Tag: woman

  • سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی

    سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی، خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے سسرال والے ان کے ڈھائی سال کے بیٹے کو چھین کر کراچی فرار ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی رہائشی خاتون نے سسرالیوں کے ظلم سے تنگ آ کر انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان سے مدد مانگ لی۔

    شکیلہ نعمت نامی متاثرہ خاتون نے اپنی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کردیں، خاتون اور ان کی بیٹی کو سسرالیوں نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے سسرال والے ڈھائی سال کے بیٹے کو ان سے چھین کر کراچی فرار ہوگئے ہیں، کراچی میں ان کے شوہر نے دوسری شادی رچالی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ سسرالیوں نے انہیں اور ان کی 6 بیٹیوں کو گھر چھوڑنے کو کہا، گھر نہ چھوڑنے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

  • شوہر کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے والی ملزمہ 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    شوہر کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے والی ملزمہ 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کراچی : مقامی عدالت نے شوہر کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے والی ملزمہ کو 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں شہری کو قتل اور لاش کے ٹکڑے کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی ، پولیس نے ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ ہم نےملزمہ کی انگلیوں کے نشانات بھی لیے ہیں، ڈی این اے سمپل بھی حاصل کرلیا گیا ہے ، تمام رپورٹس کچھ دنوں میں موصول ہوں گی۔

    عدالت نے استفسار کیا کیس خاتون تفتیشی افسر کو کیوں نہیں دیا گیا؟سرکاری وکیل عبدالرحمان نے بتایا کہ قتل کا سنگین معاملہ ہے، پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔

    عدالت نے شوہر کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے والی ملزمہ کو 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    دوسری جانب کراچی میں قتل اور لاش کے ٹکڑے کرنے کے واقعے میں گرفتارخاتون کی جانب سے تاحال نکاح نامہ نہیں دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون رباب بار بار بیان تبدیل کررہی ہے، گھر سے ملنے والے سامان میں آلہ قتل بھی موجود ہے، سامان میں خاتون کے خون آلود کپڑے ملوث ہونے کا ثبوت ہیں۔

    پولیس نے مزید کہا کہ گرفتارخاتون پہلےبھی پولیس کومقتول کیخلاف شکایت درج کراچکی ہے، خاتون نے ڈیڑھ سال پہلے پیسے نہ دینے پر شکایت درج کرائی تھی۔

    پولیس کے مطابق مقتول شیخ سہیل نےبیان دیاتھاکہ خاتون نکاح میں نہیں تھی، خاتون محبود آباد کی رہائشی ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • سرگودھا: بھتہ نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی

    سرگودھا: بھتہ نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں منگل بازار میں اسٹال لگانے والی خاتون سے بھتہ طلب کیا گیا اور ان کے انکار پر انہیں آگ لگا دی گئی، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں بھتہ نہ دینے پر خاتون کو جلا دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون منگل بازار میں اسٹال لگاتی تھیں جہاں بااثر افراد نے ان سے بھتہ طلب کیا۔

    خاتون کے انکار کرنے پر ملزمان نے انہیں آگ لگا دی، خاتون کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بااثر افراد منگل بازار میں اسٹال لگانے کے زبردستی پیسے لیتے ہیں۔ ان کے انکار کرنے پر انہیں آگ لگائی گئی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ہی فیصل آباد میں دکانداروں کی جانب سے 4 گاہک خواتین پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    ایک دکاندار نے خواتین پر چوری کا الزام لگا کر دیگر دکانداروں کے ساتھ مل کر ان پر بہیمانہ تشدد کیا، بعد ازاں خواتین کو برہنہ کر کے ان کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔

    واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے۔

  • چین : خاتون پر برفانی تودہ گرنے کا خوفناک منظر، ویڈیو وائرل

    چین : خاتون پر برفانی تودہ گرنے کا خوفناک منظر، ویڈیو وائرل

    ہیبی : چین میں ایک خاتون پر برفانی تودہ گرنے اور اس کے تقریباً موت کے قریب جانے کی ہولناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ خوفناک واقعہ چین کے صوبے ہیبی کے شہر لانگ فانگ میں پیش آیا جسے دیکھنے والے دم بخود رہ گئے۔

