Tag: Yemen

  • کئی امریکی یمن میں محصورہیں: اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ

    کئی امریکی یمن میں محصورہیں: اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ

    واشنگٹن: امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ یمن میں کئی امریکی شہری پھنسے ہوئے ہیں، اب تک موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق چارامریکی شہریوں کی یمن میں تصدیق ہوگئی ہے۔

    امریکی اخبار کے مطابق امریکہ کے شہری حوثی قبائل کی تحویل میں ہیں اورانہیں یمن کے دارالحکومت صنعا کے نزدیکی علاقے میں رکھا گیا ہے اورامریکہ کے حوثیوں کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات نہیں ہیں جن کے ذریعے امریکی شہریوں کو بازیاب کرایا جاسکے۔

    اخبارکے مطابق یمن میں قید تین امریکی شہری وہاں پر ملازمت کر رہے تھے جبکہ چوتھا شخص یمنی اورامریکی دوہری شہریت رکھتا ہے۔

    امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق امریکی شہریوں کی بازیابی کےلئے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔

    اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ان کے لئے امریکہ سے باہر امریکی شہریوں کی حفاظت سب سے اہم ہے۔

    واضح رہے کہ ایران کی طرح یمن کے حوثی قبائل بھی ’’مرگ برامریکہ‘‘ کے نعرے میں یقین رکھتے ہیں۔

  • یمن میں سعودی اتحاد کے فضائی حملے تیز

    یمن میں سعودی اتحاد کے فضائی حملے تیز

    عدن: سعودی عرب کے شہر قطیف میں خودکش دھماکے بعد سعودی اتحاد نے یمن میں فضائی حملے تیز کردیے، ادھر یمنی صدر منصور الہادی نے جنیوا میں امن مزاکرات میں شرکت سے انکار کردیا۔

    سعودی عرب کے شہر قطیف کی مسجد میں خودکش دھماکے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سعودی اتحاد نے یمن میں تابڑ توڑ حملے کیے۔

     سعودی اتحاد کے جیٹ طیاروں نے حججا اور عطاق میں حوثی قبائل کے ٹھکانوں پربمباری کی جس پر حکام نے انتیس جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔

    صدر منصور الہادی نےیمن میں باغیوں کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سےجنیوا امن مزاکرات میں شرکت سے انکار کردیاہے۔

  • حوثی قبائل نے جنگ بندی کی تجویز منظور کرلی

    حوثی قبائل نے جنگ بندی کی تجویز منظور کرلی

    قاہرہ: ایرانی حمایت یافتہ حوثی قبائل نے سعودی عرب کی جانب سے انسانی بنیادوں پر پیش کردہ پانچ روزہ جنگ بندی کی تجویز قبول کرلی ہے، ساتھ ہی سعودی عرب کو خبردار بھی کیا ہے کہ اس دوران ہونے والی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    سعودی عرب کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ اگر حوثی قبائل رضا مند ہیں تو جنگ بندی پر عملدرآمد منگل سے ہوسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی حمایت یافتہ سعودی اتحاد نے 26 مارچ 2015 کو جلاوطن صدرعبدالربو منصورہادی کی حکومت بحال کرانے کے لئے فضائی حملے شروع کیے تھے۔

    دوسری جانب حوثی قبائل کا کہنا ہے کہ ان کی جدوجہد ملک کو کرپشن اور القائدہ کے خطرے سے بچانے کے لئے ہے۔

    حوثی قبائل کے ترجمان کرنل شرف لقمان کا کہنا ہے کہ’’القائدہ اور اسکے حامیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر آرمی دیگر مسلح گروہ انتہائی موثر جواب دیں گے‘‘۔

    حوثی قبائل کی جانب سے یہ بیان ہفتے کو رات گئے جاری کیا گیا جس میںانہوں نے کہا ہے کہ یمن کے لوگوں کو تکلیف سے بچانے کے لئے تمام مثبت اقدامات کا خیر مقدم کریں گے۔

    حوثی قبائل نے تنازعے کے حل کے لئے اقوام متحدہ کے زیر نگرانی مذاکرات بھی شروع کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اے ایف پی

  • یمن کا مسئلہ پاکستان کے استحکام سے جڑا ہے، اورنگزیب فاروقی

    یمن کا مسئلہ پاکستان کے استحکام سے جڑا ہے، اورنگزیب فاروقی

    کراچی : اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی اور مولانا اورنگ زیب فاروقی نے کہا ہے کہ یمن کا مسئلہ پاکستان کے استحکام سے جڑا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام نکالی گئی تحفظ حرمین شریفین ریلی اور جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

    ریلی کے بعد جلسے میں پاکستانی فوج سعودی عرب بھیجنے کی قرارداد منظور کی گئی۔جلسے سےخطاب میں دیگرمقررین کا کہنا تھا کہ حوثی باغی مدینہ اور مکہ سے چند گھنٹوں کے فاصلے پر آگئے ہیں انہیں فوری طورپر کچلا جائے۔

