Tag: Yemen

  • یمن: شادی ہال میں بم دھماکا، خواتین جاں بحق

    یمن: شادی ہال میں بم دھماکا، خواتین جاں بحق

    صنعا: یمن کے شہر حدیدہ میں ایک شادی ہال میں بم دھماکے سے 5 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں شادی کی ایک تقریب جاری تھی کہ اس دوران ہال میں بم دھماکا ہو گیا، جس کے نتیجے میں پانچ خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ بم دھماکہ نئے سال کے پہلے دن ہونے والی شادی کی تقریب کے دوران ہوا، دوسری طرف افسوس ناک واقعے کی ذمہ داری یمن کی حکومت اور حوثی باغی ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے محض دو دن قبل عدن ایئر پورٹ پر بھی دھماکے ہوئے تھے، جس میں 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے، عدن ایئر پورٹ کو دھماکوں سے اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب حکومتی وزرا وہاں پہنچے تھے۔

    شادی ہال بم دھماکے کو اقوام متحدہ کے مشترکہ جنگ بندی کمیشن میں یمنی حکومتی نمائندے جنرل صادق دوئیڈ نے مکروہ جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حوثی باغیوں کی جانب سے سویلینز کے خلاف مکروم جرم ہے۔

    دوسری طرف شہر حدیدہ کے لیے نامزد حوثی گورنر محمد ایاچے نے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ جارح قوتیں اپنے جرائم کا الزام دوسروں پر دھرنے میں کبھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتیں۔

  • سعودی عرب نے جنگ زدہ یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا

    سعودی عرب نے جنگ زدہ یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا

    ریاض: سعودی عرب یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے کوشاں ہے، سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے یمن کی تعمیر و ترقی کے پروگرام کے ضمن میں 22 ماڈل اسکول قائم کیے ہیں جو سائنسی لیباریٹریوں سے لیس ہیں۔

    سعودی عرب کی جانب سے کمپیوٹر لیبز قائم کی گئیں، مختلف کھیلوں کے لیے گراؤنڈ بنائے گئے اور طلبہ و طالبات کے لیے اسکول بیگ، اسٹیشنری، کورس کی کتابیں، کرسیاں، بینچز اور میزیں فراہم کی گئی ہیں۔

    سعودی عرب نے مشرقی یمن کے المہرۃ صوبے میں 8 نئے اسکول کھولے ہیں، ان میں 10 ہزار 952 طلبہ و طالبات نے داخلے لیے ہیں، صوبے ارخبیل سقطری، حجۃ اور حضر موت میں بھی 2، 2 اسکول قائم کیے گئے ہیں۔

    اسی طرح عدن میں 4 اور تعز میں ایک اسکول کھولا گیا ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اسکولوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات کی آمد و رفت کے لیے ٹرانسپورٹ سسٹم بھی مہیا کیا گیا ہے، المہرۃ میں 12 بسیں، سقطری میں 8، مارب میں 4 بسیں اور عدن میں 2 بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

  • یمن: آسمان سے نیلے روشن پتھر گرنے لگے

    یمن: آسمان سے نیلے روشن پتھر گرنے لگے

    صنعا: یمن میں آسمان سے پراسرار روشن پتھر گرنے لگے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا کے مشرقی مضافات سمیت کئی صوبوں میں رات کے وقت نیلے رنگ کے روشن پتھر گرنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

    اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں جن میں آسمان سے روشن پتھر گرتے ہوئے دکھائی دیے، روش پتھر گرتے وقت آسمان بھی دور تک روشن ہو گیا تھا۔

    مقامی باشندے یہ منظر دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے، ان کا کہنا تھا کہ عجیب و غریب پتھر صنعا کے مضافات میں گرے اور ان کے گرنے سے زبردست دھماکے بھی ہوئے، جس کی آواز دور تک سنی گئی۔

