Tag: Young man

  • شادی نہ کروانے پر نوجوان نے خودکشی کرلی

    شادی نہ کروانے پر نوجوان نے خودکشی کرلی

    لاڑکانہ: نئوں دیروتھانہ کی حدود میں نوجوان نے شادی نہ کروانے پر خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر لاڑکانہ کے نئوں دیروتھانہ کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نوجوان نے خودکشی کرلی ہے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شادی نہ کروانے پر 22 سالہ رمضان نامی نوجوان نے خودکشی کرلی، رمضان نے بھائی کا بتانا تھا کہ رمضان نے چند روز قبل والدہ کو ماموں سے رشتے کی بات کرنے کا کہا تھا لیکن ماموں سے بات کرنے سے قبل ہی  رمضان نے خودکشی کر لی۔

  • نوجوان چلتے چلتے اچانک گر کر مر گیا

    نوجوان چلتے چلتے اچانک گر کر مر گیا

    بھارت میں ایک نوجوان شخص سڑک پر چلتے چلتے اچانک گر کر ہلاک ہوگیا، ڈاکٹرز اس کی موت کی وجہ جاننے میں ناکام ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں پیش آیا، ایک گلی میں گھروں کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں سارا واقعہ ریکارڈ ہوگیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رات کے وقت 4 دوست کہیں جا رہے ہیں، ان میں سے ایک دوست کو اچانک چھینک آتی ہے۔

    چھینک آنے کے بعد وہ لڑکا اپنا سر پکڑ لیتا ہے اور اس کے بعد گلے پر ایسے ہاتھ رکھتا ہے جیسے حلق میں کچھ پھنس گیا ہے۔

    اس کے بعد ذرا سا چلنے کے بعد لڑکا اچانک گر جاتا ہے۔

    اس کے دوست پہلے تو سمجھ نہیں پاتے کہ اسے کیا ہوا ہے، بعد ازاں وہ اسے اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں اور بائیک پر اسپتال لے جاتے ہیں۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جب لڑکے کو اسپتال لایا گیا تو وہ بے حس و حرکت تھا اور تھوڑی دیر بعد اس کی موت کی تصدیق ہوگئی۔

    ڈاکٹرز تاحال اس کی موت کی وجہ جاننے میں ناکام ہیں۔

  • کراچی میں‌ ڈاکوؤں کا راج،  نوجوان گھر کے دروازے پر لُٹ گیا، ویڈیو دیکھیں

    کراچی میں‌ ڈاکوؤں کا راج، نوجوان گھر کے دروازے پر لُٹ گیا، ویڈیو دیکھیں

    کراچی : گلشن اقبال میں نوجوان گھر کے دروازے پر لٹ گیا، مسلح ملزمان گلی میں آمدروفت کی پرواہ کیے بغیر کیش اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ اورپولیس کے دعوے بیانات دھرے کےدھرے رہ گئے ، کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی ٹو میں نوجوان گھر کے دروازے سے 3 قدم پہلے لٹ گیا۔

    مسلح ملزمان گلی میں آمدروفت کی پرواہ کیے بغیر نوجوان کو مکمل جامع تلاشی کے بعد لوٹ کرفرار ہوگئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائے نیوز کو موصول ہوگئی ، جس میں موٹرسائیکل سوار نوجوان کو گھر کے باہر رکتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فوٹیج میں پیچھے سے 2 موٹرسائیکلوں پر 3 ملزمان قریب سے گذر گئے اور آگے جاکر دونوں موٹرسائیکلوں کو گلی کے بیچ روکا ، ایک ملزم نے پستول نکالی اور دونوں مل کر نوجوان کی تلاشی لینے لگے۔

    مسلح ملزمان نے شہری کا قیمتی سامان، کیش اور موبائل فون چھینا جبکہ واردات کے دوران ملزمان کے بیچ سے بچے اور ایک شہری بھی گذرا۔

    فوٹیج کے مطابق ایک ملزم موٹرسائیکل پر کھڑا ہوکر گلی کا جائزہ لیتا رہا اور لوٹ مار کے بعد تینوں ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا

    ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا

    نواب شاہ : ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ایک نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا، 28سالہ شہزادبھٹی کوشدیدزخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک کے شوق نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، صوبہ سندھ کے شہرنواب شاہ میں مین ریلوے لائن کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیوبناتے ہوئے ایک شخص ٹرین کی زد میں آگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ وی آئی پی کالونی کےقریب پیش آیا ، 28سالہ شہزادبھٹی کوشدیدزخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال بھی کئی ایسے واقعات سامنے آئے تھے ، لاہور کے علاقے شاہدرہ کا رہائشی نوجوان آصف ٹک ٹاک بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

    راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں ٹک ٹاک ویڈیو سے مشہور ہونے کے چکر میں نوجوان ٹرین سے ٹکرا کر جان سے گیا۔

    خیال رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔

  • باکمال نوجوان جس پر سانپوں کا زہر بھی اثر نہیں کرتا!

