Tag: World cup 2015

  • ورلڈ کپ:  298 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری

    ورلڈ کپ: 298 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری

    آک لینڈ : ورلٖڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے دو سو اٹھانوے رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔

    جنوبی افریقہ نے مقررہ تینتالیس اوورز میں پانچ وکٹوں پر دو سو اکیاسی رنز بنائے، ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے دو سو اٹھانوے رنز کا ہدف دیا گیا ہے۔

    اس وقت مارٹن گپٹل اور راس ٹیلر وکٹ پر موجود ہیں، اب تک نیوزی لینڈ نے 14 اووروں میں دو وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے ہیں۔

    نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم نے دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر 59 رنز بنائے، انھیں ڈیل سٹین نے مورنے مورکل کی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔  برینڈن میک کلم کے بعد کین ولیمسن صرف چھ رنز بنا کر مورکل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

    آکلینڈ میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن چل گئی، پروٹیاز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اکتیس رنز پر ہاشم آملہ اور کوانٹن ڈی کوک کی وکٹ نے جنوبی افریقہ کو مشکل میں ڈال دیا، ایسے میں ڈوپلیسی اور روسو نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور جم کر بیٹنگ کی۔

    ڈوپلیسی نے بیاسی رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ روس نے انتالیس رنز بنائے، اڑتیس اوورز میں جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں پر دو سو سولہ رنزبنائے تھے کہ میچ بارش کے سبب روک دیا گیا۔

    کھیل دوبارہ شروع ہوا تو میچ تینتالیس اوورز تک محدود کردیا گیا، آخری پانچ اوورز میں جنوبی افریقہ نے میچ کا نقشہ تبدیل کردیا، پانچ اوورز میں پینسٹھ رنز جڑدیئے، ڈیوڈ ملر آئے اور چھاگئے۔

    دونوں ٹیموں نے اس سے پہلے کبھی ورلڈ کپ کے فائنل  کیلئے کوالیفائی نہیں کیا۔

    سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں آسٹریلیا یا بھارت سے ہوگا۔

  • پہلا سیمی فائنل: جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری، بارش کے باعث میچ روک دیا گیا

    پہلا سیمی فائنل: جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری، بارش کے باعث میچ روک دیا گیا

    آک لینڈ:  ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ مڈِ مقابل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے  بیٹنگ کا فیصلہ کیا،  جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری تھی کہ 38 اووروں کے اختتام پر بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔

    اب تک جنوبی افریقہ نے  تین وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنالئے ہیں اور اس وقت فاف ڈو پلیسی 82 اور کپتان اے بی ڈیویلیئرز انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 60 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

    فاف ڈو پلیسی اور کپتان اے بی ڈیویلیئرز کے درمیان 71 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم ہوچکی ہے۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، آملا دس رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جس میں دو چوکے شامل تھے۔

    ہاشم آملہ کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈی کوک بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور وہ بھی بولٹ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش کی لیکن باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

     اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈوپلیسی اور رائلی روسو نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور ٹیم کا اسکور 114 تک پہنچا دیا مگر روسو کوری اینڈرسن کی گیند پر مارٹن گپٹل کے ہاتھوں پوائنٹ پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ  نے کئی کیچ اور رن آؤٹ کے موقعے ضائع کیے ہیں۔

  • ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی

    ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی

    آسٹریلیا : ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے کے بعد چھ ٹیموں کی چھٹی ہوئی اور کوارٹرفائنل میں بھی چار ٹیموں کا سفر ختم ہوگیا۔

    پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز بھی باہر بھی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے اور سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بھارت نے سیمی میں جگہ بنا لی ہے۔

    عالمی کپ کا پہلا سنسنی خیز سیمی فائنل چوبیس مارچ کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

     چھبیس مارچ کو دفاعی چیمپئن بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں سڈنی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

    عالمی کپ کا فائنل انتیس مارچ کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

