقم دیتی رہی۔

    خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے دوست نے اس کی گاڑی اچھی قیمت پر فروخت کروانے کا جھانسہ دے کر گاڑی لے لی تھی اور یہ تاثر دیا تھا کہ اس کی گاڑی 6 لاکھ 52 ہزار 962 درہم میں فروخت کروا دے گا۔

    خاتون نے عدالت کے سامنے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے واٹس ایپ مکالمے کی ریکارڈنگ اور اپنے اکاؤنٹ سے اس کے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔

    عدالت نے حلفیہ بیان لینے کے بعد نوجوان کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے اسے حکم دیا کہ وہ 5 لاکھ 40 ہزار 260 درہم جو خاتون کا حق ہے اسے ادا کرے، علاوہ ازیں 40 ہزار درہم ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

    نوجوان نے اس کے خلاف اپیل دائر کر دی تھی تاہم اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کی سزا بحال رکھی۔

  • ڈکیت دن دہاڑے بزرگ خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کر فرار

    بھارت میں ایک ڈکیت دن دہاڑے ایک بزرگ خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کر فرار ہوگیا، بزرگ خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو بزرگ خواتین ایک گلی سے گزر رہی ہیں اور ایک شخص بائیک پر ان کے سامنے سے آرہا ہے۔

    قریب سے گزرتے ہوئے اچانک وہ شخص بزرگ خاتون کے گلے میں ہاتھ ڈال کر ان کی چین زور سے کھینچتا ہے اور بائیک پر فرار ہوجاتا ہے۔

    جھٹکا لگنے سے خاتون بری طرح زمین پر گرتی ہیں جبکہ چین کھینچے جانے سے ان کی گردن بھی شدید زخمی ہوجاتی ہے۔

    دوسری خاتون بھاگ کر ان کی مدد کرتی ہیں اور انہیں اٹھاتی ہیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ سونے کی چین کی مالیت 6 لاکھ بھارتی روپے تھے۔

    پولیس نے ملزم کی ویڈیو جاری کر کے اس کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • خدا کرے کلرک بن جاؤ: بزرگ خاتون کی معصومانہ دعا پر اسسٹنٹ کمشنر کے قہقہے

    شکار پور: صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں سیلاب متاثرہ بزرگ خاتون نے اسسٹنٹ کمشنر کو کلرک بننے کی دعا دے ڈالی، دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شکار پور میں اسسٹنٹ کمشنر گڑھی یاسین سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے مختلف افراد کے مسائل حل کیے۔

    ایسے میں ایک بزرگ خاتون اپنا کام ہونے پر نہایت خوش ہوئیں اور اے سی کو دعائیں دینے لگیں۔

    بزرگ خاتون نے کہا کہ اللہ تمہیں خوش رکھے، اور خدا کرے تم کلرک بن جاؤ۔ خاتون کی اس دعا پر اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے دفتر میں موجود افراد ہنس پڑے۔

    دلچسپ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر لوگوں نے مختلف تبصرے کیے۔

  • خاتون نے شاپنگ مال میں ملنے والا پرس لوٹا دیا، لیکن عدالت نے جرمانہ کیوں لگایا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے ایک شاپنگ مال میں ایک خاتون نے ملنے والا پرس لوٹا دیا تاہم اس میں موجود رقم اور اشیا اپنے پاس رکھ لیں، خاتون پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں العین کی پرائمری کورٹ نے شاپنگ مال سے ملنے والے پرس کی رقم اور قیمتی اشیا واپس کرنے سے انکار کرنے والی خاتون پر 5 ہزار درہم کا جرمانہ کیا ہے۔

    ایک خاتون نے العین پرائمری کورٹ سے رجوع کر کے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا پرس شاپنگ مال میں گر گیا تھا، ایک خاتون نے پرس واپس کردیا لیکن اس میں موجود تین ہزار درہم اور دیگر اشیا واپس کرنے پر تیار نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے مالی نقصان بھی ہوا ہے اس کا معاوضہ دلایا جائے۔

    خاتون نے 47 ہزار درہم معاوضے کا دعویٰ کیا اور وکیل کی فیس اور عدالتی اخراجات بھی الگ سے طلب کیے۔

    عدالت نے شاپنگ مال کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ریکارڈز کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ خاتون نے پرس اٹھایا اور اس میں موجود رقم نکال لی۔

