Tag: world cup

  • ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی نذر

    ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی نذر

    برسٹل: ورلڈ کپ 2019 میں آج کھیلا جانے والا بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی باعث منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برسٹل میں بادل پھر برس پڑے، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی منسوخ ہوگیا، بارش کے باعث ٹاس بھی نہ ہوسکا، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

    ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا۔

    بارش سے متاثر ہونے والا یہ پہلا میچ نہیں، رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ یکے بعد دیگرے میچز بارش کی زد میں آرہے ہیں۔

    اس سے قبل پاکستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوچکا ہے جبکہ بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔

    اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جب کہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے.

    سوشل میڈیا پر بارش کو آئی سی سی ورلڈکپ کی گیارہویں ٹیم قرار دیا جارہا ہے، شائقین کو تشویش ہے کہ کہیں یہی ٹیم ورلڈ ٹرافی اپنے نام نہ کر لے.

    بارش سے ٹیموں کو نقصان ہورہا ہے، ڈک ورتھ لوئس قانون سے کمزورٹیم بھی فائدہ اٹھا رہی ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ‌ کردیا گیا

    ورلڈ کپ 2019، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ‌ کردیا گیا

    ساؤتھ ہیمپٹن: ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں ایک اور میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان صرف 7.3 اوورز کا کھیل ہوا جس کے بعد بارش ہوگئی، امپائرز نے کافی دیر انتظار کے بعد میچ ختم کردیا۔

     ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں بارش سے قبل جنوبی افریقہ نے 7.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز بنائے تھے، کولٹرنیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    ہاشم آملہ 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مرکرام 5 رنز بنا کر کولٹرنیل کی گیند پر شائے ہوپ کو کیچ دے بیٹھے، جنوبی افریقہ کی ابتدائی دونوں وکٹیں کولٹرنیل نے حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے ورلڈ کپ میں منسوخ ہونے والا یہ دوسرا میچ ہے، اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ہمپٹن کے میدان میں آج ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ مدمقابل ہیں۔ ویسٹ انڈیز اب تک ٹورنامنٹ میں2 میچز کھیل چکا ہے جن میں سے 1 میں فتح حاصل کی۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں شکست کھائی۔

    آج کے میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، کوانٹن ڈی کوک، ہاشم آملہ، ایڈن مارک، ڈیوڈ ملر، کرس مورس، عمران طاہر اور بیرن ہیڈرکس شامل ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں جیسن ہولڈر (کپتان) کرس گیل، ڈیرن براوو، نکولس پورن، کارلوس بریتھ وائٹ، ایشلے نرس، کیمر روچ اور اوشن تھامس شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ 2019: نیوزی لینڈ کا فاتحانہ آغاز،سری لنکا کو باآسانی شکست

    ورلڈ کپ 2019: نیوزی لینڈ کا فاتحانہ آغاز،سری لنکا کو باآسانی شکست

    کارڈف: ورلڈ کپ 2019 کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو باآسانی شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کارڈف میں ہونے والے میچ میں  نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    کیویز باؤلر میچ کے پہلے ہی اوور سے مخالف ٹیم پر بھاری نظر آئے، سری لنکا کا پہلا کھلاڑی چار کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے تو اُس کے بعد کوئی بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹک سکا، دوسری اور تیسری وکٹ بھی 46 پر گری، 53 پر چوتھی، 59 پر پانچویں، 60 پر چھٹی، 112 پر ساتویں، 114 پر آٹھویں، 130 پر نویں اور 136 پر دسویں وکٹ گری۔

    سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ کپتان کرو نارتنے ناقابل شکست 52 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ہینری اور ایل ایچ فرگوسن نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بولٹ، گرانڈ ہوم، نیشہم اور سانٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب کرنے کے لیے کیویز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز گپتل اور منرو نے کیا۔ دونوں ہی بلے بازوں نے خوب جم کر اسٹروکس کھیلے اور ناقبل شکست رہے۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 8.47 کی اوسط سے 137 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ گپتل نے 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے جبکہ منرو نے 47 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 58 کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

