Tag: Yao Jing

  • چین کے نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

    چین کے نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ سے ملاقات کے دوران پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے چینی نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ سے پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ ژنگ کی ملاقات ہوئی، چینی سفیر نے چینی صدر کے 2020 کے وسط میں پاکستان کے مجوزہ دورے سے آگاہ کیا۔

    ملاقات میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور تحقیق و ترقی کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

    مشیر خزانہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر یاؤ ژنگ نے معاشی استحکام کی حکومتی کوششوں کو سراہا جبکہ انہوں نے نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر چینی سفیر نے کہا تھا کہ خطے کے ممالک کی ترجیح لوگوں کی فلاح و بہتری ہونی چاہیئے، دو طرفہ تعلقات سے خطے کے لوگ قریب آئیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کاروباری شراکت داری کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے، علاقائی سطح پر اعتماد سازی کو فروغ دینا ہوگا۔

  • جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، چینی سفیر یاؤ جنگ

    جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، چینی سفیر یاؤ جنگ

    کراچی : چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیری عوام کے مستقبل کیلئے بہتر فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے بھی جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی یکطرفہ فیصلے کی مخالفت کردی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کی حیثیت ایک متنازع علاقے کی ہے، اقوام متحدہ کی قرارداد، پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے ریکارڈ پر موجود ہیں۔

    دونوں ممالک کو عالمی قوانین اور اصولوں کی پاسداری کی جانی چاہیے، چینی سفیریاؤ جنگ کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیری عوام کے مستقبل کیلئے بہتر فیصلہ کریں گے۔

    پاکستان اوربھارت کا بہتر فیصلہ پورے خطے کیلئے مفید ہوگا، چینی سفیر نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا مستقل رکن ہے۔

    چین کی امن واستحکام کی بحالی کے لئے خصوصی ذمہ داریاں ہیں، پاکستان اور چین ہمیشہ انصاف اور عالمی قوانین کی پاسداری کیلئے ساتھ رہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی حکومت جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، آئی سی جے

    واضح رہے کہ عالمی کمیشن آف جیورسٹس (آئی سی جے) نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

    عالمی کمیشن آف جیورسٹس نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس اقدام سے بھارت میں قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کو دھچکا لگا۔

    آئی سی جے کے سیکریٹری جنرل سام ظریفی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا اقدام ریاست کشمیر کا درجہ متاثر کرے گا، کشمیریوں پر سخت اور ظالمانہ نئی پابندیاں لگادی گئی ہیں۔

  • پاک چین قیادت کا وژن اور سوچ یکساں ہے: چینی سفیر

    پاک چین قیادت کا وژن اور سوچ یکساں ہے: چینی سفیر

    اسلام آباد: چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ سماجی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور ثقافتی ترقی کے لیے چین اور پاکستان یکجا ہیں۔ پاک چین قیادت کا وژن اور سوچ یکساں ہے۔ دونوں ممالک پالیسی سطح پر باہمی اشتراک اور تعاون سے بڑھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیر یاؤ جنگ نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی تعاون میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ سی پیک سے متعلق مختلف آرا آرہی ہیں جن کا جواب ضروری ہے، چینی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کی منتظر ہے۔ چین معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت اور افغانستان کی طرف امن کے لیے ہاتھ بڑھایا، پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے لیے ہاتھ بڑھانا قابل ستائش ہے۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ دفاعی اور ثقافتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے، دونوں ممالک کو گورننس بہتر کرنے کے لیے تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔ ہمیں اندازہ ہے پاکستان کو معاشی چیلجز کا سامنا ہے۔ پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین نے فیصلہ کیا ہے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائیں گے۔ سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستانی مصنوعات کی خریداری بڑھائیں گے۔ سی پیک کے ذریعے چین نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

    چینی سفیر نے کہا کہ چین کو پتہ ہے پاکستانی قوم محنتی اور باصلاحیت ہے، چین خطے میں امن اور بہترین ہمسائیگی کے وژن میں پاکستان کے ساتھ ہے۔ پاک چین تعلقات کا دائرہ کار انتہائی وسیع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سماجی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور ثقافتی ترقی کے لیے یکجا ہیں۔ پاک چین قیادت کا وژن اور سوچ یکساں ہے۔ دونوں ممالک پالیسی سطح پر باہمی اشتراک اور تعاون سے بڑھیں گے۔

    چینی سفیر نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان شنگھائی کانفرنس میں مہمان خصوصی ہوں گے، ابھرتا ہوا پاکستان چین اور بین الاقوامی دنیا کے لیے اہم ہے۔ چین پاکستان کو دو طرفہ اور کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کرے گا۔ ’تکنیکی، معاشی اور صنعتی استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون کریں گے، چین کی بڑی معاشی و تجارتی منڈی پاکستان کے لیے کلیدی فائدہ پہنچا سکتی ہے‘۔

