Tag: WOMEN

  • سعودی فوج میں خواتین کی شمولیت کا آغاز

    سعودی فوج میں خواتین کی شمولیت کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب کی آرمی میں خواتین کی شمولیت کا عمل شروع ہوگیا، مقامی خواتین کی بڑی تعداد نے مسلح افواج میں شمولیت کے لیے درخواستیں دیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی مسلح افواج میں خواتین کی بھرتی کا عمل شروع کردیا گیا، سعودی افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے مسلح افواج میں پہلے لیڈیز آرمی ونگ کا افتتاح کیا۔

    سعودی مسلح افواج مختلف شعبوں میں تعیناتی کے لیے خواتین کو طلب کر رہی ہے۔

    مسلح افواج میں عسکری تربیت اور داخلہ جات کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عماد بن عبداللہ العیدان نے اس موقع پر چیف آف سٹاف کو بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے خواتین کو فوج میں بھرتی کرنے کے لیے سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔

    محکمہ دفاع کی جانب سے اس حوالے سے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ تقریب میں چیف آف سٹاف جنرل حامد الرویلی کو یادگاری تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعدوی حکومت نے گزشتہ برس اکتوبر میں خواتین کو مسلح افواج میں ملازمتیں دینے کا اعلان کیا تھا، سعودی حکومت نے اعلان کیا کہ مقامی خواتین اگر مسلح فوج میں ملازمت کرنا چاہتی ہیں تو انہیں مکمل اجازت ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اور قدم، اب تاریخ میں پہلی بار سعودی خواتین بھی آرمی میں شمولیت کرسکیں گی۔

    مسلح افواج میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے شادی شدہ یا غیر شادی شدہ کی شرط عائد نہیں کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب میں خواتین مردوں پر سبقت لے گئیں

    سعودی عرب میں خواتین مردوں پر سبقت لے گئیں

    ریاض: وژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں خواتین کی نمائندگی اور ملازمت کے تمام شعبوں میں کردار نمایاں نظر آرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت کے مختلف شعبوں میں خواتین بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہیں جبکہ سعودائزیشن کے تحت بھی عورتوں کو بھرپور مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی قومی سیاحتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہوٹلنگ سیکٹر میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک اندازے کے تحت ہوٹلنگ سے منسلک تمام شعبوں میں خواتین کی تعداد 20 ہزار سے رائد ہوچکی ہے، اور تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔

    سعودی قومی کمیٹی برائے سیاحت کی جانب سے شایع ہونے والی ایک سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2018 میں ہوٹلنگ کے شعبے کا تناسب گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ اور 2030 تک خواتین کے کرداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ سعودائزیشن کی بدولت ہوٹلنگ کے شعبوں میں خواتین کی نمائندگی بڑھی جبکہ سعودائزیشن کا تناسب 3.1 تک بڑھا ہے۔ خیال رہے کہ سعودائزیشن سے مراد سعودی عرب میں غیرملکیوں کی جگہ سعودی شہریوں کی نمائندگی اور ملازمت کے مواقع دینا ہے۔

    واضح رہے کہ ہوٹلنگ کے شعبے میں کام کرنے والے سعودیوں کا تناسب 22.3 فیصد تک پہنچ چکا ہے جن کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار کے قریب ہے۔ سعودی کارکنوں میں مرد و خواتین شامل ہیں۔

  • شوہر کے نہ نہانے پر بیوی نے طلاق مانگ لی

    شوہر کے نہ نہانے پر بیوی نے طلاق مانگ لی

    نئی دہلی: بھارت میں انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں بیوی نے صرف اس لیے شوہر سے طلاق مانگ لی کیوں کہ وہ کئی کئی دن تک نہیں نہاتا اور گندا رہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس دلچسپ واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔ لوگ مزاحیہ انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار بھی کررہے ہیں۔ 20 سالہ سونیہ نے شوہر کے گندا رہنے پر طلاق کا مطالبہ کیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 23 سالہ رمیش پیشے کے اعتبار سے ایک پلمبر ہے۔ بیوی نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے شوہر کی شکایت کی ہے کہ وہ تمیز اور طریقہ کار سے بھی نہ بلد ہے۔

    ریاست بہار میں خواتین سے متعلق محکمہ نے بیوی کی شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے شوہر کو دو ماہ کی مہلت دی ہے، اگر اس کے رویے اور اقدامات میں سدھار نہیں آیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

    لڑکی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا مجھے اس شخص کے ساتھ نہیں رہنا جسے طور طریقے نہ پتا ہوں۔

