Tag: WOMEN

  • سعودی عرب: خواتین کے مقدمات کے لیے پبلک پراسیکیوشن میں خواتین تعینات

    سعودی عرب: خواتین کے مقدمات کے لیے پبلک پراسیکیوشن میں خواتین تعینات

    ریاض: سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن کے محکمے میں 53 خواتین کو تعینات کردیا گیا، یہ خواتین، خواتین سے تعلق رکھنے والے تنازعات اور مقدمات میں تحقیق و تفتیش کا کام کریں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الدسیمانی نے بتایا ہے کہ شاہی فرمان پر 53 خواتین کو لیفٹیننٹ کے عہدے پر پبلک پراسیکیوشن کے محکمے میں تعینات کیا گیا ہے۔

    الدسیمانی نے بتایا کہ پہلی بار پبلک پراسیکیوشن میں اتنی تعداد میں خواتین کی تقرری کے حوالے سے مقامی شہری سوالات کر رہے ہیں کہ اتنی تعداد میں خواتین کی تقرری کیوں کی گئی ہے۔

    ان کے مطابق یہ خواتین ملک کے مختلف علاقوں میں پبلک پراسیکیوشن کی شاخوں میں اپنے فرائض انجام دیں گی اور یہ خواتین سے تعلق رکھنے والے تنازعات اور مقدمات میں تحقیق و تفتیش کا کام کریں گی۔

    ترجمان کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے رکن کے طور پر خواتین کی تقرری کا فیصلہ سعودی وژن 2030 کے اہم نصب العین کی تکمیل کے لیے ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وژن کے تحت سعودی خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کیا جائے گا، ان کی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور انہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پبلک پراسیکیوشن کی نئی رکن خواتین کو تقرری سے قبل تربیتی کورس کروائے گئے ہیں۔

  • دانش تیمور کا خواتین کی خدمات کے لیے شکریہ

    دانش تیمور کا خواتین کی خدمات کے لیے شکریہ

    کراچی: معروف اداکار دانش تیمور نے اپنے گھر کی خواتین کی ان خدمات کے لیے شکریے کا نوٹ لکھا ہے جو اکثر نظر انداز کردی جاتی ہیں، ان کی پوسٹ کو سوشل میڈیا پر بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار دانش تیمور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے گھر کی تمام خواتین کا شکریہ ادا کیا۔

    دانش نے لکھا کہ اس مشکل وقت میں مجھے احساس ہو رہا ہے کہ میرے گھر کی خواتین کتنی محنت کرتی ہیں، مرد باہر جاتے ہیں اور کام کرتے ہیں تو انہیں لگتا ہے کہ وہی سارا کام کرتے ہیں لیکن جب آپ اس طرح آئسولیشن میں گھر میں بیٹھتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ خواتین کتنا کام کرتی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    👏

    A post shared by Danish Taimoor (@danishtaimoor16) on

    انہوں نے کہا کہ صبح جلدی اٹھ کر ناشتہ بنانے سے لے کر، سارا دن بچوں کا خیال رکھنا، صفائی ستھرائی کرنا، کھانے پکانا اور گھر کے اندرونی و بیرونی معاملات سب کا خیال رکھنے تک یہ سب کچھ نظر انداز کردیا جاتا ہے۔

    دانش نے اپنی والدہ، اہلیہ اور بیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج میں جہاں ہوں وہ ان کی وجہ سے ہے۔ ’میں آپ کا قرض دار ہوں اور کبھی آپ کا احسان چکانے کے قابل نہیں ہو سکوں گا‘۔

    بعد ازاں دانش کی اہلیہ اور معروف اداکارہ عائزہ خان نے ان کی پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت ہونے کی حیثیت سے ہمیں ہمیشہ تعریف کی ضرورت رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر معاملے میں ہماری مدد کرنے کا شکریہ۔

  • ’’افغان شہری مجھے قتل کردے گا‘‘ خاتون کی مدد کی اپیل

    ’’افغان شہری مجھے قتل کردے گا‘‘ خاتون کی مدد کی اپیل

    ڈبلن: آئرلینڈ میں بیوی نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ مجھے افغانی نژاد شوہر سے بچائیں بصورت دیگر میرا قتل بھی ہوسکتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان سے متعلق رکھنے والے شوہر نے اپنی آئرش بیوی کو حاملہ ہونے کی حالت میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اسے جیل کی سزا ہوگئی تھی۔

    تاہم اب وہ اپنی سزا پوری کرکے واپس آچکا ہے جس کے باعث اس کی بیوی کو تشویش ہے کہ وہ اسے قتل نہ کردے۔ سینان نامی خاتون کا کہنا ہے کہ میں اب بھی اس سے محبت کرتی ہوں لیکن اس نے ابھی تک اپنی روش نہیں بدلی ہے۔

    متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اسے متعدد بار بری طرح پیٹا گیا، مذکورہ شخص کی آئرلینڈ میں موجودگی دیگر خواتین کے لیے بھی خطرہ ہے، اسے فوری طور پر افغانستان دوبارہ ڈی پورٹ کیا جائے۔

    افغان شہری کو 2017 میں ڈبلن کورٹ نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم اب وہ اپنی سزا پوری کرکے واپس آچکا ہے، اور مسلسل سوشل میڈیا کی ذریعے اپنی بیوی سے دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

    تشدد کے باعث آئرش خاتون کی ناک کی ہڈیاں ٹوٹی تھیں جبکہ چہرہ بھی شدید متاثر ہوا تھا۔

  • کرونا وائرس : ایران سے آنے والی خواتین معائنے کے بعد پمز اسپتال سے ڈسچارج

    کرونا وائرس : ایران سے آنے والی خواتین معائنے کے بعد پمز اسپتال سے ڈسچارج

    اسلام آباد : کرونا وائرس کے شبے میں پمز لائی گئی خواتین کو معائنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، خواتین 3روز قبل ایران سے زیارت کے بعد واپس پہنچی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق تین روز قبل ایران سے واپس وطن پہنچنے والی تین خواتین کو پمز اسپتال سے معائنے کے بعد کلیئر قرار دے کر گھر بھیج دیا گیا۔

    اس حوالے سے پمز اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خواتین زیارتیں کرنے کیلئے ایران گئی تھیں، تاہم خواتین میں کورونا وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی، علامات نہ ہونے پر خواتین کا کورونا ٹیسٹ بھی نہیں کیا گیا۔

    مذکورہ خواتین کا تعلق ہنزہ سے ہے جو اب اپنے گھروں کو روانہ ہوچکی ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق بخار کی شکایت پر خواتین کو ہنزہ سے گلگت منتقل کیا گیا تھا، خواتین کو کورونا ٹیسٹ کیلئے گلگت سے پمز اسپتال ریفر کیا گیا تھا۔

    ڈاکٹرز نے مذکورہ خواتین کو اپنی نقل و حرکت گھروں تک محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے، قومی ادارہ صحت آئندہ 2ہفتے خواتین سے رابطے میں رہے گا۔

  • قیمتی گھڑیاں چرانے کے لیے 2 خواتین نے امیر زادے کو بے وقوف بنا دیا

    قیمتی گھڑیاں چرانے کے لیے 2 خواتین نے امیر زادے کو بے وقوف بنا دیا

    واشنگٹن: امریکی شہر لاس اینجلس میں دو خواتین ایک امیر شخص کو بیوقوف بنا کر اس کے گھر سے 2 قیمتی گھڑیاں لے اڑیں، پولیس نے دونوں کی تلاش شروع کردی۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ خواتین کی متاثرہ شخص اور اس کے دوست سے ایک ریستوران میں ملاقات ہوئی، بعدا زاں چاروں افراد متاثرہ شخص کے گھر پہنچے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین نے دونوں مردوں کے مشروبات میں کچھ شامل کیا۔ ان میں سے ایک خاتون نے سرخ بالوں کی وگ پہنی ہوئی تھی۔

    تھوڑی دیر بعد سرخ بالوں والی خاتون اور متاثرہ شخص کا دوست گھر سے باہر چلے گئے، تاہم تھوڑی ہی دیر بعد وہ خاتون ریسٹ روم استعمال کرنے کا کہہ کر گھر کے اندر واپس چلی گئیں۔

    جب کافی دیر تک وہ واپس نہ آئی تو دوست گھر کے اندر آیا، اس نے دیکھا کہ دونوں خواتین وہاں موجود نہیں تھی۔ تھوڑی دیر بعد اس نے اپنے دوست کو کمرے کے اندر بے ہوش حالت میں پایا۔

    ایمبولینس کے آنے کے بعد متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کے بے ہوش ہونے کی وجہ کیا بنی۔

    بعد ازاں علم ہوا کہ مذکورہ شخص کے کمرے سے 2 نہایت قیمتی گھڑیاں بھی غائب ہیں، پولیس نے گھڑیوں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

    دونوں خواتین کی عمریں 20 سے 30 برس کے درمیان بتائی جارہی ہیں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • سپریم کورٹ کا خواتین کے مقدمات میں خاتون تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا خواتین کے مقدمات میں خاتون تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خواتین کے مقدمات میں خاتون کو ہی تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے پولیس کو سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذہنیت تبدیل کریں اور غلامی سے نکلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں گوجرانوالہ میں خلع کے بعد اغوا کی جانے والی خاتون کی درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اہم احکامات جاری کردیے۔