    باکمال نوجوان جس پر سانپوں کا زہر بھی اثر نہیں کرتا!

    بھارت میں جنگلی حیات کے تحفظ کے ماہر واوا سریش کی سانپوں سے اتنی دوستی ہے کہ زہریلے سانپ اسے ہزاروں بار ڈس چکے لیکن اس پر کوئی اثر نہیں ہوا۔

    غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں سانپ پکڑنے کے حوالے سے مشہور جنگلی حیات کے تحفظ کے ماہر نوجوان ’’واوا سریش‘‘ کو زہریلے سانپ ایک یا دو بار نہیں 3 ہزار بار ڈس چکے ہیں لیکن اس کی سانپوں سے دوستی ختم نہیں ہوتی۔

    واوا سریش کو حال ہی میں بلیک کوبرا نے اس وقت کاٹ لیا جب وہ ضلع کوٹائم کے ایک گھر میں اسے پکڑنے کی کوشش کررہے تھے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق سانپ کے کاٹنے کے بعد واوا سریش نے اپنے زخم پر پٹی باندھی اور کوبرا کی تلاش میں دوبارہ مصروف ہوگیا اور اسے پکڑنے کے بعد خود اسپتال جاکر داخل ہوا۔

    سانپوں کا دوست واوا سریش ہے کون اور اسے ’’مگرمچھوں کے شکاری اسٹیو ارون سے کیوں ملایا جاتا ہے اور اتنی شہرت کی وجہ کیا ہے؟

    تو وجہ ہے ان کی سانپوں سے دوستی جو ان کے بچپن سے شروع ہوئی اور اب تک جاری ہے۔

    اسنیک ماسٹر کہلائے جانے والے واوا سریش صرف انہیں پکڑتے ہیں نہیں بلکہ ان مہلک زہریلے جانوروں کو پالتو جانوروں کی طرح پالا ہوا بھی ہے۔

    واوا سریش کا تعلق ترواننت پورم کے سریکاریم قصبے کے ایک غریب گھرانے سے ہے۔

    سانپوں سے ان کی دوستی کا آغاز بچپن میں اس وقت ہوا جب  12 سال کی عمر میں  اسکول جاتے ہوئے انہوں نے  راستے میں سامنے آنے والے خطرناک کوبرا کو پکڑ لیا۔

    سریش نے صرف کوبرا کو پکڑا ہی نہیں بلکہ اپنے گھر لے آیا اور بوتل میں بند کرکے اپنا مہمان بنالیا۔

    اس وقت سے اب تک یہ باہمت اور باکمال نوجوان 30 ہزار سے زائد سانپوں کو پکڑ چکا ہے اس دوران 3 ہزار سے زائد بار زہریلے سانپوں نے اسے ڈسا بھی لیکن ان کا زہر اس کے شوق اور سانپوں سے محبت کو ختم نہیں کرسکا۔

    واوا سریش نے اپنے اس سفر میں اب تک 200 کنگ کوبرا (کالا ناگ) کو پکڑا ہے جو کہ انتہائی خطرناک تصور کیے جاتے ہیں اور جن کے زہر کی دوا بھی آسانی سے دستیاب نہیں ہے۔

    اب واوا سریش کیرالہ کے محکمہ جنگلات کی مدد کرتے ہیں اور سماجی خدمت کے طور پر سانپوں کو پکڑتے ہیں۔

    کیرالہ میں جہاں بھی کوئی زہریلا سانپ دکھائی دیتا ہے تو سب کی پکار ایک ہی ہوتی ہے، واوا سریش آؤ اور ہمیں اس زہریلے سانپ سے بچاؤ۔

    اس خطرناک کام کے لیے وہ کیرالہ کے تقریباْ تمام دوردراز علاقوں کا سفر کرچکے ہیں۔

  • سعودی نوجوان نے اہم تحریر لکھ کر کاغذ جہاز میں ہی چھوڑ دیا، سوشل میڈیا پر وائرل

