Tag: Yasmin Rashid

  • نواز شریف ملک میں علاج سے مطمئن ہیں، یاسمین راشد

    نواز شریف ملک میں علاج سے مطمئن ہیں، یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج سے مطمئن ہیں، ان سے بیرون ملک علاج سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ملک میں علاج سے متعلق مطمئن ہیں، ڈاکٹر طاہر شمسی کے علاج سے بھی نواز شریف مطمئن نظر آئے۔

    یاسمین راشد نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 2 سے 3 دن میں نواز شریف کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگی، میاں صاحب کے ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں صرف پلیٹ لیٹس میں کمی ہورہی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ آج صبح سے نواز شریف کی طبیعت بہتر ہے، صبح سے ان کے پلیٹ لیٹس بہتر ہیں کم نہیں ہوئے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بون میرو بالکل ٹھیک کام کررہا ہے۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کیلئے درخواست پرمیڈیکل بورڈ کے سربراہ کل طلب

    وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ پتا چل چکا ہے پلیٹ لیٹس اینٹی باڈیز کی وجہ سے گر رہے تھے، نواز شریف کو تمام مطلوبہ طبی سہولتیں دی جارہی ہیں۔

    یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی بریفنگ دی ہے، اس وقت ان کا بلڈ پریشر 160/90 ہے، نواز شریف کی صحت میں ایک دو دن میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا پیغام نواز شریف کو پہنچایا تھا، پیغام میں تھا کہ آپ کو بیرون ملک ڈاکٹرز یا کوئی سہولت چاہئے تو بتائیں، نواز شریف نے کہا کہ میں علاج سے مطمئن ہوں۔

  • پنجاب کی سابق حکومت کی جعلی صحت اسکیم، عوام کو اربوں روپے کا چونا

    پنجاب کی سابق حکومت کی جعلی صحت اسکیم، عوام کو اربوں روپے کا چونا

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی حکومت کے ایک اور سکینڈل کا پردہ فاش ہوگیا، سابق حکومت نے جعلی صحت اسکیموں سے عوام کو اربوں روپے کا چونا لگایا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی حکومت کے ایک اور سکینڈل اور نااہلی سے پردہ فاش کردیا۔ سابق پنجاب حکومت نے من پسند نجی کمپنی میڈی ارج کے ساتھ پنجاب بھر میں 20 موبائل ہیلتھ یونٹ چلانے کا معاہدہ طے کیا تھا۔

    وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق ایک موبائل ہیلتھ یونٹ پر ماہانہ 25 لاکھ روپے خرچ ہوتے رہے۔ حکومت پنجاب اب اسی فری موبائل ہیلتھ یونٹ کو 25 لاکھ کے بجائے ماہانہ صرف 10 لاکھ روپے کے اخراجات پر ہزاروں مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ فری موبائل ہیلتھ یونٹس لاہور، ملتان، بہاولپور، شیخوپورہ اور رحیم یار خان کے دور دراز علاقوں میں مریضوں کو بہترین علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ فری موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد مریضوں کو مفت علاج معالجے اور ادویات کی سہولت فراہم کر چکے ہیں۔ مریض فری موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے ایکسرے، الٹرا ساؤنڈ، تمام بلڈ ٹیسٹس، اور آکسیجن سمیت مفت ادویات کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی کرپٹ حکومت نے ماضی میں جعلی صحت اسکیموں سے عوام کو اربوں روپے کا چونا لگایا۔

  • وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا رات گئے اچانک سرکاری اسپتال کا دورہ

    وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا رات گئے اچانک سرکاری اسپتال کا دورہ

    خانیوال: صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے رات گئے خانیوال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹریاسمین راشد نے رات گئے خانیوال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہیں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت کرکے خوشنودی خدا حاصل کررہے ہیں۔

    ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں تبدیلی لا کر دم لیں گے۔

    تمام مریضوں کو مفت ادویات فراہم نہیں کی جاسکتیں، یاسمین راشد

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو ادویات فراہم کرنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے، ایمرجنسی، لیبر روم کے مریضوں کو ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔

