Tag: world record

  • ویڈیو : خاتون کھلاڑی نے لمبی تھرو پھینک کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    ویڈیو : خاتون کھلاڑی نے لمبی تھرو پھینک کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    لندن : آئرلینڈ کی خاتون فٹبالر نے خواتین کی فٹبال میں سب سے لمبی تھرو پھینکنے نے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق لندن سٹی لائنیسز کی 31 سالہ خاتون فٹبالر میگن کیمبل نے اوور ہیڈ تھرو کا بہترین مظاہرہ کیا۔

    میگن کیمبل نے گیند کو 37.55 میٹر دور پھینکا جو کہ پچھلے ریکارڈ 35 میٹر سے 2 میٹر زیادہ ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ اپنے کلب کے تربیتی میدان (کینٹ ) میں بنایا، جہاں ایک پُتلے کو 35 میٹر دور رکھا گیا تھا تاکہ وہ اس سے آگے پھینک سکیں۔

    اس موقع پر میگن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بہت خاص اور حیرت انگیز کارنامہ ہے، میں چاہتی ہوں کہ کوئی مجھ سے بھی زیادہ کامیاب ہو اور دوسرے کھلاڑی بھی اس سے لمبی تھرو پھینک کر اس ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش کریں۔

    کیمبل نے بتایا کہ انہوں نے گیند دور پھینکنے کی تربیت نوجوانی میں لڑکوں کی ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے حاصل کی اور تب بھی میرا تھرو ان اپنی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے زیادہ ہوتا تھا۔

    مزید پڑھیں : رقاص نے سر پر 468 گلاس رکھ کر عالمی ریکارڈ بنالیا، ویڈیو دیکھیں

    یاد رہے کہ اس سے قبل قبرص کے ایک رقاص نے سر پر شیشے کے 468 گلاس رکھ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، انہوں نے 319 گلاس کے گزشتہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    قبرص کے رقاص ڈینوس کانتیس نے سر پر حیران کن طور پر 468 شیشے کے گلاس رکھ کر رقص پیش کیا، یہ مظاہرہ ارادیپو میونسپلٹی کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/first-pakistani-to-set-150-guinness-world-records-in-just-9-years/

  • فون پر مسلسل کئی روز تک طویل گفتگو : عالمی اور حیران کن ریکارڈ

    فون پر مسلسل کئی روز تک طویل گفتگو : عالمی اور حیران کن ریکارڈ

    موجودہ دور میں لوگ اپنے موبائل فون کو کال کرنے سے زیادہ مسیجز یا نت نئی ایپلی کیشنز کو ڈاؤن لوڈ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کوئی شخص فون پر مسلسل کئی روز تک  طویل ترین گفتگو کرسکتا ہے؟

    دور جدید کی ایجاد ٹیلی فون کا استعمال یقیناً فائدہ مند ہے لیکن اس کا مسلسل استعمال مجموعی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے لیکن بعض لوگ اس کی کوئی پرواہ نہیں کرتے۔

    لیکن ایک بات ہے جو آپ کو شدید حیران کردے گی، ایسا ہمیشہ نہیں تھا، تقریباً پچاس سال پہلے فون کال کرنا ہی معمول ہوا کرتا تھا اور دوستوں سے گھنٹوں باتیں کرنا ایک بہترین مشغلہ تصور کیا جاتا تھا۔

    کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ہر کام کو حد سے زیادہ کرنا پسند کرتے ہیں اور ان ہی لوگوں کی وجہ سے عالمی ریکارڈز بھی بنتے ہیں۔

    فون ایرینا نامی ویب سائٹ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق یہ بات اس وقت ایک حقیقت کا روپ اختیار کرگئی جب مسلسل کئی روز تک طویل ترین کال کا ایک عالمی ریکارڈ قائم ہوا۔ جی ہاں !! تاریخ کی طویل ترین فون کال جو بغیر کسی وقفے کے کئی روز تک جاری رہی۔

    ایک ایسی ہی دنیا کی طویل ترین فون کال کا عالمی ریکارڈ بنایا گیا جس کا دورانیہ بغیر کسی وقفے کے 56گھنٹے 4 منٹ تک ہے۔

    یہ کارنامہ سال 2012 میں ریگا، لٹویا میں انجام پایا اور یہ لگتا ہے کہ اس بار سب کچھ بہت سوچ سمجھ کر اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا تھا۔

