Tag: Youm e aashoor msg

  • صدر مملکت اور وزیر اعظم کا یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام

    صدر مملکت اور وزیر اعظم کا یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں ظالم کے آگے نہ جھکنے کا درس دیتا ہے۔

    صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، آج کے دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی ہوئی، اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول ﷺامام حسینؓ رضی اللہ عنہ نے عظیم قربانی پیش کی۔

    انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کا ظالم حکمران یزید کیخلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا، امام حسین ؓ کا مؤقف انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے ایک اصولی مؤقف تھا، جو بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے تھا۔

    صدر علوی نے کہا کہ اس وقعے سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ظلم اور غلط کام کے سامنے نہ صرف جھکنا نہیں چاہیے بلکہ ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، امام حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھی حق کیلئے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ محرم الحرام کا 10 واں دن، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے، یہ نبیﷺ کے پیارے نواسے حضرت امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کی حق کیلئے عظیم جدوجہد اورشہادت کا دن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے اہلِ بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا، امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا مسلمانوں کا اخلاقی فرض ہے، امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، قوم ،اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجز میں امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

  • اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے، ائیر مارشل ارشد ملک

    اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے، ائیر مارشل ارشد ملک

    کراچی : ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ سچائی اور اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے، واقعہ کربلا اور شہادت حضرت امام حسینؓ نے تاریخ میں فتح اور شکست کا مروجہ روایتی مفہوم تبدیل کر کے رکھ دیا۔

    یہ بات انہوں نے یوم عاشو پر اپنے جاری پیغام میں کہی، صدر و سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا اپنے پیغام میں مزید کہنا ہے کہ شہادت امام حسینؓ نے اس لحاظ سے ایک نئی تاریخ رقم کی کہ سچائی کے اصولوں کی پاسداری کی خاطر ڈٹ جانا اور بڑی سے بڑی حتی کہ جان کی قربانی دینا سب سے بڑی فتح ہوتی ہے۔

    آج تقریبا چودہ سو سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی ان کی اس عظیم قربانی کو ساری دنیا کے لئے جرات و بہادری اور باطل کا بے خوفی سے مقابلہ کرنے کی ایک لازوال مثال کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سچائی اور اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے۔ واقعہ کربلا اور شہادت حضرت امام حسینؓ نے تاریخ میں فتح اور شکست کا مروجہ روایتی مفہوم تبدیل کر کے رکھ دیا۔

    میرا یہ ایمان ہے کہ ہماری زندگی کا ہر شعبہ حسنیت کے اصولوں پر مبنی ہو جس میں باطل کے مقابلے میں حق کا ساتھ دینے میں کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔ جو اللہ کریم پر ایمان رکھتے ہیں اور نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت طیبہ کی پیروی پر یقین رکھتے ہیں ان کے لئے کوئی مشکل ناممکن نہیں رہتی۔

    آئیے آج ہم اس بات کا اعادہ کریں کہ اسلام کی سربلندی کے لئے ہم اپنی زندگیوں میں حسنیت کے سچائی اور حق کے اصولوں کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے۔ ہم اس بات کا بھی عہد کریں کہ اپنی قومی ائیر لائن پی آئی اے کے تحفظ اور ترقی کی خاطر اسے ہمیشہ اولین ترجیح دیتے رہیں گے۔

    میری اللہ کریم سے عاجزانہ التجا ہے کہ وہ ہم سب کو امام حسین کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین۔