Tag: young doctors protest

  • آپ غلط کام کیوں کرتے ہیں؟ چیف جسٹس کا ینگ ڈاکٹرز سے استفسار

    آپ غلط کام کیوں کرتے ہیں؟ چیف جسٹس کا ینگ ڈاکٹرز سے استفسار

    کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال سے متعلق درخواست کی سماعت کے موقع پر بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے اظہار برہمی کیا۔

    چیف جسٹس نے ینگ ڈاکٹرز سے استفسار کیا کہ آج پھر جلوس نکالا، کیوں؟ آپ لوگ کیوں غلط کام کرتے ہیں، ینگ ڈآکٹرز کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک ڈاکٹر کو قتل کیا گیا اس کیخلاف ریلی نکالی۔

    چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے کہا کہ کیا اس ڈاکٹر کو سرکار نےمارا ہے ؟ نظام چلنے دیں، کوئی آئی جی یا ڈی آئی جی پولیس سے ملا؟ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ینگ ڈاکٹرز کو ہڑتال اور ریلیاں نہ نکالنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اب اگر کوئی بائیکاٹ کرے گا تو اس کی نوکری چلی جائیگی۔

    انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، پیرا میڈیکس کو الگ رکھیں،24گھنٹے کی ڈیوٹی لگائیں گے تو وہ آپ کے خلاف ہوں گے۔

    کیس کی سماعت کے موقع پر محکمہ صحت نے مسائل کے حل سے متعلق اقدامات پر رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ ینگ ڈاکٹرز نے بھی مسائل سے متعلق تحریری جواب جمع کرادیا۔ بعد ازاں بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست پرسماعت 15 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

  • ایم ڈی سی ایکٹ : ینگ ڈاکٹرز نے آج سے احتجاج کا اعلان کردیا

    ایم ڈی سی ایکٹ : ینگ ڈاکٹرز نے آج سے احتجاج کا اعلان کردیا

    کراچی : سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں مطالبات کی منظوری کے لیے ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کا اعلان کیا ہے جس میں کہا گیا کہ آج جناح اسپتال میں احتجاج کیا جائے گا۔ 

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی ایم ڈی سی ایکٹ کیخلاف ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کا اعلان کردیا، اس حوالے سے چیئرمین ینگ ڈاکٹرز سندھ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں آج بروز پیر جناح اسپتال میں احتجاج کیا جائے گا۔

    انہوں نے سندھ بھر کے اسپتالوں میں بھی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا، وائی ڈی اے سندھ کے مطابق کمیشن آف انکوائری مقرر کرکے سیاسی مداخلت کی گئی اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں ایڈمیشن پالیسی کا خاتمہ کیا گیا۔

    چیئرمین وائی ڈی اے کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن بنانے کی مذمت کرتے ہیں، غیرجمہوری میڈیکل کمیشن آرڈیننس واپس لیا جائے۔

    مزید پڑھیں: پی ایم ڈی سی آرڈیننس کی واپسی کا فیصلہ نیا قانون تشکیل دینے کے لیے کیا: ترجمان

    وزارت قومی صحت نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) آرڈیننس کی واپسی کا فیصلہ نیا قانون تشکیل دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

    سینیٹ میں اپوزیشن کی جانب سے احتجاج اور قرارداد منظور ہونے کے بعد حکومت نے پی ایم ڈی سی سے متعلق بل واپس لیا، جس کے بعد وزارت قومی صحت  کی جانب سے اس سلسلے میں وضاحت جاری کی گئی ہے۔

  • ینگ ڈاکٹرزکا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، شیلنگ، متعدد گرفتار

    ینگ ڈاکٹرزکا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، شیلنگ، متعدد گرفتار

    لاہور : کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مشتعل ینگ ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے، لاہور میں پولیس نے ڈاکٹرزکو منتشرکرنے کیلئےلاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق ینگ ٖڈاکٹرز کا اپنے مطالبات کے حق میں مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے، ڈاکٹرز کی ہڑتال کےباعث لاہور اور فیصل آباد میں دو مریض اللہ کو پیارے ہوگئے۔

    لاہور میں ینگ ڈاکٹرز نے سروسزاسپتال سے لانگ مارچ شروع کیا اور جیل روڈ پر پہنچ کر دھرنا دیا۔ پولیس کی بھاری نفری جیل روڈ پر موجود تھی، ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔

    پولیس نے ینگ ڈاکٹر کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا، آنسو گیس کی شیلنگ کی اور واٹر کینن کااستعمال کیا، اس دوران پولیس کی ڈنڈا بردار فورس اورڈاکٹرز کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

    اس دوران پولیس نے کئی ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا۔ ہڑتال کے باعث سروسزاسپتال میں جنت الفردوس نامی ایک خاتون مریضہ دم توڑگئیں۔

    دریں اثناء فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز نے پولیس تشدد کیخلاف الائیڈ اورسول اسپتال کی ایمرجنسی میں کام بند کردیا، جس کے باعث ایک مریض جاں بحق اور بعض کی حالت تشویشناک ہوگئی۔

    دوسری جانب سرگودھا میں بھی لاہور میں ڈاکٹرز کی گرفتاری کیخلاف ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کی اورایمرجنسی میں کام بندکردیا۔ کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کےاحتجاج کا آج دسواں روز ہے، ڈاکٹرز نے آج بھی او پی ڈیزاور ڈینٹل سرجری کا بائیکاٹ کیا۔

  • لاہور کے بعد اب کراچی کے ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج کا اعلان

    لاہور کے بعد اب کراچی کے ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج کا اعلان

    لاہور : پنجاب میں ینگ ڈاکٹرزکی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے، سروسزاسپتال کی ایمرجنسی تاحال بند ہے، ڈاکٹر اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے، کراچی کے ینگ ڈاکٹرز نے بھی کل سے احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹر ایک بار پھر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ینگ ڈاکٹرزکی ہڑتال کے باعث سروسزاسپتال کی ایمرجنسی تاحال بند ہے۔

    محکمہ صحت بھی تاحال اسپتال کی ایمرجنسی کھلوانے میں ناکام ہوگیا، ینگ ڈاکٹرز بھی ہڑتال ختم نہ کرنے کے مؤقف پرڈٹ گئے، ینگ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی کھولنے کا اعلان سیکریٹری صحت کے استعفے سے مشروط کردیا۔ ینگ ڈاکٹرزکا الزام ہے کہ سیکریٹری صحت کی ایماء پرڈاکٹرز کواغواء کی کوشش کی گئی،

    انہوں نے کہا کہ ہم نےایک بیڈ ایک مریض کا مطالبہ کیاتھا،جس کی سزا ملی،انہوں نے کہا کہ سیکریٹری صحت کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

    دوسری جانب لاہورینگ ڈاکٹرزکی ہڑتال کے بعد کراچی کے ینگ ڈاکٹرز نے بھی احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے، کراچی کے ینگ ڈاکٹرز سول اسپتال میں کل اوپی ڈیزکا بائیکاٹ کریں گے۔

    ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آپریشن تھیٹر اوردیگرشعبہ جات بھی بند رہیں گے، وائی ڈی اے کے صدر ڈاکٹروارث نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت کودی گئی مہلت ختم ہوچکی ہے۔

    پوسٹ مینجمنٹ ڈاکٹرزکے اضافی اعزازیے کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے، نوٹیفکیشن کے باوجود اضافی اعزازیہ فراہم نہیں کیا جارہا، ڈاکٹروارث کا کہنا تھا کہ حکومت سےایک ماہ تک مذاکرات کیےمگرکوئی حل نہیں نکلا۔

  • پنجاب کے ینگ ڈاکٹرزمطالبات کی منظوری کیلئے ایک بار پھرسڑکوں پر

    پنجاب کے ینگ ڈاکٹرزمطالبات کی منظوری کیلئے ایک بار پھرسڑکوں پر

    لاہور / فیصل آباد / ملتان : پنجاب میں ینگ ڈاکٹرزسینٹرل انڈکشن پالیسی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ لاہور،فیصل آباد اور ملتان میں اسپتالوں میں کام بند ہونے سے مریضوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز کو تالے لگا دیئے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر آگئے، ینگ ڈاکٹرز نے سنٹرل انڈکشن پالیسی مسترد کردی، شہرشہراحتجاجی دھرنے اورریلیاں نکالی گئیں۔

    جناح ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے مولانا شوکت علی اور کینال روڈ بلاک کر دی جبکہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کے احتجاج کی وجہ سے فیروز پور روڈ بھی بلاک ہو چکی ہے۔

    لاہورچلڈرن اسپتال،جناح اسپتال اور سروسزاسپتال کے ڈاکٹرز نے پنجاب اسمبلی کےباہراحتجاج کیا اور سنٹرل انڈکشن پالیسی کیخلاف شدید نعرے لگائے۔

    فیصل آباد کے ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پالیسی میں ینگ ڈاکٹرز کو اسپیشلسٹ بنانے کیلئےنشستیں کم کردی گئی ہیں جس کےباعث ملک میں ماہرین امراض کی کمی ہوجائےگی۔

    ملتان میں ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کو انتقامی کارروائی پرخبردار بھی کیا، ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فی الفور سینٹرل انڈکشن پالیسی کے احکامات واپس لے ۔

    31 جولائی تک سینٹرل انڈکشن پالیسی واپس نہ ہونے پر راست اقدام کیلیے مجبورہو جائیں گےاور مطالبات پورے نہ ہونے پرپنجاب بھرکے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈی بند کر دیں گے۔

    دوسری جانب مسیحاوں کے احتجاج سے اسپتالوں میں کام شدید متاثر ہوا جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔

     

  • لاہور: ینگ ڈاکٹرزکا دھرنا، شہری مشکلات کا شکار

    لاہور: ینگ ڈاکٹرزکا دھرنا، شہری مشکلات کا شکار

    لاہور: ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن نے گنگا رام اسپتال کے باہردھرنا دے کرروڈ بلاک کرکے اپنے مطالبات منوانے کے لئے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سروس اسٹرکچرسمیت دیگرمطالبات کی منظوری کے لیے ینگ ڈاکٹروں نے مظاہرہ کرتے ہوئے گنگارام اسپتال کے قریب فاطمہ جناح روڈ بلاک کردی ہے۔

    ڈاکٹروں کے مظاہرے کے دوران ٹریفک بری طرح بلاک ہوگئی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا کہ مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں۔

    ماضی میں بھی ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے مظاہرے اور کام چھوڑ ہڑتالیں کرچکے ہیں جن کے باعث مریضوں اور عام شہریوں کو مشکلات پیش آتی رہیں ہیں۔