Tag: Yemen

  • یمن صورتحال پر قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، مولانا عبدالغفور حیدری

    یمن صورتحال پر قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، مولانا عبدالغفور حیدری

    سکھر : حکومت یمن صورتحال پرقوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر مثبت اقدام اٹھائے، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے روہڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے لا زوال تعلقات ہیں، اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور سعودی عرب سے ہمارا روحانی رشتہ ہے۔

    حکومت کو چاہئے کہ اس سلسلے میں قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر مثبت فیصلہ کرے،ان کا کہنا تھا کہ متعدد پاکستانی یمن اور خلیجی ممالک میں محصور ہیں حکومت پاکستان ان  کی واپسی کے لئے انتظامات کرے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عارف علوی کے جو فون ریکارڈ ہوئے تھے جس میں ان دونوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی تھی،اس فون ٹیپ والی بات کو ایشو نہ بنایا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ میں قدم رکھنا خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس پر حملے قابل مذمت ہیں۔

    ملک اور خصوصاً کراچی میں امن و امان کی صرت حال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ تمام پارٹیوں کو اعتماد میں لے۔

    تمام سیاسی جماعتیں  مل کر ملک میں امن و امان قائم کر نے کے لئے ایک دوسرے کا ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام پارٹیوں کوآپریشن سے تکلیف ہوئی ہے۔

  • حوثی باغیوں پرچوتھے روز بھی بمباری، ساٹھ سے زائد افراد ہلاک

    حوثی باغیوں پرچوتھے روز بھی بمباری، ساٹھ سے زائد افراد ہلاک

    صنعا: یمن میں حوثی باغیوں پرچوتھے روز بھی بمباری جاری ہے ۔ اب تک ساٹھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یمن میں سعودی عرب اوراس کےاتحادی ممالک نےمسلسل چوتھےروز حوثی باغِوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ۔

    بمباری کے باوجود بھی حوثی باغیوں کی پیش قدمی نہ رکی جبکہ اطلاعات کے مطابق یمنی فوج نے عدن شہر کے ہوائی اڈے پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے ۔

    اس لڑائی میں پندرہ افراد ہلاک ہوئےہیں۔عرب لیگ کے دو روزہ اجلاس میں باغیوں کےخلاف کارروائی کی حمایت کی قرارداد کی منظوری متوقع ہے۔

    اقوامِ متحدہ کےسیکریٹری جنرل بان کی مون نےعرب رہنماؤں پر یمن کے بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

    یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح نے بھی کہا ہے کہ عرب لیگ یمن کا بحران پرامن طریقے سے حل کرے اورفضائی حملوں سے مسئلہ کا حل ناممکن ہے ۔

  • یمن میں محصورپانچ سو پاکستانی آج وطن واپس پہنچیں گے

    یمن میں محصورپانچ سو پاکستانی آج وطن واپس پہنچیں گے

    صنعا : یمن میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور صنعا سے حدیدہ پہنچنے والے پانچ سو پاکستانی شہری پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے آج واپس لائے جائیں گے۔

    یمن کے دارالحکومت صنعا سے چھ سو پاکستانیوں کا قافلہ گزشتہ رات حدیدہ پہنچا تھا۔ انھیں لینے کے لیے جانے والی پی آئی اے کی پہلی پرواز میں پانچ مسافروں کی ہی گنجائش ہے۔

    کرائسس مینجمنٹ سیل کے اہلکار کا کہنا تھا کہ صنعا سے حدیدہ کے زمینی سفر میں پاکستانی شہریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ جو تھوڑی بہت دشواری ہوئی وہ صرف سکیورٹی کلیئرنس کے دوران ہوئی۔

    یمن میں پاکستانی سفیر نے یمن کے دیگر شہروں میں رہنے والے پاکستانیوں کو بھی حدیدہ پہنچنے کو کہا تھا۔

    پاکستانی شہریوں کے یمن سے فوری اور محفوظ انخلاء سے متعلق انتظامات اور معلومات کے لئے اسلام آباد میں قائم کرائسس مینیجمنٹ سیل کے اہلکار کا کہنا ہے کہ یمن میں اس وقت تین ہزار پاکستانی موجود ہیں، جنہیں بحفاظت پاکستان لانے کیلئے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

  • محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے، الطاف حسین، آصف زرداری

    محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے، الطاف حسین، آصف زرداری

    لندن /کراچی : ایم کیو ایم قائد الطاف حسین اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے حکومت پاکستان سے یمن میں محصور پاکستانیوں کی فوری وبحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کی زندگیاں اورعزتیں خطرے میں ہیں،اس وقت تمام معاملات چھوڑ کر ان کی واپسی کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جائیں ۔

    بلاول ہاؤس کراچی میں مولانافضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    بلاول ہاؤس کے ترجمان کے مطابق سابق صدر کاکہنا تھا کہ وہ یمن کی صورتحال پر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کریں گے ۔انکا کہنا تھا کہ محصورین کی جلد واپسی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

  • یمن سے پاکستانیوں کو نکالنے کاجامع پلان بنا لیا، اعزاز چودھری

    یمن سے پاکستانیوں کو نکالنے کاجامع پلان بنا لیا، اعزاز چودھری

    اسلام آباد : سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے جامع پلان بنا لیا ہے ۔

    پاک بحریہ کے دو جہاز یمن روانہ کئے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر خارجہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہواتو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دیگا۔بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھاکہ یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے جامع پلان بنا لیا ہے، جس کی نگرانی وزیراعظم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت صنعا سے چھ سو پاکستانیوں کا قافلہ حدیدہ کی جانب رواں دواں ہے، اعزاز چودھری نے بتایا کہ اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں ایک وفد سعودی عرب جارہا ہے جہاں حالات کا اندازہ لگایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے دو جہاز بحیرہ احمر کی جانب روانہ کئے جا رہے ہیں، اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب ہونے والی کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیگا۔

    اعزازچودھری نے بتایا کہ حکومت پاکستان دو ماہ سے یمن کا جائزہ لے رہی تھی اور اس نے فروری کے آخرمیں پاکستانیوں کو یمن چھوڑ دینے کی ہدایت کی تھی ۔

    انہوںنے پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے پاکستانی سفیر کی خدمات کو سراہا۔

  • یمن صورتحال : نواز شریف کی شاہ سلمان بن عبدالعزیزکو تعاون کی یقین دہانی

    یمن صورتحال : نواز شریف کی شاہ سلمان بن عبدالعزیزکو تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ٹیلی فون کیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں یمن کی موجودہ صورتحال اور یمن سے پاکستانیوں کے انخلا ء سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

    وزیراعظم نے شاہ سلمان کو سعودی عرب کے ساتھ مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا، وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا پاکستان سعودی عرب کے تحفظ کے لیے تمام میسر وسائل بروئے کار لائے گا۔

    واضح رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی فضائی کارروائی جاری ہے، حملوں میں باغیوں کے ٹھکانوں اور سعدہ میں اسلحہ ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    مصر اور سعودی عرب کے بحری بیڑے یمن پہنچ گئے ہیں۔ یمن کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں باغیوں کے زیرِ تسلط فوجی بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے یمن کا دفاعی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

    فضائی حملوں کے باوجود جنوبی اور مشرقی علاقوں میں باغیوں کی پیش قدمی جاری ہے۔ یمنی حکام کا کہنا ہے کہ باغیوں کے مکمل خاتمے تک فضائی حملے جاری رہیں گے اور باغیوں کی پیش قدمی رکتے ہی حملے ختم کردئیے جائیں گے۔

  • یمن کے استحکام تک آپریشن جاری رہے گا، شاہ سلمان

    یمن کے استحکام تک آپریشن جاری رہے گا، شاہ سلمان

    شرم الشیخ : خاد م الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے کہا ہےکہ یمن کو محفوظ اورمستحکم بنانے تک فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر شرم الشیخ میں عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے یمن آپریشن میں حصہ لینے والے اتحادیوں کا شکریہ ادا کر تےہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کو فوری طورپرجوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے یمن کی سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت بھی دی۔ یمن کے صدرہادی کا کہنا تھا حوثی باغی اوران کے حمایتی مذاکرات نہیں چاہتے تھے۔

    باغیوں کے ہتھیارڈالنے تک فوجی آپریشن جاری رہنا چاہئیے۔ مصرکے صدرعبدالفتاح السیسی نے کہا کہ یمن میں فوجی کارروائی ناگزیرہے۔

