Tag: Yoga exercises

  • کیا ورزش بینائی کو بہتر بناسکتی ہے؟ جانیے کیسے

    کیا ورزش بینائی کو بہتر بناسکتی ہے؟ جانیے کیسے

    اگرہم آپ سے یہ کہیں کہ اپنے دن سے صرف چند منٹ نکالنا آپ کی بینائی کو تیز کر سکتا ہے؟ حیرت کی بات ہے ناں۔

    یوگا پوز نہ صرف آپ کی بینائی کو تیز کردیں گے بلکہ آپ کی آنکھوں کے اطراف موجود تناو اور ٹینشن سے بھی نجات دلاتے ہیں۔

    جی ہاں !! آپ دن میں محض چند منٹ مختص کر کے اپنی قوت بینائی کی حفاظت یا اس کی بہتری کو یقینی بنا سکتے ہیں

    بھارتی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ذیل میں بتائی جانے والی نو یوگا مشقیں نظر کی بہتری اور آنکھوں کے گرد تناؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں :

    آنکھوں کی حفاظت کے لیے مفید اور آسان طریقے

    ہاتھ کی ہتھیلی

    آرام دہ نشست کے ساتھ بیٹھ جائیں جس میں آپ کی ریڑھ کی ہڈی سیدھی ہو۔ دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں کو آپس میں رگڑیں یہاں تک کہ گرمائش آ جائے۔ پھر آنکھیں بند کر کے دونوں ہتھیلیوں کو آنکھوں پر رکھ لیں اور چند منٹ تک گہرے سانس لیجیے۔

     آنکھیں جھپکنا

    یہ آنکھوں کو تازہ دم اور تر کرنے کا قدرتی طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس سے آنکھوں کے اندر خشکی بھی کم ہو جاتی ہے۔ اس مشق کے لیے 10 سے 15 بار تیزی سے آنکھیں جھپکیں اور پھر آنکھیں موند کر چند سیکنڈ آرام کریں۔ اس عمل کو کئی بار دہرائیں۔

     آنکھیں گھمانا

    یہ عمل آنکھوں میں خون کی گردش بہتر بنانے اور آنکھوں کے پٹھے مضبوط بنانے کے واسطے ایک مؤثر ورزش ہے۔ کمر سیدھی رکھتے ہوئے بیٹھ جائیں اور کندھوں کو ڈھیلا چھوڑ دیں۔ اوپر کی جانب دیکھیے اور گھڑی کی سوئی کی سمت میں دھیرے دھیرے دونوں آنکھوں کو چند بار گھمائیں۔ چند چکر پورے کرنے کے بعد گھڑی کی سوئی کی مخالف سمت میں اسی عمل کو دہرائیں۔

     مرکزِ نگاہ تبدیل کرنا

    مرکزِ نگاہ تبدیل کرنے سے آنکھوں کے عدسے کی لچک بہتر بنانے اور آںکھوں کے پٹھے مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے لیے اپنے ہاتھ کا انگوٹھا چہرے کے سامنے 10 انچ کے فاصلے پر کر لیں۔ چند سیکنڈ کے لیے انگوٹھے پر نگاہ مرکوز کر دیں اور پھر نگاہ کو تھوڑی دوری موجود کسی چیز پر جما لیں اور چند سیکنڈ گزار دیں۔ اس پورے عمل کو 10 سے 15 مرتبہ دہرائیں۔

     قریب اور دور نگاہ مرکوز کرنا

    قریب اور دوری پر مرکوز کرنا بھی نگاہ کے ارتکاز کی صلاحیت بہتر بنانے کی ایک شان دار مشق شمار ہوتی ہے۔ اس میں انگوٹھے کو چہرے کے سامنے 25 سینٹی میٹر دور رکھ کر اس پر چند سیکنڈ نگاہ مرکوز کی جاتی ہے۔ پھر کم از کم 3 میٹر دور کسی چیز پر چند سیکنڈ کے لیے نگاہ جمائی جاتی ہے۔

     زوم کرنا

    اس مشق میں آرام دہ نشست کے ساتھ سامنے کی جانب بازو پھیلا کر بیٹھ جاتے ہیں اور انگوٹھے پر نگاہ مرکوز کرتے ہیں۔ اس کے بعد انگوٹھے پر نگاہ مرکوز رکھتے ہوئے اسے دھیرے دھیرے چہرے کے قریب لاتے ہیں۔ ایک بار پھر سے بازو کو چہرے سے دور لے جاتے ہیں اور یہ ہی حرکات کئی بار دہراتے ہیں۔