    سپریم کورٹ نے خواتین کے مقدمات میں خاتون کو ہی تفتیشی افسر بنانے کا حکم دے دیا، سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ ایس او پی تمام تھانوں میں آویزاں کردیے جائیں اور ایس او پی کا اردو ترجمہ تمام ایس ایچ اوز تک پہنچائے جائیں۔

    آئی جی کو آئی جی صاحب کہنے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایس پی کی سخت سرزنش کر ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی صاحب کوئی نہیں ہوتا آئی جی صرف آئی جی ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے سنہ 47 میں آزادی حاصل کر لی تھی، لیکن پولیس ابھی تک انگریز کے دور میں ہے۔ دنیا میں کہیں آئی جی کو آئی جی صاحب نہیں کہا جاتا، پولیس اپنی ذہنیت تبدیل کرے اور غلامی سے نکلے۔

    سپریم کورٹ نے خاتون کے کیس میں مرد تفتیشی افسرمقرر کرنے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ایس او پی کے مطابق خواتین کے مقدمات میں خاتون افسر تفتیش کر سکتی ہیں۔

    وکیل نے کہا کہ گوجرانوالہ میں خاتون کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے کی تفتیش مرد تفتیشی افسر نے کی، مرد افسر کی تفتیش پر عدالت نے سوال اٹھایا تو ایس پی نے آئی او کو شوکاز جاری کیا۔

    عدالت نے ایس پی کے شوکاز نوٹس جاری کرنے پر سوال اٹھا دیا، عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ کیا ایس پی اپنے ماتحت جس کو وہ خود تعینات کرتا ہو شوکاز نوٹس جاری کرسکتا ہے؟

    سرکاری وکیل نے کہا کہ ایس پی شوکاز نہیں جاری کر سکتا، نوٹس واپس لے لیا جائے گا۔

    عدالت نے مرد تفتیشی افسر مقرر کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم دے کر درخواست نمٹا دی۔

  • سعودی دارالحکومت ریاض کو خواتین سے منسوب کردیا گیا

    سعودی دارالحکومت ریاض کو خواتین سے منسوب کردیا گیا

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کو رواں برس خواتین سے منسوب کردیا گیا، یہ فیصلہ سعودی عرب کے رواں برس عرب خواتین کمیٹی کا صدر رہنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق عرب خواتین کمیٹی کا 39 واں اجلاس عرب لیگ کے بینر تلے 9 اور 10 فروری کو سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگا جس میں عرب ممالک کے وفود، وزرا، سربراہان، عرب خواتین کے قومی اداروں، عرب اور عالمی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

    سعودی عرب ایک برس تک عرب خواتین کمیٹی کا صدر رہے گا، اس موقع پر ریاض کو سنہ 2020 میں عرب خواتین کے دارالحکومت کا نام دیا جائے گا۔

    عرب خواتین کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں اہم موضوعات شامل ہیں جس میں عرب دنیا میں خواتین کی خود مختاری کے اقدامات پر بحث سرفہرست ہے۔

    اجلاس میں عرب معاشروں میں خواتین کے کردار کو فروغ دینے سے متعلق وزارتی کانفرنس کی سفارشات کا جائزہ بھی لیا جائے گا جبکہ خواتین سے متعلق بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر غور ہوگا۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان دنوں سعودی عرب میں وژن 2030 کے مطابق خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے متعدد اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں۔

    ان اصلاحات کی بدولت سعودی خواتین کو مختلف شعبوں میں کامیابی ملی ہے، خواتین کے حوالے سے قانون سازی ہوئی ہے اور کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب کی خواتین ملٹری پولیس اہلکاروں کے لیے منفرد تربیت

    سعودی عرب کی خواتین ملٹری پولیس اہلکاروں کے لیے منفرد تربیت

    ریاض: سعودی عرب کی ملٹری پولیس کی خواتین اہلکاروں کو انوکھی تربیت دی جارہی ہے جس سے ان کی کارکردگی و استعداد میں اضافہ ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ اور طائف کی جیلوں میں ملٹری پولیس کی خواتین اہلکاروں کو تلاشی لینے کی مشق سکھائی جا رہی ہے، سعودی بری فوج کی خواتین ملٹری پولیس اہلکاروں کے لیے تربیتی کورس کا انعقاد 5 دن تک جاری رہے گا۔