  • 35فیصد خواتین ڈاکٹر بننے کے بعد پیشے سے منسلک نہیں رہتیں، یاسمین راشد

    35فیصد خواتین ڈاکٹر بننے کے بعد پیشے سے منسلک نہیں رہتیں، یاسمین راشد

    لاہور : وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ35فیصد خواتین ڈاکٹر بننے کے بعد پیشے سے منسلک نہیں رہتیں، بچیوں کو ڈاکٹر اچھے رشتے کیلئے بنایا جاتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، یاسمین راشد نے کہا کہ ملک کے مختلف میڈیکل کالجز سے کامیاب ہونے والی35فیصد خواتین ڈاکٹرز اپنے فرائض انجام نہیں دے رہی ہیں۔

    وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ میڈیکل کالج میں داخلہ لینے والی لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے،18سال مہنگی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے ہنر کا اظہار نہ کیا جائے تو غلط ہے۔

     یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ ایک تاثر یہ بھی ہے کہ بچیوں کو ڈاکٹر اچھے رشتے کیلئے بنایا جاتا ہے اور بد قسمتی سے شادی کے بعد بچیوں کو بطور ڈاکٹرز کردار ادا کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے طالب علم کی پڑھائی پر30سے40لاکھ روپے خرچ آتا ہے، پرائیوٹ کالجز میں بھی لڑکوں کی نسبت لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے، اس کے علاوہ میڈیکل طالبعلم پر پرائیوٹ کالجز میں بھی سالانہ 10لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لیڈی ڈاکٹرز ٹیلی میڈسن کے ذریعے بھی اپنے ہنر کا مظاہرہ کر کے ملک و قوم کی خدمت کرسکتی ہیں، لیڈی ڈاکٹرز کیلئے ٹیلی میڈسن کو اہمیت دے رہے ہیں۔

    وزیرصحت نے کہا کہ سوچ میں تبدیلی کے لئے ہم سب کو شعور اجاگر کرنا ہوگا، آبادی کا51فیصد طبقہ ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا نہیں کرے گا تو معاشرے میں تبدیلی ناممکن ہے۔

  • پنجاب حکومت کا معذورافراد کو20 لاکھ تک کی انشورنس دینے کا اعلان

    پنجاب حکومت کا معذورافراد کو20 لاکھ تک کی انشورنس دینے کا اعلان

    سرگودھا:صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں معذورافرادکوسہولت دینے کیلئے صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹریاسمین راشد نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے معذورافرادکوصحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے متعلقہ اداروں کوپنجاب بھر کے معذورافرادکی فہرستیں تیارکرنے کی ہدایات کردی ہیں۔

    ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ معذور افرادصحت انصاف کارڈکے ذریعے پنجاب کے کسی بھی بڑے ہسپتال سے سات لاکھ بیس ہزارروپے تک کے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے معذورافرادکی فہرستیں مکمل ہونے کے بعدصحت انصاف کارڈکی تقسیم کاعمل جلدشروع کردیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صحت انصاف کارڈکے ذریعے مجبوراورمہنگے علاج کی استطاعت نہ رکھنے والے افرادکوریلیف دیا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوبہترین طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لیے کام کومانیٹر کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ دن قبل وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے تمام مریضوں کودوائیں فراہم کرنےسے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سارا بجٹ بھی لگادیں تب بھی آؤٹ ڈور کے تمام مریضوں کو دوا فراہم نہیں کی جاسکتی۔

    ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ’ڈالر کی قیمتیں بڑھنے اور روپے کی قدر کم ہونے کی وجہ سے ادویہ ساز کمپنیوں نے ریٹ بڑھا دیے‘۔

  • نوازشریف علاج، وزیراعظم کی پیش کش کے حوالے سے مسلم لیگ کو آگاہ کردیا، یاسمین راشد