    دعویٰ ثابت ہونے پر عدالت نے خاتون کو پرس کے ساتھ اس کی رقم بھی واپس کرنے کا حکم دیا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مدعی خاتون کو 3 ہزار درہم واپس کیے جائیں جو اس نے پرس سے نکالے تھے، جبکہ 2 ہزار درہم بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

  • شوہر کے مچھلی پکڑنے کی عادت سے بیزار بیوی نے طلاق لے لی

    شوہر کے مچھلی پکڑنے کی عادت سے بیزار بیوی نے طلاق لے لی

    بیجنگ: چین میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی مچھلی پکڑنے کی عادت سے تنگ آکر طلاق لے لی، خاتون کا کہنا تھا کہ وہ ملازمت کرتے ہوئے دو بچے بھی پال رہی ہیں جبکہ شوہر کو کسی چیز کا احساس نہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک چینی خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ 10 سالہ ازدواجی زندگی کا اختتام کرتے ہوئے طلاق لے لی۔

    اس انتہائی اقدام کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ خاتون کا شوہر مچھلی کے شکار کا شوقین تھا اور اپنے مشغلے کی تکمیل کے لیے وہ اپنے خاندان کو بھی بھول جاتا اور مچھلی کے شکار کے لیے نکل جاتا تھا۔

    چین کے صوبے شانڈونگ کی جوئی کاؤنٹی کی عدالت میں دائر کیے گئے طلاق کے کیس میں ژانگ نامی خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے شوہر کی مچھلی کے شکار کی عادت سے تنگ آچکی تھی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ وہ گھر کے تمام کام کاج کے علاوہ اپنی ملازمت اور دونوں بچوں کو بھی سنبھالتی ہے جبکہ اس کا شوہر صوفے پر بیٹھ کر اپنے اسمارٹ فون سے دل بہلاتا رہتا ہے اور روزانہ شام کو ڈنر کے بعد اپنے دوستوں کے ساتھ مچھلی پکڑنے نکل جاتا ہے۔

    خاتون کے مطابق اس نے کئی بار اپنے شوہر کو یہ بات سمجھائی کہ وہ شکاری دوستوں کے بجائے اپنے بچوں اور اس کے ساتھ وقت گزارے لیکن وہ باز نہ آیا جس کے بعد میرے پاس طلاق لینے کے سوا کوئی اور قابل عمل راستہ نہیں بچا تھا۔

  • بچے نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے خود کو اغوا ہونے سے بچا لیا، ویڈیو وائرل

    بچے نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے خود کو اغوا ہونے سے بچا لیا، ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک بچے نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے خود کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، بچے نے قریبی دکان کی کیشیئر خاتون سے مدد لی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست پینسلوینیا میں پیش آیا، 10 سالہ سیمی گرین اسکول سے گھر جارہا تھا جب ایک خاتون نے اس کا پیچھا شروع کردیا۔

    بچے کا کہنا ہے کہ خاتون اس کے قریب آگئیں اور اس سے اس کے گھر اور فیملی کے بارے میں پوچھنے لگیں۔

    بچہ انہیں نہیں جانتا تھا لیکن ان کا اصرار تھا کہ وہ اس کے گھر والوں کو جانتی ہیں اور ان سے ملنے آئی ہیں، اس کے بعد انہوں نے بچے سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ قریبی اسٹور تک چلے وہ اسے اس کی پسند کی چیزیں دلائیں گی۔

    بچہ ان کے ساتھ گھر کے قریب ایک اسٹور میں چلا گیا جہاں وہ اکثر جاتا رہتا تھا۔

    اسٹور میں لگے سیکیورٹی کیمرے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ سیدھا خاتون کیشیئر کے پاس گیا اور سرگوشی میں کہا، ’ایسا ظاہر کریں جیسے آپ میری والدہ ہیں، وہ عورت میرا پیچھا کر رہی ہے‘۔

    بچے کی سرگوشی سننے کے بعد کیشیئر اٹھی اور بچے کو اپنے پیچھے کرلیا، اس کے بعد اس نے اسٹور کا دروازہ اندر سے بند کرلیا، مشکوک خاتون باہر ہی کھڑی رہ گئیں۔

    واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس نے تھوڑی ہی دیر میں خاتون کو ٹریک کرلیا، خاتون ذہنی مریضہ کے طور پر شناخت کی گئیں۔