    ٹیلی ٹو کمیونیکیشن اور اسپانسرکنگ نے ایک مشترکہ تقریب منعقد کی، جہاں دو ٹیموں نے یہ کال کی، انہوں نے مسلسل گفتگو کی، یہاں تک کہ 56 گھنٹے مکمل ہوگئے۔ اس ریکارڈ کو معروف ویب سائٹ "فون اریانہ” نے رپورٹ کیا۔

    اگرچہ اُس وقت گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے اس کارنامے کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا تھا، لیکن اب اس ریکارڈ کی تفصیل اُن کی ویب سائٹ پر دستیاب نہیں ہے، جس نے اس کی حیثیت پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل 2009ء میں بھارتی شہری سنیل پربھاکر اور ڈاکٹر کے کے اگروال نے دہلی میں مسلسل 51 گھنٹے کی طویل ترین فون کال کی تھی۔

    اسی فہرست میں تیسری پوزیشن پر 2012ء میں ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک فنکارانہ مہم کی ہے، جہاں ایرک بروسٹر اور ایوری لیونارڈ نے 46 گھنٹے 12 منٹ اور 52 سیکنڈ تک بات چیت کی۔ اس انوکھے پراجیکٹ میں شرط تھی کہ وہ 10 سیکنڈ سے زیادہ خاموش نہیں رہ سکتے تھے۔

  • برطانوی شہری نے پہاڑ سے چھلانگ لگا کر نیا ریکارڈ بنا لیا

    برطانوی شہری نے پہاڑ سے چھلانگ لگا کر نیا ریکارڈ بنا لیا

    کھٹمنڈو : برطانوی شہری نے نیپال میں ہمالیہ کی چوٹی سے 18ہزار753 فٹ کی چھلانگ لگا کر نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، اس معرکے کا مقصد انسانی اسمگلنگ کا تدارک تھا۔

    تفصیلات کے مطابق34 سالہ جاشوا بریگمین نے نیپال کی میرا چوٹی سے چھلانگ لگائی اور پیراشوٹ کی مدد سے زمین پر پہنچے، جس سے پچھلےریکارڈ کا فاصلہ 4ہزار فٹ سے زیادہ بڑھ گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے یہ ریکارڈ فرانسیسی کھلاڑی میتھیاس گیراڈ کے پاس تھا، جنہوں نے2019 میں 14,301فٹ سے چھلانگ لگائی تھی۔ تاہم اب اس کارنامے کو دنیا کی سب سے اونچی اسکائی بیس جمپ قرار دیا جارہا ہے۔

    ’اسکی‘بیس جمپنگ ایک انتہائی خطرناک کھیل ہے جس میں کھلاڑی کسی پہاڑ یا چٹان سے اسکی کرکے چھلانگ لگاتے ہیں، آزادانہ ہوا میں گرتے ہیں اور پھر پیراشوٹ کا استعمال کرتے ہوئے زمین پر اترتے ہیں۔

    بریگمین نے اپنی اس کوشش کے لیے دو ہفتے میرا چوٹی پر گزارے، جہاں وہ اونچائی کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے ہائیکنگ، اسکیئنگ اور کیمپنگ کرتے رہے۔

    انہیں اور ان کی ٹیم کو آکسیجن کی کمی اور مسلسل سردرد جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں ایک موزوں چھلانگ لگانے کی جگہ تلاش کرنے اور وہاں سے ملبہ ہٹانے کی بھی ضرورت پیش آئی۔

    بریگمین نے بتایا کہ ان کا پہلا انتخاب کردہ مقام مناسب نہیں تھا اور وہ تقریباً ہار ماننے والے تھے،تاہم اگلے دن انہیں ایک بہتر جگہ ملی، جہاں سے انہوں نے چھلانگ لگانے کی تیاری کی۔

    "اس رات ہمیں تقریباً 2 سینٹی میٹر برف ملی، زیادہ نہیں، لیکن یہ مددگار ثابت ہوئی،” بریگمین نے کہا کہ خواب یہ تھا کہ ہم خوبصورت انداز میں کچھ ایس ٹرنز کریں اور پھر چٹان سے خوبصورتی سے چھلانگ لگائیں لیکن حقیقت میں ہمارے پاس صرف ایک چھوٹی چٹان بھری پٹی تھی جو تقریباً 6,000 میٹر کی بلندی پر تھی۔