    نوازشریف علاج، وزیراعظم کی پیش کش کے حوالے سے مسلم لیگ کو آگاہ کردیا، یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے نوازشریف کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں کی گئی، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بیرونِ ملک سے ڈاکٹر منگوانے کی پیش کش کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی قیادت کو آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم کے علاج کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ  حکومت نواز شریف کی مرضی کے مطابق انہیں مزید بہتر طریقے سے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کو تیار ہے۔

    وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے فیصلے کی روشنی میں مسلم لیگ ن سے بات چیت کی، اپوزیشن نے اپنے مسائل کے بارے میں حکومت کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ حکومت نواز شریف کی مرضی کے مطابق انہیں علاج کی مزید بہترین سہولیات فراہم کرنے کو تیار ہے۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف اگر بیرونِ ملک سے ڈاکٹر منگوانا چاہتے ہیں تو بتادیں، پنجاب حکومت کی پیش کش

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ حکومتی پیش کش پر اپوزیشن اراکین نے اپنی قیادت سے مشاورت کرنے کے لیے وقت مانگا ہے اسی طرح حکومت اپنی بات بھی اعلیٰ قیادت تک پہنچائے گی، وزیر اعظم عمران خان کی علاج کی فراہمی کے حوالے سے دی جانے والی ہدایات کے بعد کسی کو شک وشبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے علاج کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں کی گئی،  وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بیرون ملک سے ڈاکٹر منگوانے کی پیشکش بارے میں بھی ن لیگ کو آگاہ کردیا گیا۔

    مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی اور اپوزیشن رہنماء ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا کہ نوازشریف کو علاج کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اپنی اعلی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت طلب کیا ہے۔

    رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ علاج و معالجے کی سہولیات میں مریض کا مطمئن ہونا بہت ضروری ہے، جو مرض لاحق تھا بورڈ میں اس کا کوئی بھی ماہر  ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں ،وزیراعظم عمران خان کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کو پیش کش کی تھی کہ اگر وہ چاہیں تو حکومت لندن سے ڈاکٹر بلوانے کو بھی تیار ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف کی طبیعت ناساز ہے جس پر حکومت نے انہیں اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا البتہ سابق وزیراعظم نے علاج نہ کرانے کی ضد پکڑ لی۔ مریم نواز نے گزشتہ روز اپنی دادی اور چچا کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کی تھی جس کے دوران اُن کی والدہ نے بھی اسپتال منتقلی کے لیے بیٹے کو راضی کرنے کی کوشش کی مگر وہ نہ جانے پر بضد تھے۔

  • ینگ ڈاکٹرزسے متعلق شکایات دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ یاسمین راشد

    ینگ ڈاکٹرزسے متعلق شکایات دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ یاسمین راشد

    لاہور: وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرزکے رویے سے متعلق ٹریننگ پروگرام شروع کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت آئے ہوئے 2 ماہ ہوئے ہیں، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں ادویات مل رہی ہیں۔

    ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ موسم سرد ہورہا ہے پیڈزکے شعبے کو بہتربنانے کی ہدایت کی ہے، 125 نرسزہولی فیملی اورڈی ایچ کیواسپتال میں بھرتی کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرزاوربیڈزکی کمی کوفوری دورکرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، اٹک اور میانوالی میں اسپتال بنا رہے ہیں۔

    ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرزسے متعلق شکایات دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز کے رویے سے متعلق ٹریننگ پروگرام شروع کریں گے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا محکمہ صحت میں روبو کال سروس شروع کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت میں بھرتیوں اور ترقیوں میں میرٹ کا مکمل خیال رکھا جائے اور ہیلتھ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

    وزیر صحت پنجاب نے محکمہ صحت میں روبوکال سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اس سروس سے شہریوں کو مفت طبی مشورے دیے جائیں گے۔