  • نیوزی لینڈ کے مارٹن گپتل کا ورلڈ کپ میں نیا عالمی ریکارڈ

    نیوزی لینڈ کے مارٹن گپتل کا ورلڈ کپ میں نیا عالمی ریکارڈ

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے مارٹن گپتل نے ورلڈ کپ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے،  ویسٹ انڈیز کے خلاف کوارٹرفائنل میں گپتل نے ڈبل سینچری جڑدی۔

    ویسٹ انڈیز کے بولرز حریفوں کے نشانے پر تھے اور اس بار ڈی ولئیرز نہیں بلکہ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپتل جلاد بن گئے، گپتل نے ویسٹ انڈین بولرز کی جم کر دھرگت بنادی، کیوی کھلاڑی نے شائقین کو فیلڈرز بنادیا،  اکیس چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ڈبل سینچری بنا ڈالی۔

    گپتل ورلڈ کپ میں ڈبل سینچری بنانے والے دوسرے اور مجموعی طور پر پانچویں کھلاڑی بن گئے، ویسٹ انڈین بولرز ورلڈ کپ میں اپنے ہی ساتھی کھلاڑی کرس گیل کا دو سو پندرہ رنز کا ریکارڈ ٹوٹنے سے نہ بچاسکے۔

    گپتل نے ناٹ آؤٹ دو سو سینتیس رنز بناکر ورلڈ کپ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

  • پاکستان کی ناقص فیلڈنگ شکست کی وجہ بنی

    پاکستان کی ناقص فیلڈنگ شکست کی وجہ بنی

    ایڈیلیڈ: پاک آسٹریلیا ناک آؤٹ میچ میں راحت علی اور سہیل خان نے آسان کیچز چھوڑ کر میچ آسٹریلیا کی جھولی میں ڈال دیا۔

    کہتے ہیں کیچز ون میچز اور پاک آسٹریلیا ٹاکرے میں یہ بات سچ ثابت ہوئی۔ اگر اہم میچ میں اہم کھلاڑی کا اہم میچ چھوڑ دیا جائے تو پھر ٹیم کیسے جیت سکتی ہے۔

    راحت علی نے صرف کیچ ہی نہیں گرایا بلکہ میچ بھی گرا دیا، یا یوں کہیں ورلڈکپ ہی گرادیا اور نتیجہ پاکستان کوشکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

    شین واٹسن نے ففٹی بنائی اور وننگ شاٹ مار کر ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچایا، ایک کیچ سے دل نہ بھرا تو سہیل خان بھی مہربان ہوگئے اور گلین میکس کا کیچ چھوڑ کر رہی سہی کسر پوری کردی۔

    اس بار بھی بدقسمت بولر کوئی نہیں جان مارنے والے وہاب ریاض ہی تھے، جن کی محنت پر راحت علی اور سہیل خان نے پانی پھیردیا۔

  • کوارٹر فائنل میں شکست، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیرختم ہوگیا

    کوارٹر فائنل میں شکست، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیرختم ہوگیا

    ایڈیلیڈ: آسٹریلیا سے ورلڈ کپ کوارٹرفائنل ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیر بھی ختم ہوگیا۔

    ٹک ٹک سے سب کے دلوں میں اتر جانے والے پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کا ون ڈے میں نام کے ساتھ سابق لگ گیا، دوہزار دو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کیرئیر کا آغاز کیا، دو ہزار سات کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے ٹک ٹک مصباح نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔ مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا۔

    ٹھنڈے مزاج والے مصباح الحق کو اس وقت کپتان بنایا گیا جب پاکستانی ٹیم میچ فکسنگ کے منجدھار میں پھنس چکی تھی، تحمل اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان نے جب بھی مارا خوب مارا اور ٹیم کے لئے کئی موقعوں پر مرد بحران ثابت ہوئے۔

    مصباح نے ایک سو باسٹھ ون ڈے کھیلے اور کئی میچوں میں میچ ونر ثابت ہوئے مگر کامیاب ترین کپتان اپنے ون ڈے کیرئر میں ایک سنچری بنائے بغیر رخصت ہوگئے۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیر بھی ختم ہوگیا۔

