لاہور : بار بار رابطوں کے باوجود ایمبولینس ایک گھنٹے تک نہ پہنچ سکی، گدھا گاڑی پر اسپتال لے جایا جانے والا مریض راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر بروقت ایمبولینس نہ پہنچنے پر شاہدرہ کا نوجوان اسپتال نہ پہنچ سکا اور جان کی بازی ہار گیا۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ کے ایک بیمار نوجوان کی حالت گھر میں خراب ہوگئی جس کو فوری طور پر اسپتال لے جانے کیلئے اہل خانہ نے ایمبولینس سروس سے رابطہ کیا۔
اس حوالے سے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ ایمبولینس ایک گھنٹے تک نہ پہنچی تو گدھا گاڑی پر مریض کو اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا۔
لواحقین کے مطابق بروقت اسپتال منتقلی نہ ہونے کے باعث مریض نے اسپتال پہچنے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ دیا۔
واقعے کے بعد ترجمان ریسکیو 1122 نے کہا ہے کہ واقعے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے، اگر عملےکی کوئی کوتاہی سامنے آئی تو اس کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
بھارت میں امر بسنت مہوپترا نامی نوجوان کو اس کے فلیٹ میں ساتھ رہنے والے شخص نے برتن دھونے کے معولی تنازع پر قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
دنیا میں لوگوں کی قوت برداشت اتنی کم ہوگئی ہے کہ اب معمولی معمولی باتوں پر ایک ساتھ رہنے اور کھانے پینے والے ایک دوسرے کی جان بھی لینے سے گریز نہیں کرتے ایسا ہی ایک واقعہ پڑوسی ملک بھارت میں پیش آیا ہے جہاں ایک ہی فلیٹ میں مقیم ایک شخص نے اپنے ساتھی کی جان برتن دھونے کے معمولی تنازع پر لے لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقتول 28 سالہ امر بسنت مہوپترا، ملزم انیل کمار سرت کمار داس اور ایک اور 40 سالہ برجو ساہو جو بھارت کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں جو پیشے کے لحاظ سے حجام ہیں اور روزگار کے سلسلے میں ایک ہی فلیٹ میں مقیم تھے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ جمعے کی نصف شب مہاپترا نے داس سے برتن دھونے کو کہا جس کے بعد دونوں میں بحث ہوئی اور مشتعل ہو کر داس نے باورچی خانے کا چاقو اٹھایا اور مہاپترا پر بے دردی سے وار کردیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
اس واقعے کی شکایت ملزم اور مقتول کے ساتھ رہنے والے تیسرے شخص 40 سالہ برجو ساہو نے درج کرائی تھی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم داس کو حراست میں لے لیا ہے۔
کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک اور نوجوان کو قتل کر دیا، مقتول مزدوری اور چوکیداری کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور شہری کو اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران قتل کردیا گیا، نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ایم میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے علی نامی نوجوان کو قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان علی زیرتعمیرپلاٹ پرمزدوری اورچوکیداری کرتا تھا ، جب وہ دوپہر کا کھانا لے کر آیا تو 2 ملزم نے لوٹ مار کی کوشش کی ، نوجوان کی جیب سے کچھ برآمدنہ ہوا تو ڈاکؤوں نے گولی مار دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول کا پوسٹمارٹم عباسی شہید اسپتال میں کرایا گیا ، مقتول نوجوان علی کاآبائی تعلق راجن پور سے تھا۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے کورنگی میں ڈاکوؤں نے ایک نوجوان کو واردات کے دوران قتل کردیا تھا، ملزمان نے مزاحمت پر نوجوان بلال کو بڑے بھائی کے سامنے گولی ماری۔
مقتول کے بھائی نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بلال فیکٹری سے ڈیوٹی ختم کرکے گھرجارہا تھا کہ راستے میں واردات ہوئی ، ڈکیتی کے دوران بلال نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرکھول دیا۔
امریکا میں سب وے ٹرین میں مفت سفر کی خواہش میں نامعلوم نوجوان نے اپنی جان گنوا دی، متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
