Tag: yemen situation

  • یمنی صورتحال پرغور کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانےکا فیصلہ

    یمنی صورتحال پرغور کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانےکا فیصلہ

    اسلام آباد: یمنی صورتحال پر غور کیلیے وزیراعظم کی زیرِصدارت مشاورتی اجلاس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کے روز بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا، جس میں یمن کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائیگا۔

    وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیرِدفاع خواجہ آصف اور مشیرِخارجہ سرتاج عزیز نے دورہ سعودی عرب اور سعودی حکام سے ملاقاتوں سے متعلق اجلاس کو مکمل بریفنگ دی۔

    اجلاس میں سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے تعاون کی درخواست پر پاک فوج کے دستے سعودی عرب بھیجنے اور یمن سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء اور اس بارے میں دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

  • سعودی عرب فوج بھیجی جائے یا نہیں، فیصلے کیلئے اہم اجلاس جاری

    سعودی عرب فوج بھیجی جائے یا نہیں، فیصلے کیلئے اہم اجلاس جاری

    اسلام آباد:  یمن کی صورتحال پر غور کے لیے وزیرِاعظم کی صدارت میں مشاورتی اجلاس جاری ہے۔

    وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ وزیرِدفاع خواجہ آصف اور مشیرِخارجہ سرتاج عزیز دورہ سعودی عرب اور سعودی حکام سےملاقاتوں سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دے رہے ہیں۔

    اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ بھی شریک ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے تعاون کی درخواست پر پاک فوج کے دستے سعودی عرب بھیجنے اور یمن سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء اور اس بارے میں دیگر امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی یمن تنازع سے متعلق حالات کا جائزہ لینے والا پاکستانی وفد وطن واپس پہنچ گیا، خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دورے سے یمن تنازع کو سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

    اعلی سطح کے وفد نے دورے کے حوالے سے رپورٹ وزیرِاعظم کو پیش کردی ہے، وزیرِدفاع خواجہ آصف نے وطن واپسی پر کہا کہ دورے سے یمن میں جاری تنازعے اور سعودیوں کے خدشات کو بہتر طور پر سمجھنےمیں مدد ملی ہے۔

    سعودی حکام نے پاکستان سے فوجی اتحاد میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے، جو یمن میں باغیوں سے جنگ کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔

    اعلی سطح کے وفد نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے تبادلۂ خیال کیا۔

    خصوصی وفدمیں خواجہ آصف،مشیربرائے امورِخارجہ اور قومی سلامتی سرتاج عزیزپاک فوج اور پاک فضائیہ کے آپریشن ڈائریکٹوریٹس کے افسران شامل تھے، اعلی سطح کے وفد کی رپورٹ پر پاکستان آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گا۔

  • یورپی یونین نے سعودی بمباری پر تشویش کا اظہار کردیا

    یورپی یونین نے سعودی بمباری پر تشویش کا اظہار کردیا

    یمن: عدن میں باغیوں نے سیکیورٹی فورسز کو پیچھے دھکیلتے ہوئے اہم مقامات کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے، یورپی یونین نے سعودی بمباری پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔

    یورپی یونین نے سعودی عرب اور اتحادی افواج کی ایک ہفتے سے یمن میں حوثی باغیوں کیخلاف برسرپیکار جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حملوں کو انسانی ہلاکت کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے سعودی اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بمباری سے آبادی کو محفوظ رکھیں تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جاسکے ہیں ۔

    اس سے قبل عالمی میڈیا کے مطابق یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں واقع ڈیری فیکٹری پر بمباری کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد چالیس سےزیادہ ہوگئی ہے اور اسی سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    باغیوں کے خلاف کارروائی میں ہلاکتوں کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔

    اس سے قبل کارروائیوں میں ایک اندازے کے مطابق ایک سو تین افراد ہلاک ہوئے تھے، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سے اب تک باسٹھ بچے بمباری کا شکار ہوئے ہیں۔

  • یمن کی صورتحال، وزیرِاعظم نے مشاورتی اجلاس آج طلب کرلیا

    یمن کی صورتحال، وزیرِاعظم نے مشاورتی اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نوازشریف نے یمن کی صورتحال پر آج اجلاس طلب کر لیا ہے، سعودی عرب فوج بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ آج کئے جانے کا امکان ہے۔

    وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اجلاس میں وزیرِ دفاع اور مشیر خارجہ دورہ سعودی عرب اور سعودی حکام سے ملاقاتوں سے متعلق بریفنگ دیں گے ۔

    اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں تعاون کی سعودی درخواست، پاک فوج کے دستے سعودی عرب بھیجنے اور یمن سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء اور اس بارے میں دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

    گزشتہ روز وزیرِاعظم نواز شریف نے یمن کی صورتحال پر دوست ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا اور پہلے وزیرِ اعظم کل  ترکی جارہے ہیں، وزیرِاعظم مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ترک قیادت سے تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے، ملاقات میں او آئی سی کے کردار کو فعال بنانے اور مسلم ممالک کے درمیان تنازعات کے خاتمے کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم اور ترک قیادت یمن کی صورتحال سے خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے موثر کرادر ادا کرنے کیلئے صلاح مشورہ کریں گے ۔

    وزیرِاعظم مسئلہ کے حل کے لیے او آئی سی اور دیگر رکن ممالک کی قیادت سے بھی رابطے کریں گے۔

    دوسری جانب سرتاج عزیز اور خواجہ آصف یمن کی صورتحال پر بات چیت کے بعد سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے۔

  • پاکستان کا اعلی سطح وفد سعودی عرب روانہ

    پاکستان کا اعلی سطح وفد سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد: یمن کی صورتحال پر بات چیت کیلئے پاکستان کا اعلی سطح کا وفد سعودی عرب روانہ ہوگیا، وزیرِاعظم نے محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کی ہدایت کردی۔

    وزیرِاعظم کی ہدایت پر پاکستان کا اعلی سطح وفد وزیرِدفاع خواجہ آصف کی قیادت میں سعودی عرب روانہ ہوگیا، روانگی سے قبل خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان یمن کے پُرامن حل کی حمایت کرتا ہے اور مسلم ممالک میں انتشار کے خاتمے کا خواہاں ہے، اگر سعودی عرب کی سالمیت کوخطرہ ہوا تو تمام وسائل فراہم کریں گے۔

    اعلیٰ سطح وفد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف آپریشنزایئر وائس مارشل مجاہد انور، ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنزریئر ایڈمرل کلیم شوکت اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد شامل ہیں۔

    اس سے قبل یمن کی صورتحال کے پُرامن حل، سعودی عرب کولاحق خطرات سے نمٹنے اور محصورپاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کیسے ہو۔ وزیراعظم نوازشریف اعلی سطح کے اجلاس میں سرجوڑکر بیٹھ گئے، اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی شریک ہوئے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے پہلے مرحلے میں پاکستانیوں کی وطن واپسی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور محصور پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔

  • وزیرِاعظم کی محصورین کو جلد واپس لانے کی ہدایت

    وزیرِاعظم کی محصورین کو جلد واپس لانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت اعلی سطح اجلاس میں وزیرِاعظم نے مشرقی وسطی کی صورتحال پر غور کے لیے وفد آج سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

     یمن کی صورتحال کے پُرامن حل، سعودی عرب کولاحق خطرات سے نمٹنے اور محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کیسے ہو، وزیرِاعظم نوازشریف اعلی سطح کے اجلاس میں سرجوڑکر بیٹھ گئے۔

    اجلاس میں مشرقی وسطی کی صورتحال اور یمن سے پاکستانیوں کی انخلاء کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ۔وزیراعظم نوازشریف نے پہلے مرحلے میں پاکستانیوں کی وطن واپسی کے اقدامات پراطمینان کا اظہارکیا اور محصور پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔

     اجلاس میں وزیرِخزانہ اسحاق ڈار، وزیرِدفاع خواجہ آصف، وزیرِاعظم کے مشیر سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

    گزشتہ روز پاکستان نے یمن کے معاملے میں بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ، وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِصدارت اجلاس میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور جغرافیائی وحدت کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان مشرق وسطی کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں ایک بامقصد کردار ادا کرنے کے ساتھ بحران کے جلد حل اور مسلم امہ میں امن و اتحاد کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔

    اس مقصد کے لیے وزیرِاعظم برادر اسلامی ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    اجلاس میں پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری سے بحران کے سیاسی حل کے لیے تعمیری کردار کرنے کی اپیل کی۔

    اجلاس میں وزیرِخزانہ اسحاق ڈار، وزیرِدفاع خواجہ آصف، وزیرِاعظم کے مشیر سرتاج عزیز، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، چیف آف ائر اسٹاف ائرچیف مارشل سہیل امان ، وائس ایڈمرل ہشام بن صدیق اور سیکریٹری خارجہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