  • ڈبلیوایچ او پنجاب میں ایچ آرایچ آبزرویٹری قائم کرے گا‘ یاسمین راشد

    ڈبلیوایچ او پنجاب میں ایچ آرایچ آبزرویٹری قائم کرے گا‘ یاسمین راشد

    لاہور: وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ہیومن ریسورسزکی ترقی صحت کے اہداف میں معاون ثابت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد سے عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ملاقات کی اور محکمہ صحت پنجاب کوانسانی وسائل کی ترقی کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔

    عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹرماریورابرٹو نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے لیے ساتھ کام کریں گے جس پر ڈاکٹریاسمین راشد نے ڈبلیوایچ او کی جانب سے تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کیا۔

    اس موقع پروزیرصحت پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈبلیوایچ او پنجاب میں ایچ آرایچ آبزرویٹری قائم کرے گا، ہیلتھ ہیومن ریسورس کے لیے اسٹریٹیجک فریم ورک میں تعاون کیا جائے گا۔

    ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی پنجاب میں گرانقدرخدمات انجام دے رہا ہے، ہیومن ریسورسزکی ترقی صحت کے اہداف میں معاون ثابت ہوگی۔

    ماریورابرٹو کا کہنا تھا کہ دیگرممالک میں ہیلتھ ہیومن ریسورسزکے فروغ کے لیے خدمات دے چکا ہوں، پنجاب میں محکمہ صحت کی ترقی کے لیے صلاحیتیں بروئے کارلاؤں گا۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا محکمہ صحت میں روبو کال سروس شروع کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے محکمہ صحت میں روبوکال سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا

  • ہیلتھ سیکٹرکےترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے‘ ڈاکٹریاسمین راشد

    ہیلتھ سیکٹرکےترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے‘ ڈاکٹریاسمین راشد

    لاہور: وزیرصحت ڈاکٹریاشمن راشد کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت میں بھرتیوں اور ترقیوں میں مکمل خیال رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیرصدارت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا اجلاس جاری ہے جس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی بھی موجود ہیں۔

    اس موقع پرڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ صحت میں بھرتیوں اور ترقیوں میں میرٹ کا مکمل خیال رکھا جائے اور ہیلتھ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

    صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ خطرناک بیماریوں کے علاج ک موثرآگائی مہم ضروری ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اے آر وائی نیوز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے دل میں سوراخ والی 3 بہنوں کے فوری علاج کا حکم جاری کیا تھا۔

    صوبائی وزیرِ صحت نے بیماری کو موروثی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ تینوں بہنوں کا ایک جیسے مرض کا شکار ہونا دراصل موروثی مسئلہ ہے۔

    پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی‘ ڈاکٹر یاسمین راشد

    واضح رہے کہ رواں ہفتے 27 اگست کو وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ خان صاحب کی سپاہی ہوں، پروٹوکول نہیں لوں گی، اب پاکستان میں حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے، وزیراعظم عمران خان نےتبدیلی کےسفرکوشروع کردیا ہے۔

  • پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی: ڈاکٹر یاسمین راشد

    پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی: ڈاکٹر یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد کیا. ان کا کہنا تھا کہ آج بہت مبارک دن ہے، پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے.

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی پرسب عمل کریں گے، پہلے 100 دن میں تبدیلی سب کو نظرآئے گی.

    ان کا کہنا تھا کہ سو دن کے اندر تبدیلی لا کر دکھائیں گے، ہیلتھ کارڈ پنجاب میں بھی دیا جائے گا.

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ خان صاحب کی سپاہی ہوں، پروٹوکول نہیں لوں گی، اب پاکستان میں حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے، وزیراعظم عمران خان نےتبدیلی کےسفرکوشروع کردیا ہے.


    پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    یاد رہے کہ آج پنجاب اور بلوچستان کی کابینہ نے حلف اٹھا یا، پنجاب کابینہ سے قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الٰہی جب کہ بلوچستان کابینہ سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے حلف لیا۔

    گورنر ہاؤس پنجاب میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں پنجاب کی 23 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا.