Tag: woman

  • سیکیورٹی گارڈ کا خاتون پر سفاکانہ تشدد، ویڈیو وائرل

    سیکیورٹی گارڈ کا خاتون پر سفاکانہ تشدد، ویڈیو وائرل

    شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں خاتون کی تذلیل کے بدترین واقعے نے ہر صاحب دل کو شدید اضطراب میں مبتلا کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک سترہ میں سیکیورٹی گارڈ اور خاتون کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی جاری تھی کہ اسی دوران سیکیورٹی گارڈ نے سفاکیت کا مظاہرہ کیا اور خاتون کو زوردار تھپر رسید کردیا جس کے باعث وہ زمین پر گر پڑی۔

    سفاک سیکیورٹی گارڈ کو ذرہ برابر رحم نہ آیا اور اس نے زمین پر گری خاتون کو اپنا بھاری بھر کم جوتا منہ پر دے مارا، بھاری بوٹ منہ پر لگتے ہی خاتون بے ہوش ہوگئی،خاتون بے ہوشی کی حالت میں کافی دیر زمین پر پڑی رہی۔

    افسوسناک ناک واقعے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو ایک اپارٹمنٹ کی ہے، معاملے پر سیکیورٹی گارڈ اور بلڈنگ یونین نے کسی کو بھی مدد کرنے سے روک دیا ہے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تشدد میں سیکیورٹی گارڈ اور عادل نامی شخص ملوث ہے۔

  • خاتون نے دھوپ میں انڈہ تل لیا، ویڈیو وائرل

    خاتون نے دھوپ میں انڈہ تل لیا، ویڈیو وائرل

    لندن: برطانیہ کے 40 ڈگری درجہ حرارت پر ایک خاتون نے تیز دھوپ میں انڈہ فرائی کرلیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    برطانیہ اور یورپی ممالک کے شہریوں کو آج کل شدید گرمی کا سامنا ہے، اس گرم موسم میں ایک برطانوی خاتون نے 40 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں اپنے باغ میں ایک فرائی پین پر انڈہ تلنے کی کوشش کی ہے۔

    جارجیا لیوی نے خالی فرائی پین کو ایک پتھر کے اوپر سورج کی روشنی میں ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیا تھا، ایک گھنٹے بعد فرائی پین میں گھی ڈال کر انڈہ تلا گیا تو کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی۔

    اس کی ویڈیو جارجیا لیوی نے انسٹا گرام پر بھی شیئر کی۔

    لائبریری آف کانگریس کے مطابق انڈے کو پکانے کے لیے 70 سینٹی گریڈ درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے، مگر شدید گرمی میں بھی ایسی کوشش کی جاسکتی ہے البتہ فرش پر زیادہ کامیابی کا امکان نہیں ہوتا۔

  • خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل سے فرار

    خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل سے فرار

    جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں ایک خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل کے محافظوں کے سامنے سے نہایت آسانی سے گزرا اور جیل سے فرار ہوگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں گزشتہ دنوں ایک خطرناک قیدی کے جیل سے فرار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی، جو اس لیے دلچسپی کا باعث بنا کہ فرار ہونے والا مجرم خاتون جیسا حلیہ بدل کر گارڈز کے سامنے سے پیدل چلتے ہوئے جیل سے نکلا۔

    اس کے اس اقدام پر اسے گوردیٹو لینڈو (کیوٹ فیٹی) کی عرفیت دی گئی۔

    روٹیلا کرائم گینگ کے سرغنہ سیزر اورٹز کے پیراگوئے کی جیل کے مرکزی گیٹ سے چلتے ہوئے نکلنے کی اطلاع سامنے آئی تو حکام دم بخود رہ گئے۔

    اس حوالے سے تصاویر کے مطابق اس نے لمبے بالوں والی وگ، آئی لیشز، لپ اسٹک، فنگر نیلز اور خواتین کے مخصوص لباس کا استعمال کیا۔

    ہوا یوں کہ ایک خاتون جب اس سے ملنے کے لیے اس کے پرائیوٹ کمرے میں آئیں تو یہ اس کے ساتھ نظر آیا، بعد ازاں یہ خاتون جیسا حلیہ بدل کر باآسانی باہر نکل گیا۔

    تاہم اس کے فرار کا یہ منصوبہ چند گھنٹوں پر ہی محیط رہا اور پولیس نے اسے دوبارہ پکڑ کر مزید محفوظ قید خانے میں منتقل کردیا۔