    مذکورہ ویڈٰیو میں ایک خاتون کو اپنے گھر کے باہر سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے خاتون جیسے ہی دروازے کے قریب پہنچی ہی تھی کہ اچانک اسے آواز آئی۔

    خاتون نے بےاختیار اوپر کی جانب دیکھا تو برف کا بڑا سا تودا اوپر سے گرا جس کی آواز کسی دھماکے سے کم نہ تھی، خاتون اس کی زد میں آنے ہی والی تھی کہ خوش قسمتی سے وہ پیچھے ہٹی اور اس کی جان بچ گئی۔

    مذکورہ خاتون اگر بروقت پیچھے نہ ہٹ پاتی تو یقینی طور پر وہ اس برف کے تودے کے نیچے آکر ہلاک یا شدید زخمی ہوسکتی تھی، اس خاتون کے گھر سیڑھیاں پوری طرح برف سے ڈھک چکی تھیں اور وہ خوفزدہ ہوکر دروازے سے دور جاکر کھڑی ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت شمالی چین کے کئی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور ان میں اس سال کی پہلی برف باری بھی ہوئی ہے۔

    ماہرین موسمیات کا خیال ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے موسم سرما معمول سے تقریباً ایک ماہ پہلے آیا ہے اور اس میں پہلے کی نسبت شدت زیادہ ہے۔

  • 34 قیراط کا خوبصورت ہیرا جسے خاتون کچرے میں پھینکنے جارہی تھیں

    34 قیراط کا خوبصورت ہیرا جسے خاتون کچرے میں پھینکنے جارہی تھیں

    برطانیہ میں ایک خاتون گھر میں بیکار پڑی انگوٹھی کو پھینکنے جارہی تھیں جب اتفاق سے انہیں علم ہوا کہ اس انگوٹھی میں 34 قیراط کا ہیرا جڑا ہے جس کی مالیت 20 لاکھ پاؤنڈز ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، گھر سے غیر ضروری سامان نکال رہی تھیں جس میں مصنوعی زیورات بھی شامل تھے۔

    خاتون ان زیورات کو پھینکنے جارہی تھیں جب ایک پڑوسی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ پھینکنے سے قبل احتیاطاً ان زیورات کی قیمت معلوم کروا لیں۔

    علاقے میں موجود مقامی جیولر کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وہ خاتون وہاں سے گزرتی ہوئی ان کے پاس آئیں اور اس بیش قیمت انگوٹھی سمیت مختلف مصنوعی زیورات ان کے حوالے کیے اور ان کی ویلیو جاننی چاہی۔

    جیولر کا کہنا ہے کہ پاؤنڈ کے سکے سے بھی بڑے اس ہیرے کو وہ ایک نظر میں پہچان گئے تھے تاہم مزید تصدیق کے لیے انہوں نے اسے ماہرین کے پاس بھیجا۔

    ماہرین نے تصدیق کی کہ شیشے کا یہ شفاف ٹکڑا 34 قیراط کا ہیرا ہے جس کی مالیت اندازاً 20 لاکھ پاؤنڈز یعنی 47 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے ہے۔

    انگوٹھی کی مالک مذکورہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں قطعی یاد نہیں کہ یہ انگوٹھی انہوں نے کب اور کہاں سے خریدی یا کسی نے انہیں تحفہ دی۔

    مذکورہ انگوٹھی کو 30 نومبر کو نیلام کیا جائے گا جہاں سے اس کی خطیر رقم ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔

  • سوئی ہوئی خاتون کے تکیے پر شہاب ثاقب کا ٹکڑا آ گرا

    سوئی ہوئی خاتون کے تکیے پر شہاب ثاقب کا ٹکڑا آ گرا

    کینیڈا میں ایک خاتون اس وقت بال بال بچ گئیں جب شہاب ثاقب کا ٹکڑا ان کے گھر کی چھت چیرتا ہوا سیدھا ان کے تکیے پر جا گرا، زوردار آواز کی وجہ سے خاتون ہڑبڑا کر نیند سے جاگ گئیں۔

    یہ واقعہ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں پیش آیا، رتھ ہملٹن نامی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ رات میں سورہی تھیں جب انہوں نے ایک زوردار آواز سنی اور بستر میں بھونچال سا محسوس کیا۔

    انہوں نے فوراً اٹھ کر لائٹ جلائی تو تکیے پر اپنے سر کے برابر میں ایک پتھر کا بڑا سا ٹکڑا پایا۔

    خاتون نے فوراً 911 کو کال کی جہاں سے ایک پولیس اہلکار ان کے گھر آیا۔ ابتدا میں پولیس اہلکار کا خیال تھا کہ پتھر قریب واقع تعمیراتی سائٹ سے آیا ہے۔ اس نے سائٹ پر فون کیا تو وہاں سے کہا گیا کہ آسمان پر روشنی کا زوردار جھماکہ اور دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔

    جلد ہی واضح ہوگیا کہ یہ شہاب ثاقب کا ٹکڑا تھا جو خاتون کے گھر کی چھت توڑتا ہوا سیدھا ان کے کمرے میں ان کے تکیے پر گرا۔ خاتون خوش قسمتی سے محفوظ رہیں۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ انشورنس کمپنی جلد ہی ان کے گھر کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے کر اس کی مرمت کردے گی۔

  • پہاڑی سے لٹکنے والی پراسرار خاتون کون تھی؟

    پہاڑی سے لٹکنے والی پراسرار خاتون کون تھی؟

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شخص کی اس اطلاع پر کہ ایک خاتون پہاڑی کی چوٹی سے لٹک رہی ہے، فائر فائٹرز بھاگم بھاگ ساز و سامان کے ساتھ مذکورہ مقام پر پہنچے، تاہم وہاں پہنچ کر انہیں پتہ چلا کہ مذکورہ ’خاتون‘ دراصل ایک مجسمہ تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق 911 پر کال کی گئی اور بتایا گیا کہ ہوپ رینچ بیچ پر ایک پہاڑی کی چوٹی پر ایک خاتون بے یار و مددگار لٹک رہی ہیں اور گرنے والی ہیں۔

    اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز ٹرکوں، ڈرونز اور دیگر ساز و سامان کے ساتھ خاتون کو بچانے وہاں پہنچے، تاہم جلد ہی انہیں پتہ چلا کہ یہ دراصل ایک مجسمہ تھا جو ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے وہاں رکھا گیا تھا۔

    فائر فائٹرز نے 911 کو کال کرنے کو اچھا اقدام قرار دیا اور کہا کہ کال کرنے والے شہری نے اپنی ذمہ داری پوری کی۔

  • کھانا فراہم کرنے سے انکار پر خاتون نے ریستوران عملے پر بندوق تان لی

    کھانا فراہم کرنے سے انکار پر خاتون نے ریستوران عملے پر بندوق تان لی

    امریکا میں ایک خاتون ریستوران کے کھانا فراہم نہ کرنے پر طیش میں آگئیں اور انہوں نے عملے کو گن سے دھمکانا شروع کردیا۔

    امریکی شہر فلاڈلفیا میں پیش آنے والا یہ واقعہ سرویلنس کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا، ایک مال میں واقع ریستوران کی انتظامیہ کے مطابق عملے کی کمی کی وجہ سے وہ صرف آن لائن آرڈرز لے رہے تھے۔

    خاتون جب آرڈر دینے پہنچیں تو عملے نے ان سے معذرت کی جس پر پہلے تو وہ سیخ پا ہو کر مینیجر سے بات کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں، اس کے بعد اچانک انہوں نے اپنے بیگ سے گن نکال لی اور عملے کو دھمکایا۔

