Tag: workers

  • مال روڈ پر ریلی ، متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

    مال روڈ پر ریلی ، متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور : مال روڈ پر ریلی نکالنے اور اور جلسہ کرنے پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنوں کے خلاف پرچہ کٹ گیا، ایف آئی آر میں شہباز شریف، قمرزمان کائرہ سمیت دوہزار رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کو بغیر اجازت مال روڈ پر ریلی نکالنا اور جلسہ کرنا مہنگا پڑگیا، متحدہ اپوزیشن کی جانب سے لاہور مال روڈ پر بغیر اجازت جلسہ کرنے کیخلاف دو مختلف تھانوں میں پانچ مقدمات درج کر لئے گئے، ایس ایچ او تھانہ سول کی مدعیت میں مقدمہ درج کیاگیا۔

    مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ سمیت 2 ہزار افراد کیخلاف تین مقدمات درج کر لئے ہیں۔

    جس میں مختلف دفعات لگائی گئی ہیں، ایف آئی آرز میں 58 افراد نامزد جبکہ دیگر نامعلوم ہیں، جن کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں اور ٹی وی فوٹیج کے ذریعے کی جائے گی جبکہ دو مقدمات تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کئے گئے ہیں۔

    ایف آئی آر میں لکھا گیاہے کہ احتجاج کےشرکاء نے ڈنڈے اٹھارکھے تھے، مال روڈ کو چاروں اطراف سے بلاک کیا، جس سےٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایف آئی آر کے مطابق احتجاج کے دوران حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، اشتعال انگیز تقریریں کی گئیں، پولیس کے منع کرنے پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی، رکاوٹیں توڑیں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

    مقدمے میں دفعہ ایک سو سینتالیس، ایک سو انچاس، دوسو نوے، دو سو اکیانوے، تین سو ترپن، ایک سو چھیاسی، چارسوستاسی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔

    خیال رہے گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے بغیر اجازت دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مال روڈ پر ریلی نکالی اور جلسہ کیا تھا۔

  • ریاض :‌دو برسوں میں 16 لاکھ غیر ملکیوں نے سعودی عرب کو خیر باد کہہ دیا

    ریاض :‌دو برسوں میں 16 لاکھ غیر ملکیوں نے سعودی عرب کو خیر باد کہہ دیا

    ریاض : سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں سعودی لیبر مارکیٹ سے اب تک 16 لاکھ غیر ملکی نکل گئے ہیں اور سب سے زیادہ وطن واپس جانے والوں میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ مرافقین فیس کی وجہ سے متاثر ہونے والوں میں انڈین شہری سر فہرست ہیں، وطن واپس جانے والوں کی جگہ سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے میں تیزی آگئی ہے۔

    جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد وشمار اور مقامی اخبارات المدینہ اور مکہ میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں کہا گیا کہ وطن واپس جانے والے غیرملکیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ تعمیرات کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔

    جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کے مطابق وطن واپس جانے والے غیر ملکیوں میں سے 57 فیصد کا تعلق تعمیرات کے شعبے سے ہے، اس شعبے میں کام کرنے والے 9 لاکھ 10 ہزار افراد اب تک وطن واپس جاچکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار سنہ 2017 سے لے کر اب تک کے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ2017 کے دوران 6 لاکھ غیر ملکی وطن واپس چلے گئے تھے جبکہ سنہ 2018 کے دوران ان کی تعداد 10 لاکھ ہوگئی۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ حکومت کی سعودائزیشن پالیسیوں نے نجی اداروں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو فارغ کریں، سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں دوسرے نمبر پر ریٹیل اور ہول سیل کا شعبہ ہے جس سے تین لاکھ 40 ہزار غیر ملکی نکل گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس کے بالمقابل 5 شعبے ایسے ہیں جن میں سعودائزیشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، سماجی سروس اداروں کے شعبے میں 52 ہزار سعودیوں کو بھرتی کیا گیا ہے۔

