Tag: woman

  • قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے موت کا جھوٹا ڈرامہ خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے موت کا جھوٹا ڈرامہ خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    لندن : برطانوی خاتون کو ڈرائیونگ کے جرم میں قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے اپنی موت کا جھوٹا دعویٰ کرنے پر آٹھ ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی لندن میں ڈرائیونگ کے جرم میں قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے خاتون کو اپنی موت کا جھوٹا دعویٰ مہنگا پڑگیا۔

    کینسنگٹن کی 38 سالہ زو برنارڈ کو 2020  میں کِلبرن میں لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور رکنے میں ناکامی پر گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے سڑکوں پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    38 سالہ خاتون نے پولیس کو فون کالز میں خود اپنی بہن شانیس کے طور پر ظاہر کیا اور کہا کہ زو کی موت ہوگئی ہے۔

    ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ کو بتایا گیا پولیس کال کے بعد زو برنارڈ نے ویسٹ منسٹر رجسٹر آفس سے موت کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دی لیکن وہ ناکام رہی کیونکہ رجسٹر میں کوئی موت نہیں تھی۔

    اپنے مؤکل کی ہدایات پر بیرسٹر مارگو منرو کیر نے عدالت کو بتایا کہ برنارڈ کو جسمانی اور دماغی صحت کے مسائل تھے اور وہ کئی طرح کے سانحات کا شکار ہوئی تھیں، جن میں گرینفیل ٹاور کی آگ میں اپنے چچا اور سب سے بڑی بیٹی کو کھونا بھی شامل تھا۔

    سماعت میں یہ بھی بتایا گیا کہ برنارڈ پر سابقہ ​​سزائیں تھیں اور انہیں اکتوبر 2019 میں شراب پی کر گاڑی چلانے اور نااہل قرار دیتے ہوئے گاڑی چلانے کے جرم میں جیل بھیج دیا گیا تھا اور چھ ماہ کی پابندی لگا دی گئی تھی۔

    جس کے بعد جج مارٹن بیڈو نے کینسنگٹن مغربی لندن سے تعلق رکھنے والی برنارڈ کو آٹھ ماہ کے لئے جیل بھیج دیا، جس میں اسے آدھی سزا بھگتنی ہوگی۔

    جج نے برنارڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جرم واضح طور پر آپ کی سوچ اور منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا، میں کافی مطمئن ہوں کہ یہ آپ نے موت کا جھوٹا دعویٰ کرکے پولیس کو دھوکہ دینے کی کوشش تھی۔

    جج کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ کے معاملات میں آپ کا پہلے ہی ریکارڈ برا تھا اور آپ کو اچھی طرح سے معلوم تھا کہ آپ کس مصیبت میں ہیں، آپ نے پولیس کو کہا کہ آپ مر چکی ہیں اور اس کے لئے آپ نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

  • سہیلی کی کمسن بیٹی کو اغوا کرنے والی خاتون گرفتار

    سہیلی کی کمسن بیٹی کو اغوا کرنے والی خاتون گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سہیلی کی 3 سالہ بچی کو اغوا کرنے والی خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزمہ نے 50 لاکھ تاوان طلب کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں خاتون نے سہیلی کی بیٹی کو اغوا کرلیا اور 50 لاکھ تاوان طلب کیا تاہم پولیس نے اغوا کار خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ صدف نے 3 سالہ بچی کو ٹیوشن سے آتے ہوئے اغوا کیا، صدف بچی کی ماں کی دوست تھی، پیسوں کی ضرورت پڑنے پر صدف نے اغوا کی منصوبہ بندی کی۔

    پولیس کے مطابق ملزمہ نارتھ کراچی میں بچی کے ٹیوشن سینٹر پہنچی، بچی کو اغوا کے بعد صدف میکے پہنچی تو اسے خوف محسوس ہوا جس کے بعد وہ بچی کو دوبارہ ٹیوشن سینٹر کے دروازے پر چھوڑ کر فرار ہوگئی۔

    پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • کرک: خاتون نے بیلٹ باکس کو آگ لگادی

    کرک: خاتون نے بیلٹ باکس کو آگ لگادی

    کرک: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولنگ کے دوران ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرک کے پولنگ اسٹیشن دبلی لواغر میں بیلٹ باکس کو آگ لگادی گئی ہے، جس سے بیلٹ باکس میں کاسٹ کیےگئے ووٹ جل گئے، افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے علاقےکوگھیرےمیں لےلیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کرک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دبلی لواغر کے پولنگ بوتھ میں ایک خاتون نے اپنا بیلٹ پیپرجلانے کی کوشش کی ہے،انکوائری کر رہے ہیں کہ خاتون نے ایسا قدم کیوں اٹھایا؟

    ڈپٹی کمشنر کرک کے مطابق ماچس کی آگ سے کچھ بیلٹ پیپرز کو نقصان پہنچا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاتون کی شناخت کےبعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، پولنگ اسٹیشن پر مکمل خیریت ہے، مزید انتخابی مواد کو نقصان نہیں پہنچا، پولنگ چند لمحوں کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کے پی کے: بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کے انتقال اور ناخوشگوار واقعات کے باعث ملتوی ہونے والی نشستوں پر پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، چارسدہ، بونیر اور باجوڑ میں ری پولنگ ہورہی ہے، ووٹنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

  • آن لائن کرسی خریدنے والی خاتون کو شدید دھچکا

    آن لائن کرسی خریدنے والی خاتون کو شدید دھچکا

    آن لائن شاپنگ بعض اوقات ایک ناخوشگوار تجربہ ثابت ہوسکتی ہے، جس کا ایک اور ثبوت حال ہی میں نیویارک کی رہائشی ایک خاتون نے دیا ہے۔

    مریم نامی ان خاتون نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

    ویڈیو میں انہوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے آن لائن ایک خوبصورت مخملی کرسی فروخت کے لیے دیکھی، جو ان کے دل کو اس قدر بھائی کہ انہوں نے فوراً ہی اسے آرڈر کردیا۔

    تاہم جب وہ ان کے پاس پہنچی تو جو چیز ڈبے سے نکلی وہ اسے دیکھ کر حیران ہوگئیں۔

    وہ کرسی تو بالکل ویسی ہی تھی جیسی انہوں نے دیکھی تھی، مخملی کور کے ساتھ سنہری ہتھے اور پشت، بس یہ کرسی منی ایچر تھی یعنی بچوں کے کھیلنے کی چیز یا گڑیا کے گھر میں سجائی جانے والی کرسی معلوم ہورہی تھی۔

    اس غیر متوقع ڈیلیوری پر مریم کو بے حد صدمہ پہنچا اور انہوں نے یہ واقعہ ٹک ٹاک پر شیئر کیا۔

    سوشل میڈیا صارفین نے مریم کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آن لائن خریداری کو ایک بار پھر ناقابل بھروسہ قرار دیا، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ملتے جلتے واقعات کی وجہ سے آن لائن خریداری کرنے سے توبہ کرلی ہے۔

  • کھانا پکانے کے دوران سبزی سے خطرناک شے نکل آئی

    کھانا پکانے کے دوران سبزی سے خطرناک شے نکل آئی

    آسٹریلیا میں ایک خاتون اس وقت نہایت خوفزدہ ہوگئیں جب کھانا پکانے کے لیے پھول گوبھی کے پیکٹ سے ایک بچھو نکل آیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ خاتون کا کہنا ہے کہ پھول گوبھی کا پیکٹ قریبی سپر اسٹور سے لایا گیا تھا، انہوں نے کھانے کی تیاری کے دوران اسے کھولا تو کاٹنے کے دوران اس میں سے ایک خطرناک بچھو نکل آیا۔

