Tag: yar muhammad rind

  • سردار یار محمد رند کا وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان

    سردار یار محمد رند کا وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان

    کوئٹہ: شہریار آفریدی کی کوشش ناکام ہو گئی، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے گزشتہ روز شہریار آفریدی کو مستعفی نہ ہونے کا یقین دلانے کے بعد آج مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

    سردار یار محمد نے کہا کہ اسمبلی سے نکلتے ہی استعفیٰ گورنر بلوچستان کو پیش کر دوں گا۔

    شہریار آفریدی نے منگل کو یار محمد رند کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی

    واضح رہے کہ یار محمد رند کے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ اختلافات چل رہے تھے، گزشتہ روز ان اختلافات کو دور کرنے کے لیے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے فریقین سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

    پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مابین اختلافات ختم ہونے کا امکان

    شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی رہنما یار محمد رند سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں، جس کے بعد دونوں میں اختلافات ختم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا تھا، یار محمد رند نے صوبائی حکومت سے متعلق اپنے تحفظات سے شہریار آفریدی کو آگاہ کیا تھا، اور وزارت سے استعفے کی پیش کش بھی کی، ذرائع کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی نے وزیر تعلیم کو استعفیٰ نہ دینے پر قائل کیا، اور یار محمد نے بھی استعفیٰ نہ دینے کا وعدہ کیا۔

    شہریار آفریدی نے یار محمد رند کو تحفظات دور کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی یار محمد رند سے ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا تھا، اور انھوں نے شہریار آفریدی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ یار محمد کے تحفظات دور کریں گے۔

  • پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مابین اختلافات ختم ہونے کا امکان

    پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مابین اختلافات ختم ہونے کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے مابین اختلافات کے ختم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جام کمال جلد یار محمد رند سے ملاقات کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان کے وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم کے درمیان جاری تناؤ کی برف پگھلنے لگی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں شہریار آفریدی کا دورہ بلوچستان کامیاب رہا۔

    چیئرمین کشمیر کمیٹی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی رہنما یار محمد رند سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جس کے بعد دونوں میں اختلافات ختم ہونے کا امکان پیدا ہوا ہے۔

    شہریار آفریدی نے آج یار محمد رند کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی

    ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں شہریار آفریدی نے جام کمال اور یار محمد رند کو اختلافات دور کرنے کی درخواست کی۔

    یار محمد رند نے صوبائی حکومت سے متعلق اپنے تحفظات سے شہریار آفریدی کو آگاہ کیا، اور وزارت سے استعفے کی پیش کش بھی کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی نے وزیر تعلیم کو استعفیٰ نہ دینے پر قائل کیا، اور یار محمد نے بھی استعفیٰ نہ دینے کا وعدہ کیا۔

    شہریار آفریدی نے یار محمد رند کو تحفظات دور کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی یار محمد رند سے ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا، اور انھوں نے شہریار آفریدی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ یار محمد کے تحفظات دور کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال جلد وزیر تعلیم یار محمد رند سے ملاقات کریں گے۔

  • ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: عثمان بزدار

    ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کے لیے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے، بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہوگی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی اصل حالت میں بحالی کے لیے فنڈز مہیا کر دیے، مقبرے کی بحالی کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاریخی مقبرے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مقبرے کے ساتھ بنائی ہوئی دیوار کو ہٹا کر احاطے کو وسیع کیا جائے گا، مقبرے کی دیواروں اور بنیادوں کو محفوظ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کے نواح میں ست گرہ کو سیاحتی مقام بنایا جائے گا، تاریخی حیثیت کو بحال رکھنا آثار قدیمہ کی حفاظت کا اولین تقاضہ ہے، ست گرہ گاؤں میں رابطہ سڑکیں اور سیوریج سسٹم بنایا جا رہا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے بلوچ بہن بھائیوں کو خیر سگالی کا پیغام دیا گیا ہے، مقبرے سے ملحقہ سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی و مرمت کی جائے گی۔ بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں میر چاکر اعظم رند کا اپنا مقام ہے، پنجاب کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یار محمد رند کی طرف سے دورہ بلوچستان کی دعوت قبول کرلی، عثمان بزدار نے سردار یار محمد رند کو مقبرہ میر چاکر اعظم رند کی تصاویر کا تحفہ بھی پیش کیا۔

  • سینئر بلوچ رہنماء یارمحمد رند تحریک انصاف میں شامل

    سینئر بلوچ رہنماء یارمحمد رند تحریک انصاف میں شامل

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیراورسینئر بلوچ رہنماء یار محمد رند نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سینئر بلوچ رہنماء یارمحمد رند کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے سابق وزیر کی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    یارمحمد رند تحریک انصاف سے قبل ملت پارٹی، نینشل پارٹی اورق لیگ کے پلیٹ فارم سے سیاست کرچکے ہیں اور سابق صدر پرویز مشرف کے وفاقی وزیر برائے خوراک اور زراعت کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

    اس موقع پریارمحمد رند نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر زرداری اور پیپلز پارٹی کی سابق حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ ان کے دور میں کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا لیکن وہ سیاسی انتقام کی زندہ مثال میڈیا کے سامنے موجود ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہاکہ ان پر 16 مقدمات قائم کئے گئے جن میں ہر قسم کے جرائم شامل تھے اورانہی مقدمات کی بناپرانہیں انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیا گیا۔

    یار محمد رند کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں بہت سے اہم افراد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرناچاہتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ بلوچستان میں تحریک انصاف کو منظم کریں گے اورصوبے کی بڑٰی جماعت بنائیں گے۔

    اس موقع پرتحریک انصاف کے سربراہ کا کہناتھا کہ بلوچستان کے ساتھ زیادتی کی انتہا کردی گئی ہے، بڑا صوبہ دوسرے صوبوں کے وسائل چھین رہا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف میں یارمحمد رند کی شمولیت ان کی جماعت کی بڑی کامیابی ہے۔