    شوہر پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے بیوی کے زیورات اپنے قبضے میں رکھے ہوئے ہیں۔ جبکہ رمیش کا کہنا ہے کہ وہ اپنا گھر برباد نہیں کرنا چاہتا، بیوی کی کہی باتوں پر عمل کرے گا اور 2 ماہ میں خود میں تبدیلی لائے گا۔

  • ایران کی واحد خاتون اولمپک گولڈمیڈلسٹ نے ملک چھوڑ دیا

    ایران کی واحد خاتون اولمپک گولڈمیڈلسٹ نے ملک چھوڑ دیا

    تہران: حکومت کے نامناسب رویوں کے باعث ایران کی واحد اولمپک گولڈمیڈلسٹ کیمیا علی زادے نے ملک چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیمیا علی زادے تہران حکومت کے رویوں سے ناخوش تھیں جس کے باعث انہوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا، تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی وہ کس ملک میں رہ رہی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی واحد اولمپک گولڈمیڈلسٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر تفصیلی پوسٹ کی جس میں ملک چھوڑنے کا اعلان کیا۔ پوسٹ میں تہران حکومت کے اقدامات پر سوالات اٹھائے اور اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

    کیمیا علی زادے کا کہنا تھا کہ میری کامیابی کو پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا گیا، ایرانی حکام میرے بارے میں تضحیک آمیز گفتگو کرتے تھے، ناانصافی اور جھوٹ کاحصہ نہیں بن سکتی، ملک میں لاکھوں خواتین کو مظلوم بنا کررکھا گیا ہے۔

    انہوں نے اپنی تفصیلی پوسٹ میں یہ بھی کہا کہ ملک میں عوامی مقامات پر زبردستی حجاب کا کہا جاتا ہے، ملک چھوڑنے کا فیصلہ بہت کٹھن تھا، لیکن میں ہمیشہ ایران کی بیٹی بن کر رہوں گی جب کبھی میری ضرورت پڑے گی۔

    خیال رہے کہ کیمیا علی زادے نے 2016 میں تائی کووانڈو میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

  • خاتون کا فون پر بات کرنا جرم بن گیا، رشتہ دار کے ہاتھوں قتل

    خاتون کا فون پر بات کرنا جرم بن گیا، رشتہ دار کے ہاتھوں قتل

    سکھر: شادی شدہ خاتون کا فون پر بات کرنا جرم بن گیا، شکی القلب رشتہ دار نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر سکھر میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں شکی القلب رشتہ دار نے اپنے خاندان کی لڑکی کو ابدی نیند سلا دیا۔ جرم صرف اتنا تھا کہ وہ فون پر کسی سے بات کررہی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سکھر کے علاقے نیوگوٹھ میں قتل ہونے والی خاتون کی شناخت قمرالنسا کے نام سے ہوئی۔

    فائرنگ کرکے قتل کرنے والا ملزم فرار ہوگیا۔ البتہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ انتظامیہ نے جلد گرفتاری کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔

    کراچی : پسند کی شادی کرنے والی ایک اور خاتون کا غیرت کے نام پر قتل

    دوسری جانب خیرپور میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر بااثر افراد نے حملہ کردیا۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ تشدد کے بعد نوجوان کو چھوڑ دیا جبکہ لڑکی کو ساتھ لے گئے۔ متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ میری بیگم کو علاقے کے بااثرا فراد قتل کردیں گے، پولیس میری مدد کرے۔

  • خواتین اور بچوں کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد کیلئے نئی حکمت عملی

    خواتین اور بچوں کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد کیلئے نئی حکمت عملی

    اسلام آباد: وزارت قانون نے خواتین اور بچوں کے قوانین پر مؤثرعمل درآمد کرانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جس طرح ملک میں بچوں اور خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی ہے اب اس کا سدباب ہوگا، قوانین پر کڑی نظر رکھنے اور اس پر عمل درآمد کرانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    پارلیمانی سیکریٹری ملیکہ بخاری کمیٹی کی چیئرپرسن مقرر کردی گئیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت قانون کے کنسلٹنٹ نعیم اکبر اور امبرین عباسی کمیٹی رکن ہوں گے۔

    وزارت قانون کے مشیر حسن محمود بھی کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے۔ کمیٹی خواتین اور بچوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لیے قانون سازی کا بھی جائزہ لے گی۔