    خاتون نے چیخ کر اپنے شوہر کو بلایا، بچھو کو باہر پھینکنے کے دوران بچھو نے نہایت مزاحمت کی اور ایسا لگا جیسے وہ حملہ کردے گا۔

    گوبھی میں سے بچھو نکلنے کا واقعہ مذکورہ سپر اسٹور کو بھی رپورٹ کیا گیا، اسٹور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس فارم سے یہ سبزیاں لائی گئی ہیں بچھو یقیناً اسی فارم سے ان سبزیوں کے ساتھ آیا ہے۔

  • ’کرونا وڑا‘ کی ترکیب نے لوگوں کو پریشان کردیا

    ’کرونا وڑا‘ کی ترکیب نے لوگوں کو پریشان کردیا

    گزشتہ 2 سال سے دنیا کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم یہ مشکل وقت کچھ لوگوں کے لیے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی بنا ہے۔

    ایسی ہی ایک بھارتی خاتون نے اپنی تخلیقی صلاحیت کا اظہار کرتے ہوئے کرونا وڑے بنا لیے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون چاول کے آٹے میں مختلف مصالحہ جات ملا کر وڑے تیار کر رہی ہیں۔

    آخری مرحلے میں وہ ایک حیران کن طریقہ اپناتے ہوئے تیار شدہ وڑوں کو بھیگے ہوئے چاولوں میں بھگوتی ہیں اور انہیں بھاپ سے پکاتی ہیں، پکنے کے بعد بالکل کرونا وائرس کی شکل جیسے وڑے سامنے آتے ہیں۔

    ٹویٹر پر ان خاتون کی تخلیقی صلاحیت پر انہیں بے حد داد دی گئی، لوگوں نے ان کرونا وڑوں کو لذیذ قرار دیتے ہوئے انہیں کھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    ایک شخص نے لکھا کہ جب زندگی آپ کو کرونا دے تو اس کے کرونا وڑے بنالیں۔

    اس سے قبل بھی کرونا وائرس کی نسبت سے کئی کھانے تیار کیے جاچکے ہیں، مغربی بنگال میں ایک حلوائی نے وائرس کی ہمشکل مٹھائی تیار کی تھی جبکہ ویت نام میں ایک ریستوران نے بھی کرونا برگر فروخت کرنا شروع کردیا تھا۔

  • غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    اومان: اردن میں مقیم پاکستانی خاتون کی اس وقت خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں پتہ چلا کہ ان کے اکاؤنٹ میں ہزاروں دینار کی رقم موجود ہے، مذکورہ خاتون کو گزر بسر کرنے کے لالے پڑے تھے جب اس اچانک دریافت نے انہیں خوشی سے نہال کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی نژاد اردنی معمر خاتون عذرا قدسیہ غربت اور افلاس سے تنگ آ کر مدد کے لیے سرکاری ادارے پہنچ گئیں اور مدد کی درخواست کر دی لیکن وہاں انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ میں تو اچھی خاصی رقم موجود ہے۔

    اکاؤنٹ میں پیسوں کی موجودگی پر خاتون خود بھی حیران رہ گئیں اور ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

    خاتون عذار قدسیہ لاعلم تھیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں 2008 سے پنشن کی رقم جمع ہو رہی ہے اور اب ان کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم موجود ہے۔

    عذرا قدسیہ 70 کی دہائی میں پاکستان سے اردن ملازمت کے لیے آئی تھیں جہاں وہ ایک اسپتال میں مڈ وائف کی خدمات انجام دیتی رہیں اور ریٹائر ہونے کے بعد بھی رضاکارانہ طور پر یہ خدمات انجام دیتی رہیں تاہم صحت کی خرابی کے باعث اب ان کے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔

    ریٹائر ہونے کے بعد اردن کی حکومت نے معمر خاتون کو ان کی 50 سالہ خدمات کے اعتراف میں شہریت دے دی تھی تاہم عذرا قدسیہ کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی پنشن بھی ہر مہینے بینک اکاؤنٹ میں آ رہی ہے، انہیں اردن کے پینشن سسٹم کا علم ہی نہیں تھا۔