    ریٹیل اور ہول سیل شعبے میں 43 ہزار سعودی نوجوان بھرتی ہوئے ہیں، 20 ہزار نوجوانوں کو مالی سروس فراہم کرنے والے اداروں میں بھرتی کیا گیا ہے، اسی طرح اتصالات اور صنعت کے شعبے میں بھی سعودائزیشن کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خواتین میں بے روزگاری کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، سعودی لیبر مارکیٹ کا تجزیہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام شعبوں میں سعودی خواتین کو بھرتی کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نجی شعبے میں سعودائزیشن کی مجموعی شرح میں 21.8 فیصد اضافہ ہوا ہے، سعودیوں میں بے روزگاری کی شرح میں 12.7 فیصد کمی ہوئی ہے، غیر ملکیوں کے لیبر مارکیٹ سے نکل جانے کے باوجود ابھی بھی نجی شعبے میں کام کرنے والے 79 فیصد غیر ملکی ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکیوں کی مردم شماری سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں انڈین شہری سب سے زیادہ ہیں، مجموعی آبادی کے مقابلے میں ان کا تناسب 19.4فیصد ہے۔

    دوسرے نمبر پر پاکستانی ہیں جن کی تعداد 14.5 فیصد ہے، تیسرے نمبر پر بنگلہ دیشی ، چوتھے پر مصری جبکہ پانچویں پر فلپائنی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ مرافقین فیسوں (فیملی فیس) سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے غیر ملکی بھی یہی ہیں، وطن واپس جانے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بھی ان کی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی حکومت نے 2017 میں نجی شعبے پر غیر ملکی کارکن رکھنے پر فیسوں میں اضافہ کردیا تھا اسی طرح سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکی سربراہ خاندان پر فیملی فیس کا نفاذ کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس کے مطابق پہلے سال ہر فرد پر 100ریال ماہانہ، دوسرے سال 200ریال ماہانہ، تیسرے سال 300ریال ماہانہ جبکہ چوتھے سال 400ریال ماہانہ فیس عائد کی گئی تھی۔

  • کینیڈین ریاست کوبیک میں سرکاری ملازمین کے حجاب پر پابندی

    کینیڈین ریاست کوبیک میں سرکاری ملازمین کے حجاب پر پابندی

    اوٹاوا : کینیڈین ریاست کیوبیک کی حکومت نے بھی سرکاری اداروں میں خدمات انجام دینے والے افراد پر مذہبی علامات سمجھی جانے والی اشیاء زیب تن کرنے پر پابندی عائد کرنے کی تیاری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد خیالات اور مذہبی شدت پسندی سے عاری سمجھے کے ملک کینیڈا کی ریاست کیوبیک کی حکومت نے بھی مذہبی منافرت پیدا کرنے کے لیے سرکاری ملازمین پر مذہبی علامات سمجھی جانے والی چیزیں پہننے پر پابندی لگانے کی تیاری کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون منظور ہونے کے بعد کیوبیک کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت کولیشن آوینیر کیوبیک اور کینیڈین وزیر اعظم کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کینیڈا میں مذہبی آزادی کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور شدت پسندی کے خلاف سرگرم ہیں۔

    جسٹن ٹروڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا اب کینیڈین حکومت جو ایک آزاد معاشرہ ہے لوگوں کو ان کے مذہب کی بنیاد پر قانونی حیثیت سے نوازے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تجویز کردہ قانون کے نفاذ کے بعد عدلیہ، پولیس افسران اور اساتذہ سمیت وہ تمام سرکاری ملازمین متاثر ہوں گے جو خود فیصلوں کا اختیار رکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : یورپی عدالت نےملازمین کےحجاب پہننے پر پابندی عائد کردی

    مجوزہ قانون کے ناقدین کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون سے کسی بھی قسم کا حجاب کرنے والی مسلمان خواتین متاثر ہوں گی۔

    خیال رہے کہ سنہ 2017 میں ریاست کیوبیک میں عوامی سروسز فراہم کرنے اور لینے والے افراد کے چہرے کو مکمل طور پر چھپانے پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے جون 2018 میں کینیڈین عدالت نے منسوخ کردیا تھا۔

  • ایبٹ آباد: شدید برفباری بھی پولیو ورکرز کا حوصلہ پست نہ کرسکی

    ایبٹ آباد: شدید برفباری بھی پولیو ورکرز کا حوصلہ پست نہ کرسکی

    ایبٹ آباد: موسم کی سختی، شدید برفباری اور خون جما دینے والی سردی بھی پولیو ورکرز کا حوصلہ کم نہ کرسکی، پولیو کے خاتمے کے لیے ورکرز اپنا فریضہ ادا کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے پولیو ورکرز شدید برفباری میں بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں، ایبٹ آباد میں برفباری کے دوران تیسرے روز بھی پولیو قطرے پلانے میں مصروف رہے۔

