Tag: Youhana Aabad incident

  • سانحہ یوحنا آباد: 3افراد کو کچلنے والی خاتون کی ضمانتِ منسوخی کی دائر درخواست مسترد

    سانحہ یوحنا آباد: 3افراد کو کچلنے والی خاتون کی ضمانتِ منسوخی کی دائر درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ یوحنا آباد کے دوران تین افراد کو گاڑی تلے کچلنے کی ملزمہ خاتون کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر درخواست مسترد کردی۔

    عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو درخواست گزار حمید مسیح کے وکیل نے دلائل دیئے کہ مریم صفدر نامی خاتون نے سانحہ یوحنا آباد کے دوران تین افراد کو اپنی گاڑی تلے کچل دیا تھا، جس سے وہ ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں درخواست گزار کا بیٹا بھی شامل ہے۔

    مریم صفدر کے خلاف ٹھوس شواہد ہونے کے باوجود ماتحت عدالت نے ضمانت منظور کی جسے منسوخ کیا جائے۔

    ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ماتحت عدالت نے ضمانت منظور کرلی ہے اب درخواست گزار ٹرائل کورٹ سے رجوع کرے۔ مریم صفدر کی ضمانتِ منسوخی کے لیے درخواست گزار ماتحت عدالت سے اپنا کیس ثابت کرے۔

  • سانحہ یوحناآباد: انسدادِ دہشتگردی عدالت میں 22ملزمان کی پیشی

    سانحہ یوحناآباد: انسدادِ دہشتگردی عدالت میں 22ملزمان کی پیشی

    لاہور: سانحہ یوحنا آباد کیس میں نامزد بائیس ملزمان کولاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا ۔

    انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کئے گئے سانحہ یوحنا آباد کےبائیس ملزمان پر احتجاج کے دوران دو بے گناہ نوجوانوں کو زندہ جلانے اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کے الزامات ہیں۔

    پندرہ اپریل کو ملزمان کی شناخت پریڈ کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی تھی اورگواہوں نے بائیس ملزمان کو شناخت کیا تھا۔

    دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں یوحنا آباد میں تین افراد کو کار سے کچلنے والی خاتون کی ضمانت منسوخی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے فریقین سے تین ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔

    درخواست گزار حمید مسیح نے کہا کہ مریم صفدر کی گاڑی سے کچل کر تین افراد چل بسے۔ ماتحت عدالت نے ٹھوس شواہد کے باوجود ضمانت منظور کی۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ ملزمہ کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

  • سانحہ یوحنا آباد میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص گرفتار

    سانحہ یوحنا آباد میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص گرفتار

    لاہور:حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے سانحہ یوحنا آباد میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے بھٹہ چوک میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران سانحہ یوحنا آباد کے ملزم عابد بیگ معاویہ کو حراست میں لے لیا۔

    عابد بیگ معاویہ ڈی جی خان کا رہائشی ہے اور اس پر خودکش حملہ آووروں کو سہولت فراہم کرنے کا شبہ ہے۔

    زرائع کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر بھی ہے تاہم عابد بیگ معاویہ کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام  پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ یوحنا آباد کے بعد ہنگامہ آرائی کے 22 ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    واضح رہے کہ لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں چرچز پر خود کش حملوں کے بعد مشتعل مظاہرین نے 2 بے گناہ افراد کو زندہ جلادیا تھا جبکہ نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