    دو روز قبل انہوں نے اردن کے صوبے المفرق کے حکام سے رابطہ کیا اور مدد کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ اب میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہی ہوں اور صحت کی خرابی کے باعث مزید کام کرنے کی ہمت نہیں رہی اس لیے گزر بسر کے لیے مدد کی جائے۔

    درخواست جمع ہونے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ سال 2008 سے ان کے اکاؤنٹ میں باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ پنشن آ رہی ہے اور اب وہ رقم اتنی ہے کہ وہ انتہائی اچھی زندگی گزار سکتی ہیں۔

    حکام نے معمر خاتون کو بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 45 ہزار اردنی دینار جمع ہیں۔

  • کورونا وبا، خاتون نے اربوں‌ روپے غریبوں کے لیے عطیہ کردیے

    کورونا وبا، خاتون نے اربوں‌ روپے غریبوں کے لیے عطیہ کردیے

    دنیا کی امیر ترین خاتون میکنزی اسکاٹ 4ماہ میں 700ارب روپے فلاحی تنظیموں کو عطیہ کرکے خود کو دل کا امیر بھی ثابت کردیا۔

    دنیا میں جہاں امارت ہے وہاں غربت بھی ہے اور یہاں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنے مال ودولت کے خزانوں کے منہ کھول دیتے ہیں۔

    ایسے ہی غریب پرور لوگوں میں شامل ہیں دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون میکنزی اسکاٹ، جنہوں نے 4ماہ کے دوران 700ارب روپے فلاحی تنظمیوں کو عطیہ کیے۔

    میکنزی اسکاٹ ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی سابق بیوی ہیں اور انہوں نے یہ خطیر رقم مختلف شعبوں میں کام کرنے والی 384 فلاحی تنظیموں کو دی۔

    خاتون نے یہ اقدام کورونا وبا کے بعد لوگوں کے معاشی حالات پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک کے لیے کیا ہے۔

    لکھے گئے  اپنے ایک مضمون میں ان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا سے عام امریکی شہریوں کی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے، امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوگیا ہے، غربت میں پھنسے لوگوں کے معاشی حالات اس وبا کی وجہ سے بدتر ہوگئے ہیں۔

    میکنزی کے مطابق ان کے ادارے نے 6490 تنظیموں کا جائزہ لینے کے بعد 384 کو عطیات دینے کا فیصلہ کیا۔

  • سسرال والوں کے غیر انسانی تشدد سے خاتون کی ہلاکت، ملک میں بھونچال

    سسرال والوں کے غیر انسانی تشدد سے خاتون کی ہلاکت، ملک میں بھونچال

    دمشق: شام میں ایک خاتون کی سسرال والوں کے بہیمانہ اور غیر انسانی تشدد سے ہلاکت نے پورے ملک میں طوفان اٹھا دیا، حکام نے مقتولہ کے شوہر، ساس، سسر اور دیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق شام میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے نے سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دیا، خاوند اور اس کے رشتے داروں کے ہاتھوں شامی خاتون کے قتل کی ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا تھا۔

    شامی وزارت داخلہ نے آیات الرفاعی نامی خاتون پر تشدد میں ملوث شوہر اور اس کے اہل خانہ کے اقبالی بیانات میڈیا کو جاری کردیے ہیں۔

    آیات کے شوہر، اس کے سسر اور ساس نے اعتراف کیا ہے کہ وہی اس کے قتل کے ذمے دار ہیں، وہ اس کے ساتھ ہمیشہ بدسلوکی کرتے تھے۔

    شامی وزارت داخلہ نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں آیات الرفاعی کے سسر احمد الحموی اعتراف کررہے ہیں کہ انہیں آیات کے طور طریقے پسند نہیں تھے، وہ اسے آتے جاتے، زینہ چڑھتے اترتے زدوکوب کیا کرتے تھے، وہ، ان کی بیوی اور بیٹا تینوں مل کر اس پر تشدد کرتے تھے۔