    سعودی نوجوان نے اہم تحریر لکھ کر کاغذ جہاز میں ہی چھوڑ دیا، سوشل میڈیا پر وائرل

    ریاض : سعودی نوجوان کی ناکام محبت کی درد بھری داستان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، نوجوان نے ایئر لائن کے مونو گرام والے کاغذ پر اپنے دل کا حال لکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز میں ایک نوجوان نے دوران سفر السعودیہ کے مونو گرام والے کاغذ پر اپنی محبت کی ناکامی پر اپنے خیالات کو قلمبند کیا،۔

    اس نے لکھا کہ میں جس سے محبت کرتا تھا اور جسے دل کی گہرائیوں سے چاہتا تھا اس کی شادی کسی اور سے ہوگئی ہے۔ میر ے مالی حالات اور اس لڑکی کے اہل خانہ کی سخت شرائط نے مجھے میری محبت سے ہمیشہ کیلئے دور کردیا، اب میں اپنی پیاری کی شادی میں شرکت کرنے کے بعد ریاض واپس جا رہا ہوں۔

    اس مسافر نے اپنی تحریر پر کوئی نام نہیں لکھا، اس نے تحریر کے آغاز میں عنوان لکھا کہ ’میری پیاری کسی اور کی ہوگئی‘جسے دیکھ کر ہر دیکھنے والا دکھی ہوگیا۔

    اس نوجوان نے یہ بھی لکھا کہ ’وقت کی تلوار، مادہ پرستی، جاہ و منصب اور مال و دولت کی کشش نے مجھے میرے پیار سے محروم کردیا۔ میری مالی حیثیت اتنی نہیں تھی کہ حد سے زیادہ طلب کی جانے والی مہر کی رقم ادا کرسکتا۔‘

    تحریر کے آخر میں نوجوان نے اس لڑکی سے سچی محبت اور اس کی آنے والی زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اس نے لکھا کہ
    اللہ اس کی نئی زندگی کو کامیاب بنائے، خوشیاں اس کا نصیب ہوں، الوداع، الوداع، الوداع۔

    بعد ازاں کسی نے اس کاغذ کے ٹکڑے کو ٹوئٹر پر شیئر کردیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا، ٹوئٹر پر صارفین نے نوجوان کی وائرل ہونے والی تحریر پر خوب تبصرے کیے ہیں۔

  • کیا آپ لوگوں نے میرا پورا دماغ نکال دیا؟ نوجوان کا آپریشن کے دوران ڈاکٹروں سے سوال

    کیا آپ لوگوں نے میرا پورا دماغ نکال دیا؟ نوجوان کا آپریشن کے دوران ڈاکٹروں سے سوال

    لندن : سوشل میڈیا پر لوگوں کی بڑی تعداد نے برطانوی نوجوان کیمرون رے کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جو ڈاکٹروں کے مطابق دماغ میں رسولی کے مسئلے سے دوچار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں کیمرون نامی نوجوان دوران آپریشن ڈاکٹروں سے مزاح کرتا رہا، برطانوی نشریاتی ادارے نے کیمرون کے دماغ کے آپریشن کے مناظر نشر کیے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران برطانوی نوجوان ہوش میں نظر آیا اور ایسی حالت میں جب ڈاکٹرز دورانِ آپریشن کیمرون کے سر میں بائیں جانب موجود رسولی کو نکالنے میں مصروف تھے، نوجوان نے ازراہ مذاق یہ سوال پوچھ کر ڈاکٹروں کو حیران کر دیا کہ کیا آپ لوگوں نے میرا پورا دماغ نکال دیا؟

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان نے کچھ لمحے بعد پھر کہا کہ میں بھول گیا تھا کہ میرا آپریشن ہو رہا ہے، یاد رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا حساس اور نازک ترین آپریشن ہوتا ہے۔

    کیمرون کے دماغ کا آپریشن کرنے والے نیورو سرجن ڈاکٹر اسماعیل اوگریٹڈیر کے مطابق آپریشن کے دوران سرجن اگر ایک ملی میٹر بھی دائیں یا بائیں ہل جائے تو اس کا نتیجہ دماغ کے دائمی نقصان کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔

    ڈاکٹر اسماعیل نے بتایا کہ آپریشن کے درمیان ایک موقع پر ہم نے کیمرون کو آنسوﺅں میں ڈوبا ہوا پایا کیوں کہ اس وقت وہ ایک لفظ فٹبال کو یاد کرنے پر بھی قادر نہیں رہا تھا۔

