Tag: World Bank

  • سیلاب زدگان پر امدادی رقم کا 81 فیصد خرچ کیا جا چکا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    سیلاب زدگان پر امدادی رقم کا 81 فیصد خرچ کیا جا چکا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ فلڈ پروجیکٹ کے لیے 100 ملین ڈالرز جاری ہوئے تھے جس میں سے 81 فیصد خرچ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات، ریجنل ڈائریکٹر جان روم کی سربراہی میں ہوئی۔

    ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ فلڈ پروجیکٹ 212 ملین ڈالرز کا منصوبہ ہے، منصوبے کے لیے 100 ملین ڈالرز جاری ہوئے تھے جس میں سے 81 فیصد خرچ ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فلڈ ایمرجنسی کا کام جاری ہے، کینالز کے شگاف بھرے جا چکے ہیں، پمپنگ اسٹیشنز کی مرمت کی گئی ہے، کینال کے ریگولیٹرز کی بھی مرمت کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد کاشت کاروں کو گندم کے بیج کی مد میں 5.61 بلین روپے دیے گئے ہیں، ہر ایک کاشت کار کو 5 ہزار روہے فی ایکڑ کے حساب سے دیے ہیں۔

  • پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    اسلام آباد: حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے بچے کو تعلیم و صحت کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا امکان 1 فیصد سے بھی کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان میں انسانی سرمائے کے بحران کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی، ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی سرمائے کے شدید بحران کا سامنا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی ترقی پر سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کی ضرورت ہے، تعلیم اور صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان وسطی آمدنی کے سطح تک پہنچ گیا ہے، پاکستان نے گزشتہ 2 دہائیوں میں غربت میں کمی لانے پر کارکردگی دکھائی، پاکستان میں پیدا ہونے والا بچہ مکمل تعلیم و صحت سے 0.41 فیصد استفادہ کر سکتا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان انسانی سرمائے کے حوالے سے جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہے، انسانی سرمائے کے نتائج کے مطابق پاکستان افریقہ کے مقابلے میں بہتر ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ انسانی سرمائے کے بحران کی وجہ خواتین لیبر فورس کی کمی ہے، ملک میں 2 کروڑ بچے پاکستان میں اسکول سے باہر ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں بچوں کو بڑے پیمانے پر غذائی قلت کا سامنا ہے، انسانی ترقی کے لیے پاکستان کو پائیدار اور طویل مدتی انسانی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

  • اجے بنگا ورلڈ بینک کے بلامقابلہ صدر بننے کے قریب

    اجے بنگا ورلڈ بینک کے بلامقابلہ صدر بننے کے قریب

    واشنگٹن: اجے بنگا ورلڈ بینک کے بلامقابلہ صدر بننے کے قریب ہیں، انھیں فروری کے آخری عشرے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے نامزد کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی نژاد اجے بنگا ورلڈ بینک کے بلا مقابلہ صدر بن سکتے ہیں، ورلڈ بینک چلانے کے لیے ماسٹر کارڈ کے سابق سی ای او کا انتخاب بائیڈن نے کیا تھا۔

    اجے بنگا کے عالمی بینک کے سربراہ کے طور پر انتخاب تقریباً یقینی ہو گیا ہے، کیوں کہ اس عہدے کے لیے کسی اور نے اپنا دعویٰ پیش نہیں کیا۔

    غریبی سے لڑنے والی 189 ممالک کی تنظیم کے موجودہ صدر ڈیوڈ مالپاس نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپریل 2024 میں اپنی پانچ سالہ مدت ختم ہونے سے تقریباً ایک سال قبل جون میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے، ڈیوڈ مالپاس کو سابق امریکی صدر ٹرمپ نے نامزد کیا تھا۔

    اجے بنگا اس وقت پرائیویٹ ایکویٹی فرم جنرل اٹلانٹک کے وائس چیئرمین ہیں، جن کا 30 سال سے زیادہ کا کاروباری تجربہ ہے، انھوں نے ماسٹر کارڈ اور امریکن ریڈ کراس، کرافٹ فوڈز اور ڈاؤ انکارپوریشن کے بورڈز میں مختلف ذمہ داریاں بھی ادا کی ہیں۔

    اجے بنگا بھارت میں پیدا ہونے والے پہلے شخص ہیں جنھیں ورلڈ بینک کے صدر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ 23 فروری کو انھیں نامزد کرتے ہوئے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ بنگا کو ہمارے وقت کے انتہائی ضروری چیلنجوں بشمول موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پبلک پرائیویٹ وسائل کو متحرک کرنے کا اہم تجربہ ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی بینک پر دباؤ ہے کہ وہ غریب ممالک کو بھاری قرضوں میں ڈبائے بغیر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے منصوبوں کی مالی مدد کرے۔

    ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سربراہان کا انتخاب روایتی طور پر یورپ سے کیا جاتا ہے، تاہم اس روایت کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں، کہا جا رہا تھا کہ ان دونوں تنظیموں میں سے کسی ایک کا سربراہ ترقی پذیر ممالک میں سے ہونا چاہیے۔

  • تجارت اور پیداوار بڑھائے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی: ورلڈ بینک

    تجارت اور پیداوار بڑھائے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی: ورلڈ بینک

    اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیداواری صلاحیت میں اصلاحات اور لیبر فورس میں خواتین کی شمولیت کے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کردی، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت پیداواری صلاحیت میں اصلاحات کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان کی معیشت نازک مرحلے پر ہے۔

    عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں مالی وسائل کی تقسیم سے متعلق خرابیاں دور کرنے پر زور دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو سالانہ 6 سے 8 فیصد معاشی ترقی کی ضرورت ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسائل کے اعتبار سے پیداوار نہ ہونا ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے، تمام شعبوں پر ٹیکسوں کو ہم آہنگ کرنے سے معیشت میں بہتری آسکتی ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے کے بجائے مینو فیکچرنگ اور تجارتی شعبے کو بہتر کیا جائے، تجارتی پالیسی سے برآمدی شعبوں میں برآمد مخالف رویوں کو ختم کیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں 22 فیصد خواتین ملازمت کرتی ہیں اس شرح کو بڑھانا چاہیئے، خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت سے ترقی میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔ خواتین کے لیے روزگار کے 73 لاکھ مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق ملک میں خواتین کو روزگار کی فراہمی سے جی ڈی پی کی شرح 23 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

    عالمی بینک نے پاکستان کا بنیادی مسئلہ نجی حکومتی اخراجات پر انحصار قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جنرل سیلز ٹیکس کو ہم آہنگ کرنا اور بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 دہائیوں میں پاکستان میں فی کس خام قومی پیداوار کی شرح کم رہی، پائیدار ترقی کے لیے دیرینہ عدم توازن کا مسئلہ ہنگامی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔

  • آئندہ چند سالوں میں 180 ملین لوگ سیلاب سے متاثر ہوں گے، ورلڈ بنک

    آئندہ چند سالوں میں 180 ملین لوگ سیلاب سے متاثر ہوں گے، ورلڈ بنک

    ورلڈ بینک نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ 50 سالوں میں قدرتی پانی کے ذخیرے کے حجم میں 27 ٹریلین کیوبک میٹر کی کمی واقع ہوئی ہے، آئندہ چند سالوں میں 180 ملین لوگ سیلاب سے متاثر ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 20 سالوں میں 1.43 بلین لوگ خشک سالی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور کم از کم 1.65 بلین لوگ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، ایک اندازے کے مطابق 2030 تک 180 ملین مزید لوگ سیلاب سے براہ راست متاثر ہوں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں مختلف قسم کی انسانی، اقتصادی اور ماحولیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کے حل پر زور دیا ہے۔

    رپورٹ میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں سے پرزور اپیل کرتے ہوئے پانی کے ضائع ہونے سے روکنے کا بندوبست کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔

    گزشتہ 50 سالوں میں قدرتی پانی کے ذخیرے کے حجم میں 27 ٹریلین کیوبک میٹر کی کمی: ورلڈ بینک

    رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ جیسے جیسے انتہائی موسمیاتی واقعات میں اضافہ ہوتا ہے، آب و ہوا کی تبدیلی اور پانی سے متعلق دیگر چیلنجوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے پانی کا ذخیرہ تیزی سے ایک اہم ذریعہ بن گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 20 سالوں میں 1.43 بلین لوگ خشک سالی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور کم از کم 1.65 بلین لوگ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 2030 تک 180 ملین مزید لوگ سیلاب سے براہ راست متاثر ہوں گے۔

    انتہائی موسمی واقعات کے ساتھ ساتھ، بارشوں کے کم ہونے سے متعلق کی جانے والی پیش گوئی کی وجہ سے شہروں کے لیے قابل اعتماد پانی کی فراہمی کو مشکل بنا رہی ہے، زرعی پیداوار کو کم کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے۔

    اگرچہ دنیا کی آبادی کو زیادہ ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہے، لیکن میٹھے پانی کے ذخیرے کی گرتی ہوئی مقدار عالمی بحران کو جنم دے رہی ہے۔

    پچھلے 50 سالوں میں جب کہ دنیا کی آبادی دگنی ہوگئی ہے، آبی زمینوں اور سیلابی میدانوں کی تباہی اور گلیشیئر پگھلنے کی وجہ سے قدرتی پانی کے ذخیرے کے حجم میں تقریباً 27 ٹریلین کیوبک میٹر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

  • پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر، عالمی بینک نے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی

    پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر، عالمی بینک نے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی

    کراچی: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔

    عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے لیے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی گئی، اس رقم کے ذریعے 5 بڑے منصوبوں کی فنڈنگ کی جائے گی۔

    سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 50 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے لیے 50 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

    رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں استعمال ہوگی، اس رقم سے سیلاب متاثرہ خواتین کو کیش گرانٹ دی جائے گی، اعلامیہ میں کہا گیا کہ کیش گرانٹ سیلاب متاثرہ ماں کی صحت عامہ کے لیے دی جائے گی۔

    موجودہ حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے: پاکستان نے آئی ایم ایف سے کہہ دیا

    سیلاب متاثرہ کسانوں کو بھی فصل اگانے کے لیے سپوٹ کیا جائے گا، کسانوں کو کھاد اور بیج فراہم کیے جائیں گے۔

    اعلامیہ میں بتایا گیا کہ 29 کروڑ ڈالر کی رقم سندھ واٹر اینڈ ایگری کلچر ٹرانفارمیشن پراجیکٹ کے لیے استعمال ہوگی جب کہ سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری سسٹم پراجیکٹ کے لیے 20 کروڑ ڈالر رقم خرچ کی جائے گی۔

  • بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    کوئٹہ: عالمی بینک کی جانب سے صوبہ بلوچستان کو 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی ہے جو سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ورلڈ بینک کی جانب سے بلوچستان کو آسان شرائط پر 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی۔

    مذکورہ قرض کی پیشکش صوبے میں سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی کے لیے کی گئی۔

    عالمی بینک نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عالمی بینک نے بحالی اور تعمیر نو کے لیے معاونت کی یقین دہانی کروائی۔

    ملاقات میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل محدود جبکہ تباہی لا محدود ہے، پہلے دن طے کیا تھا قرض بھی لینا پڑا تو گریز نہیں کریں گے مگر ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔

  • ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    لاہور: ورلڈ بینک نے پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے، پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی بینک پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دے گا۔

    اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور، شیخو پورہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں سسٹم نصب ہوں گے، صوبے میں 30 مقامات پر ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ 15 مقامات پر واٹر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور میں 25 الیکٹرک بسوں سے ماحول دوست پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا، ماحولیاتی بہتری کے لیے پلاسٹک کو کنٹرول کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 6 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گرین فنانسنگ اسٹریٹجی تشکیل دی جارہی ہے، ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے آلات کی انسپکشن بھی شامل کی جائے گی۔ گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت 6 انڈسٹریز کو آسان قرضے دیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے عوام میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے جاری ہے، تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی سربراہی ریجنل ڈائریکٹر نے کی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے کسانوں کو بیج دینے کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کیے ہیں، ساڑھے 12 ایکڑ زمین رکھنے والے چھوٹے کاشت کاروں کو زیادہ رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے 25 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو 5 ہزار فی ایکڑ بیج دینے کا وعدہ کیا ہے، محکمے چھوٹے کاشت کاروں سمیت کسانوں کی کل زمین کا ڈیٹا تشکیل دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے شروع کردیا گیا ہے، سروے مکمل ہوتے ہی عالمی بینک سے ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا، ورلڈ بینک نے گھروں کی تعمیر کے لیے 110 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، کراچی میں بھی متاثرہ سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔

  • عالمی بینک کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے 2 ارب ڈالر امداد کا اعلان

    عالمی بینک کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے 2 ارب ڈالر امداد کا اعلان

    عالمی بینک کے جنوبی ایشیا کے عہدیدار نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ ملک پاکستان کیلئے دو ارب ڈالر کی خصوصی امداد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے کہا ہے کہ سیلاب کی آفت سے متاثرہ پاکستان کو دو ارب ڈالر کی خصوصی امداد فراہم کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک کے جنوبی ایشیا ریجنل ڈپٹی چیئرمین مارٹن ریزر نے پاکستان کی صورتحال کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سیلاب سے جانی نقصان پر انہیں دلی افسوس ہے۔

    Displaced people walk on flooded highway, following rains and floods during the monsoon season in Sehwan, Pakistan, September 16, 2022. Reuters-Yonhap

    ان کا کہنا تھا کہ ہم سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے لوگوں کی بحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

    ورلڈ بینک نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں پاکستان کے لیے سیلاب سے متعلق امداد کے لیے 850 ملین ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ 2 بلین ڈالر کے اعداد و شمار میں وہ رقم شامل ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں 14 جون سے اب تک جاری مون سون کی موسلا دھاربارشوں سے پیدا ہونے والی تباہ کاریوں میں1638 سے زائد شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