Tag: Women’s Action Forum

  • 6 ماہ میں غیرت کے نام پر سندھ میں کتنی خواتین قتل ہوئیں؟

    6 ماہ میں غیرت کے نام پر سندھ میں کتنی خواتین قتل ہوئیں؟

    حیدرآباد (04 اگست 2025): صوبہ سندھ میں گزشتہ صرف 6 ماہ کے دوران 21 ایسی خواتین کے قتل کا انکشاف ہوا ہے جنھیں غیرت کے نام پر زندگی سے محروم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویمن ایکشن فورم کی جانب سے صنفی بنیاد پر تشدد کے واقعات پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نصف سال کے دوران غیرت کے نام پر سندھ میں 21 خواتین کو قتل کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں چھ ماہ میں مجموعی طور پر قتل ہونے والی خواتین کی تعداد 133 ہے، جب کہ صوبہ بھر میں اس دوران 90 جنسی زیادتی کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔


    راولپنڈی : جرگے کے حکم پر لڑکی کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعے میں اہم پیشرفت


    ویمن ایکشن فورم کی رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں 6 ماہ کے دوران 36 خود کشی کے واقعات رونما ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل صرف قبائلی علاقوں میں نہیں بلکہ کراچی میں بھی ہوئے۔

    واضح رہے کہ ان دنوں ملک کے مختلف شہروں اور دیہات میں متعدد ایسے افسوس ناک واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں خواتین یا جوڑوں کو غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کیا گیا، ان میں بلوچستان کے علاقے ڈگاری میں 19 جولائی کو پیش آیا واقعہ سر فہرست رہا، جس میں بانو نامی خاتون اور احسان اللہ نامی شخص کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، اور جس کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