    بچے کے والدین نے خاتون کیشیئر کا بے حد شکریہ ادا کیا، دکان کے مالک نے بھی بچے اور کیشیئر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچے نے نہایت حاضر دماغی سے اپنا بچاؤ کیا، کیشیئر بھی صرف 17 سالہ نوجوان ہے لیکن اس نے بھرپور احساس ذمہ داری ادا کرتے ہوئے بچے کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچایا۔

  • بھارت: خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا

    بھارت: خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا

    نئی دہلی: بھارت کے ایک گاؤں میں ایک خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا، گاؤں والوں نے خاتون پر جادو ٹونے کا الزام لگایا اور بہیمانہ تشدد کر کے انہیں آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ ریاست بہار کے ضلع گیا کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا۔

    واقعے سے قبل پنچایت کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں پنچایت کے مکھیا، سرپنج اور مقامی سیاسی رہنما بھی شامل ہوئے تھے۔

    خاتون ہیمنتی دیوی کے شوہر کا کہنا ہے کہ دو روز قبل سہ پہر کے وقت ان کے گھر پر کم از کم 200 افراد نے حملہ کیا، اس وقت ان کی اہلیہ گھر کی چھت پر موجود تھیں۔

    ہجوم انہیں لے کر گھر کے ایک کمرے میں گیا اور انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد انہیں زندہ جلا دیا، غیر انسانی تشدد اور شدید طور پر جھلسنے کی وجہ سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

    حملے کی زد میں اہلخانہ بھی آئے جنہوں نے خاتون کو بچانے کی کوشش کی۔

    واقعے کے بعد پورے گاؤں میں خوف و سراسیمگی کی فضا قائم ہے، پولیس بڑے پیمانے پر ملزمان کی تلاش کر رہی ہے اور جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے قبل خاتون کے ایک رشتے دار کی موت ہوئی تھی جس کے بعد اس کے گھر والوں نے ہیمنتی دیوی پر جادو ٹونے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ قتل کی ذمہ دار ہے۔

    گاؤں والوں کے مطابق رشتے دار کی موت کسی سنگین بیماری کی وجہ سے ہوئی تھی لیکن اس کے گھر والے یہ بات ماننے کو تیار نہیں تھے۔

    وقوعے کے روز انہوں نے اسی معاملے پر پنچایت بلانے کی درخواست دی تھی اور اس موقع پر جھاڑ کھنڈ سے ایک جھاڑ پھونک کرنے والے فقیر کو بھی بلایا گیا تھا۔

    اس فقیر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ہیمنتی پر ایسا عمل کرے گا کہ وہ اپنے جرم کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوجائے گی۔

    تاہم پنچایت کے دوران دونوں فریقین کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی، فقیر موقع دیکھ کر وہاں سے بھاگ گیا اور پنچایت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی۔

    اس کے بعد رشتے دار کے گھر والوں نے گاؤں والوں کو اکسا کر اپنے ساتھ ملایا اور ہیمنتی کے گھر پر حملہ کردیا، اس دوران ہیمنتی کے بیٹے اور شوہر نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن حالات قابو سے باہر دیکھ کر انہیں بھی فرار ہونا پڑا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق گاؤں میں موبائل کا نیٹ ورک نہایت کمزور ہے جس کی وجہ سے پولیس کو ملزمان کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہے۔

  • چوہے بلی کے کھیل میں چھپی خاتون کا چہرہ ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    چوہے بلی کے کھیل میں چھپی خاتون کا چہرہ ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    تصاویر میں چھپی اشیا ڈھونڈنا، جو بہت مہارت سے چھپائی جاتی ہیں، دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

    یہ ایک طرف تو تصویر بنانے والے کی مہارت کی عکاس ہوتی ہیں، تو دوسری طرف دیکھنے والے کی حاضر دماغی اور مشاہدے کی عادت کا بھی علم دیتی ہیں۔

    آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویر پیش کی جارہی ہے جس میں چھپی ہوئی ایک اور تصویر ڈھونڈنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

    اس تصویر میں ایک بلی نے چوہے کو منہ میں دبوچ رکھا ہے جو فرار ہونا چاہتا ہے، بلی کے پنجوں کے پاس سرخ مرچ بھی موجود ہے۔

