Tag: wood

  • لکڑی سے تیار کیا گیا لباس

    لکڑی سے تیار کیا گیا لباس

    زمین پر بڑھتی ہوئی آلودگی اور کچرے کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر میں ماحول دوست اشیا تیار کی جارہی ہیں۔ ایسی ہی ایک نئی شے لکڑی سے بنا ہوا لباس ہے۔

    فن لینڈ کی آلتو یونیورسٹی کے طلبا اور سائنسدانوں نے ایسا لباس تیار کیا ہے جو براہ راست لکڑی سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کے ماحول کو آلودہ کرنے والے اجزا شامل نہیں ہیں۔

    اس لباس کو تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے تمام خام اشیا کا گودا بنایا جاتا ہے۔ اس کے بعد پودوں سے نکلنے والا ایک مادہ سیلولوز، جس میں چپکنے کی خاصیت ہوتی ہے اس میں شامل کیا جاتا ہے۔

    اس کے بعد اسے عام کپڑے کی طرح کاتا جاتا ہے۔

    یونیورسٹی کے طلبا اور سائنسدانوں کی جانب سے تیار کردہ اس لباس کو فن لینڈ کی خاتون اول جینی ہوکیو نے بھی ایک تقریب میں زیب تن کیا۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل کی صنعت سے نکلنے والے فضلے اور زہریلے پانی کا حصہ تمام صنعتی فضلے کا 20 فیصد ہے۔

    یہ صنعت دیگر صنعتوں سے کہیں زیادہ گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج کرتی ہے۔

    اسی طرح اس صنعت میں ٹیکسٹائل کے زیاں کی شرح بھی بہت زیادہ ہے جو بالآخر کچرا کنڈیوں کی زینت بنتا ہے۔

    ایک محتاط اندازے کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری ہر ایک سیکنڈ میں ضائع شدہ کپڑوں کا ایک ٹرک کچرے میں پھینکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ لکڑی سے بنے یہ کپڑے جلد زمین میں تلف ہوجائیں گے یوں ٹیکسٹائل کے کچرے میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

    کیا آپ لکڑی سے بنا لباس زیب تن کرنا چاہیں گے؟

  • لکڑی سے تیار ہونے والی انوکھی اور عالی شان عمارت

    لکڑی سے تیار ہونے والی انوکھی اور عالی شان عمارت

    اوسلو: یوں تو عموماً گھروں اور عمارتوں کی تیاری کے لیے لوہے، سیمنٹ اور کنکریٹ کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن ناروے میں ایک ایسی انوکھی عمارت سامنے آئی جس کی تیاری کے لیے لکڑیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے کے علاقے برومنڈال میں ایک ایسی عمارت زیر تعمیر ہے جس کی تکمیل کے لیے سیمنٹ، بجری، کنکریٹ اور دیگر ضروری اشیا کے بجائے ناروے کے جنگلات سے حاصل کردہ لکڑیوں کا استعمال کیا جارہا ہے، جو آئندہ سال مکمل کر لی جائے گی۔

    منتظمین کے مطابق اس عمارت کی تعمیر مارچ 2019 میں مکمل کر لی جائے گی، اس 18 منزلہ عمارت میں 67 تا 149 مربع میٹر کے 27 اپارٹمنٹس تیار کیے جائیں گے،علاوہ ازیں ایک ہوٹل، سوئمنگ پول، دفاتر اور ریستوران بھی اس عمارت میں موجود ہوں گے۔

    مٹی سے بنی چار سو سال پرانی عمارت میں رہنے والا سعودی شہری

    خیال رہے کہ ویانا میں بھی اس وقت لکڑی کی مدد سے 84 میٹر بلند عمارت تعمیر کی جارہی ہے جو 24 منزلوں پر مشتمل ہے، تاہم اس عمارت میں سیڑھیاں سیمنٹ سے تیار کی جائیں گی، ویانا میں قائم کی جانے والی اس عمارت میں اپارٹمنٹس، دفاتر اور دکانیں وغیرہ بھی موجود ہوں گے۔

    پہاڑوں کے دامن میں لکڑی سے بنی منفرد مسجد

    واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں آسٹریا کے لکڑی کی صنعتی استعمال کو نہایت اہمیت حاصل ہے اور یہ دنیا بھر میں کراس لیمینیٹڈ لکڑی کی پیدوار میں سرفہرست بھی ہے، تیرنے ضلع میں قائم 9 منزلہ عمارت کراس لیمینیٹڈ لکڑی اور شیشے سے بنائی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