    بریگمین نے یہ اسٹنٹ مکمل کیا، جس کا مقصد نیپال میں انسانی اسمگلنگ کے مسئلے کے بارے میں شعور بیدار کرنا تھا تاکہ اس سے حاصل شدہ رقم سے ہزاروں متاثرہ بچوں کی مدد کی جا سکے۔

  • دنیا کی سب سے لمبی ڈبل روٹی نے نیا ریکارڈ بنا لیا

    دنیا کی سب سے لمبی ڈبل روٹی نے نیا ریکارڈ بنا لیا

    پیرس : فرانس کے نان بائیوں نے دنیا کی سب سے لمبی ڈبل روٹی ’’ بیگوئٹ’’ تیار کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق فرانس میں دنیا کی سب سے بڑی ڈبل روٹی تیار کی گئی ہے۔  جی ڈبلیو آر کے مطابق یہ روٹی 461فٹ لمبی ہے۔

     longest baguette

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ لمبائی عام طور پر تیار کی جانے والی بیگویٹ کے مقابلے میں 235 گنا زیادہ ہے۔ اس کی لمبائی کو فٹوں سے میٹروں میں تبدیل کیا جائے تو یہ 140،53 میٹر بنتی ہے۔

    French

    فرانس کے نان بائیوں نے اس ریکارڈ کا اعزاز پانے کے لیے پہلے سے کام شروع کر رکھا تھا تاہم اس کے لیے بڑے سائز کا تنور اور اس تنور کی تیاری پہلا مرحلہ تھا پھر کامیاب تجربہ بھی ضروری تھا۔

     bakers

    فرانس میں ڈبل روٹی نما اس بیکری آئٹم کو ’بیگویٹ‘ کہا جاتا ہے۔ اس میں آٹا، پانی اور خمیر شامل کر کے اسے خاص تنور میں پکایا جاتا ہے۔

     baguette

    گزشتہ رات فرانس کے ان نان بائیوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی تھی جب ان کا شاہکار تیار ہو چکا تھا اور وہ اس کی وجہ سے دنیا بھر عزت اورشہرت پانے والے تھے۔

     certificate

    واضح رہے اس سے قبل جون 2019 میں اٹلی میں 132،62 میٹر لمبی بیگویٹ تیار کر کے عالمی ریکارڈ بنایا گیا تھا، اب فرانس کے نان بائی ان سے آگے نکل گئے۔

  • دنیا کا انوکھا فیس ماسک : جس نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا

    دنیا کا انوکھا فیس ماسک : جس نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا

    دنیا میں ایسے لوگ کثرت سے پائے جاتے ہیں جو اپنے کارناموں سے نہ صرف دنیا کو حیران کردیتے ہیں بلکہ عالمی ریکارڈ بھی قائم کرلیتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرلیا اور گینز ورلڈ ریکارڈزمیں اپنا نام درج کروالیا۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان میں میڈیکل آلات سپلائی کرنے والی ایک کمپنی نے دنیا کا سب سے بڑا سرجیکل ماسک بنا کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

    Largest ever face mask

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسے کورونا وائرس وبائی امراض کے ایام میں چہرے کے ماسک کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی غرض کے لیے بنایا گیا تھا۔

    موٹیکس ہیلتھ کیئر کارپوریشن نے گزشتہ روز موٹیکس ماسک کریٹیو ہاؤس میں اپنی تخلیق کردہ سب سے بڑے ماسک کی نقاب کشائی کی۔

    چانگہوا کاؤنٹی میں موٹیکس ماسک کریئٹو ہاؤس تعلیمی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، ماسک دیکھنے کیلئے لوگ ہے۔

    ماسک کی پیمائش27 فٹ اور 3 انچ بائی 15 فٹ اور 9 انچ ہے، گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یہ عام معیاری فیس ماسک سے 50 گنا زیادہ بڑا ہے۔

    گینز ورلڈ ریکارڈز کے ایک جج نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اس عالمی ریکارڈ کی تصدیق کی ہے۔