    ورلڈ کپ 2019 کے تیسرے روز آج 4 ٹیمیں مدمقابل ہیں، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ کے بعد دوسرا مقابلہ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان کاؤنٹی گراؤنڈ برسٹول میں ہورہا ہے۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیے جانے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کرس گیل نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری جب شائے ہوپ 11 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، ڈیرن براؤو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کرس گیل نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

    پورن 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ہیٹ میئر نے 7 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تینوں وکٹیں حاصل کی۔

    قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن صرف 21.4 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان اور بابر اعظم 22، 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے بقیہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر بھی نہ بنا سکے۔

    ویسٹ انڈین بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کپتان جیسن ہولڈر نے 3، تھامس نے 4 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اننگز کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا، یہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    میچ سے قبل ناٹنگھم میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میچ دیکھنے پہنچی۔ میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا، پاکستانیوں نے ڈبل ڈیکر بس پر جشن منایا جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    میچ سے قبل قومی ٹیم نے ٹرینٹ برج کے گراؤنڈ میں جم کر پریکٹس بھی کی۔ میچ کے لیے بارہ رکنی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث سہیل، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

    ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، پہلے سے انگلینڈ آ کر تیاری کا اچھا موقع ملا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ناٹنگھم کی پچ کا اندازہ ہے، ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ ورلڈ کپ سے پہلے بلے بازوں کا فارم میں آنا خوش آئند ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم انگلینڈ نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، پہلے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہوم گراؤنڈ پر انگلش ٹیم بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے، میزبان کے سیمی فائنل میں‌ پہنچنے کے امکانات پر بھی بات ہو رہی ہے۔

  • اپنا 100 فیصد دیں اور آخری بال تک لڑیں ،وزیراعظم کا  پاکستان ٹیم کو مشورہ

    اپنا 100 فیصد دیں اور آخری بال تک لڑیں ،وزیراعظم کا پاکستان ٹیم کو مشورہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا اپنا100فیصددیں،آخری بال تک لڑیں اور اپنےدماغ میں شکست کاخوف نہ آنےدیں، قوم کی دعائیں اورسپورٹ سرفراز اورٹیم کےساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیزکیخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے ، وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا میرا مشورہ آج بھی پاکستان ٹیم کے لئے وہی ہے، میں نے مشورہ پلیئرز کو پہلے دیا تھا، اپنا100 فیصد دیں اور آخری بال تک لڑیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا اپنے دماغ میں شکست کا خوف نہ آنے دیں، شکست کے خوف کو کھیل یاحکمت عملی پر اثرانداز نہ ہونےدیں، قوم کی دعائیں اور سپورٹ سرفراز اور ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    دوسری جانب سینیٹرفیصل جاوید نے کہا ورلڈکپ میں پاکستان اپنی مہم کاآغازکرچکی ہے، پاکستان ٹیم کےلئےنیک خواہشات کااظہارکرتےہیں، ہم باصلاحیت ہیں اورانشا اللہ آپ زبردست رہیں گے، جتنی زیادہ محنت کریں گے، کامیابی ملنے پر اتنی ہی خوشی ہوگی۔

    خیال رہے قومی ٹیم نے ورلڈکپ دو ہزار انیس کے سفر کا آغاز کردیا، پاکستان ٹیم دو بار کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے ٹرینٹ برج میں مد مقابل ہے۔

    ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے، میچ کے آغاز پر ہی اوپنر امام الحق صرف دو رن بنا کر آوٹ ہوگئے، اب تک 35 رنز پر دو وکٹیں گر چکی ہے۔

