Tag: Women’s Vote

  • خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے پر دو حلقوں کے نتائج کالعدم قرار دیئے جانے کا امکان

    خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے پر دو حلقوں کے نتائج کالعدم قرار دیئے جانے کا امکان

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے چکوال اور نوشہرہ میں خواتین کے ووٹوں کی انتہائی کم شرح کا نوٹس لے لیا، دونوں حلقوں کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دیئے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی الیکشن میں چکوال اور نوشہرہ کے حلقوں میں خواتین کے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کی شکایات پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے، خواتین کے ووٹ کاسٹ کا ٹرن آؤٹ اگر دس فی صد سے کم ہوا تو الیکشن کے نتائج کالعدم قرار دے دیئے جائیں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چکوال کے حلقہ این اے65میں چار پولنگ اسٹیشنز پر کوئی خاتون نہیں پہنچی تھی۔ پولنگ اسٹیشنز چار سو دو، چار سو چار، چار سو پانچ، اور چار سو چھ میں ایک بھی ووٹ ایسا نہیں تھا جو کسی خاتون نے کاسٹ کیا ہو۔

    صوبائی الیکشن کمشنر نے علاقے کا دورہ کیا، انہوں نے انتخابی امیدواروں اور معززین سے ملاقات کی، خواتین ووٹرز کو پولنگ اسٹشن تک لانے کی یقین دہانی کے باوجود ووٹ کاسٹ نہیں ہوئے۔

    دوسری جانب پی کے61نوشہرہ میں علاقے کی خواتین کو مقامی جرگے نے ووٹ کاسٹ کرنے سےروک دیا، ذرائع کے مطابق آراو نے علاقہ معززین سے مذاکرات کیے لیکن اس کے باوجود خواتین کے ووٹ کاسٹ نہ ہوسکے۔

    الیکشن کمیشن نے خواتین کو ووٹ دینے سے روکے جانے کا نوٹس لےلیا ہے۔ ان حلقوں میں خواتین کی ووٹ کاسٹ کا ٹرن آوٹ دس فی صد سے کم ہوا تو نتائج کالعدم قرار دیئے جائیں گے۔

  • خواتین کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب کے لیے الیکشن کمیشن کی آگاہی مہم

    خواتین کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب کے لیے الیکشن کمیشن کی آگاہی مہم

    اسلام آباد: ملک میں اگلے برس عام انتخابات منعقد کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے خواتین میں ان کے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں مختلف جامعات اور کالج کے طلبا کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو رضا کارانہ خدمات انجام دیں گے۔

    خواتین میں ووٹ ڈالنے کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز، مباحثوں، اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کروایا جائے گا جن کے ذریعے خواتین کو ترغیب دی جائے گی کہ وہ بطور ووٹر اپنے آپ کو رجسٹر کروائیں اور انتخابی مہم میں حصہ لیں۔

    الیکشن کمیشن کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نگہت داد نے جامع پنجاب کے جینڈر اسٹڈیز کے شعبے کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے شعبہ کی چیئر پرسن ڈاکٹر رعنا ملک سے اس سلسلے میں گفت و شنید کی۔

    مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی

    یاد رہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 کروڑ 70 لاکھ ہے جن میں سے خواتین کی تعداد 4 کروڑ 24 لاکھ ہے۔

    سب سے زیادہ خواتین ووٹرز صوبہ پنجاب سے رجسٹرڈ ہیں جبکہ سب سے کم تعداد فاٹا میں ہے جہاں 17 لاکھ 51 ہزار خواتین بطور ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔

    فاٹا اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں خواتین کا ووٹ ڈالنا ممنوع ہے اور عمائدین علاقہ اس سلسلے میں متفقہ طور پر خواتین کو ان کے بنیادی آئینی حق سے محروم کرچکے ہیں۔

    دو سال قبل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی فاٹا اور خیبر پختونخواہ کے کئی علاقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