    سوشل میڈیا پر صارفین نے روشن پتھروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ صنعا پر آسمان سے گرنے والے پتھروں کی تصاویر ہیں۔

    ادھر یمن کے ماہر فلکیات کی جانب سے بھی آسمان سے گرتے روشن پتھروں کی تصدیق کی گئی ہے، انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یمن کے شمال مغربی صوبوں کے بعض علاقوں میں چند لمحوں کے لیے آسمان چمک دار فاسفورس سے روشن ہو گیا تھا، جس کی وجہ فضائی غلاف سے نکلنے والے پتھر تھے۔

    اس سے قبل یمن میں ایسا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا، ماہر فلکیات کا کہنا تھا کہ اس قسم کا واقعہ یمن میں پہلی بار ریکارڈ پر آیا ہے۔

  • سعودی عرب: غذائی قلت کی افواہ پھیلانے والا غیر ملکی شخص گرفتار

    سعودی عرب: غذائی قلت کی افواہ پھیلانے والا غیر ملکی شخص گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں گمراہ کن ویڈیو بنا کر غذائی قلت کی افواہ پھیلانے والے غیر ملکی شخص کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ شخص پر سائبر کرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن پولیس نے غذائی بحران کی افواہ پھیلانے والے ایک غیر ملکی کو گرفتار کر لیا ہے، مذکورہ شخص نے ایک سپر مارکیٹ میں جا کے ویڈیو بنائی اور دعویٰ کیا کہ دکانوں میں غذائی اشیا کی قلت ہے جس کے باعث بحران پیدا ہونے والا ہے۔

    مشرقی ریجن پولیس کے ترجمان بریگیڈیئر زیاد الرقیطی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر غذائی بحران کا دعویٰ کرنے والے شخص کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس کی متعلقہ ٹیم نے اس کی شناخت کرلی اور اسے گرفتار کر لیا، مذکورہ شخص ایک یمنی تارک وطن ہے جس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار شدہ شخص نے سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے، لوگوں کو گمراہ کرنے، غذائی قلت اور بحران کا بے بنیاد دعوی کیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ شخص پر سائبر کرائم کی دفعات لاگو ہوتی ہیں، ضابطے کی کارروائی کے بعد اسے متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا جائے گا۔

  • یمن: کرونا وائرس کا مریض اسپتال سے فرار ہوگیا

    یمن: کرونا وائرس کا مریض اسپتال سے فرار ہوگیا

    صنعا: یمن میں جان لیوا کرونا وائرس کا مریض قرنطینیہ سے بھاگ گیا، وہ یمن میں اب تک سامنے آنے والا کرونا وائرس کا واحد مریض ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ مریض کرونا سے متاثر ملک سے واپس آیا تھا تاہم حکام اس ملک کا نام بتانے سے گریزاں ہیں، مذکورہ مریض یمن کے شہر المکلا کا رہائشی تھا اور 2 دن قبل اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق مریض کو ابن سینا اسپتال کے قرنطینیہ میں رکھا گیا تھا، اس سے پہلے البرج اسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ سے تصدیق ہوگئی تھی کہ وہ کرونا کا شکار ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکام نے مریض کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد مریض کو قرنطینیہ میں رکھا گیا تھا تاہم طبی عملے نے اسے اگلے دن وہاں موجود نہیں پایا۔

    وزارت صحت کے حکام نے اس بات کی بھی تردید کی ہے کہ شہر میں کرونا کا کوئی دوسرا مریض ہے۔

    ان کے مطابق اب تک صرف ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے جسے قرنطینیہ منتقل کیا گیا تھا تاہم علاج شروع کرنے سے پہلے ہی وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • حدیدہ: حوثیوں کا نصب کردہ دھماکا خیز مواد پھٹنے سے چار بچے جاں بحق

    حدیدہ: حوثیوں کا نصب کردہ دھماکا خیز مواد پھٹنے سے چار بچے جاں بحق

    صنعا: یمن کے مغربی صوبے حدیدہ میں حوثی ملیشیا کا نصب کیا ہوا دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے چار بچے جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، یہ تمام بچے بہن بھائی ہیں۔

    عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ الحدیدہ کے ضلع حیس میں وادی نخلہ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مذکورہ بچے اپنے گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔

    مقامی ذرائع نے اس اندیشے کا اظہار کیا کہ علاقے میں اسی طرح کے مزید دھماکے ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل موسلا دھار بارشوں کے سبب حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا انکشاف ہوا تھا۔

    یمن کی مشترکہ فورسز کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ الجراحی ضلع کے جنوب میں بالخصوص البغیل، بیت الزین، المساجد، القداسی اور العکدہ کے دیہات میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بھاری تعداد میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں اور نصب کیے گئے دھماکا خیز مواد کا پتہ چلا ہے۔

    سعودی آئل فیکٹریوں پر حملے کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف تابڑتوڑ کارروائیاں، 16 شدت پسند ہلاک

    ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے مغربی ساحل کے علاقے کو دنیا میں بارودی سرنگوں کی سب سے بڑی فیلڈز میں سے ایک بنا دیا۔ شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہو جب علاقے کے دیہات، کھیتوں اور عام راستوں میں مقامی لوگ مذکورہ سرنگوں کا نشانہ نہ بنتے ہوں۔ ان میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہوتی ہے۔

    ادھر ایران نواز حوثی ملیشیا نے پیر کے روز بھی سویڈن معاہدے کے تحت طے پانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران الحدیدہ صوبے کے ضلع الدریہمی کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں یمنی مشترکہ فورسز کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

  • یمنی صدر کا مقبوضہ علاقے آزاد کرانے کا حکم، حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری

    یمنی صدر کا مقبوضہ علاقے آزاد کرانے کا حکم، حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری

    صنعا: عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے الصفرا کے علاقوں شجع، مربع الحماد میں حوثیوں کی کمین گاہوں اور محفوظ ٹھکانوں پر بمباری کی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح فوج کے میڈیا سینٹر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے الصفرا کے علاقوں شجع، مربع الحماد میں حوثیوں کی کمین گاہوں اور محفوظ ٹھکانوں پر بمباری کی۔

    حوثی ان مقامات کو اسمبلی پوائنٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں جہاں وہ اسلحہ، راشن اور دیگر سامان حرب رکھتے ہیں، عرب اتحاد کی حمایت یافتہ یمنی فوج حوثیوں کے گڑھ صعدہ میں اٹھ محاذوں پر فوجی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

    ادھر یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں بغاوت اور ملیشیا کا باب ہمیشہ کے لئے بند ہونے والا ہے۔

    انہوں نے حکم دیا کہ ریاستی ادارے اپنا کام دوبارہ شروع کریں گے، یمن اپنے علاقائی اور عالمی امور میں ایک مرتبہ پھر پہلے کی طرح فعال کردار ادا کرے گا۔

    اقوام متحدہ کا حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے نہ کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم

    سعودی دارالحکومت اریاض میں یمنی علاقے الجوف کے گورنر جنرل امین العکیمی سے ایک ملاقات میں منصور ھادی نے یمنی عوام اور فوج کی صفوں میں اتحاد اور مزید تیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح وہ ایران نواز حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ علاقے واگذار کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

  • حوثی باغی دہشت گردی کے لیے بچوں کو استعمال کرنے لگے

    حوثی باغی دہشت گردی کے لیے بچوں کو استعمال کرنے لگے

    قاہرہ: انسانی حقوق کونسل نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حوثیوں باغیوں نے 23 ہزار یمنی بچوں کو جنگ کے لیے بھرتی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق عرب یوروپیین فورم برائے انسانی حقوق نے سوئس دارالحکومت جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سامنے ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے 23 ہزار یمنی بچوں کو جنگ کے لیے بھرتی کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ رپورٹ انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں سالانہ اجلاس کے موقعے پر پیش کی گئی، انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے عالمی تنظیم کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں یمن میں بچوں کے بنیادی حقوق کے منظم استحصال کو روکنے اور ان کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا۔