  • مشن ورلڈ کپ : قومی کرکٹر آصف علی  انگلینڈ روانہ

    مشن ورلڈ کپ : قومی کرکٹر آصف علی انگلینڈ روانہ

    لاہور : قومی کرکٹر آصف علی پاکستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے لئے انگلینڈ روانہ ہوگئے ، آ صف نے کہا مشکل وقت میں حوصلہ پر تمام دوستوں اور مداحوں کا شکر گزار ہوں، دعا فاطمہ میری طاقت اور میری قوت تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے لئے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی براستہ دبئی انگلینڈ روانہ ہوگئے۔آصف علی بیٹی کی تدفین کیلئے وطن واپس آئے تھے۔

    آ صف علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا مشکل وقت میں حوصلہ پر تمام دوستوں اور مداحوں کا شکر گزار ہوں، دعا فاطمہ میری طاقت اور میری قوت تھی ، وہ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھاکر قوم کو خوشیاں دیں گے ، قوم سےدعاؤں اور سپورٹ کی درخواست ہے ۔

    یاد رہے قومی کرکٹر آصف علی کی بیٹی امریکا میں کینسر کے باعث انتقال کرگئیں تھیں، ننھی فاطمہ امریکا میں زیر علاج تھی، آصف علی اپنی بیٹی سے دور انگلینڈ میں تھے، جہاں انہیں بچی کےانتقال کی خبرملی تھی، جس کے بعد وہ پاکستان آگئے تھے۔

    قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    بعد ازاں 23 مئی کو کرکٹر آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کی گئی اور بہشتی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

    خیال رہے آصف علی کی بیٹی کے بارے میں خبریں رواں برس پی ایس ایل کے دوران سامنے آئی تھیں، جب پی ایس ایل میں آصف علی کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

  • شاداب خان کو سگنل مل گیا، ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

    شاداب خان کو سگنل مل گیا، ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

    لاہور:ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں ،ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، نئی رپورٹس حوصلہ افزا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاداب خان کے فٹ ہونے کے بعد یاسر شاہ کو وطن واپس بلا لیا جائےگا، کہا جارہا ہے کہ ان کے اب تک کے ٹیسٹ حوصلہ افزاءہیں اور ابھی تک اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ وہ ورلڈ کپ سے باہر ہوں۔

    پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ شاداب خان کا نیا بلڈ ٹیسٹ لاہور کی لیبارٹری بھجوایا گیا ہے جس کی رپورٹ اگلے دو دن میں آئے گی۔ اتوار کو پنڈی میں شاداب خان کے خون کے نمونے لے کر مزید ٹیسٹ کے لیے شوکت خانم لیبارٹری لاہور بھجوائے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ لیگ اسپنر شاداب خان کی بیماری سے متعلق حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر نے دانت میں تکلیف کے بعد ایک عام دندان ساز سے علاج کرایا تھااور ڈینٹسٹ کے آلات سے شاداب خان کے خون میں ہیپاٹائٹس سی کے وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    شاداب خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر شاداب خان دانتوں کے کسی اچھے ڈاکٹر سے علاج کراتے تو انہیں ہیپاٹائٹس کا وائرس نہ لگتا، عام طور پر یہ وائرس حجام کی دکان اور ڈینٹسٹ کے آلات سے منتقل ہو جاتا ہے، شاداب خان کو گندے اور غیر معیاری آلات کے باعث ہیپاٹائٹس سی کے وائرس کا سامنا کرنا پڑا ۔

    ذرائع کا کہنا تھا شاداب خان نے دانتوں میں تکلیف کے بعد راولپنڈی کے جس ڈاکٹر سے رجوع کیا، ان کے آلات سے یہ وائرس ان کے جگر پر حملہ آور ہوا۔

    ورلڈ کپ روانگی سے قبل پی سی بی میڈیکل پینل نے جب تمام کھلاڑیوں کے خون کے نمونے لیے اور انہیں شوکت خانم ہسپتال کی لیبارٹری میں ٹیسٹ کرایا گیا تو پی سی بی میڈیکل پینل کو پتہ چلا کہ نوجوان کرکٹر کے خون میں ہیپاٹائٹس سی کا وائرس موجود ہے۔

