Tag: Wordle

  • ورڈل کو آف لائن بھی کھیلا جاسکتا ہے

    ورڈل کو آف لائن بھی کھیلا جاسکتا ہے

    آپ نے حال ہی میں مقبول ہونے والے آن لائن گیم ورڈل کو ضرور کھیلا ہوگا یا کم از کم اپنی سوشل فیڈ پر اس کے اسکور ضرور دیکھے ہوں گے جو لوگ پوسٹ کرتے ہیں۔

    دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ اس گیم میں 5 حروف پر مشتمل لفظ کو بوجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور آدھی رات کے بعد نئی گیم دستیاب ہوتی ہے۔

    اس گیم کو جنوری کے آخر میں نیویارک ٹائمز نے خرید لیا تھا اور اخبار کی ویب سائٹ پر منتقل کردیا جہاں وہ اب بھی مفت ہے مگر کب تک، یہ کہنا مشکل ہے۔

    لوگوں میں یہ خدشہ ہے کہ مستقبل قریب میں یہ نیویارک ٹائمز کے پیمنٹ بیسڈ پے وال کا حصہ بن سکتی ہے، مگر آپ اسے ہمیشہ کے لیے مفت استعمال کرسکتے ہیں اور بس گیم کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے بتایا تھا کہ کس طرح ورڈل ویب براؤزر پر کام کرتی ہے اور تکنیکی طور پر اسے کھیلنے کے لیے انٹرنیٹ کی بھی ضرورت نہیں، کیونکہ گیم کے مستقبل کے تمام الفاظ پہلے سے ویب پیج میں شامل ہیں۔

    اگر آپ ہمیشہ کے لیے اس گیم کو مفت کھیلنا چاہتے ہیں تو اسے کمپیوٹر یا اسمارٹ فون پر بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

    کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ

    سب سے پہلے ویب براؤزر پر ورڈل کی آفیشل ویب سائٹ پر جائیں۔ وہاں ویب پیج پر کسی بھی جگہ رائٹ کلک کرنے پر نظر آنے والے مینیو میں سے سیو دی پیج ٹو یور کمپیوٹر پر کلک کردیں۔

    اس آپشن پر کلک کرنے پر سیو ایز لکھا آئے گا اور ورلڈ ویب پیج کو ایچ ٹی ایم ایل فائل کے طور پر ڈاؤن لوڈ کرلیں۔

    اس کے بعد بس اپ کو ڈاؤن لوڈ ایچ ٹی ایم ایل فائل کو اوپن کرنا ہوگا اور آپ کو اس گیم تک آف لائن رسائی دستیاب ہوگی۔ مگر آپ سابقہ اسٹریکس سے ضرور محروم ہوجائیں گے کیونکہ یہ پہلی گیم سے آغاز ہوگا۔

    اینڈرائیڈ پر ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ

    اینڈرائیڈ فون یا ٹیبلیٹ پر بھی آپ ویب پیج کو بالکل ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کی طرح ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

    یعنی کروم پر ورڈل ویب سائٹ اوپن کریں، وہان اوپری دائیں کونے پر تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں اور وہاں ڈاؤن لوڈ آئیکون کا انتخاب کریں۔

    کروم کے نچلے حصے میں نوٹیفکیشن نظر آئے گا کہ ورڈل ویب پیج آپ کی ڈیوائس پر ڈاؤن لوڈ ہوگیا۔

    ورڈل کو آف لائن کھیلنے کے لیے براؤزر پر تھری ڈاٹ مینیو پر جائیں اور وہاں ڈاؤن لوڈ پر کلک کریں، جہاں آپ کو ورڈل ویب پیج نظر آئے گا، اس طرح اگر مستقبل قریب میں اس گیم کو کھیلنے کے لیے سبسکرپشن لازمی ہوجائے تو بھی آپ اسے مفت کھیل سکتے ہیں۔