    یاد رہے کہ آپریشن کامیاب ہونے اور دماغ سے 95% رسولی نکال پھینکنے کے باوجود کیمرون کے دماغ کا سرطان ناقابل علاج شمار کیا جاتا ہے۔

  • لال بیگوں کی محبت میں گرفتار نوجوان

    لال بیگوں کی محبت میں گرفتار نوجوان

    ٹوکیو: لال بیگوں سے محبت کرنے والے جاپانی نوجوان کا کہنا ہے کہ اُسے کاکروچز سے بہت پیار ہے اور وہ ان کے بغیر نہیں رہ سکتا۔

    اسٹاریٹکس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یوتا شینوہارا نامی 25 سالہ نوجوان لال بیگوں سے نہ صرف محبت کرتا ہے بلکہ وہ ہر وقت انہیں اپنے ساتھ بھی رکھتا ہے اور جب وہ مرجاتے ہیں تو انہیں پکا کر کھا جاتا ہے۔

    شینو کا کہنا تھا کہ ’ایک لال بیگ جس کا نام لیزا رکھا وہ میرے ساتھ ڈیڑھ سال تک رہا، میں اُس کے ساتھ بہت خوش رہتا اور بہت ساری باتیں کرتا تھا کیونکہ میرا یقین تھا کہ وہ میری باتوں کو غور سے سُنتی ہے‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    今日も元気なリサちゃん。

    A post shared by 地球少年 / Yuta Shinohara (@y.shino.earth) on

    جاپانی نوجوان کا کہنا تھا کہ لیزا اپنے ڈنگ ہلا کر میری باتوں کا جواب بھی دیتی تھی، ایک روز اُس کی طبیعت خراب ہوئی اور میں نے اُسے دوائی کھلائی مگر وہ زندہ نہ رہ سکی۔

    مزید پڑھیں: لال بیگ سے خوفزدہ امریکی خاتون کا انوکھا احتجاج

    یوتا شینو ہارا کا کہنا تھا کہ لیزا وہ پہلا لال بیگ تھا جس سے میں نے دوستی کی اور مرنے کے بعد اُسے پکا کر کھایا، اب مجھے محسوس ہوتا ہے وہ میرے دل اور جسم کے ایک حصے میں زندہ ہے‘۔

    نوجوان نے دعویٰ کیا کہ لیزا میری پہلی محبت تھی، اُس کے بچھڑنے کے بعد مجھے دیگر لال بیگوں سے بہت زیادہ لگاؤ اور محبت ہوگئی اب تک میری متعدد کاکروچوں سے دوستی ہوچکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: لال بیگوں کے آٹے سے پروٹین بھری ڈبل روٹی انسانی خوراک کے لیے تیار

    یوتا کا مزید کہنا تھا کہ جس لال بیگ سے مجھے لگاؤ ہوجائے تو پھر اُسے میں ہر جگہ اپنے ساتھ لے کر جاتا ہوں، لوگوں کو شاید لال بیگوں سے کراہیت آتی ہے اس لیے وہ مجھ سے بہت دور رہتے ہیں۔

  • آئی فون کے لیے گردہ فروخت، مذاق نہیں حقیقت

    آئی فون کے لیے گردہ فروخت، مذاق نہیں حقیقت

    بیجنگ : جدید ٹیکنالوجی سے لیس آئی فون خریدنے کا شوق ہر نوجوان کو ہوتا ہے تاہم چین میں ایک نوجوان نے آئی فون خریدنے کےلیے اپنا گردہ فروخت کردیا جس کے باعث وہ زندگی بھر کےلیے معذور ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے غریب صوبے ہوننان کا رہائشی ایک نوجوان نے آٹھ سال قبل ریلیز ہونے والے آئی فون 4 سے متاثر ہوکر اسے خریدنے کا فیصلہ کیا لیکن ژیاؤ وینگ کے مالی حالات کے باعث آئی فون 4 غریب طالب کی پہنچ سے باہر تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ژیاؤ نامی 17 سالہ چینی نوجوان نے آئی فون 4 خریدنے کی خاطر کالا بازار(بلیک مارکیٹ) میں اپنا ایک صحت مند عضو (گردہ) ڈیڑھ لاکھ (ین) 7ہزار 8 سو پاؤنڈ میں فروخت کرکے رقم کا 10 فیصد (22ہزار ین) میڈل مین کو دیئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ژیاؤ وینگ نے فوری طور پر ایک آئی فون 4 اور ایک آئی پیڈ خریدا لیکن بعد ازاں نوجوان کے اس فیصلے نے اس کی زندگی تباہ کردی۔