    سیزر اورٹز لوگوں پر جسمانی حملے اور ڈکیتی جیسے جرائم پر قید کی سزا کاٹ رہا ہے، تاہم اب اس کی سزا مزید بڑھ سکتی ہے۔

  • ویڈیو: منفرد بننے کے شوق میں خاتون نے زبان دو شاخہ کروا لی

    ویڈیو: منفرد بننے کے شوق میں خاتون نے زبان دو شاخہ کروا لی

    امریکا میں ایک خاتون نے منفرد بننے کے شوق میں صحت کے لیے نہایت خطرناک کام کرواتے ہوئے اپنی زبان کو دو شاخہ یعنی دو حصوں میں تقسیم کروا لیا۔

    جسم میں تبدیلی کے جنون میں مبتلا ایک خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنی دوشاخہ (دو حصوں میں کٹی ہوئی) زبان کی وجہ سے بیک وقت دو مختلف چیزوں کا ذائقہ چکھ سکتی ہیں۔

    دو شاخہ زبان والی خاتون کی ایک وقت میں پانی اورمشروب کا ذائقہ چکھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہورہی ہے۔

    کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والی مقامی فنکارا بریانا میری شی ہادے کو سرجری کے ذریعے جسمانی ساخت تبدیل کرنے کا شوق ہے۔

    رپورٹس کے مطابق خاتون نے سرجری کے ذریعے اپنی زبان کو درمیان سے دو حصوں میں کٹوالیا تھا جس کے بعد انہوں نے 2 لاکھ سے زائد فالورز والے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں خاتون کو دو شاخہ زبان سے دو علیحدہ گلاسوں میں موجود کولڈ ڈرنک اور پانی کا ذائقہ ایک ہی وقت میں چکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by 🌼Flower🌼 (@flower.friendly)

    ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ دونوں میں سے کونسا ذائقہ آپ پہلے چکھیں گے؟

    ویڈیو کو تقریباً 2 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جس پر صارفین نے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

    دوسری جانب برٹش ڈینٹل جنرل کے مطابق دو شاخہ زبان کروانا صحت کے لیے انتہائی خطرناک اور نقصان کا باعث ہے اور ایسا عمل کروانے والوں کو ہیمریج کا شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے جبکہ انفیکشن اور اعصاب بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

  • رشتے کے تنازعے پر خاتون کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت

    رشتے کے تنازعے پر خاتون کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کی ماڈل کورٹ نے رشتے کے تنازعے پر خاتون کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت سنا دی، جرم میں شامل دیگر 2 ملزمان کو بری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کی ماڈل کورٹ نے خاتون کے قتل کے ملزم پرویز راجپر کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی، عدالت نے ملزم پر ایک لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

    عدالت نے قتل کیس میں 2 ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سنہ 2012 میں خاتون کو رشتے کے تنازعے پر قتل کیا گیا تھا، واقعے کے بعد خیرپور کے تھانہ سٹھارجہ میں 3 ملزمان پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر اٹک کی سیشن کورٹ نے خاتون کو اغوا کے بعد زیادتی اور قتل کرنے والے مجرم کو دو بار موت کی سزا سنائی تھی۔

    پولیس کے مطابق مجرم انور حسین نے 2 سال قبل پنڈی گھیب سے خاتون کو اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر مغویہ کو قتل کر کے لاش ویرانے میں پھینک دی تھی۔

    کیس کی سماعت مکمل ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج نے خاتون کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث مجرم کو 2 بار موت، عمر قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

  • بھارتی خاتون نے زندگی بھر کی جمع پونجی راہول گاندھی کے نام کردی

    بھارتی خاتون نے زندگی بھر کی جمع پونجی راہول گاندھی کے نام کردی

    بھارت میں 85 سالہ خاتون نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے نام کردی، بزرگ خاتون گاندھی خاندان کی قربانیوں کی معترف ہیں۔

    85 سالہ پشپا منجیال نے راہول گاندھی کے نظریات سے متاثر ہو کر اپنی عمر بھر کی جمع پونجی ان کے نام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں پشپا منجیال نے باضابطہ طور پر ضلعی کورٹ میں وصیت نامہ بھی دے دیا ہے، سوموار کے روز انہوں نے سابق حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ کو بھی اپنا وصیت نامہ پیش کردیا۔