    الحموی نے بتایا کہ قتل کی رات میں نے اس کے سر اور جسم پر ڈنڈے برسائے تھے، میرے بعد میرے بیٹے نے اس کے سر پر وار کیا تھا، اس رات میرے دوسرے بیٹے کا بیٹا بھی آیا اس نے بھی آیات پر تشدد کیا۔

    آیات کے شوہر غیاث الحموی نے بتایا کہ واردات کے روز انہوں نے اسے خوب زد و کوب کیا۔ بعد ازاں وہ اپنے بھائی کے ہمراہ اسپتال گیا اور اس نے بیوی کے رشتے داروں سے حقیقت حال چھپانے کی کوشش کی۔

    آیات کی ساس نے بھی اپنے بیٹے اور شوہر کے بیانات کی تائید کی۔

    شامی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ آیات کے دیور ابو العز کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، وہ آیات کے رشتے داروں کو دھمکیاں دے رہا تھا اور ان پر مقدمہ ختم کروانے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔

  • جنگل کا بادشاہ ہوا خاتون کے ہاتھوں بے بس، ویڈیو وائرل

    جنگل کا بادشاہ ہوا خاتون کے ہاتھوں بے بس، ویڈیو وائرل

    کویت میں گھر سے فرار ہونے والے پالتو شیر کو بہادر خاتون نے سڑک سے پکڑ لیا، جنگل کے بادشاہ کے فرار پر علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا تھا

    ذکر کسی خاتون کا ہو تو انسانی ذہن میں عموماْ نزاکت کا تصور ابھرتا ہے جو عام پالتو جانوروں سے بھی خوفزدہ نظر آتی ہے لیکن دنیا میں ایسی خواتین کی بھی کمی نہیں جو بہادری میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔

    .جی ہاں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا کویت میں جہاں خاتون نے گھر سے فرار ہونے والے ایک شیر کو دلیری سے پکڑ کر بہادری کی مثال قائم کردی

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون بچوں کی طرح شیر گود میں پکڑے ایک مصروف شاہراہ سے گزر رہی ہے عرب ٹائمز کے مطابق یہ ویڈیو کویت کی ہے۔

    رپورٹر کے مطابق گھر سے فرار ہونے والا شیر وسط شہر ایک سڑک پر نمودار ہوا تھا، شیر کو اس طرح سے آزادانہ گھومتے دیکھنا کسی بھی شخص کو خوفزدہ کرسکتا ہے لیکن یہاں ایک خاتون نے دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لمحوں میں جنگل کے بادشاہ کو گردن سے دبوچ کر قابو میں کرلیا اور عام بچوں کی طرح اسے گود میں اٹھا لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر خود کو خاتون کی گرفت سے چھڑانے کے لیے ہاتھ پاوٗں مار رہا تھا لیکن اس کی ایک نہ چلی، بہادر خاتون اسے اٹھائے گلی پار کر گئی اور کچھ دور چلنے کے بعد شیر کو چھوڑ دیا لیکن اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ دوبارہ گھر سے فرار نہ ہوسکے۔

    واقعہ کویت شہر کے علاقے سباہیا میں پیش آیا جس کے بعد وہاں کے رہائشیوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔

    شیر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پر امدادی کارکن، رپورٹرز اور پولیس جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوگئے تھے لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے ہی مذکورہ خاتون نے شیر کو قابو کرلیا تھا

    یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اکثر سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کو زو کیپر یا شیروں کی دیکھ بھال کرنے والی پروفیشنل ماہر قرار دیا جب کہ کئی لوگ خاتون سے متاثر بھی ہوئے ۔

    واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کویت میں گھر سے پالتو شیر فرار ہوا ہو، دو ہزار تیرہ میں بھی ایک شیر گھر سے فرار ہوا تھا جسے پولیس نے پکڑ کر وین کے ذریعے واپس پہنچایا تھا۔