    انتظامیہ کے مطابق گن دیکھتے ہی انہوں نے ایمرجنسی بٹن دبا دیا جس سے مال کی سیکیورٹی کو اطلاع مل گئی۔

    ایک شخص نے خاتون کا آرڈر لیا اور جلدی جلدی تیار کر کے ان کے حوالے کردیا جس کے بعد خاتون بندوق لہراتی ہوئی وہاں سے نکل گئیں۔

    پولیس نے واقعے کی فوٹیج جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خاتون کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • خاندان میں ایک کے بعد ایک پراسرار موت، قاتل کیسے پکڑا گیا؟

    خاندان میں ایک کے بعد ایک پراسرار موت، قاتل کیسے پکڑا گیا؟

    نئی دہلی: 14 برسوں کے دوران اپنے خاندان کے لوگوں کو زہر دے کر قتل کر کے صاف بچ جانا اور 17 سال بعد اچانک محض ایک شکایت پر پکڑے جانا کسی فلمی کہانی جیسا لگتا ہے۔

    تاہم یہ حقیقی کہانی ہے جس میں ایک خاتون نے 14 برسوں کے دوران اپنے خاندان کے کئی افراد کو کھانے اور مشروبات میں زہر دے کر قتل کیا۔

    یہ سب بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع کالیکٹ سے تعلق رکھنے والی جولی اما جوزف نے کیا اور قتل و غارت کا یہ سلسلہ اس وقت تھم گیا جب وہ مزید قتل کر کے تیسری شادی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔

    یہ سب اگست 2002 میں کیرالہ کے شہر کوژیکوڈ میں اس وقت شروع ہوا جب اناما تھامس نامی معمر خاتون کی مٹن سوپ پینے کے چند منٹ موت واقع ہوگئی، اس کے منہ سے جھاگ بھی نکل رہا تھا۔ گھر والوں کو اس وقت کسی قسم کا شبہ نہیں ہوا کیونکہ اس خاتون کو چند ہفتے پہلے بھی کھانے کے بعد فوڈ پوائزننگ کے مسئلے کا سامنا ہوا تھا۔

    اناما تھامس کی موت پر کسی کو شک نہیں ہوا اور آس پاس کے لوگوں نے خاندان کو تسلی دی۔ اس وقت گھر میں اناما تھامس، ان کے شوہر ٹام تھامس، بیٹا روئے تھامس اور اس کی بیوی جولی تھامس موجود تھے۔

    17 سال بعد پولیس کو شبہ ہے کہ جولی کی ساس کو مارنے کی پہلی کوشش ناکام رہی تھی یعنی زہر کی مقدار کم رہ گئی مگر دوسری کوشش کامیاب رہی۔ پولیس کے خیال میں جولی نے ساس کا قتل گھر کے مالی معاملات پر گرفت مضبوط کرنے کے لیے کیا تھا۔

    اس کے بعد کئی سال تک کچھ نہیں ہوا مگر 2008 میں یعنی 6 سال بعد جولی کے سسر ٹام تھامس جو ایک ریٹائر سرکاری ملازم تھے، کی موت بھی ایک مقامی پکوان کھانے کے بعد ہوئی جس کو جولی نے ہی تیار کیا تھا۔

    چونکہ ٹام تھامس اچانک گر کر مرگئے تھے اور ان کی عمر کافی زیادہ تھی تو خیال کیا گیا کہ یہ موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کا مطالبہ کسی جانب سے نہیں کیا گیا۔

    اس کے بعد 3 سال تک خاموشی رہی اور 2011 میں جولی کا شوہر روئے تھامس نے ایک رات کھانا کھایا اور خود کو بیمار محسوس کیا۔ وہ باتھ روم گیا اور وہاں اس کی موت ہوگئی، یہ وہ موت تھی جس پر کچھ تحفظات سامنے آئے۔

