Tag: WOMEN

  • پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلادیش کو بھی شکست دیدی

    پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلادیش کو بھی شکست دیدی

    آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں پاکستان نے مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔

    آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں پاکستان نے بنگلادیش کو سات وکٹوں سے آؤٹ کلاس کردیا، قومی ٹیم نے 179 رنز کا ہدف 40ویں اوور میں حاصل کیا۔

    قومی ٹیم کی جانب سے منیبہ علی نے 69 اور عالیہ ریاض نے 52 رنز کی شاندار  اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

    دوسری جانب بنگال ٹائیگرز نے پہلےکھیل کر 9 وکٹوں پر 178 رنز بنائے، قومی ٹیم کی جانب سے سعدیہ اقبال نے تین، کپتان فاطمہ ثنا اور ڈیانا بیگ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ہی رواں سال بھارت کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

    ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ میں پاکستان ویمنز نے تھائی لینڈ کو ہرا کر مسلسل چوتھی کامیابی کے ساتھ میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کی تھی۔

  • 2024 میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے تشویش ناک ویڈیو رپورٹ

    2024 میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے تشویش ناک ویڈیو رپورٹ

    پاکستان میں خواتین پر تشدد اور قتل جیسے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے. خواتین اور بچوں پر کام کرنے والی نجی تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں 5112 خواتین کو مختلف قسم کے تشدد کا سامنا رہا۔

    رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ واقعات خواتین کو قتل کرنے کے ہوئے، جن کی تعداد تقریباً 1300 تھی، 21 سے 30 سال تک عمر کی خواتین قتل اور تشدد کا سب سے زیادہ شکار ہوئیں۔ مقدمات میں قتل، اغوا، عصمت دری، ہراسمنٹ اور غیرت کے نام پر قتل جیسے واقعات شامل ہیں۔

    ملک بھر میں سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں ہوئے، پنجاب کے بعد ان واقعات میں سندھ دوسرے نمبر پر رہا، جس کا تناسب 15 فی صد ہے۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • مردوں کے مقابلے میں خواتین کو غربت کا سامنا زیادہ ہوتا ہے، یو این رپورٹ

    مردوں کے مقابلے میں خواتین کو غربت کا سامنا زیادہ ہوتا ہے، یو این رپورٹ

    اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کو غربت کا سامنا زیادہ ہوتا ہے، اور دنیا میں 2 ارب خواتین ہر طرح کے سماجی تحفظ سے محروم ہیں۔

    یہ رپورٹ آج 17 اکتوبر کو غربت کے خلاف منائے جانے والے عالمی دن سے دو دن قبل یو این ویمن کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ سماجی تحفظ کی سروسز تک رسائی میں بھی صنفی فرق اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

    اس رپورٹ کے مطابق دنیا میں دو ارب خواتین اور لڑکیوں کو کسی بھی طرح کا کوئی سماجی تحفظ میسر نہیں ہے، اگرچہ اس ضمن میں 2015 کے بعد بہت سے ممالک میں مثبت پیش رفت بھی دیکھنے کو ملی ہے، تاہم بیش تر ترقی پذیر ممالک میں سماجی تحفظ کی سہولیات تک رسائی کے حوالے سے صنفی فرق میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زندگی کے ہر مرحلے پر غریب افراد میں خواتین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، بلوغت کے بعد 30 سال تک کی عمر میں انھیں غربت کا سامنا رہنے کے خطرات اور بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

    25 تا 34 سال کی عمر میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کے شدید غربت کا شکار ہونے کا خدشہ کہیں زیادہ ہوتا ہے، جنگوں اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث یہ عدم مساوات مزید بڑھتی جا رہی ہے، جہاں ان مسائل کی شدت زیادہ ہے وہاں مستحکم خطوں کے مقابلے میں خواتین کے شدید غربت کا سامنا کرنے کا خدشہ 7.7 فی صد زیادہ ہوتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 2022 کے بعد مہنگائی کی شرح میں اضافے کے باعث خوراک اور توانائی کی قیمتیں بڑھنے سے خواتین خاص طور پر متاثر ہوئی ہیں، 171 ممالک میں حکومتوں کی جانب سے اپنائے جانے والے سماجی تحفظ کے تقریباً 1,000 اقدامات میں سے صرف 18 فی صد ہی خواتین کے معاشی تحفظ میں معاون تھے۔

    یو این ویمن کی اس رپورٹ کے مطابق دنیا میں 63 فی صد خواتین اب بھی زچگی کی مناسب طبی سہولیات کے بغیر بچوں کو جنم دیتی ہیں، زچگی کی چھٹیوں کے دوران مالی مدد نہ ملنے سے خواتین کو نہ صرف معاشی نقصان ہوتا ہے بلکہ ان کی اور نومولود بچے کی صحت و بہبود بھی متاثر ہوتی ہے اور یہ غربت نسل در نسل منتقل ہوتی رہتی ہے۔