  • یمن صورتحال:آصف زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا

    یمن صورتحال:آصف زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا

    کراچی : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے یمن کی صورتحال پر سیاسی جماعتوں سےسے مشاورت کےلیے اجلاس بدھ کو طلب کرلیا ہے۔

    اجلاس میں یمن کی موجودہ صورتحال اورحکومت کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی، ذرائع کے مطابق تمام جماعتوں کی متفقہ رائے کے بعد اپوزیشن اپنی حکمت عملی وضع کرے گی۔

    اجلاس میں یمن میں محصور پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا، اجلاس کیلئے آصف زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطہ شروع کردیا ہے۔

  • یمن : باغیوں کیخلاف عرب اتحاد کی کارروائیاں جاری

    یمن : باغیوں کیخلاف عرب اتحاد کی کارروائیاں جاری

    یمن: حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب اور اتحادی ملکوں کے فضائی حملے پانچویں دن بھی جاری ہیں، حملوں میں چالیس افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

    یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف عرب اتحاد کے حملے جاری ہیں، سعودی فوجی قافلوں کو یمن کی سرحد کے ساتھ علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا تاہم سعودی عرب کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کے خلاف زمینی کارروائی کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    سعودی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ باغیوں کے میزائل ذخیرے کو تباہ کردیا گیا ہے اور یمن میں حوثیوں کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا مشن جاری ہے۔

    دوسری جانب یمن میں حکومت کے حامیوں اورباغیوں کے درمیان جھڑپ میں باغیوں سمیت اڑتیس افراد ہلاک ہوگئے۔

    یمن کے صوبے شبوہ میں حکومت کے حامیوں اور باغیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، حکومتی حامیوں نے اوسیلان میں باغیوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا، شدید جھڑپ کے نتیجے میں تیس باغی مارے گئے جبکہ آٹھ اہلکار بھی ہلاک ہوگئے۔

    یمن کی وزارت صحت نے فضائی حملوں نے پجہتر شہریوں کی ہلاکت اور چار سو پچاس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
    دوسری طرف حوثی باغیوں نے عدن شہر کے ہوائی اڈے پر دوبارہ قبضہ کرلیا۔

  • یمن سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی اولین ترجیح ہے، دفترخارجہ

    یمن سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی اولین ترجیح ہے، دفترخارجہ

    اسلام آباد:  دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ یمن سے پاکستانیوں کا محفوظ انخلاء پہلی ترجیح ہے۔

    دفترِ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ٹوئٹ میں کہا کہ یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بحفاظت نکالنے کے لئے یمن کے پڑوسی ممالک سے رابطے میں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ یمن میں موجود پاکستانیوں کو دو ماہ قبل انخلاء کی ہدایت کردی تھی، ملک میں جاری بحران کے باعث ائیرپورٹس بند اورزمینی راستے غیرمحفوظ ہیں۔

    کئی ملکوں کے شہری یمن میں پھنسے ہوئے ہیں، پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    — SpokespersonMOFA (@ForeignOfficePk) March 27, 2015

  • یمن کی صورتحال پرغورکیلئےعرب لیگ کا  2روزہ اجلاس آج ہورہا ہے

    یمن کی صورتحال پرغورکیلئےعرب لیگ کا 2روزہ اجلاس آج ہورہا ہے

    مصر: یمن کی صورتحال کے سیاسی حل پر غور کے لئے عرب لیگ کا دو روزہ اجلاس آج ہورہا ہے، جس میں یمن کے صدرہادی بھی شرکت کریں گے، حوثی باغیوں کیخلاف امریکا اور برطانیہ نے بھی سعودی حکومت کو حمایت کا یقین دلایا ہے۔

    امریکا اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے یمن میں حوثی باغیوں کیخلاف کارروائی کے دوران سعودی حکومت کو تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ہے، امریکی صدربراک اوباما نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور یمن میں دیرپا استحکام اور مسئلے کے سیاسی حل کے لئے اقوام متحدہ اورخلیجی تعاون کونس کا تعاون حاصل کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔

    برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی شاہ سلمان کو یمن میں باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں بھرپور سیاسی تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

    ڈیوڈکیمرون کا کہنا تھا کہ یمن میں صدر ہادی کی حکومت کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں سعودی عرب اور اتحادی ملکوں کا ساتھ دیں گے۔

    حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں سعودی عرب کو مصر،ترکی، سوڈان،متحدہ عرب امارات اورسوڈان کی حمایت حاصل ہے جبکہ ایران اورعراق نے حملوں کی مخالفت کی ہے۔