    اس سلسلے میں ترجمان موٹیکس ہیلتھ کیئر کارپوریشن نے کہا ہے کہ ماسک کا خیال2020 کے اوائل میں کوویڈ 19وبائی امراض کے درمیان بیداری پیدا کرنے کے طریقے کے طور پر سامنے آیا۔

  • 100 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کرنے کا خطرناک ریکارڈ

    100 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کرنے کا خطرناک ریکارڈ

    پرتگال کے 19 سالہ طالب علم انتونیولا رینو نے اکتوبر 2020 میں 100 فٹ سے زائد بلند لہر پر سرفنگ کر کے نیا ریکارڈ قائم کرنے کا دعوی کیا تھا۔

    انتونیو کا کہنا تھا کہ انہوں نے پرتگال کے ساحل نزارے پر اب تک کی سب سے بڑی لہر پر سرفنگ کی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اس لہر کی بلندی تقریباً 101 فٹ تھی اور انہوں نے 80 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کے موجودہ ریکارڈ کو توڑ دیا ہے، تاہم ان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی جاسکی تھی۔

    اب تقریباً ڈیڑھ سال بعد خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کی جانب سے لی گئیں سیٹلائٹ تصاویر نے انتونیو کے اس دعوے کی تصدیق کردی ہے۔

    زمین کی مانیٹرنگ کے لیے مدارمیں بھیجے گئے ناسا اورامریکی جیولوجیکل سروے کے مشترکہ خلائی جہاز لینڈ سیٹ 8 کی جانب سے بھیجی گئی سیٹلائٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ سنہ 2020 میں نزارے پر بلند لہروں کی وجہ سے بہت زیادہ توانائی خارج ہوئی تھی۔

    یونیورسٹی آف پورٹو کے اوشیانو گرافر جوز ڈے سلوا کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ناسا کی 2020 کی سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سال اکتوبر میں نزارے کے ساحل کے نزدیک اب تک کی بلند ترین لہریں پیدا ہوئی تھی۔

    29 اکتوبر 2020 کے اعداد و شمار سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ساحل پر لہروں کی بلندی 17 سیکنڈ تک 20 فٹ سے زائد رہی تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ناسا کی ان تصاویر سے بھی اس بات کی توثیق ہوتی ہے کہ 29 اکتوبر کو انتونیو نے سرفر روڈریگو کوگزا کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، روڈ ریگو نے یہ عالمی ریکارڈ 2017 میں 80 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کر کے قائم کیا تھا۔

  • مسلسل 20 ویں فتح : آسٹریلیا ویمن ٹیم عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئی

    مسلسل 20 ویں فتح : آسٹریلیا ویمن ٹیم عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئی

    برسبین : آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں چار وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی اور مسلسل 20 ویں ون ڈے فتح سے عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئی۔

    برسبین میں ہونے والے ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا کی ویمن ٹیم نے میدان مار لیا، نیوزی لینڈ کو باآسانی شکست دے کر سیریز میں فتح حاصل کرلی۔

    نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے مقررہ پچاس اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر 252 کا اچھا اسکور کیا تھا، کپتان صوفی ڈیوائن نے اناسی اور ایمی سیتھرویٹ نے انہتر رن اسکور کئے۔

    عالمی نمبر ون بولر جیس جونیسن نے چار وکٹیں حاصل کیں، کپتان میگ لیننگ نے انجری کے باوجود چودہویں ون ڈے کی شاندار سنچری اسکور کی، اور ہدف کو پورا کرتے ہوئے ایک سو ایک پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

    ریشل ہینز نے بیاسی رن بنائے، ایمی کیر کی تین وکٹیں بھی نیوزی لینڈ کو شکست سے نہ بچا سکیں، تیسرا میچ کل بروز منگل کو کھیلا جائے گا۔

    ون ڈے سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری کے بعد آسٹریلیا کی ویمنز ٹیم آسٹریلیا کی مینز ٹیم کے سال2003 میں مسلسل 21ون ڈے جیتنے کے عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئی ہے ۔

  • روسی طیاروں نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    روسی طیاروں نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    ماسکو : روس کے دو طیاروں نے مسلسل 25گھنٹے طویل ترین پرواز کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، ایرو اسپیس فورس کے دو پائلٹوں نے ٹی یو 160طیاروں کے ساتھ20ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو سپر سونک ٹی یو160روسی اسٹریٹجک بمباروں نے اپنی کلاس کے طیاروں کے حوالے سے بنائے جانے والے نان اسٹاپ پروازوں کی حد اور طویل ترین پرواز کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

