Tag: word

  • ایسا ملک جہاں کرونا وائرس لفظ پر ہی پابندی عائد کردی گئی ہے

    ایسا ملک جہاں کرونا وائرس لفظ پر ہی پابندی عائد کردی گئی ہے

    پوری دنیا اس وقت جان لیوا کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے، ایسے میں سینٹرل ایشیا کے ملک ترکمانستان نے اس لفظ کے استعمال پر ہی پابندی عائد کردی ہے۔

    ترکمانستان کی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس وقت ملک بھر میں ایک بھی کرونا وائرس کا کیس موجود نہیں، نہ صرف یہ بلکہ اگر کوئی شخص ’کرونا وائرس‘ کا لفظ بھی ادا کردے تو اسے گرفتار کیا جاسکتا ہے کیونکہ ترکمانستان کے صدر نے اس لفظ پر پابندی عائد کردی ہے۔

    بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق حکومت نے نشریاتی اداروں پر بھی اس لفظ کو کہنے یا لکھنے پر پابندی لگا رکھی ہے جبکہ حکم دیا ہے کہ ملک بھر میں تقیسم کیے گئے کرونا وائرس کے آگاہی بروشرز سے بھی اس لفظ کو ہٹا دیا جائے۔

    رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی سربراہ برائے یورپ و سینٹرل ایشیا ڈیسک جین کیولر کا کہنا ہے کہ اس قسم کے احکامات سے ایک طرف تو نہ صرف عوام کو ادھوری معلومات دے کر ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے بلکہ حکومت کا یہ اقدام ملک میں آمریت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم عالمی کمیونٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ اس پابندی کو ہٹانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

    ترکمانستان رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے اظہار آزادی رائے انڈیکس میں سب سے آخری نمبر پر ہے، یہاں حق بات کرنے پر سزائیں عام ہیں جبکہ حکومت اکثر بغیر کسی وجہ کے پورے ملک کو بند کردیتی ہے۔

    کولمبیا یونیورسٹی کے ڈائریکٹر الیگزنڈر اے کولی کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے کہ اس طریقے سے ترکمانستان کی حکومت جتنے عرصے تک ممکن ہوا، اتنے عرصے تک اس وبا کے پھیلاؤ کو چھپائے رکھے گی۔

    چین میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران ترکمانستان کے صدر نے چین کو ایک کتاب میں لکھے گئے نسخے اپنانے کی پیشکش بھی کی تھی، یہ کتاب صدر نے خود لکھی تھی جو طبی پودوں کے بارے میں ہے۔

  • انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے، راہول گاندھی کا دعویٰ

    انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے، راہول گاندھی کا دعویٰ

    نئی دہلی : راہول گاندھی نے مودی لائی سے متعلق انگریزی لغت کے صفحے کی تصویر اور ویب سائٹ کا لنک بھی سوشل میڈیا پر شیئرکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر بھارتی وزیراعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی لاءکا لفظ دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انگریزی لغت میں بھی مودی لائی کے لفظ کا نیا اضافہ ہوگیا ہے، جس کا مطلب حقیقت کو توڑنا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بیسٹ مودی لائز کے حوالے سے ایک ویب سائٹ بھی بن گئی ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی نے انگریزی لغت کے صفحے کی تصویر اور ویب سائٹ کا لنک بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

    دوسری جانب آکسفورڈ ڈکشنری نے راہول گاندھی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ انگریزی لغت میں کسی نئے لفظ کا اضافہ نہیں ہوا، آکسفورڈ انتظامیہ نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مودی لائی سے متعلق جو تصویر ٹویٹر کے ذریعے صارفین تک پہنچائی گئی ہے وہ جھوٹی اور بے بنیاد ہے‘۔

  • کم جونگ اپنے وعدے کے سچے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    کم جونگ اپنے وعدے کے سچے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے کوریائی جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی باقیات لوٹانے پر شمالی کوریا کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کم جونگ آن اپنے وعدے کے سچے نکلے جنہوں نے برسوں قبل گم ہونے والے امریکی فوجیوں کو ان کے پیاروں سے ملا دیا‘۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے امریکا سے تعلقات میں بہتری کے بعد برسوں قبل کوریا کی جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی باقیات امریکا کے سپرد کرنا شروع کردی، امریکی حکومت کی جانب سے اپنے فوجیوں کو لانے کے لیے خصوصی طیارہ بھی بھیجا گیا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ آن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کم جونگ اپنے وعدے کے سچے ہیں، جنہوں نے برسوں قبل گم ہونے والے امریکی فوجیوں کو واپس اپنے پیاروں تک پہنچایا ہے۔ تاہم مجھے کم جونگ آن کے اقدام پر حیرانگی نہیں ہے۔ میں بہت جلد ان سے دوبارہ ملاقات کروں گا۔

    وائٹ ہاوس کی جانب سے کوریا سے واپس لائی جانے والی امریکی فوجیوں کی باقیات وصول کرنے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ امریکی فوجیوں کے حوالے کی جانے والی باقیات 55 تابوتوں میں رکھی ہوئی تھیں جنہیں اقوام متحدہ کے پرچم میں لپیٹا ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ عشروں قبل کوریائی جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کو کوریا اور امریکا کے خصوصی دستوں نے سلامی بھی پیش کی تھی۔

    یاد رہے کہ شمالی کوریا کے صدر کم جونگ آن نے ایک ماہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ سئے سنگا پور میں ہونے والی ملاقات میں امریکی فوجیوں کی باقیات لوٹانے کا وعدہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ سنہ 1950 سے 1953 تک جزیزہ نما کوریا پر جاری رہنے والی جنگ میں 7 ہزار سے زائد امریکی فوجی اپنے دستوں سے لاپتہ ہوئے تھے، جن کا بعد میں کچھ پتہ نہیں چلا۔

    امریکی فوجی حکام کا خیال ہے کہ کوریا کی جنگ میں ہلاک ہونے والے لاکھوں افراد میں 3 ہزار سے زائد امریکی فوجی بھی شامل تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں