Tag: Women police station

  • ویمن پولیس اسٹیشن کے لاک اپ سے ملزمہ مسکان فرار، ایس ایچ او معطل

    ویمن پولیس اسٹیشن کے لاک اپ سے ملزمہ مسکان فرار، ایس ایچ او معطل

    کراچی: لیاقت آباد ویمن پولیس اسٹیشن سے مسکان نامی ملزمہ کے فرار پر ویمن تھانے کی ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا، جب کہ 3 اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لیاقت آباد ویمن پولیس اسٹیشن سے ملزمہ مسکان کے فرار کے معاملے میں ایس ایس پی سینٹرل کی ہدایت پر ایس پی لیاقت آباد نے تحقیقات مکمل کر لی، پولیس تحقیقات میں ویمن پولیس اسٹیشن کے عملے کی غفلت سامنے آ گئی۔

    ویمن پولیس اسٹیشن کی 2 خواتین پولیس کانسٹیبلز اور ایک اہل کار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں سپاہی عروج کرن، سپاہی ردا فاطمہ اور سپاہی ریحان پاشا کو نامزد کیا گیا ہے، جب کہ ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن ارم کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    ملزمہ مسکان کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے چوری کے کیس میں گرفتار کیا تھا، لاک اپ پر موجود خواتین پولیس اہلکاروں نے غفلت برتتے ہوئے گیٹ کھول دیا تھا، لاک اپ کا گیٹ کھلتے ہی ملزمہ مسکان دھکا دے کر تھانے سے فرار ہو گئی۔

    تحقیقات میں معلوم ہوا کہ تھانے کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار ریحان پاشا نے بھی ملزمہ کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے فرار کے بعد تاحال تلاش جاری ہے، اور ابھی تک دوبارہ گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔

  • کراچی : ویمن تھانے میں بچوں کیلئے خوبصورت چلڈرن کارنر کا قیام

    کراچی : ویمن تھانے میں بچوں کیلئے خوبصورت چلڈرن کارنر کا قیام

    کراچی : بچوں کی مناسب دیکھ بھال اور ان کی بہتر تربیت کیلئے محکمہ سندھ پولیس نے ایک قابل تعریف اقدام کرتے ہوئے چلڈرن کارنر قائم کیا ہے۔

    کراچی کی ساؤتھ زون پولیس کے ویمن تھانہ شاہراہ فیصل پر گمشدہ، لاوارث، گداگری سمیت مختلف مقدمات میں آنے والے بچوں کی دیکھ بھال کیلئے چلڈرن کارنر کے نام سے ایک خوبصورت سا کمرہ تیار کیا گیا ہے۔

    اس خوبصورت سے کمرے میں بچوں کے کھیلنے کیلئے گیمز، کھلونوں کے علاوہ پینٹنگز بھی موجود ہیں جو بچوں کی دلچسپی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اس کمرے کا ماحول بھی اسکولوں میں چلڈرنز  روم جیسا ہے۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کی جانب سے سینٹر کا افتتاح کیا گیا، اس موقع پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر زاہدہ پروین نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد تھانے آنے والے بچوں میں جو خوف  ہے اسے دور کیا جاسکے۔

    اسسٹنٹ کمشنر ساؤتھ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں شہری انتطامیہ اور پولیس مل کر کام کررہی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ جو بچے یا خواتین گداگری یا کسی اور جرم میں تھانے آتے ہیں ان کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