Tag: Youm e Ashur

  • ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت واحترام سےمنایا جارہا ہے

    ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت واحترام سےمنایا جارہا ہے

    کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں یوم عاشور دس محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    اسلامی تاریخ میں واقعہ کربلا سے پہلے یا بعد کوئی ایسا دل سوز واقعہ نہیں گزرا جسے برسوں یاد رکھا گیا ہو واقعات رونما ہوتے ہیں اور کچھ عرصہ بعد تاریخ کے اوراق میں گم ہو جاتے ہیں، یہ امتیاز صرف واقعہ کربلا کو حاصل ہےکہ دنیا بھر میں نواسہ رسول امام حسین علیہ اسلام کی اس عظیم قربانی کی یاد منائی جاتی ہے۔

    واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان امتیاز کی علامت ہے ظلم اور بربریت کے خلاف اس کی مثال رہتی دنیا تک دی جاتی رہے گی۔

    اسی مناسبت سے ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ماتمی جلوسوں کے لئے احتیاطی تدابیر بھی جاری کی گئی ہیں، علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالیں گے۔

     ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جس میں عزاداران ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کرینگے، جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی ہوگا۔

     یوم عاشور کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند کی بندش ہوگی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    کراچی میں دس محرم الحرام عاشورہ کی مرکزی مجلس جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، شرکا نماز ظہرین تبت سینٹر پرادا کرینگے، بعدازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں نمائش چورنگی، سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاوس کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔

    کراچی میں سندھ رینجرز اور پولیس نے یوم عاشور کے جلوسوں اور مجالس کے لئے فول پروف انتظامات کررکھے ہیں، جلوس کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں اور مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے اور جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

    راولپنڈی اسلام آباد کا مرکزی جلوس، ذوالجناح و علم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے صبح 11 بجے برآمد ہوگا۔

    لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، اس کے علاوہ پشاور، ملتان، حیدر آباد، سکھر، بنوں اور دیگر شہروں میں بھی محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہونگے۔

    نو محرم الحرام کےماتمی جلوس اختتام پذیر

    ملک کے کئی شہروں میں نویں محرم الحرام کے ماتمی مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوئے، نو محرم الحرام کے جلوسوں کےليے سيکيورٹی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی رہی جبکہ جلوس کےراستوں پر موبائل فون سروس بند رہی۔

    کراچی میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس کراچی میں نشترپارک، لاہور کا مرکزی جلوس اسلام پورہ پانڈو اسٹريٹ سے برآمد ہوا، کراچی میں جلوس کے شرکاء نے صبح نو بجے امام بارگاہ مارٹن روڈ سے نکالا، جس کے بعد شرکاء نے نماز کی ادائیگی کی اور پریڈی اسٹریٹ سے ہوتے ہوئے دوبارہ ايم اے جناح روڈ پر آئے، جلوس بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار سے ہوتا ہوا، حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذير ہوا۔

    کراچی میں جلوس کی نگرانی کیلئے پانچ ہزار سے زائد اہلکاروں سمیت اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے ماہر اسنائپرز بھی جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات رہے۔

  • ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

    ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات میں علم و ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ امام حسینؓ و جانثاران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،کراچی میں جلوس کے اختتام کے بعد ٹاور اور ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ایرانیہ حسینیہ پر اختتام پذیر ہوا۔

    یوم عاشور پر قیام امن کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کےخصوصی انتظامات کیے گئے تھے، شہروں، قصبوں اور دیہات میں علم و ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔

    سیکیورٹی خدشات کے تحت ملک بھر کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی تھی جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔

    ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے فرائض سر انجام دے رہی ہے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار 368 اہلکار اور ریپڈ ری ایکشن فورس (آر آر ایف) کی 3 کمپنیز تعینات کی گئی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 90 اسنائپرز جلوس کے اطراف تعینات کیے گئے ہیں، 513 مجالس اور 281 جلوس کے لیے 12 ہزار 455 افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بھی یوم عاشور کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پشاور میں مرکزی جلوس 3 بجے امام بارگاہ حیدر شاہ سے برآمد ہوا اور مقررہ مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

    ایس ایس پی کے مطابق پشاور بھر میں ایک درجن سے زائد چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے، شہر میں 10 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، 109 سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ جاری ہے۔

    شہر میں موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی تھی جو جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

  • یوم عاشورکے جلوس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر

    یوم عاشورکے جلوس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر

    کراچی / لاہور / اسلام آباد : حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں مختلف شہروں سے برآمد ہونے والے عاشورہ کے مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں میں عزاداروں نے امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی۔ جلوسوں کے اختتام پر مجلس شام غریباں بپا کی گئی۔

    کراچی میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی میں نشتر پارک سے بر آمد ہوا، جلوس کی نگرانی کے لیے ہزاروں اہلکار تعینات تھے، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا، جہاں مجلس شام غریباں بپا ہوئی۔

    لاہور میں نثارحویلی سے سخت سیکیورٹی میں برآمد ہونے والا جلوس دن بھر روایتی راستوں پر گامزن رہا، عزاداروں کا یہ قافلہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

    فیصل آباد میں عاشورہ کامرکزی جلوس جعفریہ ٹرسٹ دھوبی گھاٹ پراختتام پذیر ہوا۔

    راولپنڈی میں بھی یوم عاشورکا جلوس بر آمد ہوا، سخت حفاظتی انتظامات میں جلوس امام بارگاہ قدیم پراختتام پذیرہوا۔

    پشاور میں یوم عاشور کے موقع پر اندرون شہر کی مختلف امام بارگاہوں سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔

    کوئٹہ میں یوم عاشور کے موقع پر جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ پنجابی علمدار روڈ پراختتام پذیرہوا۔ اس کے علاوہ بھٹ شاہ اور مٹیاری میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگئے۔

    نواب شاہ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مرتضیٰ پراختتام پذیر ہوا۔

    گجرات میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ نور پور پہنچ کراختتام پذیر ہوا۔


    مزید پڑھیں: موبائل فون سروس بحال ہونا شروع


    بہاولپور میں عاشورہ کامرکزی جلوس کربلاحجعت العصر پہنچ کراختتام پزیر ہوا۔
    بہاولپور کے ضلع بھر میں 112جلوس برآمد ہوئے۔

     

  • یوم عاشور: کراچی میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

    یوم عاشور: کراچی میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

    کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ دس محرم کو کراچی میں موبائل فون سروس معطل رہے گی ،9،8 محرم کوسندھ میں جلوسوں کی گزرگاہوں پرموبائل سروس بند ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے یوم عاشور پر قیام امن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی۔

    اس حوالے سے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے پیش نظر8اور9محرم الحرام کو سندھ میں جلوسوں کی گزرگاہوں پرموبائل سروس بند رہے گی، جبکہ دس محرم کو کراچی میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ہم پر سندھ میں نوکریوں کی بندر بانٹ کا الزام درست نہیں ہے، سینیٹرز، ارکان اسمبلی کو نوکریوں میں کوئی کوٹہ نہیں دیا گیا، سندھ کےعوام کویقین دلاتا ہوں کہ سرکاری ملازمتیں میرٹ پر ہی دی جائیں گی۔


    اسی سے متعلق: سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ


    ایک سوال کے جواب میں ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی اور عدالتوں کی قربت کچھ زیادہ ہی ہے، کراچی گیمز کے انعقاد پرانتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے عالمی میچز کا انعقاد خوش آئند ہے۔

  • ناانصافیوں کے خلاف لڑنا حق کی علامت ہے، بلاول بھٹو

    ناانصافیوں کے خلاف لڑنا حق کی علامت ہے، بلاول بھٹو

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین سمیت سانحہ کربلا کے تمام شہیدوں نے ناانصافیوں اور ظلم کے خلاف حق کا علم بلند کیا اور اپنی قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کر کے انسانیت اور اسلام کے وقار اور شان کو سربلند کیا۔

    یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ کربلا جیسا واقعہ انسانی تاریخ میں نہیں ملتا جو دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے، یہ معرکہ حق اور باطل کے درمیان تھا جس میں حضرت امام حسین اور اُن کے ساتھیوں نے قربانیاں دے کر اسلام اور انسانیت کو بچایا، ہمیں اُن کی تعلمیات پر عمل پیرا رہتے ہوئے حق کی جدوجہد کرنا ہوگی۔

    پڑھیں:  ملک بھرمیں نویں محرم الحرام کے جلوس منزل پر پہنچ کر ختم

     انہوں نے کہا کہ اہل بیت کی قربانیاں ہمیں اس بات کا درس دیتی ہیں کہ ہم چاہیے تعداد میں کم ہوں یا زیادہ، مگر ظلم، وبربریت اور ناانصافی کے خلاف ہمیں آخری سانس تک لڑنا ہو گا جو حق کی علامت ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ’’سانحہ کربلا ہمیں اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس واقعے نے ہمیں یہ بھی پیغام دیا کہ ظالم چاہیے کتنا ہی طاقت ور کیوں نہ ہو ہمیں ہمیشہ بہادری اور ثابت قدمی سے اُس کا مقابلہ کرنا ہے کیونکہ یہ فتح ہمیشہ حق کی ہی ہوتی ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں: نواسہ رسولﷺ اور شہدائے کربلا کی یاد، آج علم و شبیہ ذوالجناح جلوس برآمد

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’’قوم کو باطل قوتوں کے مقابلے میں اتحاد برقرار رکھنا چاہیے کیونکہ آج بھی باطلوں کے آلہ کار عوام کو فرقوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور دہشت گردانہ کارروائیوں سے اپنے نظریات معصوم لوگوں پر تھوپنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