Tag: world cup

  • قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو گیا

    قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو گیا

    کراچی: قومی ٹیم سڈنی سے دبئی پہنچ گئی آج رات سے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو گیا، پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے لاہور پولیس سے مدد مانگ لی۔

     کراچی پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کرکٹر شاہد آفریدی،سرفراز احمد اوسہیل خان شامل ہیں، کھلاڑی ائیرپورٹ پر پرستاروں سے مل کر گھر کے لئے روانہ ہوگئے۔

    اس موقع پر شاہد آفریدی نے ایئرپورٹ پر شائقین کرکٹ سے معذرت بھی کی، انہوں نے کہا کہ وہ ناقص کارکردگی پر قوم سے شرمندہ ہیں ۔

    اس سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم طویل سفر طے کرنے کے بعد سڈنی سے دئبی پہنچی تھی، دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پیر کو وطن واپس پہنچنے کا امکان ہے۔

    پی سی بی نے کھلاڑیوں کے خلاف کسی ممکنہ ردعمل سے بچنے کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رابطہ کرکے سیکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

    ایئرپورٹ کے اندر اے ایس ایف جبکہ ائیرپورٹ کے باہر پولیس کمانڈو موجودہونگے، کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو ائیرپورٹ آنے سے منع کردیا گیا تھا۔

    دوسری جانب قومی ٹیم کےوکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کا گھرپہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا، جہاں شائقین کرکٹ اوراہل محلہ نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔ سرفرازاحمدنےگھرکی بالکونی میں آکرشائقین کاشکریہ اداکیا۔

  • نیوزی لینڈ چھ مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ کر ناکام

    نیوزی لینڈ چھ مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ کر ناکام

    سڈنی: نیوزی لینڈ کی ٹیم عالمی کپ کی تاریخ میں ساتویں بار سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔لیکن کیوی ٹیم تاحال فائنل نہیں کھیل سکی ۔

    کیا قسمت اس بار نیوزی لینڈ کا ساتھ دے گی؟ چھ بارسیمی فائنل میں آئی اور چھ بار ہی ہارگئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم انیس سو پچھتر سے ورلڈکپ جتنےکا انتظار کررہی ہے۔

    ہر بار گروپ میں بڑی بڑی ٹیموں کو دھول چٹانے کے بعد نیوزی لینڈ نے ہمیشہ ہی سیمی فائنل میں آکر مارکھائی ،پہلا سیمی فائنل انیس سو پچھتر میں کھیلا دوسرا انیس سو اناسی میں توبانوے میں پاکستان کے سامنے آیا۔

    ننانوے میں بھی شاہینوں نے کیویز کا خواب تار تارکیا ۔دو ہزار سات، دوہزار گیا رہ میں لنکن ٹائیگر سے مارکھائی اور ورلڈکپ جیتنے کا خواب مزید طویل ہوگیا۔

    مگر چالیس سال کا انتظار اس بار ختم ہوسکتا ہے۔ پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی ٹیم نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں  جنوبی افریقہ سے مدمقابل ہے جوچوکرز کے نام سے مشہور ہے۔

  • شاہین ٹولیوں کی شکل میں پاکستان پہنچیں گے

    شاہین ٹولیوں کی شکل میں پاکستان پہنچیں گے

    سڈنی : ورلڈ کپ کے کوارٹر میں شکست کے بعد قومی ٹیم سڈنی سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئی ، آج رات سے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ تلخ یادوں کے بعد ختم ہوگیا،کوارٹرفائنل ہار کر شاہینوں کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا۔

    قومی ٹیم نے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد شاندار کم بیک کیا، زمبابوے، یو اےای ، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کو شکست دیکر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی، لیکن قمست نے ساتھ نہ دیا اور ٹیم ٹورنامنٹ سے ناک آؤٹ ہوگئی۔

    ورلڈ کپ میں سفر ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم سڈنی میں ایک روز آرام کے بعد وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئی ، کھلاڑی ٹولیوں کی شکل میں براستہ دبئی کراچی اور لاہور پہنچیں گے۔

    پہلے مرحلے میں آفریدی، سرفراز احمد ، سہیل خان رات نو بجے فلائٹ نمبر ای کے چھ سو دو کے ذریعےکراچی پہنچیں گے، جبکہ دوسرا گروپ پیر کی صبح لاہور اترے گا، یونس خان کچھ روز قیام کے بعد پاکستان آئیں گے۔

  • ورلڈ کپ: قومی ٹیم کل وطن واپس روانہ ہوگی

    ورلڈ کپ: قومی ٹیم کل وطن واپس روانہ ہوگی

    سڈنی : پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوگیا۔ قومی ٹیم کل سڈنی سے وطن واپس روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرا کر واپسی کا ٹکٹ تھمادیا۔ گرین شرٹس نے میگا ایونٹ میں ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد زمبابوے، یو اے ای، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کو شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔

      پا کستان اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے کوارٹر فائنل میں  قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔ اورقومی ٹیم چار مرتبہ کی سابق ورلڈ چیمپئین آسٹریلوی ٹیم سے میچ ہارکر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

    ورلڈ کپ میں اپنا سفر ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم کل سڈنی سے وطن واپسی کے لئے روانہ ہوگی۔

    آسٹریلیا سے ورلڈ کپ کوارٹرفائنل ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیر بھی ختم ہوگیا ہے۔

    کپتان مصباح الحق نے دوہزار دو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کیرئیر کا آغاز کیا، دو ہزار سات کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے ٹک ٹک مصباح نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔ مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کاانیس سو چھیانوے میں نیروبی میں طلوع ہونے والا سورج ایڈیلیڈ کے میدان میں غروب ہوگیا، اپنے دوسرے ہی ون ڈے میں تیز ترین سینچری بناکر آفریدی دنیائے کرکٹ پر چھاگئے۔

  • بھارت اوربنگلہ دیش کے درمیان کوارٹرفائنل آج کھیلا جائے گا

    بھارت اوربنگلہ دیش کے درمیان کوارٹرفائنل آج کھیلا جائے گا

    میلبورن : کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کا دوسرا کوارٹرفائنل آج دفاعی چیمپیئن بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میلبورن میں ایونٹ کے دوسرے کوارٹرفائنل کا میدان سجے گا، دفاعی چیمپیئن بھارت اور بنگلہ دیشی کھلاڑی ناک آؤٹ میچ میں ٹکرانے کیلئے تیار ہیں۔

    میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔ بھارتی ٹیم ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے، گروپ میچ میں بھارت بارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہی تھی۔

    پول اے سے بنگلہ دیش کی ٹیم انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دیکر پہلی مرتبہ کوارٹرفائنل میں پہنچی ہے۔

  • آسٹریلیا سے کوارٹرفائنل،قومی ٹیم تیاریوں میں مصروف

    آسٹریلیا سے کوارٹرفائنل،قومی ٹیم تیاریوں میں مصروف

    ایڈیلیڈ : پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں آسٹریلیا سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے تیاریوں میں مصروف ہے۔ بڑے میچ کیلئے بڑی تیاریاں جاری ہیں۔ مگرمحمد عرفان کے ٹیم سے آؤٹ ہونے سے ٹیم کو بڑا دھچکالگا ہے۔

    پیس اٹیک کی تمام تر ذمہ داری اب وہاب ریاض، راحت علی اور سہیل خان کے کاندھوں پر آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ڈو اینڈ ڈائی میچ کے لئے قومی ٹیم کی ایڈیلیڈ میں بھرپور تیاری جاری ہے۔ آسٹریلوی بولرز سے نمٹنے کیلئے بلے بازوں کو خصوصی ٹپس دی جارہی ہیں۔

    فیلڈنگ بھی مزید بہتر بنانے کے لئے کوشش ہورہی ہیں۔ ایڈیلیڈ کی چھوٹی باؤنڈری پر بولرز اور بیٹسمین دونوں کا ہی امتحان ہوگا۔ آسٹریلیا کے پاس دنیا کے بہترین ہٹرز موجود ہیں تو پاکستان بھی جارحانہ مزاج بیٹسمینوں سے لیس ہے۔

    مقابلہ بہت سخت ہونے کا امکان ہے۔ کرکٹ کے پاکستانی متوالے شاہینوں سے فتح کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔

  • پہلا کوارٹرفائنل : سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کل ٹکرائیں گی

    پہلا کوارٹرفائنل : سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کل ٹکرائیں گی

    سڈنی : کرکٹ ورلڈ کپ کا ناک آؤٹ مرحلہ کل سے شروع ہورہا ہے،پہلے میچ میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا ٹکراؤ سڈنی میں ہوگا۔

    کرکٹ ورلڈ کپ کا سنسنی خیز مرحلہ بدھ سے شروع ہوگا ،کوارٹر فائنل میں پہلا مقابلہ سابق عالمی چیمپیئن سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا ہے جو سر دھڑ کی بازی لگانے کیلئے سڈنی میں آمنے سامنے ہونگے۔

    حالیہ ایڈیشن میں سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشن رنز کے انبار لگارہے ہیں، سنگاکارا،دلشن پروٹیاز کے اے بی ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملہ بھی کسی سے کم نہیں،

    دونوں آخری گیند تک لڑنا بخوبی جانتے ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں پرویٹاز کو سبقت حاصل ہے ،لیکن سری لنکن ٹیم میں مالنگا شامل ہیں۔

    سری لنکا کو ناک آوٹ مرحلے کا وسیع تجربہ ہے تو پروٹیاز کی جان نکلتی  ہے۔ چوکر ز کا ٹیگ ہٹانے کے لئے ڈویلیرز الیون کو دباؤ سے باہر نکل کر کھیلنا ہوگا۔

    ورلڈ کپ ایڈیشنز میں دونوں ٹیمیں چار مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ پروٹیاز نے دو میں کامیابی سمیٹی،ایک میں سری لنکا فاتح رہا اور ایک میچ بے نتیجہ ثابت ہوا ہے۔

    کرکٹ ورلڈ کپ کےکوارٹر فائنل راؤنڈ میں جو جیتا وہ ٹاپ فور میں جگہ بنائے گا۔جو ہارا وہ گھر جائے گا

  • ورلڈ کپ کوارٹر فائنل :پاکستان آسٹریلیا مقابلہ بیس مارچ کو ہوگا

    ورلڈ کپ کوارٹر فائنل :پاکستان آسٹریلیا مقابلہ بیس مارچ کو ہوگا

    ایڈیلیڈ : پاکستان نے ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ بیس مارچ کو سنسنی خیز مقابلہ چار بار کے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا سے ہوگا۔ اگر مگر ختم ہوگیا اور پاکستان کوارٹرفائنل میں پہنچ گیا۔

    اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہارنے والی ٹیم سیدھا گھر آئے گی۔ ائیر پورٹ پر شائقین یقیناً  بپھرے ہوئے ہونگے۔ ایک ناکامی پچھلی کامیابیوں کو بے معنی بنادے گی۔

    ایڈیلیڈ میں بیس مارچ کو گھمسان کا رن پڑے گا۔ مدمقابل آسٹریلیا جس کی باؤلنگ تباہ کن اور نو نمبر تک بیٹنگ ہے۔ شاہنیوں کا لمبے چوڑے کینگروز سے ٹاکرا ہوگا۔

    آسٹریلیا کے پاس چھکے مارنے والوں کی بھرمارہے۔ اور پاکستان کے پاس چھکے چھڑانے والوں کی کمی نہیں ،کیونکہ ان کے ساتھ قوم کی دعائیں ہوں گی۔

    اس دن بوم بوم دھوم مچائے گا اورویسے بھی سرفراز دھوکا نہیں دے گا۔ جمعے کا بابرکت دن ہوگا اور شاہینوں کی محنت بیڑا پار لگائے گی، کیونکہ قوم کی دعائیں جو ساتھ ہیں۔

  • گرین شرٹس کی مانگ میں اضافہ، دکانداروں نے سیل لگا دی

    گرین شرٹس کی مانگ میں اضافہ، دکانداروں نے سیل لگا دی

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتوحات کیساتھ گرین جرسی کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شائقین اب پاک آسٹریلیا کوارٹر فائنل کیلئے تیاریاں کررہے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی پہچان گرین جرسی ہے جو ورلڈ کپ میں پوری قوم کی نمائندگی کررہی ہے۔

    مصباح الحق الیون کی شاندار کارکردگی نے اب گرین جرسی کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ کردیا ہے، ہر طرف کرکٹ کٹ کی بھرمار ہے۔

     دکاندار بچے خاص طور سے پاکستان ٹیم کی جرسی خرید رہے ہیں تاکہ گھر میں یا پھر بڑی اسکرین پر میچ کا مزہ دوبالا ہوجائے شائقین دکانداروں نے بھی پاکستانی جرسی پر سیل لگا دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین خریداری کرکے اپنا شوق پورا کرسکیں۔

  • شاہینوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، الطاف حسین

    شاہینوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کرکٹ ورلڈکپ میں آئر لینڈ کیخلاف میچ میں پاکستان کی شاندارکامیابی پر پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں ،آفیشلزاورپوری قوم کوزبردست مبارکبادپیش کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ آج کے اس اہم میچ میں پاکستان ٹیم کے باؤلرز، بیٹسمینوں اورتمام کھلاڑیوں نے شاندارکھیل کامظاہرہ کیا،جس پر وہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے آج جس طرح ٹیم ورک کامظاہرہ کیاہے اگرآئندہ مقابلوں میں بھی اسی طرح ٹیم ورک کامظاہرہ کیاتوانشاء اللہ پاکستان ٹیم مستقبل میں ہونے والے تمام مقابلوں میں بھی کامیابی سے ہمکنارہوگی۔

    انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ورلڈکپ میں فتح وکامرانی سے ہمکنارفرمائے۔ الطاف حسین نے پاکستانی عوام سے کہاکہ وہ قومی ٹیم کی فتح کا جشن مناتے وقت یہ ذہن میں ضرور رکھیں کہ آج صبح ہی دہشت گردوں نے مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد بے گناہ مسیحی افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم ان بے گناہ مسیحی برادری کے دکھ کو سامنے رکھیں اور اپنی دعاؤں میں انہیں بھی شریک رکھیں۔