سال نو پر نیویارک میں اٹھائیس سالہ نوجوان سب وے ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کیے لیے اسٹیشن پہنچا اور 2.75 ڈالر (پاکستانی پانچ سو روپے تقریباْ) کا ٹکٹ لیے بغیر ٹرین کا رخ کیا، اس دوران اسے ٹرن اسٹائل (ایک رکاوٹ) کو عبور کرنا تھا جو ٹکٹ دکھانے پر خود ہی راستہ دے دیتی ہے۔
نوجوان نے ٹکٹ نہ ہونے کے باعث اس رکاوٹ کو چھلانگ لگا کر عبور کرنے کا فیصلہ کیا اس دوران کئی ناکام کوششیں کیں لیکن آخری کوشش میں وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اس کا سر نیچے کسی چیز سے جا ٹکرایا، حادثے کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
امریکی پولیس کے مطابق انھیں سب وے اسٹیشن پر نوجوان گرا ہوا دکھائی دیا جب ہم اس کے قریب گئے تو وہ ہلاک ہوچکا تھا، متوفی کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے تاحال نوجوان کی موت کی وجہ نہیں بتائی تاہم ایسا لگتا ہے کہ رکاوٹ عبور کرنے کے دوران اس کا سر نیچے زمین پر زور سے لگا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
جے پور : نوجوان کو بلو ٹوتھ کو استعمال کرنا جان لیوا بن گیا، بلو ٹوتھ ہیڈ فون استعمال کے دوران کان میں ہی پھٹ گیا جس سے فوری طور پر اس نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق راجستھان کے ضلع جے پور کے پوریا گاؤں میں یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا، اس حادثہ میں 28 سالہ راکیش کمار نگر کی موت واقع ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیاہے کہ متوفی راکیش کمار اپنے گھر پر مسابقتی امتحان کی تیاری کرتے ہوئے بلو ٹوتھ ہیڈ فون ڈیوائس کا استعمال کررہا تھا۔
ڈیوائس اچانک پھٹ گئی جس کی وجہ سے راکیش کمار نگر زخمی ہوگیا اس کو علاج کے لئے فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی۔
کراچی: گھر کےباہر کرکٹ کھیلنے سےمنع کرنے پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے سیکٹر 5 ڈی میں رات گئے رونما ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق اکتیس سالہ ریحان نے اپنے گھر کےباہر لڑکوں کرکٹ کھیلنے منع کیا، جس پر لڑکے مشتعل ہوگئے اور انہوں نے بلے اور وکٹ سے ریحان پر حملہ کردیا۔
حملے کے نتیجے میں ریحان شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
واقعے کے بعد پولیس نے تشدد کرنے والے لڑکوں کے خلاف کارروائی کی اور ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق اکتیس سالہ ریحان اسکول ٹیچر اور شادی شدہ تھا، واقعہ کی مختلف پہلووں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل آفیسر کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ہے اور فوری طور پر موت کی وجہ بھی سامنے نہیں آسکی ہے، کیمیکل ایگزامن رپورٹ آنے کے بعد موت کی وجہ کا تعین ہوگا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص اور کرکٹ کھیلنے والے افراد آپس میں پڑوسی ہیں، صورت حال پر لواحقین سے رابطے میں ہیں تدفین کے بعد مقدمےکافیصلہ ہوگا۔
پرانی سبزی منڈی کے قریب موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہوگیا، ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پرانی سبزی منڈی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دشمنی یا ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ لگتا ہے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت انس اور زخمی کی جواد کے نام سے ہوئی ہے، فائرنگ موٹرسائیکل سواروں نے کی جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جن تلاش جاری ہے، واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان انس کو5گولیاں ماری گئیں، ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے فائرنگ سے زخمی نوجوان جواد کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔
زخمی جواد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ملزم موٹرسائیکل پر سوار تھا، اس موٹرسائیکل پرایک خاتون بھی سوار تھی، اسی خاتون کی نشاندہی پر مسلح شخص نے فائرنگ کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے جاں بحق نوجوان انس کے ورثا سے رابطہ ہوا ہے، مقتول انس نیوکراچی سیکٹر11ڈی کارہائشی تھا، مقتول طارق روڈ پر کارالیکٹریشن کا کام کرتا تھا۔
مقتول کے ورثا کے مطابق انس نے آج دن میں اپنے بھائی کو میسج میں پریشانی کا اظہار کیا تھا، انس نے بھائی سے کہا کہ آج ہوسکتا ہے مجھے تمہاری ضرورت پڑے۔
پولیس کے مطابق زخمی جواد بھی الیکٹریشن ہے،دونوں ایک ہی موٹرسائیکل پر سوار تھے، مقتول کے ورثا سے مشاورت کے بعد واردات کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
لاہور : مغلپورہ میں شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ کا معاملہ ،فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، لواحقین نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کر دیا ۔
فیصل کے لواحقین اور اہل علاقہ نے واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے ٹائر جلا کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ چند روز قبل مغلپورہ میں رات گئے جاری شادی کی تقریب ختم کرنے کے لئے پولیس اہلکار موقع پر پہنچے۔ اسی دوران تقریب کے شرکا کے ساتھ تلخ کلامی پر ایک اہلکار نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر فیصل زخمی ہو گیا تھا۔
مظاہرین نے واقعہ میں ملوث اہلکار کی برطرفی اور اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے بعد ازاں سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ۔
کراچی : شاہراہ فیصل پر صبح سویرے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا، پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے انتظار پھر نقیب اور اب پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی مقصود پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن گیا، کراچی کی اہم شاہراہ شارع فیصل پر صبح کے اوقات میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں لائنز ایریا کا رہائشی بے گناہ نوجوان مارا گیا۔
پولیس نے دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان مقصود کو پولیس نے پہلے دہشت گرد اور پھر ڈاکو قرار دیا، جب بات نہ بنی تو پھر یوٹرن لے لیا اور کہا کہ نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مارا گیا ہے۔
جناح اسپتال میں مقصود کی بہنیں زخمی ڈاکو پرٹوٹ پڑیں، غم سے نڈھال مقتول کی بہن نے اسٹریچر پر لیٹے زخمی ڈاکو کی جوتیوں سے پٹائی کردی، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔
مذکورہ مبینہ پولیس مقابلے میں رکشہ ڈرائیور بھی گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہوا ہے، آئی جی سندھ نے تحقیقات کی یقین دہانی کرادی۔
عینی شاہد کا بیان
مقصود کے ساتھ رکشے میں ایک اور بھی نوجوان تھا جسےخراش تک نہ آئی، نوجوان نے بتایا کہ ان کے رکشے کو پولیس یونیفارم جیسی پینٹ پہنے ہوئے ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر گولی چلادی، رکشہ ڈارئیور کو گولی لگی تو رکشہ الٹ گیا، جس کے بعد برسٹ چلنے کی آواز آئی۔
بھائی کو شیروانی پہنانی تھی، کفن کیسے پہنائیں؟ بہنوں کی دہائیاں
مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق نوجوان کی پچیس دن بعد شادی تھی، لائنز ایریا میں مقصود کے گھر صف ماتم بچھ گئی، جس گھر میں شادیانے بجنے تھے وہاں بہنیں اکلوتے بھائی کے جانے پر بین کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقصود کو پولیس والوں نے مارا انہوں نے ہمارا بھائی ہی نہیں بلکہ خوشیاں بھی چھین لی ہیں، بہنوں کا کہنا تھا کہ اکلوتے بھائی کو شیروانی پہنانی تھی، کفن کیسے پہنائیں؟
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ خبر ملنے پر اسپتال پہنچے تو پولیس نے بھائی پر دہشت گرد ہونے کا الزام لگادیا، اکلوتے بھائی کی پانچ بہنوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