    اس سے پہلے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اورنگ زیب فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یمن کا مسئلہ پاکستان کے استحکام سے جڑا ہوا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے متحد ہوجانا چاہیئے۔

    ریلی کےشرکا نے سعودی عرب سےاظہاریکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔

  • سعودیہ کی جنگ بندی کی پیشکش، حوثی قبائل کو نشانہ بنایا جائے گا

    سعودیہ کی جنگ بندی کی پیشکش، حوثی قبائل کو نشانہ بنایا جائے گا

    ریاض: یمن کے خلاف سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ اگر حوثی قبائل نےسرحدی علاقوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا تو اس کا انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔ یہ بیان سعودی عرب کی جانب سے پانچ روز کی جنگ بندی کے چند گھنٹوں بعد ہی سامنےآیا ہے۔

    سعودی اتحاد کے ترجمان جنرل احمد اسیری کا کہنا ہے کہ حوثی قبائل نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے اور شہروں کو نشانہ بنارہے ہیں، انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ باغی رہنماوٗں کا پیچھا نہیں چھوڑا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ حوثی قبائل سرحدوں پر حملے کررہے لیکن ہم ہر صورت اپنے شہریوں کے دفاع کو ممکن بنائیں گے، انکا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے سعودی شہر نجران پر حملہ کیا جس میں 15 شہری زخمی ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حوثی قبائل کو شہریوں پر حملے کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

    سعودی اتحاد کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب چند گھنٹے قبل سعودی وزیرِ خارجہ عدیل الجبیرنے امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری کے ہمراہ یمن میں جاری جنگ انسانی بنیادوں پرپانچ روز کے لئے بند کرنے کا مشروط اعلان کیا تھا۔

    سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر حوثی قبائل نے جنگ بندی کا احترام کیا تو انسانی بنیادوں پرپانچ روز کے لئے جنگ بند کی جاسکتی ہے۔

  • یمن کا تنازعہ ایران امریکہ معاہدے کی راہ میں رکاوٹ ہے، جان کیری

    یمن کا تنازعہ ایران امریکہ معاہدے کی راہ میں رکاوٹ ہے، جان کیری

    نیویارک: امریکی وزیرِخارجہ جان کیری نے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایران کے نیوکلیائی پروگرام پر ہونے والی طویل اور سخت مذاکرات بالاخر کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں گے، ساتھ ہی ساتھ یمن کے تنازعے کا بھی حل تلاش کیا جائے گا۔

    جان کیری کی ایران کے وزیرِ خارجہ سے اس ماہ کے اوائل میں سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے آٹھ روز طویل مذاکرات کے بعد یہ پہلی ملاقات ہے۔

    جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ کی تمام تر توجہ اس جوہری معاہدے پر مبذول ہے۔

    ساتھ ہی ساتھ انہوں نے عراق میں دولت اسلامیہ اور یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی قبائل جیسے سلگتے ہوئے مسائل پراظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسائل امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کی راہ میں رخنہ ہیں۔

    انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے حوثی قبائل کی حمایت کے سبب یمن کا تنازعہ لازمی طور پر زیر بحث آئے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ اپیل کریں گے کہ یمن میں جاری تشدد کی لہرکو کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    جان کیری کا کہنا تھا کہ یمن میں غیرملکی مداخلت بند ہونی چاہیے اور یمن کی عوام کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیاجانا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ہونےوالے سخت ترین مذاکرات کے بعد بالاخر 30 جون کو جوہری معاہدے پر دستخط ہونے جارہے ہیں جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں ایران ایک نئے کردار میں ابھر کر سامنے آئے گا۔

  • خان صاحب قوم کو کب تک گمراہ کرینگے، پرویز رشید

    خان صاحب قوم کو کب تک گمراہ کرینگے، پرویز رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ثبوت تھیلوں میں بند ہیں تو عمران خان اتنے مہینوں سےکیا اکھٹاکررہےتھے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کپتان کو آڑے ہاتھوں لےلیا،  انہوں نے کہا کہ کبھی ثبوت آپ کے پاس، کبھی تھیلوں میں، خان صاحب قوم کو کب تک گمراہ کرینگے۔

    وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ثبوت تھیلوں میں ہیں تو خان صاحب اتنے مہینوں سے کیا اکھٹا کررہے تھے۔

     اپنے بیان میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو بائس کے تھیلے کھلنے پر عمران خان کو شرمندگی اٹھانا پڑی تھی عمران خان نے جھوٹ بول کر اپنا اعتبار کھودیا ہے۔

     خیبر پختونخوا میں بارشوں پر وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کےپی کے میں لوگ مررہے ہیں عمران خان اسلام آباد میں کیا کررہے ہیں ؟؟ ۔

  • عمران خان قوم سے معافی مانگیں، پرویز رشید

    عمران خان قوم سے معافی مانگیں، پرویز رشید

    اسلام آباد: وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں عوام نے ایک بار پھر ن لیگ کو کامیاب کرکے عام انتخابات دو ہزار تیرہ کے نتائج کو سند دے دی ہے۔