    ژیاؤ وینگ ایک گردہ فروخت کرنے کے بعد گردوں کا مریض ہوگیا اور اب ڈائلیسس مشین سے اپنا خون صاف کروانے کا محتاج ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ژیاؤ وینگ انسانی اعضاء کے اسمگلر نے کہا تھا کہ وہ ایک گردے پر بھی زندہ رہ سکتا ہے تاہم جس غیر قانونی آپریشن تھیٹر میں انسانی اعضاء کا سوداگر 17 سالہ طالب علم کو لے کر گیا تھا وہاں صفائی کا نظام سرے سے تھا ہی نہیں، جس کے باعث ژیاؤ کے زخم میں انفیکشن ہوگیا۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی طالب علم نے اپنی خراب صحت سے متعلق اپنے اہل خانہ کو آگاہ نہیں کیا تاہم کچھ روز بعد صحت مزید خراب ہوئی حقیقت سب کے سامنے آگئی۔

    انفیکشن کے باعث ژیاؤ وینگ کا دوسرا گردہ بھی بیکار ہوگیا اور وہ مستقل ڈائلائیسس کا محتاج ہوگیا، متاثرہ نوجوان کے والدین نے بیٹے خراب صحت دیکھتے ہوئے انسانی اعضاء کے اسمگلر کو تلاش کیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سنہ 2012 میں پولیس نے ژیاؤ وینگ کے والدین کی شکایت پر کارروائی کرے ہوئے تین میڈل مین اور دو ڈاکٹرز سمیت 9 افراد کو گرفتار کرکے عدالت میں پیدا کیا.

    چینی عدالت نے تینوں میڈل مین کو تین سے پانچ برس قید اور دو ڈاکٹرز کو تین تین سال قید کی سزا سنائی اور متاثرہ نوجوان کو ہرجانے کا حکم دیا جس کے بعد انسانی اعضاء کے سوداگروں نے 1 لاکھ 69 ہزار ڈالرز ہرجانے کے طور پر ادا کیے جس سے ژیاؤ وینگ کا علاج جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چینی نوجوان کی گردہ فروشی کے باعث معذوری کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اصل قصوروار چینی طالب علم کو ٹھرایا گیا جس نے ایک موبائل کی صحت مند عضو فروخت کردیا جس کی قیمت برقی آلے سے کہیں زیادہ تھی۔

  • کراچی: پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا

    کراچی: پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا

    کراچی: شہر قائد کے نوجوان نے احتجاج کے لیے انوکھا راستہ اختیار کیا، پسند کی شادی نہ ہونے پر ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقےکورنگی میں نوجوان شاکر ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا، نوجوان کا مطالبہ تھا کہ اس کی پسند کی شادی کروائی جائے،شادی نہ ہوئی تو پول سے کود کر جان دے دے گا.

    نوجوان کی پول پر چڑھنے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، پول کے گرد ہجوم اکٹھا ہوگیا، ریسیکو اہل کار بھی پہنچ گئے، اس دوران ہائی ٹینشن کی بجلی منقطع کردی گئی.

    نوجوان ساڑھے چار گھنٹے تک پول پر چڑھا رہا، پولیس، رینجرز اور فائربریگیڈ کے اہل کار  بھی موقع پر پہنچ گئے.

    شاکر نے اپنی جیکٹ نیچے پھینک دی اور ریسکیو اہل کاروں کو اپنا موبائل نمبر دے دیا، جو اس سے نیچے اترنے کی درخواست کرتے رہے، مگر وہ اپنے مطالبے پر اڑا رہا.


    مزید پڑھیں: شوہرنے بیوی کو مار ڈالا، پسند کی شادی کرنیوالا جوڑا غیرت کے نام پر قتل


    آخر نوجوان ریسکیو اہل کاروں اور اپنی بہنوں کی درخواست پر ساڑھے چار گھنٹے بعد نیچے اترنے پر راضی ہوا، نوجوان کو اسنارکل کےذریعے نیچےاتر گیا.

    شاکر کے نیچےاترتے ہی ناراض ہجوم اس پرٹوٹ پڑا، پولیس نے لاٹھی چارج کرکےمجمع منتشرکیا اور شاکرکوموبائل میں بٹھا کر لے گئی.