    آپ نے اس تصویر کا بغور جائزہ لینا ہے اور اس میں ایک خاتون کا چہرہ ڈھونڈنا ہے۔

    کیا آپ نے ڈھونڈ لیا؟

    دراصل چوہے کا چہرہ عورت کی آنکھیں ہیں اور بلی کے پاؤں کے پاس پڑی لال مرچ اس خاتون کے ہونٹ ہیں۔

    بلی اور لٹکے ہوئے چوہے کے درمیان کی جگہ خاتون کے چہرے کو واضح کر رہی ہے۔

  • 46 سال عدالتوں کے دھکے کھانے کے بعد خاتون کو وراثتی حق مل گیا

    46 سال عدالتوں کے دھکے کھانے کے بعد خاتون کو وراثتی حق مل گیا

    اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشی زيتون بی بی کو 46 سال بعد والد کی جائیداد میں سے وراثتی حق مل گيا، بھائیوں نے 46 سال سے ان کے حصے کی جائیداد پر قبضہ کر رکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سپريم کورٹ نے 46 سال بعد زيتون بی بی کا والد کی جائيداد ميں حصہ تسليم کرليا اور ہائیکورٹ کے فيصلے کے خلاف بھائيوں کی اپیل خارج کردی۔

    درخواست گزار بھائیوں کے وکیل نے کہا کہ بہنوں نے اپنا حصہ بھائی کو تحفے میں دے دیا تھا، جسٹس اعجاز الاحسن نے دریافت کیا کہ جب تحفہ دیا گیا اس وقت بہنيں کمسن تھیں، کم عمر بہن کیسے بھائیوں کو جائیداد تحفے میں دے سکتی ہے؟

    جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق بہن کی جانب سے وکیل نے بیان دیا، کمسن لڑکی کی جانب سے کوئی وکیل کیسے بیان دے سکتا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ بھائیوں نے کبھی بہن کو جائیداد گفٹ دی ہے؟ ہر بار بہن ہی کيوں گفٹ دے، گفٹ ڈیڈ میں کہیں آفر قبوليت کا ذکر نہيں تواس کی قانونی حيثيت نہيں رہتی۔

    جسٹس منیب اختر نے کہا کہ جب بہن نابالغ تھی تو بھائیوں نے کیسے بہن سے ساری جائیداد لے لی؟ نابالغ بہن کوئی بھی کنٹریکٹ نہیں کر سکتی۔

    عدالت میں اراضی خریدنے والے افراد نے بھی درخواست گزار بھائیوں کی حمایت کی، خریداروں کے وکیل نے کہا کہ اراضی خریدنے سے پہلے تسلی کی گئی کہ اس میں بہنوں کا حصہ شامل نہیں۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ خریدار نے تسلی کیسے کی؟ کوئی دستاویز دکھائیں، کیس ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا کہ خریدار نے ٹھوس تسلی کی ہو۔

    خیال رہے کہ زيتون بی بی نے جائیداد ميں حصے کے لیے 17 سال قبل 2005 میں سول کورٹ میں کیس دائر کیا تھا، زیتون بی بی کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی والد کی وفات کے بعد سے سنہ 1976 سے بہنوں کی جائيداد پر قابض ہیں۔

    7 سال بعد 2012 ميں سيشن عدالت اور پھر 2017 ميں پشاور ہائیکورٹ نے خاتون کے حق ميں فيصلہ ديا، خاتون کے بھائيوں نے 2018 ميں سپريم کورٹ ميں اپیل کی جو آج 4 سال بعد خارج کردی گئی۔

  • ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی

    ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی

    اومان: اردن میں ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی، ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خاندانی جھگڑے کے باعث اپنے داماد کو قتل کیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اردن میں ساس نے داماد کو قتل کر کے جرم چھپانے کے لیے لاش جلا دی۔

    یہ واقعہ معان شہر کے مغربی علاقے الطاحونہ میں پیش آیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ساس نے اپنے داماد مہند عدنان ذیب السعایدۃ کو پہلے گولی مار کر قتل کیا اور پھر لاش کو نذر آتش کردیا۔

    پولیس نے سوختہ نعش برآمد کرلی۔ ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خاندانی جھگڑے کے باعث اپنے داماد کو قتل کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق لاش کے معائنے سے پتہ چلا کہ متعدد گولیاں چلائی گئیں، پھر لاش نذر آتش کر کے غیر آباد علاقے میں پھینک دی گئی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ سرکاری و سیکیورٹی اداروں نے ملک میں رائج قبائلی نظام کے مطابق ضروری اقدامات کرلیے۔