    آئی او ایس پر ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ

    آئی فون یا آئی پیڈ پر اس کے لیے آپ کو مائیکرو سافٹ ایج ویب براؤزر کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا جو ایپ اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

    اسے انسٹال کرنے کے بعد آئی فونز کے آفیشل براؤزر سفاری پر ورڈل کی ویب سائٹ اوپن کریں اور شیئر بٹن پر کلک کریں۔

    اس کے بعد ویب پیج یو آر ایل پر آپشنز پر کلک کریں اور ویب آرکائیو سلیکٹ کرکے ڈن کے بٹن کا انتخاب کریں اور پھر سیو ٹو فائلز پر کلک کر کے فولڈر میں سیو کردیں۔

    اس طرح ورڈل ویب پیج فائلز ایپ میں محفوظ ہوجائے گا مگر اسے استعمال کرنے کے لیے مائیکرو سافٹ ایج کی ضرورت ہوگی سفاری یا کروم کام نہیں کریں گے۔

    اس مقصد کے لیے ورڈل ویب پیج کے آئیکون کو دبا کر رکھیں تاکہ کوئیک ایکشنز مینیو آجائے، وہاں شیئر کے آپشن پر کلک کرکے ایج کا انتخاب کریں۔

    پھر مائیکرو سافٹ ایج کو اوپن کریں اور اس طرح گیم آف لائن پیج کے طور پر اس پر اوپن ہوجائے گی۔

  • یہ انکشاف جاننے کے بعد آپ ورڈل گیم ضرور کھیلنا چاہیں گے

    یہ انکشاف جاننے کے بعد آپ ورڈل گیم ضرور کھیلنا چاہیں گے

    آپ نے حال ہی میں مقبول ہونے والے آن لائن گیم ورڈل کو ضرور کھیلا ہوگا یا کم از کم اپنی سوشل فیڈ پر اس کے اسکور ضرور دیکھے ہوں گے جو لوگ پوسٹ کرتے ہیں۔

    اب ماہرین نے اس گیم کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گیم روزمرہ کی بنیادوں پر کھیلنا ذہنی صحت کے لیے بہت مفید ہے، اس سے مزاج پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

    بنیادی طور پر یہ ایک ورڈ گیم ہے جس میں 5 بلاکس پر مبنی 6 خالی قطارتیں ہوتی ہیں اور آپ کو 6 بار اس میں 5 حروف پر مبنی درست لفظ کو تحریر کرنا ہوتا ہے۔

    جو لفظ درست ہوگا وہ سبز رنگ میں نظر آئے، اگر لفظ درست ہوگا مگر ترتیب میں غلط ٹائپ ہوگا تو وہ زرد ہوگا، جبکہ غلط حروف گرے رنگ کے ہوں گے۔

    تو کم از کم کوششوں میں لفظ کا اندازہ لگانے کو زیادہ بہتر تصور کیا جاتا ہے اور ہر دن ایک پزل دستیاب ہوتا ہے، اگر وہ کافی نہیں تو اس کی نقل پر مبنی متعدد ایپس بھی دستیاب ہیں۔

    اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی ویکسنر میڈیکل سینٹر کے نیورولوجسٹ ڈاکٹر ڈوگلس شیکرے کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ورڈل جیسی کسی ورڈ گیم کو کھیلنا دماغی صحت کے لیے بہتر ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی مسئلہ حل کرنے والی ورزش سے خود کو چیلنج کرنا اہم ہوتا ہے، بزلز اور گیمز دماغ کے بنیادی حصوں جیسے منطق، زبان، بصری تصورات، توجہ اور لچک کو متحرک کرنے کے لیے اہم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس طرح عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی صحت کی تنزلی کی روک تھام میں بھی بہت زیادہ مدد ملتی ہے، درحقیقت دماغ کو جتنا زیادہ استعمال کیا جائے گا وہ اتنا ہی بہتر ہوگا، تو اس کی ورزش اسے صحت مند رکھنے کا اچھا ذریعہ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ورڈل جیسی گیمز دماغی مسائل کے شکار افراد کے لیے بھی ممکنہ طور پر فائدہ مند ہوسکتی ہیں۔