    پشپا منجیال کی جمع پونجی 50 لاکھ روپے اور 10 تولہ سونا ہے جسے انہوں نے راہول گاندھی کے نام کر دیا ہے، سونے کی موجودہ قیمت کم از کم 5 لاکھ روپے ہے۔

    بزرگ خاتون نے 40 لاکھ روپے کی ایف ڈی بھی راہول گاندھی کے نام کر دی ہے، وہ 5 ہزار روپے ماہانہ اولڈ ایج ہوم کا کرایہ بھی دیتی ہیں۔

    پشپا کا کہنا ہے کہ وہ راہول گاندھی کے نظریات سے بے حد متاثر ہیں، راہول گاندھی کے خاندان نے ملک کی آزادی سے لے کر آج تک ہمیشہ آگے بڑھ کر ملک کے لیے اپنی قربانیاں دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی ہو یا راجیو گاندھی، انہوں نے اس ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔

  • انفیکشن سے متاثرہ خاتون کی آدھی کھوپڑی کاٹ دی گئی

    انفیکشن سے متاثرہ خاتون کی آدھی کھوپڑی کاٹ دی گئی

    امریکا میں ایک مارشل آرٹس انسٹرکٹر کے دماغ کے اطراف میں سائنس کا انفیکشن پھیل جانے کی وجہ سے ان کی آدھی کھوپڑی کاٹ دی گئی۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کی نتاشہ گنتھر کے لیے 5.5 انچ کی ہڈی ہٹانے کے لیے سرجری کی گئی تاکہ دماغ کو دبانے والے ماس کو روکا جاسکے۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اگر سرجری نہیں کی گئی تو ایک ہفتے میں ان کی موت واقع ہو سکتی ہے۔

    25 سالہ متاثرہ خاتون نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ سردی کی علامات کو معمولی انفیکشن سمجھ کر نظر انداز نہ کریں اور اگر طبیعت ٹھیک نہ ہو تو اسپیشلسٹ کی خدمات حاصل کریں۔

    نتاشہ گنتھر کی زندگی تبدیل کردینے والی یہ آزمائش سنہ 2021 کے اواخر میں شروع ہوئی جب انہوں نے بہتی ناک اور بند سائنس کو عام سا انفیکشن سمجھ کر نظر انداز کیا۔

    جوڈو بلیک بیلٹ، جو بچوں کو مارشل آرٹس سکھاتی تھیں، عموماً بیمار ہی رہتی تھیں، انہیں تشویش تب لاحق ہوئی جب ان کی حالت ڈاکٹر کی جانب سے دی جانے والی اینٹی بائیوٹکس کے بعد بھی بہتر نہیں ہوئی۔

    دسمبر تک نتاشہ کو قے اور مائیگرین کی شکایت ہوئی، جس کے بعد ان کے گھر والوں نے ان پر دماغ کا اسکین کروانے کے لیے دباؤ ڈالا۔

    اسکین میں معلوم ہوا کہ ان کی کھوپڑی کے اندر ماس موجود ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹر کھوپڑی کی ہڈی کاٹنے پر مجبور ہوئے تاکہ دماغ پر موجود دباؤ کو آسان کیا جاسکے۔

    سرجری کے بعد سے نتاشہ کو دماغ کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ پہننا پڑتا ہے۔

  • خاتون سے چھیڑخانی کرنے والا سعودی شہری گرفتار

    خاتون سے چھیڑخانی کرنے والا سعودی شہری گرفتار

    سعودی عرب میں پولیس نے لڑکی سے چھیڑخانی کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے جو کہ لڑکی کا رشتے دار بتایا جاتا ہے۔

    غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق حدود شمالیہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ پر وائرل ہوا ہے جس میں ایک لڑکی شکایت کررہی ہے کہ اس کا ایک رشتے دار چھیڑخانی کر رہا ہے اور اسے مسلسل پریشان کیے ہوئے ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوان کو شناخت کرکے گرفتار کرلیا ہے جو کہ مقامی شہری ہے اور اسے قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ویڈیو کلپ میں شکایت کرنے والی لڑکی ان دنوں مملکت میں نہیں بلکہ بیرون ملک مقیم ہے اور یہ واقعہ بھی نیا نہیں بلکہ تین برس پرانا ہے اور اب سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر کارروائی کی گئی کیونکہ لڑکی نے اس سے متعلق اس سے قبل کوئی شکایت درج نہیں کرائی تھی۔

  • اسٹور کی بہادر ملازم چوروں سے الجھ گئی

    اسٹور کی بہادر ملازم چوروں سے الجھ گئی

    امریکا میں ایک بہادر اسٹور ملازم، اسٹور میں واردات کی نیت سے داخل ہونے والے 3 افراد سے بھڑ گئی، چور جاتے جاتے 3 ہزار ڈالرز کا سامان لے اڑے۔

    یہ واردات امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں واقع ایک اسپا میں پیش آئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین ماسک پہنے افراد ایک ایک کر کے اسپا میں داخل ہوتے ہیں اور مختلف شیلفس کی طرف بڑھتے ہیں۔

    لیکن اگلے ہی لمحے ان کا انداز جارحانہ ہوجاتا ہے اور وہ چیزیں اٹھا کر اپنی جیبوں میں ڈالنا شروع کردیتے ہیں۔

    اس دوران ایک اسٹور ملازم ان کی طرف بڑھتی ہے اور ایک شخص سے الجھتی ہے جس کے دوران کچھ چیزیں نیچے گر جاتی ہیں۔

    مداخلت دیکھ کر تینوں اچکے دروازے کی طرف بھاگتے ہیں، اسٹور کی ملازم بھی ان کے پیچھے بھاگتی ہے تاہم کسی کو بھی پکڑنے میں ناکام رہتی ہے۔

    اسپا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چور اپنے ساتھ 3 ہزار ڈالرز (5 لاکھ 44 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) کی اشیا لے گئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے اسپا میں موجود تمام افراد محفوظ رہے۔

    واقعے کے تمام شواہد بشمول سی سی ٹی وی فوٹیجز پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔

  • پورے جہاز میں صرف ایک خاتون مسافر، آگے کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    پورے جہاز میں صرف ایک خاتون مسافر، آگے کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    ناروے : ہم نے اکثر فضائی سفر کے دوران اس بات کا مشاہدہ کیا ہے کہ جہاز میں تمام سیٹوں پر مسافر موجود ہوتے ہیں اور ایک گہما گہمی کا سا منظر ہوتا ہے۔

    بعض لوگ تو چاہتے ہیں کہ کہ اس شور شرابے سے بچنے کیلئے پورے جہاز میں اکیلے ہی سفر کرسکیں لیکن ایسا کرنا تقریباً ناممکن ہے۔

    لیکن خلاف توقع ناروے میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے کہ جس میں پورے جہاز میں صرف ایک خاتون مسافر موجود تھی، جسے پورے جہاز میں اکیلے سفر کرنے کا موقع ملا۔

    مذکورہ خاتون ارورہ ٹوریس کو جب پتہ چلا کہ وہ فلائٹ میں واحد مسافر ہے تو اس نے سفر کو خوب انجوائے کیا اور تصاویر لیتے ہوئے اس سفر کو یادگار بھی بنایا یہ فلائٹ ناروے سے ریروس جارہی تھی۔

    فلائٹ اٹینڈنٹ نے اس سے پوچھا کہ کیا وہ پائلٹس کے ساتھ کاک پٹ میں بیٹھنا پسند کریں گی، جسے اس نے خوشی سے قبول کرلیا ، ہوائی سفر پر کوویڈ19 کی پابندیاں نرم ہو رہی ہیں، لوگ دوبارہ ہوائی سفر کررہے ہیں۔

    ارورہ ٹوریس نامی خاتون نے اپنی زندگی میں پہلی بار پیش آنے والے اس تجربے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    اپنی ویڈیو میں ارورہ نے اپنے سفر کے مناظر کو شیئر کیا ہے۔ اس نے اپنے اردگرد خالی سیٹوں پر قبضہ کرلیا اور دو پائلٹوں کے بالکل پیچھے ہیڈ سیٹ لگا کر ان کے ساتھ بیٹھ گئی۔

    ارورہ ٹوریس نے بتایا کہ مجھے بورڈنگ کے دوران خبر ملی تھی کہ میں جہاز کی اکلوتی مسافر ہوں، فلائٹ اٹینڈنٹ میرے ساتھ بہت خوش اخلاقی سے پیش آیا اور ہم نے کچھ دیر بات چیت کی۔.

    خاتون کے مطابق یہ سفر50 منٹ تک جاری رہا اور اس نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں آخری 30 منٹ لینڈنگ میں کاک پٹ میں شامل ہونا چاہتی ہوں یہ بات میرے لیے کسی اچھنبے سے کم نہیں تھی۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوچکی ہے، اس نے اب تک صرف انسٹاگرام پر 27,000 سے زیادہ صارفین نے اپنے تبصرے کیے ہیں۔