    روئے کا بھائی روجو امریکا سے واپس آیا جبکہ روئے کے انکل میتھیو نے پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا اور اس کی رپورٹ نے جولی کو اپنی کہانی بدلنے نے مجبور کیا۔ یہ رپورٹ روئے کی بیوہ کے حوالے کی گئی تھی اور جولی نے اس کی تفصیلات خاندان کو توڑ مروڑ کر سنائی تھیں۔

    رپورٹ میں سائنائیڈ زہر کو دریافت کیا گیا تھا، اس سے قبل جولی کا کہنا تھا کہ اس کی شوہر کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے مگر طبی شواہد کا کچھ اور کہنا تھا۔

    اس رپورٹ کے بعد جولی نے خاندان کو بتایا کہ روئے نے مالی مشکلات کے باعث خودکشی کی اور سب کو اس پر قائل بھی کرلیا کیونکہ کسی نے کیس کو آگے نہیں بڑھایا۔

    پولیس نے بھی خودکشی مان کر کیس بند کردیا مگر امانا تھامس کے بھائی میتھیو اس پر قائل نہیں ہوئے اور وہ مسلسل کہتے رہے کہ روئے کو زہر تک رسائی کیسے حاصل ہوئی۔

    سنہ 2014 میں میتھیو خود بھی اسی طرح کے حالات میں اچانک ہلاک ہوگئے اور مبینہ طور پر پانی یا الکحل میں سائنائیڈ ملا کر انہیں پلایا گیا، مگر اس موت کو بھی ہارٹ اٹیک قرار دیا گیا، کسی کو خیال بھی نہیں آیا کہ چاروں اموات کے موقع پر جولی وہاں موجود تھی۔

    میتھیو کی موت کے چند ماہ بعد جولی نے اپنے شوہر کے کزن شاجو زکریا کے ہاں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر شاجو کی ڈیڑھ سالہ بیٹی ایلفینی کے گلے میں کھانا پھنس گیا، جسے اسپتال لے جایا گیا اور کچھ دن وہ وینٹی لیٹر پر رہی مگر انتقال کرگئی۔

    سنہ 2016 میں شاجو کی بیوی سیلی اس وقت اچانک ہلاک ہوئی، جب وہ جولی اور اپنے شوہر کے ساتھ ڈینٹسٹ کے پاس جارہی تھی۔ سیلی کے انکل جو اب اس کے بیٹے کی نگہداشت کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس وقت کوئی شک نہیں ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ جولی ایلفینی کی موت سے چند ماہ قبل اس خاندان کے قریب ہوئی تھی، وہ سیلی کو اپنے ساتھ متعدد مقامات پر لے جاتی تھی، موت سے چند ماہ قبل سیلی اسی طرح اچانک گرگئی تھی، اب ہمیں لگتا ہے کہ اس موقع پر بھی اسے زہر دیا گیا ہوگا، وہ اسپتال میں زیر علاج رہی اور ٹھیک ہوگئی۔

    2017 میں جولی نے شاجو سے شادی کرلی جب بھی کسی کو شک نہیں ہوا حالانکہ سیلی کے انکل اس شادی پر خوش نہیں تھے مگر انہیں کوئی اعتراض بھی نہیں تھا۔

    درحقیقت جولی خود کو کسی مثالی خاتون کی طرح ظاہر کرتی تھی، گھروالوں اور پڑوسیوں سے اچھے تعلقات تھے، اچھی بہو تھی، چرچ جانا، اپنے دونوں بیٹوں کو اسکول چھوڑنے جانا اور لے کر آنا، اور کرسمس پر پڑوسیوں میں کیل کی تقسیم وغیرہ۔

    جولی نے بظاہر سب کو بتایا ہوا تھا کہ وہ نیشنل انسٹی ٹوٹ آف ٹیکنالوجی میں لیکچرار ہے، اس نے ایک جعلی آئی ڈی کارڈ بھی بنا رکھا تھا۔ اس کا سسرال تعلیم کے شعبے سے منسلک تھا اور کسی کو بھی کبھی شک نہیں ہوا کہ جولی انہیں احمق بنارہی ہے۔