    انیس سو چھیانوے میں نیروبی میں طلوع ہونے والا سورج ایڈیلیڈ کے میدان میں غروب ہوگیا، اپنے دوسرے ہی ون ڈے میں تیز ترین سینچری بناکر آفریدی دنیائے کرکٹ پر چھاگئے تھے، آفریدی آگے بڑھتے رہے اور ون ڈے میں ریکارڈز بنتے رہے، کئی نشیب وفراز بھی آئے لیکن اسٹار کھلاڑی نے ہمت نہیں ہاری۔

    اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آفریدی کو بوم بوم کا لقب ملا، وہ وکٹ پر جب تک کھڑے رہتے بولرز کی جان پر بنی رہتی، ان کی بلے بازی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

    ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی بوم بوم کو ہی حاصل ہے، آفریدی آٹھ ہزار رنز اور ساڑھے تین سو سے زائد وکٹیں لینے والے بھی واحد آل راؤنڈر ہیں۔

    آفریدی اب صرف ٹی ٹوئنٹی میں ایکشن میں دکھائی دیں گے ، آسٹریلیا سے کوارٹرفائنل میں شکست کے ساتھ آفریدی کا ون ڈے کیرئیر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

  • ورلڈ کپ : آسٹریلیا سے شکست کے ساتھ پاکستان کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر

    ورلڈ کپ : آسٹریلیا سے شکست کے ساتھ پاکستان کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر

    ایڈیلیڈ: ورلڈ کپ  کے تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

    آسٹریلیا نے 214 رنز کا مطلوبہ ہدف 34ویں اوور میں حاصل کرلیا، آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں 26 مارچ کو سڈنی میں دفاعی چیمپیئن بھارت کے مدِ مقابل ہوگی۔

    آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ اور شین واٹسن نے نصف سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلواکر سیمی فائنل تک پہنچایا، سمتھ 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ واٹسن نے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، آخر میں گلین میکسویل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔

    پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے دو وکٹیں جبکہ سہیل خان اور احسان عادل نے ایک ایک وکٹ لی۔

    اس سے قبل ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے  50 اوور میں 213 رن بنائے۔

    پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام رہی، گذشتہ دو میچوں میں پاکستان کو فتح دلوانے والے سرفراز احمد اس بار دس رنز ہی بنا سکے

    حارث سہیل نے 41 ، مصباح الحق نے 34، صہیب مقصود نے 29، شاہد آفریدی نے 15 گیندوں پر 23 اور عمر اکمل نے 20 رنز بنائے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وڈ نے چار وکٹیں لیں جبکہ مچل سٹارک نے دو وکٹیں لیں، اس ورلڈ کپ میں مچل سٹارک کی وکٹوں کی تعداد 18 ہوگئی اور وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

    گلین میکسویل نے بھی دو وکٹیں لیں جبکہ مچل جانسن اور جیمز فاکنر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

  • پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے  214رنزکا ہدف

    پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 214رنزکا ہدف

    ایڈیلیڈ:  ورلڈ کپ 2015 کے تیسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا اور پاکستان آمنے سامنے ہیں۔

    ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 214 رنز کا ہدف دیدیا۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50ویں اوور میں 213 رن بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

    پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے محتاط انداز  میں اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

    سرفراز احمد 5ویں اوور میں 10رنز بنا کر سٹارک کی گیند ہر آؤٹ ہوگئے ، جس کے بعد اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر احمد شہزاد بھی ہیزل وڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

    حارث اور مصباح نے دو وکٹوں کے نقصان کے بعد 73رنز کی پارٹنز شپ قائم کی لیکن گلین میکسویل نے مصباح کو کیچ کروا کر پارٹنر شپ توڑ دی۔

    مصباح کے بعد پاکستان کو چوتھی وکٹ 112 رنز پر گری، حارث سہیل 41 رنز بنا کر مچل جانسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل صرف 20 رنز بنا سکے۔

    شاہد آفریدی نے اپنی روایت برقرار رکھی اور 15 گیندوں پر 23 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کی ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ درست ثابت ہوا، ہیزل وڈ نے چار وکٹوں لیں جبکہ مچل سٹارک نے دو وکٹٰیں لیں ۔

    اس ورلڈ کپ میں مچل سٹارک کی وکٹوں کی تعداد 18 ہوگئی اور ایک بار پھر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

