Tag: World eleven matches

  • ورلڈ الیون میچز: عمران خان ودیگرکھلاڑیوں کو مدعوکیا ہے، نجم سیٹھی

    ورلڈ الیون میچز: عمران خان ودیگرکھلاڑیوں کو مدعوکیا ہے، نجم سیٹھی

    لاہور : چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے میچز میں کسی سیاسی شخصیت کودعوت نہیں دی، سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہتا ہوں تاہم عمران خان سمیت سابق کھلاڑیوں کودعوت دی ہے لیکن ابھی انہوں نے آنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت سے تعلقات جیسے ہی اچھے ہونگے ان سے میچز بھی ہوجائیں گے۔

    بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ میچز کھیلنے کو تیار ہیں لیکن بی سی سی آئی تعاون نہیں کر رہا، بھارت نے ہم سے دو سیریز نہیں کھیلیں، ان سے70ملین ڈالر مانگے ہیں، اسی وجہ سے ان پر معاوضے کے لیے آئی سی سی میں کیس کیا ہوا ہے۔

    اس کے علاوہ بی سی سی آئی نیوٹرل وینیو پر بھی ہم سے کھیلنے کو تیار نہیں۔ پاک افغان حکومتوں کے معاملات کااثر کرکٹ پرپڑرہاہے، نومبرمیں ویسٹ انڈیزکی ٹیم پاکستان آئیگی۔

    پی ایس ایل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت سے پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہوا، کوشش ہے کہ پی ایس ایل کےچار میچز کراچی اور چار لاہور میں ہوں، اس کے علاوہ ہماری یہ بھی کوشش ہے2019کا پی ایس ایل بھی پاکستان میں ہی ہو۔

    کراچی میں سیف سٹی پراجیکٹ ہونا چاہئے، کراچی بہت محفوظ شہر ہے، اگلےپی ایس ایل کے دو یا چار میچ کراچی میں کرانے کیلئےپرعزم ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ٹاپ5کھلاڑی ہیں، وکٹ اچھی ہے، دونوں ٹیموں کے بالرز تگڑےہیں، بڑےاسکور والے میچز کی توقع ہے، ورلڈالیون میچز کے بعد جنوبی افریقہ کو آنےمیں مسئلہ نہیں ہوگا۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی فرنچائز کے کیمپس پاکستان میں ہی لگ رہےہیں، ڈسپلن، فٹنس بہت ضروری ہے، ڈسپلن پرسمجھوتہ نہیں ہوگا پوری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کرنے پر ہے، اسکول کرکٹ شروع کردی ہے۔

  • ورلڈ الیون کے میچز خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، ڈیرن سیمی

    ورلڈ الیون کے میچز خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، ڈیرن سیمی

    دبئی : ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور ورلڈ الیون کے نامور کھلاڑی ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے میچوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، میچ ریفری رچی رچرڈسن بھی ان میچوں کا حصہ بننے پر خوش ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ان کے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، پاکستان میں کھیل کر خوشی ملی تھی اب اور بھی ملے گی، وہ پاکستان جانے کے حوالے سے بہت پر جوش ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کی آمد سے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی آسان ہو گی، اس کی کامیابی سے ویسٹ انڈیز کی بھی پاکستان میں آمد ہو سکتی ہے، ورلڈ الیون اور پاکستان ٹیم کا میچ دلچسپ ہو گا۔

    مارچ میں پی ایس ایل فائنل کا حصہ بننے والے ڈیرن سیمی کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کے ماضی کے بیٹسمین رچی رچرڈسن میچ ریفری ہوں گے۔ وہ بھی سیریز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑی دبئی میں پاکستان کے خلاف سیریز کی تیاری کر رہے ہیں، ورلڈ الیون کے خلاف معرکہ کے لئے قومی ٹیم نے لائٹس میں پریکٹس کی۔

    اس موقع پر نئے نویلے دولہا رومان رئیس کو سب کھلاڑیوں نے مبارکباد دی، ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ منگل کو کھیلا جائیگا۔