    گلیات اور ٹھنڈیانی کے دشوار اور برف پوش علاقوں میں صحت کے محافظوں نے عزم، ہمت اورحوصلے کی مثال قائم کردی۔

    شدید برفباری اور دشوار گزار راستوں سے ہوتے ہوئے پولیو ورکز گھروں تک پہنچے اور بچوں کو قطرے پلائے، ڈی ایچ او ایبٹ آباد کہتے ہیں کہ برفانی علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلائی جارہی ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ ان کا عملہ اپنا فرض نبھا رہا ہے، عوام بھی پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین پلا کر پولیو کے ملک سے خاتمے میں حصہ ڈالیں۔

    پولیوورکر عرفان کے جذبے سے ہم پاکستان کوپولیوفری کرنے میں کامیاب ہوں گے، وزیراعظم

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستانی پولیو ورکرز کی سردی کے سخت موسم میں سوات کے برف پوش پہاڑوں پر چلتے ہوئے پولیو ویکسین پلانے کے لیے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی ، جن میں وہ شدید سرد موسم اور برف باری کے دوران بھی پولیو پلانے کے لیے اپنے سفر پر رواں دواں تھے، دشوار گزار برفیلے راستے بھی ان کی ہمت نہ توڑ سکے تھے۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سمیت اقوام متحدہ کا ادارہ برائے صحت نے بھی پولیو ورکرز کی کاوشوں کا خوب سراہا تھا۔

  • حکومتی شٹ ڈاؤن، وزیر کامرس کا وفاقی ملازمین کو قرض لینے کا مشورہ، ناقدین کی تنقید

    حکومتی شٹ ڈاؤن، وزیر کامرس کا وفاقی ملازمین کو قرض لینے کا مشورہ، ناقدین کی تنقید

    واشنگٹن : امریکی وزیر کامرس ولبر روزکو طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن سے متاثرہ افراد کو بینک سے لون لینے کے مشورے پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان میکسیکو سرحد پر دیوار کھڑی تعمیر کرنے کے معاملے پر ڈیڈ لاک 34 روز بعد بھی برقرار ہے جس کے نتیجے میں حکومتی مشینری کو تعطل کا شکار ہوئے 34 روز گزر گئے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے امیر ترین رکن وزیر کامرس ولبر روز نے شٹ ڈاؤن کے متاثرین وفاقی ملازمین کو بینک سے قرض لے کر گزارا کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر کامرس کا کہنا تھا کہ ’ یہ سچ ہے کہ وفاقی ملازمین کو قرض کی ادائیگی میں تھوڑا کا سود ادا کرنا پڑے گا لیکن شٹ ڈاؤن کے دوران ان کا گزر بسرتو ہوجائے گا‘۔

    ٹرمپ کی کابینہ کے امیر ترین وزیر کی جانب سے وفاقی ملازمین کو دئیے گئے مشورے پر ناقدین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیوں امریکا میں جس کو مستقل تنخواہ نہ مل رہی ہو اسے بینک لون نہیں دیتا۔

    حکومتی شٹ ڈاؤن، ٹرمپ کا ایمرجنسی لگاکر بارڈر سیکیورٹی فنڈز منظور کرانے کا فیصلہ

    امریکی سینیٹ حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرانے میں ناکام ہوگئی، سینیٹ میں ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کو بل منظور کرانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ری پبلکن بل میں دیوار کی تعمیر کیلئے 5.7 ارب ڈالر شامل تھے، ری پبلکن بل میں امیگریشن اصلاحات بھی شامل تھیں، بل کی منظوری کیلئے ری پبلکنز کو 60ووٹ درکار تھے، تاہم بل کی منظوری کے حق میں 50 جبکہ مخالفت میں 47ووٹ کاسٹ ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگر یہ بل سینیٹ میں پاس ہوجاتے تو 8 فروری تک حکومتی ادارے بحال ہوتے تاہم اس کے مسترد ہونے کے ساتھ یہ شٹ ڈاؤن مزید عرصے تک جاری رہے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر عملے کی کمی کی وجہ سے لمبی قطاریں مسافروں کو دور بھگانے کا ذریعہ بنیں گی جو معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

    مزید پڑھیں : آج بارڈر سیکیورٹی اور حکومتی شٹ ڈاؤن سے متعلق بڑا اعلان کروں گا: ٹرمپ

