Tag: Yemen conflict

  • یمن: اتحادی فوج کے فضائی حملے جاری،24گھنٹے میں147افراد ہلاک

    یمن: اتحادی فوج کے فضائی حملے جاری،24گھنٹے میں147افراد ہلاک

    یمن: حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کی فضائی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے، عدن میں چوبیس گھنٹے میں ہلاک ہونے والوں کی تعدادایک سوچالیس سے زائد ہوگئی ہیں۔

    یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کی کارروائیاں تیرہویں روز بھی جاری ہیں، عدن میں باغیوں اور صدر منصور ہادی کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں نے شہرکو میدان جنگ میں تبدیل کردیا۔

    دارالحکومت صنعا، مکلا ،اور عدن میں صدر منصور ہادی کی حامیوں اورحوثی قبائلیوں میں بھی گھمسان کی لڑائی جاری ہے، غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق اتحادی فوج نےشہر عدن میں فضائی حملوں میں حکومت مخالف جنگجوؤں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا،  گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران عدن میں ایک سو سینتالیس افراد مارے گئے، ہلاک ہونےوالوں میں سترہ شہری بھی شامل ہیں۔

    دارالحکومت صنعا سمیت عدن اور دیگرشہروں میں اتحادی بمباری اور باغیوں کی جانب سے گولہ باری شدت اختیار کرگئی ہے، شدید بمباری کے باعث ریڈکراس کے امدادی طیارے صنعا نہیں پہنچ سکے۔

    اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں ہرگزرتے دن کے ساتھ بحران میں شدت آرہی ہے، اقوام متحدہ کے مطابق دوہفتے کی لڑائی میں پانچ سو سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں، مختلف علاقوں میں غذائی اشیاء، پانی اوردواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور اگرفوری طورپر امدادی کارروائیاں شروع نہ کی گئیں تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

    یمن میں جاری پرتشدد واقعات اورجھڑپوں میں ہلاک افراد کی صحیح تعداد سامنے نہیں آسکی ہے لیکن سعودی عرب کی زیرقیادت اتحادی فوج کے حملوں کے بعد سے تین لاکھ سے زائد یمنی بے گھر ہوگئے ہیں۔

  • یمن: بمباری کا سلسلہ جاری، 36حوثی قبائلی،11فوجی ہلاک

    یمن: بمباری کا سلسلہ جاری، 36حوثی قبائلی،11فوجی ہلاک

    یمن: عدن پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کر گئی، چھتیس حوثی قبائلیوں اور صدر ہادی کے حامی گیارہ فوجی ہلاک ہوگئے، عدن میں مارٹر شیلنگ میں پہلے امریکی شہری بھی ہلاک ہونیوالوں میں شامل ہے۔

    یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں چھتیس حوثی قبائلیوں اور گیارہ منصور ہادی کی حمایتی فوجیوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدن میں مارٹر شیلنگ میں پہلےامریکی شہری کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا ہے۔

    عدن میں بمباری کے باوجود حوثی قبائلیوں کی پیش قدمی مسلسل جاری ہے، دوسری جانب سعودی عرب کی اجازت کے بعد ریڈ کراس کو دو امدادی طیارے یمن بھیجنے کی اجازت مل گئی ہے۔

  • یمن کی صورتحال، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

    یمن کی صورتحال، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: یمن میں کشیدہ صورتحال اور سعودی عرب کو مدد فراہم کرنے سے متعلق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہورہا ہے۔

    یمن جنگ میں فوج کو بھیجنے سے متعلق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، یمن میں حکومت مخالف حوثی قبائل کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان سے مدد مانگ رکھی ہے۔

    وزیرِاعظم نے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عسکری قیادت سے مشاورت کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا، یمن جنگ میں سعودی عرب کی معاونت کے حوالے سے پاکستان کا کیا کردار ہونا چاہیئے، اس پر سیاسی جماعتیں اپنا نکتہ نظر بیان کر کے تجاویز پیش کریں گی۔

    اجلاس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق کریں گے، پارلیمنٹ میں پہلی بار نئے منتخب سینیٹر کسی اہم فیصلے میں اپنی رائے پیش کریں گے۔

    اجلاس میں تمام جماعتیں شریک ہوں گی جبکہ تحریکِ انصاف بھی سات ماہ بعد اسمبلی اجلاس میں شریک ہوگی، توقع ہے کہ اعلی فوجی قیادت بھی اجلاس میں شرکت کرے۔