    اس تشخیص کے بعد شاداب خان کو وطن واپس بھیج دیا گیا تھا اور ان کا علاج جاری ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہے شاداب خان کی نئی رپورٹس حوصلہ افزاءہیں اور اس میں اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں شریک نہ ہوں۔

  • مشن ورلڈ کپ، قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگئی

    مشن ورلڈ کپ، قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگئی

    لاہور: مشن ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگئی، گرین ٹی شرٹس سرفرازاحمدکی قیادت میں میچز کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوئی، قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گی۔

    ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپناپہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔

    پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈکپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔

    دوسری جانب کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم میں عالمی چیمپئن بننے کی صلاحیت ہے، ٹیم کا ہر کھلاڑی ترپ کا پتہ ہے۔

    ٹورنامنٹ کے حوالے سے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ پوری تیاری کے ساتھ ورلڈکپ کے لئے جارہے ہیں، جو کام عمران خان نے ورلڈکپ جیت کر پاکستان کے لئے کیا وہ میں بھی کرنا چاہتا ہوں جبکہ مکی آرتھر نے کہا دوسال سے ورلڈکپ کی تیاری کررہے ہیں پہلی کوشش ہوگی کہ ٹاپ فور میں کوالیفائی کریں۔

    کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کب اورکہاں میچ کھیلے گی

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حوصلہ بڑھایا اور دلیری سے کھیلنے کا مشورہ دیا ہے، ورلڈ کپ جیت کر جو کام عمران خان نے پاکستان کے لیے کیا، میں بھی کرنا چاہتاہوں۔

    دریں اثنا ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ ٹاپ فورمیں کوالیفائی کریں۔

  • ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم نے تیاریاں تیز کردیں

    ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم نے تیاریاں تیز کردیں

    لاہور: آئی سی سی ورلڈکپ دو ہزارانیس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم نے تیاریاں تیز کردیں، قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں نے جم کر مشقیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہو میں ٹریننگ کیمپ جاری ہے، ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ تشکیل دینے کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی ٹریننگ کا جائزہ لے رہی ہے۔

    اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گرین شرٹس کی بھرپور مشقیں جاری ہیں۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے سیشن میں فٹنس کو جانچا گیا۔

    پریکٹس سیشن میں کپتان سرفراز احمد سمیت اکیس کھلاڑی ٹریننگ کا حصہ ہیں، انگلینڈ کون کون جائے گا؟ حتمی اسکواڈ تشکیل دینے کے لیے سلیکشن کمیٹی ٹریننگ کا جائزہ لے رہی ہے۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ کپ: قومی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل، 18 اپریل کو ٹیم کا اعلان ہوگا

    ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

  • ورلڈ کپ: قومی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل، 18 اپریل کو ٹیم کا اعلان ہوگا

    ورلڈ کپ: قومی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل، 18 اپریل کو ٹیم کا اعلان ہوگا

    لاہور: ورلڈ کپ دو ہزار انیس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی کپ کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب سے پہلے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ لاہور میں مکمل ہوگیا، تئیس کھلاڑیوں نے مختلف طرح کے فٹنس ٹیسٹ دئیے ہیں۔

    عالمی کپ کے لیے انگلینڈ کا ٹکٹ اسے ملے گا جو فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرے گا، محمد نواز نے پیٹرز ٹرافی گریڈ ٹو کا میچ کھیلنے کے لیے پہلے ہی ٹیسٹ دے دیا تھا۔

    آج باقی بائیس کھلاڑیوں نے یو یو، بلپ اور رننگ ٹیسٹ دئیے، کوچ مکی آرتھر اور ٹرینر گرانٹ لوڈن نتائج مرتب کریں گے، ٹیم کا اعلان اٹھارہ اپریل ہوگا۔

    مشن ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے جس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، رضوان فٹنس لیول میں 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔

    دورہ انگلینڈ، سرفراز احمد، محمد عامر، اور عثمان شنواری نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