    کویت کے امیرشیخ جابرالاحمد الصباح کا کہنا تھا یمن کی بگڑتی صورتحال ان کے ملک کے لئے خطرہ ہے۔

  • وزیراعظم نواز شریف نے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو انخلا کی ہدایت کردی

    وزیراعظم نواز شریف نے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو انخلا کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: اے آروائی یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی آواز بن گیا، وزیراعظم میاں نواز شریف نے اے آروائی نیو زکی خبرپرنوٹس لیتے ہوئے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو انخلا کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم نواز شریف نے یمن سے تمام پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ریاستی ڈھانچے میں پاکستانی مشکلات کاشکار ہیں اور پاکستانیوں کو یمن سے نکالنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

    اس سے قبل اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یمن میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ محصور ایک پاکستانی خاتون کہتی ہیں وہاں تقریباً سات سو پاکستانی محصور ہیں۔

    وزیراعظم کے نوٹس لینے سے پہلے یمن میں پھنسے خاندانوں نے انتہائی بے بسی کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی تھی ۔

     یمن میں محصور پاکستانی کا کہنا تھا سفارت خانےنےرابطہ کیاہے لیکن ہمیں واپس بھیجنے کیلئے تاحال کوئی پلان نہیں دیا گیا، تمام پاکستانی گروپ کی شکل میں قریبی گھروں میں موجودہیں،یمن کےمقامی لوگ ہماری بھرپورمددکررہےہیں۔

  • یمن بحران: خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ، مزید بڑھنے کا امکان

    یمن بحران: خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ، مزید بڑھنے کا امکان

    اسلام آباد : پاکستانیوں کیلئےسستےپیٹرول کی امیدیں خطرے میں پڑگئیں۔ مشرق وسطیٰ میں جاری سیاسی بحران کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمت میں ایک بار بھی اضافہ ہونےلگا۔

    پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کاہنی مون دور ختم ہوتانظرآرہاہے۔ سعودی عرب اورخلیجی ممالک کےاتحاد کےیمن پر فضائی حملےکےبعدعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد اضافہ ہوچکاہے۔

    صورتحال بہترنہ ہونےپرمزید اضافےکاامکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈآئل کی قیمت ایک ڈالرانہترپیسے اضافےکےبعدانسٹھ ڈالرپچاس سینٹس ہوگئی۔

    یو ایس کروڈ آئل ایک ڈالرپندرہ سینٹس فی بیرل کےاضافےکےبعدباون ڈالرتیس سینٹس ہوگئی۔اقتصادی ماہرین کےمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اضافہ یمن پرحملےکےفوری ردعمل کانتیجہ ہےاوراگریہ لڑائی طول پکڑگئی تو قیمتوں میں مزیداضافےکے قوی امکان ہیں۔

  • یمن: حوثی باغیوں کیخلاف سعودی عرب کی فضائی کارروائیاں جاری

    یمن: حوثی باغیوں کیخلاف سعودی عرب کی فضائی کارروائیاں جاری

    یمن: حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی زیرِ قیادت اتحادی ممالک کی فضائی کارروائیاں جاری ہیں، تازہ حملوں میں دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    یمن میں حوثی باغیوں کی پیش قدمی روکنے کے لئے سعودی عرب کے آپریشن ڈیسائیسیواسٹارم کا سلسلہ دوسرے بھی جاری ہے، سعودی فضائیہ نے اتحادیوں کےساتھ مل کرباغیوں کےاہم ٹھکانوں پر بمباری کی، جس میں متعدد باغی رہنماؤں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

    یمن کے وزیرِخارجہ ریاض یاسین کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی جارحیت ختم ہوتے ہی فضائی حملے روک دئیے جائیں گے، جارحیت روکنے کے لئے پڑوسی ملکوں کی مدد لینا پڑی، زمینی کارروائی کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

    دوسری جانب حوثی قبائلیوں کے رہنماء نے سعودی حملوں کو جارحیت قرار دیا ہے، سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی شروع کی تھی۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے جاری رہیں گے تاہم زمینی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں، حوثی باغیوں کی عدن کی جانب پیش قدمی کے بعد فرار ہونے والے یمنی صدر منصور ہادی ریاض پہنچ گئے ہیں۔