    ایک دہائی سے زائد عرصے تک جولی ہر صبح گاڑی پر نکلتی اور گھر والوں کو لگتا کہ وہ انسٹی ٹیوٹ گئی ہے، مگر وہ کہاں جاتی تھی یہ بھی کسی معمے سے کم نہیں تھا۔

    پولیس بھی اب تک یہ نہیں جان سکی کہ اتنے برسوں روزانہ گھر سے نکل کر جولی کہاں جاتی تھی اور اگر انسٹی ٹیوٹ جاتی تھی تو وہاں کیا کرتی ہے جبکہ وہ وہاں کام بھی نہیں کرتی تھی۔

    کچھ گواہوں نے پولیس کو بتایا کہ جولی اکثر اس انسٹی ٹیوٹ کے کینٹین میں نظر آتی تھی حالانکہ انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ نے بتایا کہ جولی کو کبھی ملازمت پر نہیں رکھا گیا۔

    جولی کی دوسری شادی کے بعد اس کے سابقہ شوہر کے رشتے داروں کو شک ہونے لگا بالخصوص اس وصیت کے بعد جس کے مطابق ٹام تھامس نے اپنا آبائی گھر جولی کے نام کردیا تھا۔

    روئے کے بھائی روجو تھامس اور بہن رینجی ولسن کو یہ بہت غیرمعمولی لگا کیونکہ نہ صرف ان کے باپ نے 2 بچوں کا نام وصیت میں نہیں لیا بلکہ اپنی جائیداد بیٹے کے بجائے بہو کے نام کی۔

    مگر کئی برس تک انہوں نے بھی اس پر کوئی شک نہیں کیا یا اسے چیلنج کرنے کا نہیں سوچا۔ روئے اور رینجی عرصے سے جولی کے ایک پڑوسی سے رابطے میں تھے تاکہ خاندان کے حالات سے واقف رہ سکیں۔

    روئے کی موت کے بعد وہی وصیت مہر بند شکل میں 2 گواہوں کے دستخطوں کے ساتھ پیش ہوئی اور روجو کو اس کے جعلی ہونے کا شبہ ہوا۔ اسی کو بنیاد بنا کر روجو نے اپنے بھائی کی مشتبہ موت کی تحقیقات کے لیے درخواست جمع کرائی۔

    درحقیقت یہ تو کہا جاتا ہے کہ جولی نے 6 قتل کیے مگر جولی کی گرفتاری روئے کی موت کی وجہ سے ہی ہوئی، مگر اس سے قبل پولیس نے 2 ماہ تک تحقیقات کی اور 200 کے قریب لوگوں کے بیان ریکارڈ کیے، جس کے بعد جولی کو حراست میں لیا گیا۔

    روجو نے بھائی کی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کی نقل حاصل کی تو اس میں انکشاف ہوا کہ جب اس کی موت ہوئی تو پیٹ میں غذا تھی جس میں سائنائیڈ موجود تھا جبکہ جولی نے بتایا تھا کہ وہ اس وقت کھانا پکارہی تھی جب روئے بیمار ہوکر باتھ روم گیا اور مرگیا۔ روجو نے ہی یہ دریافت کیا کہ انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے کا جولی کا دعویٰ بھی غلط ہے۔

    بعد ازاں پولیس نے تمام 6 لاشوں کو نکلوا کر ان کا طبی معائنہ کروایا اور اس میں سائنائیڈ زہر کی موجودگی دریافت ہوئی۔

    مقامی پولیس نے تسلیم کیا کہ جولی کا کیس کسی چیلنج سے کم نہیں تھا کیونکہ 6 قتل 14 سال کے دوران ہوئے اور ان کی تحقیقات 17 سال بعد 2019 میں شروع ہوئی۔ گرفتاری کے بعد بھی جولی نے سب کچھ چھپا کر رکھا تھا اور پولیس نے کافی محنت کرکے ثبوت جمع کر کے اس مضبوط دفاع کو توڑا۔