    خیال رہے کہ ملک میں بچوں اور خواتین کے ساتھ ناروا سلوک بڑھتا جارہا ہے۔ پڑھے لکھے پنجاب کے دعوے کرتی انتظامیہ کی ناکامی کے بعد اپنی حفاظت کے لیے چھوٹے طلبہ نے ہتھیار اٹھا لیے۔ پنجاب کے ضلع جھنگ میں تھانہ قادرپور کی حدود میں طلبہ اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ ساتھ لے کر چلنے لگے ہیں، رواں سال بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات پر طلبہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

    بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات، چھوٹے طلبہ نے ہتھیار اٹھا لیے

    طلبہ کا کہنا تھا کہ پولیس انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے، جان کا خطرہ ہے اس لیے ہتھیار ساتھ لے کر چلنے لگے ہیں۔ موٹر سائیکل پر اسکول جاتے ایک طالب علم نے پستول دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کے بھائی کو قتل کیا گیا لیکن پولیس قاتل کو نہیں پکڑ سکی، انصاف نہیں ملا، مجھے بھی مار سکتے ہیں، اس لیے ہتھیار اٹھا لیا۔

  • جذبہ ایمان، مسلم خاتون باڈی بلڈر نے مختصر لباس ٹھکرا دیا، فاتح قرار

    جذبہ ایمان، مسلم خاتون باڈی بلڈر نے مختصر لباس ٹھکرا دیا، فاتح قرار

    ڈھاکہ: بنگلادیش میں ہونے والی خواتین کی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ مکمل لباس پہن کر مسلز کی نمائش کرنے والی 19 سالہ مسلمان لڑکی نے جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں پہلی وویمن باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں ملک بھر کی 29 لڑکیوں نے حصہ لیا۔ ابتدائی طور پر باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ انتظامیہ نے حصہ لینے والی لڑکیوں کے لیے خصوصی ڈریس کوڈ کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد ازاں ڈریس کوڈ کے ضابطے کو معطل کیا گیا۔

    مسلم اکثریتی ملک ہونے کی وجہ سے باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی لڑکیوں کو اپنی پسند کا لباس پہننے کی اجازت دی گئی جبکہ حصہ لینے والی لڑکیوں کے مختصر لباس کی شرط بھی ختم کی گئی تھی جس کے بعد زیادہ تر حصہ لینے والی لڑکیاں مکمل لباس پہن کر شریک ہوئیں۔

    مقابلے میں حصہ لینے والی زیادہ تر خواتین مسلمان تھیں تاہم دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں نے بھی مقابلے میں حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کی فاتح 19 سالہ مسلمان لڑکی اہونا رحمان کو دیا گیا جنہوں نے مکمل لباس میں شرکت کی تھی۔

    اہونا رحمان نے پینٹ شرٹ پہن کر مقابلے میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے سب کے سامنے اپنے مسلز کی نمائش کی جس کے بعد انہیں فاتح قرار دیا گیا۔ اہونا رحمان نے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے لباس کے معاملے میں دی گئی رعایت کو بھی سراہا۔

    اہونا کا کہنا تھا کہ مکمل لباس پہن کر شرکت کرنے کی وجہ سے اب زیادہ لڑکیاں اس چیمپئن میں حصہ لیں گی اور وہ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں گی۔

  • کچرا کنڈی سے خاتون کی سر کٹی بوری بند لاش برآمد

    کچرا کنڈی سے خاتون کی سر کٹی بوری بند لاش برآمد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کچرا کنڈی سے نا معلوم خاتون کی سر کٹی لاش بوری میں بند برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیون بی میدان سے بوری میں بند خاتون کی سر کٹی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو کسی اور مقام پر قتل کرنے کے بعد لاش مذکورہ مقام پر پھینکی گئی۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ خاتون کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے، پولیس نے بتایا کہ خاتون کا سر کاٹ کر لاش بوری میں بند کر کے پھینکی گئی، قتل کسی اور جگہ کیا گیا ہے، مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    تازہ ترین:  کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کا سر نہیں ملا ہے، لاش 12 تیرہ گھنٹے پرانی لگ رہی ہے جو سردی کی وجہ سے اکڑ گئی ہے، پولیس ٹیم جائے وقوع پر روانہ کی جا چکی ہے جو مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے، خاتون کی شناخت کے لیے فنگر پرنٹ حاصل کیے جائیں گے اور نادرہ سے شناختی کارڈ ڈیٹا لیا جائے گا، جب کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے عالمگیر روڈ پر ایک کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق چور نے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اے سی پینل اور ٹی وی نکال لیا تھا۔

