Tag: youm e toba

  • حکومت کا رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یومِ توبہ  واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ

    حکومت کا رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یومِ توبہ واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت کا رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یوم توبہ واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مساجد و امام بارگاہوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ملک بھر کے علما کرام کے ساتھ صدر مملکت عارف علوی کی سربراہی میں کورونا وبا سے بچاؤ اور بہتر عوامی آگہی کیلئے ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔

    مشاورت کے بعد رمضان المبارک میں نماز ، تراویح کیلئے آنے والے افراد کیلئے عمر کی بالائی حد کو 60 سال کر دیا گیا اور آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کے درمیان کم از کم فاصلہ 6 فٹ مقرر کیا گیا ہے۔

    نئے اعلامیہ کے مطابق نمازیوں میں 3 فٹ کے فاصلے کے ساتھ فرش پر نماز کی ادائیگی یا ذاتی جائے نماز کے استعمال اور مجمع اور بھیڑ سے گریز کرنا ہو گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ مساجد کے صحن میں نماز کی ادائیگی کو ترجیح دی جائے گی اور سڑک یا فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے اجتناب کیا جائے گا جبکہ کلورین ملے پانی کا چھڑکاؤ اور صفوں پر کھڑے ہونے کے نشانات لگائے جائیں گے۔

    اعلامیے کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے کمیٹیوں کے قیام اور انتظامیہ سے موثر رابطہ رکھنا ہو گا۔

    وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نمازی گھر سے وضو کر کے آئیں ، صابن سے ہاتھ دھونے اور ماسک کا اہتمام سمیت مصافہ اور بغلگیر ہونے سے اجتناب کریں اور مساجد و امام بارگاہوں میں اجتمائی سحری و افطار کا اہتمام نہ کیا جائے۔

    20 نکاتی اعلامیہ کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کو مذکورہ احتیاطی تدابیر کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ متاثرین کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے یا احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں شدید متاثرہ علاقوں کیلئے احکامات اور پالیسی تبدیل کی جا سکتی ہے۔

  • جماعت اسلامی کی جمعرات کو شب دعا، جمعہ کو یوم توبہ منانے کی اپیل

    جماعت اسلامی کی جمعرات کو شب دعا، جمعہ کو یوم توبہ منانے کی اپیل

    لاہور : جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ بحرانی حالت میں ہر طرح کے سیاسی اختلافات ختمکردینے چاہئیں، جمعرات کو شب دعا اور جمعہ کو یوم توبہ منایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے کرونا وائرس کی وباء سے چھٹکارے کیلئے پاکستانی عوام سے جمعرات کو شب دعا اور جمعہ کو یوم توبہ منانے کی اپیل کی ہے۔

    اس حوالے سے جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام گھروں سے نہ نکلنا اپنا کلچر بنائیں اور گھر میں رہنے کو اعتکاف سمجھیں۔

    جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو موجودہ بحرانی حالت میں ہر طرح کے سیاسی اختلافات منجمد کردینے چاہئیں، اراکین قومی اسمبلی پر مشتمل ایک قومی کرائسس مینجمنٹ کمیٹی بنائی جائے۔

    انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ3ماہ کیلئے پیٹرول سمیت پانی، بجلی اور گیس پر ہرطرح کا ٹیکس ختم کیا جائے، پیٹرول کی قیمتوں میں کم ازکم30روپے فی لیٹر کمی کی جائے،سڑکوں کے ٹول ٹیکس اور گھروں کی ایکسائز ڈیوٹی بھی ختم کی جائے، حکومت سود ختم کرنے کا اعلان کرے۔

    سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ  اقوام متحدہ ودیگر ممالک تمام ملکوں پر عائد پابندیاں ختم کریں، کشمیر اور  فلسطین کا محاصرہ فوری ختم کرایا جائے، کرغزستان میں پھنسے114پاکستانیوں کو فوری واپس لایاجائے۔

    انہوں نے کہا کہ مزید انتظارکے بجائےآگے بڑھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے، گھروں سے نہ نکلنا اپنا کلچر بنائیں اور گھر میں رہنے کو اعتکاف سمجھیں، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کو ہرہفتےاجلاس کرنا چاہیے۔