    اس بات کا اعلان روس کی ایرو اسپیس فورسز کے لانگ رینج ایوی ایشن کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرجی کوبیلاش نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج دو طویل رینج والے طیارے ٹی یو 160سپر سونک اسٹریٹجک میزائل کیئریرکے عملے نے طویل ترین پرواز کا ریکارڈ قائم کیا ہے، اسپیس فورسز کے دو پائلٹس اپنے طیاروں کے ساتھ مسلسل 25گھنٹے سے زائد وقت تک محو پرواز رہے۔

    ان پائلٹس نے اس دوران 20ہزار کلو میٹر سے زائد کا فاصلہ احسن طریقے سے طے کیا اور عالمی ریکارڈ بنا ڈالا جو ادارے کیلئے قابل فخر کارنامہ ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اس طرز کے طیاروں کا عالمی ریکارڈ 2010میں بنایا گیا تھا، جب بمباروں نے 24گھنٹے اور 24منٹ تک مسلسل پرواز کی تھی۔

    اس کے علاوہ اکتوبر 2019میں نیو یارک سے سڈنی جانے والی کنٹاسا ایئر لائن کی مسافر بردار پرواز جس نے 19گھنٹے 15 منٹ تک مسلسل پرواز کرکے طویل ترین تجارتی پرواز کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

  • گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں یونائیٹڈ کے بالر محمد موسیٰ نے بلے بازی میں انوکھا ریکارڈ قائم کردیا۔

    گزشتہ روز لاہور قلندرز کے 183 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بیٹنگ کی۔ آخری 3 اوورز میں جب 1 وکٹ اور 20 رنز رہ گئے تب محمد موسیٰ نے 2 چوکے اور 1 چھکا مار کر اور مجموعی طور پر 17 رنز بنا کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    محمد موسیٰ ٹی 20 میں دنیا کے پہلے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے 11 ویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

    ان کی اور احمد عبداللہ کی 20 رنز کی پارٹنر شپ بھی دسویں وکٹ کی وہ پہلی پارٹنر شپ بن گئی جس نے نہ صرف سب سے زیاہ رنز بنائے بلکہ کامیابی سے ہدف کا تعاقب کیا۔

    گزشتہ روز کے میچ میں لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے تمام سیزنز میں اپنا بلند ترین اسکور یعنی 183 رنز بنائے۔

    قلندرز کے محمد حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے بھی 4 وکٹیں اڑائیں۔

    جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

  • امریکی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

    امریکی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

    کھٹمنڈو : امریکہ کی کرکٹ ٹیم نے نیپال میں ون ڈے میچ میں انتہائی کم رنز بنا کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا کم ترین اسکور کرکے امریکی ٹیم زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ شامل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں امریکی اور نیپالی ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ لیگ کے ون ڈے میچ میں امریکہ کی پوری ٹیم 12 اوورز میں 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

    میچ کے آغاز میں ہی  نیپال ٹیم کا پلہ بھاری رہا ، میزبان ٹیم کے لیگ سپنر سندیپ لمیچھانے نے صرف 16 رنز دے کر6امریکی بلے بازوں کو آؤٹ کردیا۔

    نیپال کے دوسرے اسپنر سشان بھاری بھی پیچھے نہ رہے انہوں نے صرف پانچ رنز دے کر باقی کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی جانب جانے والا راستہ دکھایا۔ امریکی اوپنر زاویئر مارشل ڈبل فگر میں داخل ہونے والے واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے 16 رنز بنائے۔

    جواب میں نیپالی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چھٹے اوور کی دوسری بال میں اپنا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    نیپال کے دونوں اوپنرز دوسرے اوور میں ہی آؤٹ ہو کر چلے گئے تھے۔ نیپال ٹیم کے بلے باز تِمل پٹیل نے یکے بعد دیگرے تین گیندوں پر چوکا، چھکا اور پھر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

    اس طرح امریکی ٹیم 50 اوورز کے میچ میں کم ترین اسکور کا ریکارڈ قائم کرنے والی زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ شامل ہو گئی ہے