  • ’لالچ بری بلا ہے‘ شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    ’لالچ بری بلا ہے‘ شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    واشنگٹن: پیسے کی لالچ اور ہوس انسان کو اندھا کردیتی ہے ایسا ہی کچھ ہوا امریکا میں جہاں شوہر نے لائف انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے لیے بیوی کو ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اردو کی مشہور کہاوت ہے کہ ’’لالچ بری بلا ہے‘‘ اس میں کوئی شک نہیں کہ مال ودولت کی لالچ انسان کو غلط راستے کی طرف بھی لے جاتی ہے، امریکی ریاست کیرولینا میں لائف انشورنس کی رقم ہتھیانے کے لیے جوشوا نامی شوہر نے اپنی ہی بیوی کو موت کی نیند سلادیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسٹیسی نامی بیوی کی موت 23 ستمبر 2018 کو ہوئی، جسے ابتدا میں طبعی موت قرار دیا گیا کیوں کہ مذکورہ خاتون دل کے مرض میں بھی مبتلا تھیں، تحقیقات کے بعد حیران کن انکشاف نے شوہر کو بے نقاب کردیا۔

    اسٹیسی کی موت آئی ڈروبس (آنکھوں میں ڈالنے والے قطرے) اور نیزل اسپرے (ناک کے ذریعے پھیپڑوں میں منتقل کرنے والی خاص آکسیجن) سے ہوئی، رپورٹس کے مطابق ان دواؤں کی مقدار 30 سے 40 فیصد بڑھا کر دی گئی جس سے موت واقع ہوئی، بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ایٹوپسی(موت کی وجہ سے متعلق تحقیق) کرانے سے بھی انکار کردیا تھا۔

    تاہم اسٹیسی کی ماں کو اپنے داماد پر شک تھا اسی بنیاد پر انہوں نے کیرولینا کی انشورنس کمپنی کو واقعے کی تحقیقات کا کہا اور اسٹیسی کے موجود شدہ خون ٹیسٹ کے بعد حقیقت کھل کر سامنے آگئی اور ملزم پکڑا گیا۔

  • بھارت میں زیادتی کے واقعات: امریکا اور برطانیہ کی اپنی خواتین شہریوں کے لیے ہدایات جاری

    بھارت میں زیادتی کے واقعات: امریکا اور برطانیہ کی اپنی خواتین شہریوں کے لیے ہدایات جاری

    نئی دہلی: بھارت میں خواتین سے زیادتی اور قتل کے بے تحاشہ ہولناک واقعات کے بعد امریکا اور برطانیہ نے اپنی خواتین شہریوں کو بھارت کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور برطانیہ نے بھارت کے لیے سفری وارننگ جاری کردی، ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور برطانوی خواتین بھارت کے سفر میں احتیاط سے کام لیں۔

    برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں برطانوی خواتین گروپ میں ہوں تب بھی محتاط رہیں۔ بھارت میں مسافر خواتین غیر محفوظ ہیں، کبھی بھی نشانہ بن سکتی ہیں۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ برطانوی خواتین سیاحوں کو اس سے قبل دلی، راجستھان اور گوا میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    دوسری جانب امریکی حکومت نے بھی امریکی خواتین کو بھارت میں تنہا سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کردی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ امریکی خواتین بھارت میں موجود ہوں تو الرٹ رہیں۔

    خیال رہے کہ بھارت میں زیادتی کے حالیہ واقعے نے پورے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا جب ایک 27 سالہ ویٹرنری ڈاکٹر پریانکا ریڈی کو کچھ ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا کر قتل کر دیا تھا۔

    مذکورہ ملزمان بعد ازاں پولیس انکاؤنٹر میں مارے گئے، تاہم اسی دوران بھارت کے مختلف حصوں سے زیادتی کے مزید واقعات بھی سامنے آئے۔

    ایک اور واقعہ اتر پردیش کے علاقے اناؤ میں پیش آیا جب 23 سالہ اجتماعی زیادتی کا شکار لڑکی کو اس وقت زندہ جلا دیا گیا جب وہ اپنے زیادتی کے کیس کی سماعت کے لیے عدالت جارہی تھی۔

    مذکورہ لڑکی آج اسپتال میں دم توڑ گئی جس کے بعد ایک بار پھر بھارت میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق بھارت میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ریپ (زیادتی) اور ہر ایک دن بعد کسی خاتون کا گینگ ریپ کیا جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سال 2017 میں مجموعی طور پر بھارت بھر میں خواتین کے خلاف جرائم و تشدد کے 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے زیادہ تر ریپ کے کیسز تھے۔