  • خواتین اور کم عمر بچوں کی جبری شادیوں سے متعلق رپورٹ جاری

    خواتین اور کم عمر بچوں کی جبری شادیوں سے متعلق رپورٹ جاری

    پشاور میں خواتین اور کم عمر بچوں کی جبری شادیوں سے متعلق پولیس نے رپورٹ جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں 2023 میں خواتین اور بچوں کی جبری شادیوں کی 53 ایف آئی آرز درج کرائی گئی 50 کیسز میں ملزمان کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق خواتین اور بچیوں کی جبری شادی میں ملوث 53 افراد گرفتار کئے، 2023 میں 35 خواتین اور 18 کم عمر بچوں کی جبری شادیاں کی گئیں۔

     پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ جبری شادی کی متاثرہ 16خواتین اور 11 بچیوں کو شیلٹر ہومز منتقل کیا گیا، خواتین اور بچیوں کو اغواء کر کے ان کی جبری شادیاں کی گئیں۔

  • سعودی عرب: خواتین بھی گاڑیوں کی مرمت کریں گی

    سعودی عرب: خواتین بھی گاڑیوں کی مرمت کریں گی

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کو گاڑیوں کی مینٹیننس اور مرمت کی تربیت دی جارہی ہے، ٹریننگ پروگرام کے لیے ماہر اور اعلیٰ سند یافتہ ٹرینرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کالج اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے ماتحت ثانوی صنعتی ادارے نے کہا ہے کہ سعودی خواتین کو گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کا تربیتی پروگرام کروایا جائے گا۔

    شمالی حدود ریجن میں رفحا اور عرعر نیز مدینہ ریجن کی العلا کمشنری میں سعودی خواتین کو گاڑیوں کی مینٹیننس کا تربیتی پروگرام کروایا گیا ہے جس میں کامیابی ہوئی ہے، اب اس کا دائرہ وسیع کر کے دیگر علاقوں میں بھی پھیلایا جائے گا۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں خود مختار بنانا اور گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کے تمام کام سکھانا ہے۔

    پروگرام کے تحت خواتین کو بریک سسٹم، لائٹ کے نظام، گاڑیوں کی بیٹری، الیکٹرانک سسٹم، انواع و اقسام کے ٹائر، انجن کو ٹھنڈا کرنے والے نظام اور موبیل آئل تبدیل کرنے سمیت تمام امور سکھائے جا رہے ہیں۔

    ٹریننگ پروگرام کے لیے ماہر اور اعلیٰ سند یافتہ ٹرینرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

    ٹریننگ پروگرام میں شریک کئی خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ٹریننگ کے بعد گاڑیوں کی معمولی خرابی کی نشاندہی کامیابی سے کر سکتی ہیں۔

    ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن نے تعلیمی اور تربیتی خدمات کا معیار بہتر بنانے کے لیے 6 انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کالجوں کی نجکاری کی کارروائی شروع کی ہے۔

    ریاض کا انٹرنیشنل ہوٹلنگ کالج، الخبر کا انٹرنیشنل ٹیکنالوجی گرلز کالج، مکہ مکرمہ کا انٹرنیشنل گرلز کالج، اسی طرح قطیف، جدہ اور مدینہ منورہ کے ٹیکنالوجی کالج اس پروگرام کے لیے مختص کیے ہیں۔

  • منشیات فروشی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر خاتون کو گولی مار دی گئی

    منشیات فروشی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر خاتون کو گولی مار دی گئی

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں منشیات فروشی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر ایک خاتون کو گولی مار دی گئی، جس سے وہ زخمی ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات فروشوں نے فائرنگ کر کے ایک خاتون آسیہ کو زخمی کر دیا، خاتون نے منشیات فروشی کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق منشیات فروش نسرین نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر فائرنگ کر کے آسیہ کو زخمی کیا، ملزمان کے خلاف منشیات فروشی کے مقدمات بھی درج ہیں۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس ان کی درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کر رہی ہے، متاثرہ خاتون اور فیملی نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    زخمی خاتون نے کہا کہ ملزمان کو مقدمات درج ہونے کے باوجود گرفتار نہیں کیا گیا۔

  • خطبہ جمعہ کا ترجمہ: حج کرنے والی خواتین کے لیے ایک اور سہولت

    خطبہ جمعہ کا ترجمہ: حج کرنے والی خواتین کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں حج کے موقع پر خطبہ جمعہ کو سننے کے لیے ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں شعبہ خواتین میں ادارہ ترجمہ کے تحت آپ کی زبان میں مہم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، اس مہم کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والی زائرخواتین کو ان کی زبان میں خطبہ جمعہ کی ترجمے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    خطبہ جمعہ کا ترجمہ سننے کے لیے مسجد الحرام میں خواتین کے لیے بنے مخصوص حصہ میں بار کوڈ فراہم کیا جاتا ہے جسے اسکین کرنے کے بعد خواتین اپنی زبان کا انتخاب کر کے جمعہ کا خطبہ اپنی زبان میں سن سکتی ہیں۔

    مسجد الحرام میں آنے والی جو زائر خواتین خطبہ جمعہ کا ترجمہ اپنی زبان میں سننا چاہتی ہیں انہیں مخصوص ہیڈ فونز بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔

    ادارہ حرمین کے شعبہ خواتین کے تحت ایک اور مہم رول ماڈل یعنی مثالی نمونہ کے عنوان سے بھی شروع کی گئی ہے جس میں اردو، انگلش، ترکی اور فرانسیسی زبانوں میں زائر خواتین کی جانب سے استفسارات کے جوابات ہاٹ لائن پر فوری طور پر دیے جاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں ادارہ حرمین نے مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر متعدد زبانوں کی ماہر خواتین کو بھی تعینات کیا ہے جو زائر خواتین کی بہتر طور پر رہنمائی کرتی ہیں۔

  • تھر پارکر: 2 بلدیاتی اقلیتی عہدوں پر خواتین کی تقرری

    تھر پارکر: 2 بلدیاتی اقلیتی عہدوں پر خواتین کی تقرری

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع تھر پارکر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے 2 بلدیاتی اقلیتی عہدے خواتین کو دے دیے گئے، ضلع تھر میں مختلف ٹاؤنز میں بھی اقلیتی امیدواروں کو ترجیح دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے تھر پارکر میں 2 بلدیاتی اقلیتی عہدے خواتین کو دے دیے۔

    ضلع تھر پارکر کونسل کی وائس چیئرمین کملا بھیل ہوں گی، مٹھی میونسپل کمیٹی کی وائس چیئرمین سمترا میگھواڑ ہوں گی۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دونوں خواتین کے ناموں کی منظوری دے دی، ضلع تھر میں مختلف ٹاؤنز میں بھی اقلیتی امیدواروں کو ترجیح دی گئی۔

  • یہ فلمی سین نہیں، خاتون کار کو قابو نہ کر سکی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    یہ فلمی سین نہیں، خاتون کار کو قابو نہ کر سکی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    فلوریڈا: ایک ایسی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جو ہرگز کسی فلمی سین پر مبنی نہیں، بلکہ ایک اصلی فاسٹ اینڈ فیورس سین دکھائی دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک ہائی وے پر نوجوان خاتون سے تیز رفتار کار بے قابو ہو گئی، اور وہ سڑک کے کنارے کھڑے ٹو ٹرک کے ریمپ پر چڑھ دوڑی، اور اگلے لمحے وہ ہوا میں کئی میٹر بلند اڑتی نظر آئی۔

    کار ایک 21 سالہ خاتون چلا رہی تھی، جو اس ہولناک حادثے میں خوش قسمتی سے بچ گئی، لیکن اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں اب اس کی حالت سنبھل چکی ہے۔

    یہ حادثہ جارجیا ہائی وے پر پیش آیا، جب بدھ کو سڑک پر لانڈس کاؤنٹی پولیس کی جانب سے ہائی وے پر جارجیا اسٹیٹ پٹرول کی مدد کی جا رہی تھی، یہاں ہائی وے کو درمیان میں گھاس کا قطعہ بنا کر دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک سڑک کے کنارے ٹو ٹرک کھڑا تھا جس کا ریمپ نیچے کیا گیا تھا۔

    باڈی کیمرہ لگائے ایک نائب شیرف ٹو ٹرک کی سمت چل رہا تھا، جب اچانک ایک بے قابو کار آئی اور ریمپ پر چڑھ دوڑی، کار نے ٹرک کے پچھلے حصے میں لگے بیریئر کو توڑا اور ہوا میں بلند ہو گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار سڑک کنارے ٹوو ٹرک سے ٹکرا کر اڑتی ہوئی کافی دور دوسری گاڑی پر جا گری ہے۔

  • سعودی عرب: سیاحت کے شعبے میں 41 فیصد خواتین ورکرز

    سعودی عرب: سیاحت کے شعبے میں 41 فیصد خواتین ورکرز

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ان میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سیاحت کے مختلف اداروں میں 2 لاکھ 6 ہزار سعودی کام کر رہے ہیں جن میں سے 41 فیصد خواتین ہیں۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ محکمہ سیاحت میں کام کرنے والوں میں 58.1 فیصد مرد ہیں، ان کی تعداد 1 لاکھ 24 ہزار 800 بنتی ہے جبکہ سعودی خواتین کی شرح 41.9 فیصد ہے ان کی تعداد 81 ہزار ہے۔

    علاوہ ازیں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور دیگر سرکاری اداروں کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے دوران سیاحت سے 213.3 ارب ریال آمدنی ہوئی، اس میں 70.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیاحوں نے رہائش پر 70.9 ارب ریال, کھانے پینے پر 63.8 ارب ریال اور فضائی سفر پر 24.4 ارب ریال خرچ کیے، سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ وژن 2030 کی بنیاد پر غیر معمولی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

    سیاحت کی منفرد سرگرمیوں میں کام کرنے والوں کی تعداد 2021 کے آخر میں 7 لاکھ 67 ہزار 800 ریکارڈ کی گئی، جبکہ سنہ 2020 کے آخر میں ان کی تعداد 6 لاکھ 79 ہزار 513 تھی، اس میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔

    ایک سال کے دوران سیاحت کی منفرد سرگرمیوں میں کام کرنے والے سعودیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 6100 ریکارڈ کی گئی، یہ کل کارکنوں کا 26.8 فیصد ہے۔