     نمبر "8” کی صورت

    آنکھ کے پٹھوں کی لچک بہتر بنانے اور آنکھ کی حرکت پر گرفت مضبوط بنانے کے لیے "8” نمبر کی شکل کا تصور مدد گار ہوتا ہے۔ اس کے لیے اپنے سامنے تقریبا 10 فٹ کی دوری پر "8” کی ضخیم شکل کا تصور کریں اور پھر دونوں آنکھوں سے اس خیالی 8 نمبر پر دھیرے دھیرے اپنی نگاہیں پھرائیں۔ پھر چند منٹ نظریں جما کر رکھیں اور پھر سمت تبدیل کر کے اس عمل کو دہرائیں۔

    آنکھ کو  دونوں جانب حرکت دینا

    یہ عمل آنکھ کے پٹھوں کی جانبی لچک بہتر بناتا ہے۔ اس سے تھکن کم ہوتی ہے اور اطراف کی رؤیت بہتر ہوتی ہے۔ اس مشق میں دونوں آنکھوں کو پہلے دھیرے دھیرے بائیں جانب حرکت دیں اور چند سیکنڈ رک جائیں۔ اس کے بعد دونوں آنکھوں کو بائیں سے دائیں جانب لے جائیں اور چند سیکنڈ رک جائیں۔ پھر اسی عمل کو کئی مرتبہ دہرائیں۔

     آنکھ کو اوپر اور نیچے حرکت دینا

    یہ عمل آنکھ کے پٹھوں کی عمودی لچک کو مضبوط بناتا ہے۔ یہ آنکھوں کے گرد تناؤ کم کرنے میں بھی مدد گار ہو سکتا ہے۔ اس مشق میں دونوں آنکھوں کو آہستہ آہستہ چھت کی طرف حرکت دیتے ہیں اور چند سیکنڈ رک جاتے ہیں۔ اس کے بعد دونوں آنکھوں کو زمین کی طرف حرکت دیتے ہیں اور چند سیکنڈ رک جاتے ہیں۔ اس عمل کو کئی بار دہراتے ہیں۔

  • یوگا کے ذریعے تمباکو نوشی سے کیسے نجات پائی جاسکتی ہے؟

    یوگا کے ذریعے تمباکو نوشی سے کیسے نجات پائی جاسکتی ہے؟

    کراچی : ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر تیسرا شخص تمباکو نوشی کی لت میں مبتلا ہے جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے، اس بری عادت کی ابتدا پہلے تو شوق یا فیشن سے ہوتی جو بعد میں ضرورت بنتی چلی جاتی ہے۔

    بہت سے لوگ اس لت سے چھٹکارا پانے کیلئے طرح طرح کے جتن کرتے ہیں لیکن قوت ارادی کی کمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر وہ سگریٹ نوشی  سے جان نہیں چھڑا پاتے۔

    لیکن ایسے بھی بہت سے لوگ ہمیں نظر آتے ہیں جو کامیابی سے سگریٹ نوشی ترک کر چکے ہیں اور یہی لوگ زیادہ بہتر اور لمبی زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق یوگا کی مشق سے تمباکو نوشی کے عادی افراد کے لیے اس لت سے چھٹکارا پانا آسان ہوجاتا ہے چاہے آپ اسے چھوڑنے کی کوشش نہ بھی کر رہے ہو۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں یوگا ماسٹر سید منور حسن نے ایسی ورزشیں بتائیں جو  سگریٹ نوشی سے چھٹکارا پانے میں انتہائی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

    منور حسن نے بتایا کہ سگریٹ پینے سے ہمارے جسم میں بے حد نقصان دہ اجزاء شامل ہوجاتے ہیں اس سے بچنے کیلئے بہترین ورزش انتہائی کارآمد ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ نکوٹین کی طلب میں اس وقت کمی آجاتی ہے جب ورزش کی جا رہی ہوتی ہے کیونکہ جسمانی مشقت کے دوران دماغ سیروٹینین اور ڈوپامائن جیسے کیمیکل خارج کرتا ہے جو خوشی اور راحت کے احساس کو بڑھاتے ہیں۔

    منور حسن کا کہنا تھا کہ یوگا کی مشق ذہن کو تناؤ اور پریشانیوں کو دور رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے یوگا کی چند مشقیں بھی کرکے دکھائیں جس سے سگریٹ نوشی سے بچنا بہت آسان ہے۔