    خیال رہے کہ امریکی صدر نے دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 بلین ڈالرز منظور کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے تاہم کانگریس میں ڈیموکریٹس دیوار کی فنڈنگ کی منظوری سے مسلسل انکاری ہیں۔

    صدرٹرمپ نے دیوار کے لیے فنڈز مختص کیے بغیر بجٹ پر دستخط سے انکار کردیا اور آج ملک امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن کا 38 واں روز ہے،جو امریکا کا طویل ترین شٹ ڈاؤن بن گیا ہے، شٹ ڈاؤن کی وجہ سے 8لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔

  • ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے نئے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے فیصل سبزواری، میئرکراچی وسیم اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ایم کیو ایم کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ایم کیو ایم ماضی کی طاقت سے بڑھ کر اور مزید مضبوط ہوکر سامنے آئی ہے کیونکہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کو ایوانوں میں لے کر آئے گی، خالد مقبول صدیقی  نے مطالبہ کیا کہ ہمارے لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ دھونس اور دھمکیوں سے جانے والے کارکنان ایم کیو ایم میں واپس آگئے ہیں۔

    ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ جبر اور طاقت کا زور ختم ہوگا تو کارکنان پارٹی میں واپس آ ئیں گے اور آج ہم سب نے دیکھا کہ سیکڑوں کارکنان نام نہاد جماعت پی ایس پی سے واپس آگئے ہیں۔

    فیصل سبزواری نے بتایا کہ ان کارکنان کو تشدد، گرفتاریوں اور مارنے کی دھمکیاں دے کر پارٹی چھڑائی گئی تھی، کراچی کے نوجوانوں کے لئے بھی عام معافی کا اعلان کیا جائے۔

    استقبالیہ سے مئیر کراچی وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پر شب خون مارنے والے آج کہیں نظرنہیں آرہے، آج بھی ایم کیو ایم ایک منظم اور متحد جماعت ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی مہاجر قوم پتنگ کے انتخابی نشان کے پیچھے کھڑی ہے، پارٹی میں واپس آنے والے تمام کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

  • گوجرانوالہ: ن لیگ کے کارکنان کی فائرنگ، پی ٹی آئی کا کارکن جاں بحق، 5 افراد زخمی

    گوجرانوالہ: ن لیگ کے کارکنان کی فائرنگ، پی ٹی آئی کا کارکن جاں بحق، 5 افراد زخمی

    گوجرانوالہ : فیصل ٹاؤن میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والاشخص پی ٹی آئی کا یوسی کونسلر تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے فیصل ٹاؤن میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہونے والے تصادم میں ایک پی ٹی آئی کارکن جاں بحق اور5 زخمی ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص کھیالی کا یوسی کونسلر افضل مہر ہے اس کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔ جنرل کونسلر افضل مہر پر ان کے گھر کے باہر ن لیگ کے کارکنان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں۔

    فائرنگ کے وقت علاقہ گولیوں کی ترتڑاہٹ سے گونج اٹھا، گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے پانچ افراد کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کے الزام میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، اس سے قبل دونوں سیاسی گروپوں میں الیکشن کے دنوں میں بھی جھگڑا ہوا تھا۔

  • برازیل میں دو منہ والے عجیب و غریب گائے کے بچے کی پیدائش

    برازیل میں دو منہ والے عجیب و غریب گائے کے بچے کی پیدائش

    برازیلیا: برازیل کی ریاست گویاس میں دو منہ والا عجیب الخلقت گائے کا بچہ پیدائش کے 5 روز بعد مر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک برازیل کے ٹاؤن کیاپونیا کے ایک کیٹل فارم میں عجیب و غریب قسم کا دو منہ والا گائے کا نایاب بچہ پیدا ہوا ہے۔ جس کے منہ سر سے جڑے ہوئے ہیں اور دومنہ ٹھیک کام کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو منہ والے گائے کے بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آنکھوں اور دو منہ والے بچے کو فارم میں ملازمت کرنے والی ایک خاتون فیڈر کے ذریعے بچے کی بھوک مٹا رہی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیٹل فارم میں ملازمین کا دعویٰ تھا کہ نومولود گائے کا بچہ بلکل ٹھیک ہے اور اس کے دونوں منہ صحیح کام کررہے تھے۔