    مکہ مکرمہ کے محکمہ جیل خانہ جات کے قائم مقام سربراہ بریگیڈیئر ڈاکٹر ابراہیم بن سعد الغامدی نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ اس نوعیت کا تربیتی کورس منعقد کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کورس میں خواتین ملٹری پولیس اہلکاروں کو تفتیش اور تلاشی کے گر سکھائے جائیں گے، جیل میں سامان کی تلاشی، امن و امان برقرار رکھنے، قیدیوں اور وزیٹر کی سلامتی اور ریکارڈ رکھنے کی بھی تربیت دی جا رہی ہے۔

    ڈاکٹر ابراہیم کے مطابق خواتین اہلکاروں کے لیے تربیتی کورس مسلح افواج اور محکمہ جیل خانہ جات کے درمیان تعاون کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی مسلح فواج میں خواتین کی بھرتی کا عمل کچھ عرصہ قبل ہی شروع کیا گیا ہے، سعودی افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے مسلح افواج میں پہلے لیڈیز آرمی ونگ کا افتتاح کیا تھا۔

    سعودی مسلح افواج مختلف شعبوں میں تعیناتی کے لیے خواتین کو طلب کر رہی ہے۔

  • سعودی خواتین کی ایک اور کامیابی

    سعودی خواتین کی ایک اور کامیابی

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کو معاشی عمل کا حصہ بنانے کے لیے جہاں ہر شعبے میں آگے لایا جارہا ہے، وہیں کھیلوں کے میدان میں بھی سعودی خواتین پیچھے نہیں، سعودی خواتین میں غوطہ خوری سمیت مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہر دمام میں 40 سعودی خواتین کے گروپ نے نہ صرف غوطہ خوری میں مہارت حاصل کی بلکہ غوطہ خوری کی تربیت دینے کے امتحان میں بھی کامیابی حاصل کر لی۔

    مذکورہ خواتین نے دمام کے غوطہ خوری کلب میں گزشتہ برس ماہ ستمبر میں داخلہ لیا تھا جہاں سے انہوں نے غوطہ خوری کی تربیت مکمل کرنے کے بعد دیگر خواہش مند خواتین کو تربیت دینے کے کورس بھی کیے۔

    خواتین نے عالمی معیار کے مطابق تربیت مکمل کر لی جنہیں کلب کی جانب سے اسناد بھی جاری کی گئی ہیں۔

    ایک اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ایک خاتون ٹرینر نے بتایا کہ سمندر کی تہہ میں جانا محض تفریح نہیں بلکہ ایک خطرناک مہم بھی ہے، خاص کر زیر آب تصویر کشی کرنا بعض اوقات بے حد خطرناک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب تبو ک ریجن میں مقیم سعودی خواتین بھی غوطہ خوری میں کافی دلچسپی رکھتی ہیں۔ مشرقی ریجن میں 10 ہزار سے زائد پیشہ ور غوطہ خور ہیں جو عالمی سطح پر غیر معمولی شہرت کے حامل ہیں۔

  • لمبے بالوں والی لڑکی نے اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    لمبے بالوں والی لڑکی نے اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    موداسہ: دنیا کی سب سے لمبے بالوں والی لڑکی نیلانشی پٹیل نے اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے علاقے موداسہ سے تعلق رکھنے والی نیلانشی نامی لڑکی نے اس سے قبل 2018 میں گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا تھا اور آج ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کرکے اپنا ہی چیلنج پورا کرلیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 17 سالہ لڑکی نے 6 فٹ 2 انچ لمبے بال کرکے گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا، اس سے قبل دسمبر 2018 میں نیلانشی پٹیل کا اپنا ریکارڈ 5 فٹ 6 انچ کا تھا۔

    اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ توڑنے والی لڑکی کا کہنا ہے کہ انہیں ان کے دوست بالوں کی ملکہ کے نام سے پکارتے ہیں، گزشتہ 11 سالوں کے دوران وہ کبھی ہیئرسلون نہیں گئیں نہ ہی بالوں پر کسی قسم کی کوئی ٹریٹمنٹ کرائی۔

    انہوں نے کہا کہ لمبے ہونے کی وجہ سے میرے بال زمین کو چھوتے ہیں جس کے باعث انہیں اونچی ہیل پہننا پڑتی ہے۔ عالمی ریکارڈ قائم کرنے اور پھر اپنا ریکارڈ توڑنے میں میرے گھر والوں نے بھی مدد کی۔ خصوصاً ماں نے بہت ساتھ دیا۔

    نیلانشی کا کہنا ہے کہ جب بھی بال بنانے یا سنوارنے ہوں میری والدہ مدد کرتی ہیں۔ ہفتے میں ایک بار بالوں کو دھونا اور ایک سے دو بار تیل لگانا معمول ہے۔ بالوں کو سکھانے کے لیے سورج کی روشنی بہت مفید ہوتی ہے۔