    اجلاس میں مباحثے کے لیے پیش کی گئی رپورٹ میں انسانی حقوق کونسل سے کہا گیا ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کی وجہ سے لاکھوں بچے جن گھمبیر حالات کا سامنا کر رہے ہیں ان پر سلامتی کونسل میں فوری بحث کی ضرورت ہے۔

    اس کے علاوہ عالمی باردری کو بچوں کے حقوق کے لیے جنیوا کنونشن اور پروٹوکول کے تحت یمنی بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ انہیں کوئی عسکریت پسند گروپ جنگ کا ایندھن نہ بنا سکے۔

    اس تنظیم نے بین الاقوامی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن میں خانہ جنگی کے شکار بچوں کومکمل تحفظ فراہم کرے۔ ان کے تعلیمی اداروں کی بحالی کی کوشش کریں۔ اور حوثیوں کو یمن کے بچوں کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

  • یمن میں بمباری، بچوں اور خواتین سمیت 13 شہری ہلاک

    یمن میں بمباری، بچوں اور خواتین سمیت 13 شہری ہلاک

    صنعا: یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی بمباری کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت 13 عام شہری زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یمنی حکومت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ الحدیدہ اور تعز صوبوں میں حوثی باغیوں کی ان کارروائیوں میں بچے اور خواتین بھی مارے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور سعودی عسکری اتحاد کے مابین جنگ جاری ہے اور اس کے نتیجے میں ابھی تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یمن میں ایک حادثے کے نتیجے میں ان کے چھ فوجی ہلاک ہو گئے۔ حکام نے اس حادثے کی نوعیت، مقام اور وقت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔

    یمن: سعودی اتحادی افواج کا ایک بار پھر فضائی حملہ، 22 عام شہری ہلاک

    رواں سال مارچ میں سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن میں فضائی بمباری کے نتیجے میں 22 عام شہری مارے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کی سمندری حدود میں ماہی گیروں کی کشتی پر فضائی بمباری کی تھی جس کی زد میں آکر 18 ماہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے میں 10 عام شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

  • سعودی اتحادی افواج کی بڑی کارروائی، 50 سے زائد حوثی باغی ہلاک

    سعودی اتحادی افواج کی بڑی کارروائی، 50 سے زائد حوثی باغی ہلاک

    ریاض: سعودی اتحادی افواج نے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 50 سے زائد شدت پسند مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عسکری اتحاد نے اس حملے کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے، جس میں پچاس سے زائد حوثی باغی مارگئے جبکہ سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔

    سعودی ٹیلی وژن کے مطابق حملوں کا ہدف ذمار کے مقام پر قائم ڈرونز اور میزائل کا ایک بڑا گودام تھا، اتحاد نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔

    حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن المصیرہ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں ایک جیل کو نشانہ بنایا گیا اور کئی قیدیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ تاہم حملے سے متعلق مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

    فوجی اتحاد کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، گذشتہ ماہ شدت پسندوں کے خلاف متعدد زمینی اور فضائی کارروائیاں کی گئیں۔

    عرب اتحاد نے صعدہ میں حوثیوں کا آپریشن کنٹرول روم تباہ کردیا،17جنگجو ہلاک

    گذشتہ ماہ 22 تاریخ کو عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے شمالی گورنری صعدہ میں حوثی ملیشیا کا آپریشن کنٹرول روم بمباری سے تباہ کیا اور جس میں موجود تمام 17جنگجو مارے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ صعدہ گورنری کو یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے، اس علاقے میں باغیوں کے آپریشن کنٹرول روم کی تباہی عرب اتحاد اور یمنی فوج کی اہم کامیابی ہے۔