    سفیر نے کہا کہ تاثر درست نہیں کہ چینی کمپنیاں سی پیک سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، سی پیک پر معلومات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ سی پیک پر پاکستان اور پاکستانیوں کے تمام خدشات کا ازالہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک سڑک، ایک راستہ کا اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک کے 22 منصوبوں پر 19 ارب ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ پاکستان کی تیار کنندہ صنعت اور برآمدات کو بہترین بنانا چاہتے ہیں۔ دنیا کی کچھ طاقتیں چین کو ابھرتا ہوا خوشحال ملک نہیں دیکھنا چاہتیں، کچھ قوتوں کو پاکستان چین تعاون، تعلقات اور دوستی کھٹکتی ہے۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ پاک چین علاقائی تعاون و ترقی کے لیے یکساں طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان خطے میں انتہائی تذویراتی محل وقوع میں موجود ہے۔ میڈیا علاقائی تعمیر و ترقی کے وژن کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

    سی پیک کے چیف مشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی پیک کے 22 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ارلی ہارویسٹ پروگرام کے تحت 19 ارب ڈالرز کے منصوبے جاری ہیں۔ منصوبوں میں سے 10 مکمل ہوگئے ہیں، 12 پر کام جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کے کے ایچ فیز تھری پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔ سکھر ملتان موٹر وے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ گوادر سمارٹ سٹی ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے رواں سال کے آخر میں مکمل ہوگا۔

    چین کے نائب سفیر زاؤلی جیان نے سی پیک منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی پیک منصوبوں پر 14 فیصد سود کی خبریں جھوٹ ہیں۔ قراقرم ہائی وے فیز دوم، کراچی لاہور موٹر وے کے لیے قرض دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ اورنج لائن اور آپٹیکل فائبر پر آسان شرائط پر قرض دیا گیا۔ پاکستان کو 6 ارب ڈالر کا قرض آسان شرائط پر دیا گیا۔ پاکستان کا کل بیرونی قرضہ 95 ارب ڈالر ہے۔ چین کا قرض پاکستان پر واجب الادا کل قرض کا 6.3 فیصد ہے۔ پاکستان کو تعمیری دورانیے میں قرض یا سود کی ادائیگی نہیں کرنی۔ پاکستان کو صرف 2 فیصد سود ادا کرنا ہے۔

    نائب سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے قرض کی واپسی کا وقت 15 سے 20 سال ہے۔ پاکستان 2020 سے 2021 میں 300 سے 400 ملین ڈالر قرض واپس کرے گا۔ چین نے 19 ارب ڈالر میں سے پاکستان میں 13 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان کی ترقی کی شرح 5.79 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ سی پیک کے 22 منصوبوں میں 75 ہزار براہ راست روزگار میسر آیا۔ سی پیک سے 12 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک سے 2030 تک مزید 7 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان کی 2022 تک توانائی کی ضروریات پوری ہوسکیں گی۔

  • چین تحریک انصاف کی حکومت کےساتھ مل کرکام کرنےکا خواہشمند

    چین تحریک انصاف کی حکومت کےساتھ مل کرکام کرنےکا خواہشمند

    اسلام آباد : چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے عمران خان پراعتماد کیا ہے۔

    چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تمام شعبوں میں مکمل تعاون کرے گا۔

    صحافی کے سوال پرچینی سفیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔

    یاؤجنگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان متعدد بار اس امر کا اظہار کرچکے ہیں کہ پاکستان کرپشن اور غربت کے خاتمے، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

    چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان کے تمام حصوں کو فائدہ پہنچے گا۔

    واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں کامیابی کے بعد عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کو آگے بڑھائیں گے۔

  • آرمی چیف سے چینی سفیر کی اہم ملاقات

    آرمی چیف سے چینی سفیر کی اہم ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کی ، ملاقات میں چینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام پر پاک فوج کی کاوشوں کی تعریف کی۔

    پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر یاؤ جنگ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، چینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام پر پاک فوج کی کاوشوں کی تعریف کی۔


    مزید پڑھیں : آرمی چیف کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات


    یاد رہے کہ گذشتہ سال 17 مارچ کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی چینی دارالحکومت بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں پولیٹیکل صورتحال اور خطے کے امن و سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

    چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کی بھارت اور افغانستان سمیت ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبے میں بڑھ چڑھ کر کام کر رہا ہے۔

    اس سے قبل آرمی چیف نے چین کی عسکری قیادت سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں انہوں نے کہا تھا کہ پاک چین دوستی منفرد ہے اور اس کا کوئی ثانی نہیں۔ خطے میں امن و امان قائم کرنے کے لیے پاک فوج اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