    برازیل کے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیٹل فارم کی مالکن کا کہنا تھا کہ ’مجھے دو منہ والے بچے کی پیدائش پر حیرانگی ہے، میں تصور بھی نہیں کرسکتی کہ ہمارے فارم میں ایسا عجیب و غریب گائے کا بچہ پیدا ہوگا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چند روز قبل پیدا ہونے والے گائے کے بچے کی صحت عجیب الخلقت ہونے کے باعث بہت خراب تھی، اس لیے فارم کے ملازمہ بچے فیڈر کے ذریعے گائے کے بچے کو دودھ پلاتی رہی، تاہم پانچ روز بعد وہ کمزوری کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کراچی: انصاف ہاوس میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کی توڑ پھوڑ

    کراچی: انصاف ہاوس میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کی توڑ پھوڑ

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان نے ٹکٹ نہ ملنے پر انصاف ہاوس کے شیشے توڑ دیئے، گو شمیم گو کے اور پارلیمانی بورڈ نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع پاکستان تحریک انصاف کے دفتر انصاف ہاوس میں مشتعل کارکنان نے حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور انصاف ہاوس کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ انصاف میں پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری تھا اور آئندہ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جارہا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے والے مشتعل افراد کارکنان کی جانب سے نامنظور نامنظور پارلیمانی بورڈ نامنظور اور گو شمیم گو کے نعرے بھی لگائے اور انصاف ہاوس کے اندر وال چاکنگ بھی کی گئی ہے۔

     

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ ناراض کارکنان نے انصاف ہاوس میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر عارف علوی اور فردوس شمیم نقوی کو گھیر لیا اور دھکے بھی دیئے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنان میں ٹکٹوں کی تقسیم پر جھگڑا ہوا ہے، جس کے بعد مشتعل کھلاڑیوں کی پارلیمانی بورڈ کے خلاف وال چاکنگ بھی کی ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کارکنان کی جانب سے کسی کو ٹکٹ نہ ملنے پر توڑ پھوڑ کی گئی ہے، غصے کی وجہ سے اپنے ہی کارکنان ایسا کر رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری تھا، جس میں عارف علوی، فردوس شمیم نقوی، علی زیدی اور میں موجود تھا، ٹکٹ نہ ملنے پر کارکنان نےانصاف ہاوس اور قیادت پر غصہ اتارا ہے۔

    عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ لینے والوں کی ایک لمبی لائن لگی ہوئی ہے، ہر شخص چاہتا ہے اسے ٹکٹ ملے، ہر کسی کو ٹکٹ نہیں دے سکتے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • کویت اور فلپائن نے سفارتی بحران ختم کرنے کا اعلان کردیا

    کویت اور فلپائن نے سفارتی بحران ختم کرنے کا اعلان کردیا

    منیلا: خلیجی ریاست کویت اور فلپائن نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری سفارتی بحران کے خاتمے سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ سے کویت اور فلپائن کے سفارتی تعلقات کشیدہ تھے، جس کے باعث کویت نے فلپائنی ورکرز پر کویت میں عارضی طور پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اب دونوں ملکوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت لیبرز پر پابندی ختم کرنے سمیت سفارتی بحران کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا ہے۔


    کویت میں فلپائنی سفیر کو ملک چھوڑنے کے حکم پر دفتر خارجہ نے وضاحت طلب کر لی


    معاہدے سے متعلق فلپائنی اور کویتی وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر کویت کے وزیر خارجہ ’شیخ صباح الخالد‘ کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت کویت میں کام کرنے والے ورکرز پر عائد کردہ پابندی ختم کرنے اور سفارتی بحران کے حل پر اتفاق کیا ہے۔

    مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلپائن کے وزیر خارجہ ’ آلن پیٹر کائٹانو‘ کا کہنا تھا کہ ہم تعلقات کی بہتری چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی سے معیشت پر اثر پڑے گا، تاہم کوشش کر رہے ہیں کہ کویت میں فلپائن کا نیا سفیر تعینات کریں۔


    فلپائنی صدر کے کویت سے تارکین وطن ورکرز کی واپسی کے اعلان پر ہمیں تشویش ہے: ورکر گروپ


    خیال رہے کہ فلپائنی حکومت کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق کویت میں اس وقت دو لاکھ 65 ہزار سے زیادہ فلپائنی تارکینِ وطن کام کررہے ہیں، علاوہ ازیں جاری کردہ حکومتی اعداد وشمار کے مطابق سو میں‌ سے 65 فی صد گھریلو ملازمین کے طور پر کام کرتے ہیں جبکہ ان تارکین وطن کی کمائی فلپائن میں کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