     اسلام آباد میں نیشنل بک فاوٴنڈیشن کے زیراہتمام کتابوں کی نمائش کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے پر عمران خان قوم سے معافی مانگیں،کنٹینرز پر عوام سے جھوٹ بولتے رہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان جس حلقے کو اپنی وکٹ قرار دیتے رہے وہاں بھی ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کل کے انتخابات میں جنرل کیانی تھے نہ افتخار محمد چوہدری اور نہ ہی نجم سیٹھی موجود تھے پھر بھی جیت ن لیگ کی ہوئی۔

     وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نائن زیرو سے عام انتخابات میں پی ٹی آئی نے بتیس ہزار ووٹ لیے ۔ اب انہیں پچیس ہزار ووٹ لینے پڑے۔ عوام نے شیطانی سیاست کو سز ادی۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے کنٹونمنٹ انتخابات میں پچاس فیصد کامیابی حاصل کی جبکہ پی ٹی آئی اپنے ہی صوبے میں تینتیس فیصد کامیاب رہی، انہوں نے دعوی کیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ ہی کامیاب ہوگی۔

     ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین کی رکنیت ختم کرنے کی ایم کیو ایم کی تحریک کے حوالے سے فیصلہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کرے گی، تحریک پر دیگر سیاسی جماعتوں کی آرا بھی سنیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ کے رکن رہیں۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، یمن صورتحال پرمشاورت

    وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، یمن صورتحال پرمشاورت

    اسلام آباد : یمن بحران پروزیراعظم کی زیرصدارت اعلٰی سطح کااجلاس ہوا۔ جس میں آرمی چیف بھی شریک تھے،وزیراعظم اورجنرل راحیل شریف کل سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔

    اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں یمن سعودی عرب صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت وفاقی وزرابھی شریک ہوئے۔اجلاس کے شرکاء نے سعودی عرب کی جانب سے فضا ئی کارروائی روکنے کا خیرمقدم کیا۔

    یمن کی صورتحال پر سعودی عرب کے مذاکراتی عمل کو بھی سراہا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی قیادت سےاظہار یکجہتی کیلئےوزیر اعظم اور آرمی چیف وفدکے ہمراہ ریاض جائیں گے۔

    وفد میں وزیر دفاع خوا جہ آصف،طارق فا طمی اور سیکٹریری خا رجہ اعزازاحمدچوہدری شامل ہونگے،وزیراعظم ایک روزہ دورے کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات میں یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرینگے۔

  • سعودی عرب نے یمن میں فضائی آپریشن ختم کردیا

    سعودی عرب نے یمن میں فضائی آپریشن ختم کردیا

    ریاض:سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں نے چار ہفتوں سے یمن میں جاری فضائی ختم حملے ختم کرنے کا اعلان کردیا، اتحادیوں کے مطابق سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کے لئے یمن کے بحران سے پیدا ہونے والاخطر ہ اب ٹل چکا ہے۔

    سعودی افواج کے ترجمان برگیڈیئر جنرل احمد الاسیری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اعلان کیا ک’’یمنی صدرہادی اور حکومت کی درخواست پر باغیوں کے خلاف شروع کیا جانے والا’فیصلہ کن طوفان‘نامی فضائی آپریشن ختم کیا جاچکا ہے‘‘۔

    ’’آپریشن کے دوران سعودی عرب کے 10 فوجی بھی جاں بحق ہوئے جبکہ 14 زخمی ہوئے اور یمن میں 405 شہری جاں بحق ہوئے جن میں سے 88 کا تعلق دارالحکومت صنعاء سے ہے جبکہ باغیوں کا جانی نقصان تاحال نامعلوم ہے۔‘‘

    دریں اثناء انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودیہ اور اسکے اتحادی یمن کےساحل کا محاصرہ جاری رکھیں گے اور حوثی شعیہ قبائل کی نقل و حمل کو نشانہ بنایا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوسرے مرحلے میں یمن میں سیاسی عمل کو دوبارہ سے شروع کرنا، امدادی کاروائی اور القائدہ کے دہشت گردوں کا سدِ باب ہے۔

    دوسری جانب سعودی وزیرِدفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ فضائی حملوں کے ذریعے انہوں نے کامیابی کے ساتھ سعودی عرب اور اتحادی ممالک کے لئے پیدا ہونے والے خطرے کا تدارک کرلیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حوثی قبائل اور سابق صدر علی عبدالصالح کے حامیوں کی جانب سےجمع کردہ بھاری مقدار میں گولہ بارود اور بیلسٹک میزائلز آپریشن میں تباہ کیے گئے۔

    واضح رہے کہ فیصلہ کن طوفان نامی یہ آپریشن 26 مارچ کو شروع کیا گیا تھا جو کہ گزشتہ رات تک جاری رہا۔