    گلین میکسویل نے بھی دو وکٹیں لیں جبکہ مچل جانسن اور جیمز فاکنر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    آج کے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئین بھارت کے مدِ مقابل ہوگی۔

  • ایڈیلیڈ: کوارٹر فائنل،  پاکستان ٹیم دباؤ کا شکار

    ایڈیلیڈ: کوارٹر فائنل، پاکستان ٹیم دباؤ کا شکار

    ایڈیلیڈ:  ورلڈ کپ 2015 کے تیسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا اور پاکستان آمنے سامنے ہیں۔

    سنسنی خیز کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے محتاط انداز  میں اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

    اس وقت وہاب ریاض اور صہیب مقصود وکٹ پر موجود ہیں اب تک پاکستان نے 36 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا لیے ہیں۔

    سرفراز احمد 5ویں اوور میں 10رنز بنا کر سٹارک کی گیند ہر آؤٹ ہوگئے ، جس کے بعد اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر احمد شہزاد بھی ہیزل وڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

    حارث اور مصباح نے دو وکٹوں کے نقصان کے بعد 60 سے زیادہ رنز کی پارٹنز شپ قائم کی، گلین میکسویل نے مصباح کو کیچ کروا کر پارٹنر شپ توڑ دی۔

    مصباح کے بعد پاکستان کو چوتھی وکٹ 112 رنز پر گری، حارث سہیل 41 رنز بنا کر مچل جانسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل صرف 20 رنز بنا سکے۔

    شاہد آفریدی نے اپنی روایت برقرار رکھی اور 15 گیندوں پر 23 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں ایک اہم تبدیلی کی ہے فاسٹ باؤلرپیٹ کمنس کی جگہ ٹیم میں جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

    پاکستانی ٹیم احمد شہزاد، سرفراز احمد، حارث سہیل، مصباح الحق، صہیب مقصود،عمر اکمل، شاہد آفریدی، وہاب ریاض ، سہیل خان ، راحت علی اور احسان علی پر مشتمل ہے۔

    آسٹریلیا کی جانب ست ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مائیکل کلارک، شین واٹسن، گلین میکس ول، جیمزفلکنر، بریڈ ہیڈن، مشعل جانسن، مشعل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

    ورلڈ کپ کا یہ انتہائی اہم میچ آج شاہینوں کی قسمت کا فیصلہ کرے گا کہ وہ اپنی اڑان جاری رکھیں گے یا وطن کی راہ لیں گے۔

    ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان اور آسٹریلیا ماضی میں آٹھ بار مدِمقابل آ چکے ہیں، جن میں سے دونوں نے چار چار میچ جیتے ہیں۔

     سن 1992 کے ورلڈ کپ میں پاکستان آسٹریلیا کو اسی میدان میں شکست دے چکا ہے، اس لئے پاکستان کو آسٹریلیا پرنفسیاتی برتری حاصل ہے۔

    آج کے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئین بھارت کے مدِ مقابل ہوگی۔

  • بنگلادیش کو شکست: دفاعی چیمپیئن بھارت ورلڈ کپ کےسیمی فائنل میں پہنچ گیا

    بنگلادیش کو شکست: دفاعی چیمپیئن بھارت ورلڈ کپ کےسیمی فائنل میں پہنچ گیا

    میلبرن :دفاعی چیمپیئن بھارت نے کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے، کوارٹر فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو ایک سو نو رنز سے شکست دی۔

    میلبرن میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دھون تیس رنزبناکر آؤٹ ہوئے، ڈینجر مین ویرات کوہلی کا جادو نہ چل سکا، وہ صرف تین رنز ہی بناسکے۔ رہانے انیس رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔

    ایک سو پندرہ رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد روہت شرما اور سریش رائنا وکٹ پر ڈٹ گئے، شرما ایک سو سینتیس اور رائنا نے پینسٹھ رنز اسکور کیے،بھارت نے جیت کیلئے تین سو تین رنز کا ہدف دیا۔

    حدف کے تعقب میں بنگال ٹائیگرز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، پوری ٹیم ایک سو ترانوے رنز پر ڈھیر ہوگئی، امیش یادو نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بھارت ایک سو نو رنز سے فاتح رہ کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