Tag: women’s team

  • سری لنکن ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی دلی خواہش پوری ہوگئی

    سری لنکن ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی دلی خواہش پوری ہوگئی

    کراچی: سابق سری لنکن ٹیسٹ کرکٹر ہشان تلکارتنے کی عظیم پاکستانی کرکٹر جاوید میانداد سے ملنے کی خواہش پوری ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق کپتان ہشان تلکارتنے نے لیجنڈری کھلاڑی جاوید میانداد سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

    ان کی یہ خواہش پی سی بی حکام نے پوری کردی اور ہشان تلکارتنے کی پاکستانی لیجنڈ بلے باز جاوید میاں داد سے کراچی میں ملاقات کا اہتمام کیا، یہ ملاقات کراچی میں جاوید میانداد کے گھر پر ہوئی، دونوں سابق کھلاڑیوں نے پرانی یادیں تازہ کیں اور ماضی کے قصے بھی سنائے۔

    ملاقات میں سری لنکن ویمنز ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور ٹرینر بھی موجود تھے جبکہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور جاوید میاں داد کے بھانجے فیصل اقبال بھی تاریخی ملاقات میں موجود تھے۔

    دورہ پاکستان کے آغاز پر پریس کانفرنس کے دوران ہشان تلکارتنے کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد اُن کے فیورٹ کھلاڑی ہیں۔

    خیال رہے کہ انیس سو چھیانوے میں ارجنا راناٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے پہلا کرکٹ ورلڈکپ جیتا تھا، ہشان تلکارتنے بھی رانا ٹنگا الیون کی قیادت میں آنے والی اس ٹیم کا حصہ تھے۔

  • خوش آمدید: سری لنکن ویمنز ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی

    خوش آمدید: سری لنکن ویمنز ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی

    کراچی: سترہ سالہ طویل انتظار ختم ہوا، سری لنکن ویمنز ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سری لنکن ویمنز ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، جہاں وہ قومی ویمنز ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلے گی۔

    کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل پہنچایا گیا، جہاں مہمان ٹیم کےکھلاڑیوں اورآفیشلز کےکووڈ ٹیسٹ لئے جائیں گے، کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد
    پاکستان اورس ری لنکن ویمنز ٹیم21مئی سےساؤتھ اینڈ کلب میں ٹریننگ کرینگی۔

    دورے کے آغاز پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی جس کا آغاز چوبیس مئی سے کراچی میں ہوگا، ٹی ٹوئنٹی کےبعد ون ڈے سیریز بھی کراچی میں شیڈول ہے۔

    واضح رہے کہ سال دوہزار پانچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکن ویمنز ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے اس سے قبل وہ ایشیا کپ کیلئے کراچی آئی تھی۔

    گذشتہ روز سری لنکا کےخلاف وائٹ بال سیریز کے لیےقومی خواتین اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے گل فیروزہ اور لاہور سے صدف شمس کو پندرہ رکنی قومی خواتین اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ ہے۔

    دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز باالترتیب چوبیس، چھبیس اور اٹھائیس مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز یکم جون کو ہوگا، دوسرا ون ڈے تین جون جبکہ پانچ جون کو تیسرا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا، یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔

  • ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کے پاکستان آنے پر خوشی ہے، آئی جی سندھ کلیم امام

    ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کے پاکستان آنے پر خوشی ہے، آئی جی سندھ کلیم امام

    کراچی : آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کے پاکستان آنے پر بہت خوشی ہے، ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق  سی پی او میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز وومن کرکٹ ٹیم کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر کھلاڑیوں کے اعزاز میں  عشائیہ دیا گیا۔

     تقریب میں آئی جی سندھ سید کلیم امام، زونل ڈی آئی جیز اور دیگراعلیٰ افسران نے شرکت کی، محفل میں روایتی ثقافتی موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس پر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈانس کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے پاکستان آنے پر خوشی ہے، جب ساری دنیا کی ٹیمیں پاکستان نہیں آرہی تھی تب ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آئی، ویسٹ انڈیز ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔

     ان کا مزید کہنا تھا کہ سارے پولیس افسران آپ کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔ خواتین ہرشعبہ زندگی میں آگے آرہی ہیں، ماضی میں میں خود بہت کرکٹ کھیلتا تھا۔

    اس موقع پر اپنے خطاب میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی کپتان میریسا ایگولیرا  نے کہا کہ پاکستان آکر اور میچز کھیل کر بہت خوشی ہوئی، پاکستان ایک بہت اچھا ملک ہے، دوبارہ آنے کی خواہش رکھتے ہیں، ہمیں پاکستان میں بہت مزہ آیا ،دوبارہ بھی آئیں گے۔

    تقریب کے اختتام پرشرکاء نے ویسٹ انڈیز ٹیم کی کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے پر مبارکباد دی اورنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • جلال الدین خواتین کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر منتخب

    جلال الدین خواتین کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر منتخب

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جلال الدین کو خواتین کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر جبکہ مارک کولیس کو نیا کوچ منتخب کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے خواتین کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کرکٹ بورڈ میں نئی تقرری سامنے آئی ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولیس کو خواتین کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ اور جلال الدین کو نیا چیف سلیکڑر مقررکر لیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق مارک کولیس سنہ 2000 میں نیوزی لینڈ خواتین ٹیم کے معاون کوچ رہ چکے ہیں، جبکہ 2013 میں ڈومیسٹک ٹیم ولنگٹن بلیز کی ٹی ٹوئنٹی ٹائیٹل کے لیے کوچنگ کے فرائض ادا کر چکے ہیں۔

    کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مارک کولیس شمالی ڈسٹرک کے اعلی کارکردگی کے کوچنگ اسٹاف کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

    یاد رہے مارک کولیس سے قبل گزشتہ سال اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کےموقع پر باسط علی کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔

    خیال رہے اختر سرفراز اور اسماویہ اقبال کو سلیکشن کمیٹی کا نیا رکن منتخب کیا گیا ہے۔

     

  • ایران، خواتین کبڈی کا کوچ حجاب پہن کراسٹیڈیم میں آنے پرمجبور

    ایران، خواتین کبڈی کا کوچ حجاب پہن کراسٹیڈیم میں آنے پرمجبور

    تہران : ایرانی حکومت نے خواتین کبڈی کے مرد کوچ کو حجاب پہننے پر مجبور کردیا، ایرانی عوام نے اسے اپنی نوعیت کا نرالا حکم قرار دیتے ہوئے سختی سے مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر جرجان میں ایشیئن کبڈی چمپیئن شپ کے ایک میچ میں تھائی لینڈ کی خواتین ٹیم کے مرد کوچ سیمبراش وانشو کو اس وقت اسٹیڈیم میں داخلے سے روک دیا گیا جب وہ خواتین کھلاڑیوں کو ہدایات دینے جارہا تھا۔

    حکام کی جانب سے کہا گیا کہ چیمپیئن شپ کی میزبانی صرف خواتین کھلاڑیوں کیلئے ہے لہٰذا وہ حجاب کے بغیر اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہوسکتا، یہ بات مذکورہ کوچ نے اخباری بیانات میں بتائی۔

    سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد عوام کی بڑی تعداد نے اسے حکومت کا قابل شرمناک اقدام قرار دیا، تصاویر میں تھائی لینڈ کے کوچ کو حجاب یا اس کے سر کو ڈھکنے والے ایک رومال کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب چیمپین شپ کے مرکزی منتظم نے اس امر کی تردید کی ہے کہ حکام نے سیمبراش کو حجاب پہننے پر مجبور کیا، مقصود نامی منتظم کے مطابق درحقیقت تھائی کوچ نے خود سے حجاب پہنا تھا اور اس کی شناخت ہو جانے کے بعد کوچ کو کھیل کے میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

    مذکورہ تھائی کوچ سیمبراش نے امریکی ریڈیو "فردا” سے گفتگو کرتے ہوئے اس مؤقف کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایرانی حکام کے مطالبے پر دو مرتبہ کھیل کے میدان میں دو مختلف رنگوں کے حجاب پہن کر داخل ہوا، سوشل میڈیا پر تھائی کوچ کی جاری تصاویر اس موقف کی تصدیق کرتی ہیں۔