    اسی طرح اوریگن یونیورسٹی کے نیورو سائنسز پروفیسر ماہر الرچ مائر نے بتایا کہ جو لوگ ذہنی طور پر خود کو کمتر محسوس کرتے ہیں وہ ورڈل جیسی ورڈ گیمز سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ہر سرگرمی پرلطف ہونے کے ساتھ ہمارے لیے اچھی ہوتی ہے، بالخصوص جب اس کا موازنہ ٹی وی دیکھنے یا دیگر مسائل کے باعث پریشان رہنے سے کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ورڈل کے ذریعے لوگوں کا جڑنا اس گیم کی ایک اور مثبت خصوصیت ہے، کیونکہ سماجی تعلقات کو اچھی ذہنی صحت اور سوچنے کے عمل سے منسلک کیا جاتا ہے۔

    اگر آپ کو ورڈ گیمز پسند نہیں تو ایسی سرگرمیوں کی کمی نہیں جو اسی طرح کے فوائد فراہم کرتی ہیں، مثال کے طور پر جسمانی ورزش بھی دماغی افعال پر مثبت اثرات کرتی ہے۔

    ورزش کے ساتھ ساتھ ماہرین سماجی طور پر گھلنے ملنے کو بھی دماغ کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہیں جبکہ دیگر پہلیاں، گیمز، مسائل حل کرنے والی سرگرمیاں، رقص، گانا، موسیقی کے آلات بجانا اور کھیلوں سے بھی دماغ کو فائدہ ہوتا ہے۔

  • ورڈل گیم نے 80 سالہ مغوی خاتون کی جان کیسے بچائی؟

    ورڈل گیم نے 80 سالہ مغوی خاتون کی جان کیسے بچائی؟

    آن لائن پہیلی گیم ورڈل دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے، حال ہی میں اس گیم کی وجہ سے ایک 80 سالہ خاتون کی جان بچ گئی جو ڈاکو کے ہتھے چڑھ گئی تھیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈینس ہولٹ ایک ریٹائرڈ ٹیچر ہیں جو اپنے گھر میں سورہی تھیں، آدھی رات کو ایک چاقو بردار شخص ان کے گھر میں گھس گیا اور انہیں نیند سے بیدار کرنے کے بعد کہنے لگا کہ اگر شور مچایا تو وہ چاقو سے انہیں کاٹ دے گا۔

    اس شخص نے معمر خاتون کو بغیر خوراک اور دوائیوں کے ان کے تہہ خانے میں بند کردیا، لیکن انہیں ورڈل گیم نے بچالیا۔

    مغربی ساحل پر ہزاروں میل دور اس کی دو بیٹیوں میں سب سے بڑی بیٹی نے دیکھا کہ اس کی والدہ نے اپنے ورڈل اسکور پر ٹیکسٹ نہیں کیا جیسا کہ وہ عام طور پر ہر روز کرتی تھیں اور یہ اس کے لیے پریشان کن تھا۔

    بہن بھائیوں نے اپنی ماں سے ان کے لینڈ لائن پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہوا تو انہوں نے پڑوسی کی مدد لی جنہوں نے گھر جا کر دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

    پڑوسیوں نے کوئی جواب نہ ملنے کے بعد پولیس کو بلایا، جب وہ ارد گرد گئے تو انہوں نے اسے چیختے ہوئے سنا کہ میں یہاں تہہ خانے میں ہوں، مجھے بچاؤ۔

    پولیس نے انہیں بازیاب کرلیا اور اوپر والے بیڈ روم میں چاقو بردار 32 سالہ شخص کو بھی گرفتار کرلیا، پولیس کا خیال ہے کہ ملزم ذہنی مریض معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