    پولیس کے مطابق جولی نے شوہر سمیت خاندان کے 6 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کیا۔ اس اعتراف میں بھی متعدد چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے تھے اور اس نے بتایا کہ اس نے روئے کے انکل کو شراب میں زہر دے کر مارا تھا۔

    شوہر کے قتل کے 2 دن بعد وہ اپنے دوست کے ساتھ گھومنے گئی جبکہ شاجو زکریا کو بھی مارنے کی ناکام کوشش کی تاکہ ایک اور شخص جانسن سے تیسری شادی کرسکے۔

    اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے جانسن کی بیوی کو بھی سائنائیڈ سے مارنے کی ناکام کوشش کی تھی مگر خوش قسمتی سے اس خاتون نے وہ کھانا نہیں کھایا تھا۔

    جولی کی گرفتاری کے بعد اس کے دوسرے شوہر شاجو نے خود کو اس سے دور رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی بیوی کے ماضی یا کردار کے حوالے سے کچھ نہیں جانتا تھا۔ جولی کے اپنے والدین، بہن بھائیوں نے اسے اپنے خاندان کا حصہ ماننے سے انکار کردیا۔

    جولی کے مطابق اس نے ابتدائی 3 قتل تو سسرال کی جائیداد حاصل کرنے کے لیے کیے جبکہ میتھیو کے قتل کی وجہ اس کے شبہات تھے، شیلی اور ایلفینی کے قتل کی وجہ شاجو سے شادی کو یقینی بنانا تھا۔

    جولی کو اکتوبر 2019 میں 2 دیگر افراد ایم میتھیو (جس نے سائنائیڈ فراہم کیا) اور پراجو کمار (ایک سنار) کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اگست 2020 میں کیرالہ ہائیکورٹ نے جولی کو ضمانت بھی دے دی تھی اور کہا تھا کہ ملزمہ کے خلاف کیس محض اعترافات پر مبنی ہے۔

    ضمانت دیے جانے کے بعد کیرالہ کی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس نے ضمانت کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے جولی کو حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔

    پولیس نے جولی کے خلاف ہر قتل کا الگ مقدمہ درج کیا اور اگست 2021 میں جولی کے دوسرے شوہر شاجو نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ اپنی درخواست میں شاجو نے کہا کہ وہ جولی کے شوہر کی حیثیت سے خود کو خوفزدہ محسوس کرتا ہے اور اس سے الگ ہونا چاہتا ہے۔

  • بکری کے ساتھ سیلفی لینے کا شوق خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    بکری کے ساتھ سیلفی لینے کا شوق خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    بعض افراد انوکھی سیلفیز بنانے کے اس قدر شوقین ہوتے ہیں کہ وہ اس کے لیے خطرہ مول لینے کو بھی تیار ہوجاتے ہیں، ایسی ہی ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو سیلفی لینے کے چکر میں بکری کے غصے کا نشانہ بن گئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون بکری کے قریب موجود ہیں اور بکری کا پاؤں بندھا ہوا ہے۔

    ابتدا میں بکری نرمی سے ان کے قریب آنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن رسی کی وجہ سے پہنچ نہیں پاتی اور شاید اسی وجہ سے طیش میں آجاتی ہے۔

    دوسری دفعہ وہ حملہ کرنے کے ارادے سے خاتون کی طرف بڑھتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے، خاتون کو بھی بکری کے عزائم کا ارادہ ہوجاتا ہے۔

    تیسری دفعہ بالآخر بکری اپنے ارادے میں کامیاب رہتی ہے اور اچھل کر خاتون پر حملہ کردیتی ہے، بکری کے سینگ خاتون کے سر اور چہرے پر لگتے ہیں اور وہ گر جاتی ہیں جبکہ کیمرا بھی ان کے ہاتھ سے چھوٹ جاتا ہے۔

    اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے دیکھا، بعض افراد خاتون سے افسوس کرتے بھی دکھائی دیے۔