Tag: Young men died

  • نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    اسلام آباد : امریکی سفارتکار کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار غریب نوجوان چل بسا، حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے، متوفی ایف اے کاطالب علم اور ہوٹل میں ملازم تھا، پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے تھانہ کوہسارکی حدود میں تیز رفتار گاڑی میں سوار امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف نے موٹرسائیکل سوار نوجوان عتیق بیگ کو ٹکرماری جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

    اطلاعات کے مطابق فوجی اتاشی کرنل جوزف مبینہ طور پر نشے میں تھا، واقعے کے فوری بعد ایک اور گاڑی اس کو لینے پہنچ گئی، پولیس نے امریکی اہلکار کا میڈیکل کرانے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ ہم سفارتکار ہیں آپ ہمیں گرفتار نہیں کر سکتے۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو سفارت کار مزاحمت کرکے بھاگ کھڑا ہوا، پولیس نے سفارتکار کی گاڑی کو قبضے میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کردیاہے۔

    نوجوان کی ہلاکت پرمتوفی عتیق بیگ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اسلا م آباد کے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے مطابق دامن کوہ چوک پرسفید رنگ کی گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے نوجوان کو کچل ڈالا۔

    عتیق کزن کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سپرجناح مارکیٹ جارہاتھا، اس حادثے میں عتیق موقع پرجاں بحق اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہوا۔ گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ایئرڈیفنس اتاشی چلارہاتھا اورحادثہ ڈرائیورکی تیزرفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ مقدمے میں 320، 337، 279 اور427 کی دفعات شامل ہیں۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والا نوجوان عتیق بیگ ایک ہوٹل پر کام کرتا تھا اور نوکری کے ساتھ ہی ایف اے کا طالب علم بھی تھا، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا میں وزیراعظم پاکستان کی مشکوک افراد کی طرح تلاشی لی گئی تھی‘ تاہم اسلام آباد میں امریکی سفارت کار دھڑلے سے نوجوان کو خون میں نہلا کر بھاگ نکلا۔

    دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حادثے سے متعلق معاملے کو دیکھا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سی ویو: ریس کے دوران اوورٹیک کرنے پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق

    سی ویو: ریس کے دوران اوورٹیک کرنے پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق

    کراچی : گاڑیوں کی ریس میں اوور ٹیک کرنے کے دوران ٹکر لگنے کے تنازعے پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور ساتھی زخمی ہوگیا، پولیس نے دو گاڑیاں تحویل میں لے کر پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ویو کلفٹن ریسنگ ٹریک پر گاڑیوں کی ریس کے دوران جھگڑے کے بعد ڈبل کیبن سے کار پر ہونے والی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور ساتھ بیٹھا دوست زخمی ہوگیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار نے اوور ٹیک کرنے والی ہیوی بائیک کو ٹکر ماری تو ڈبل کیبن میں موجود افراد نے کار کا تعاقب کیا اور گولیاں برسادیں، فائرنگ کے نتیجے میں ظافر نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا، مقتول ڈی ایچ اے کا رہائشی اور اے لیول کا طالب علم تھا۔

    فائرنگ واقعہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

    اس حوالے سے پولیس نے صحافیوں کو بتایا کہ گاڑی پرنائن ایم ایم پستول سے نو فائر کیے گئے جس سےگاڑی کے شیشے ٹوٹے اور ٹائر بھی پھٹ گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے فنگر پرنٹس حاصل کرلیے گئے ہیں، جاں بحق نوجوان کی شناخت چھبیس سالہ ظافر کے نام سے ہوئی، کار میں 4 افراد سوار تھے۔

    گاڑی میں سوار دیگر تین نوجوانوں سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے خالد بن ولید روڈ پر گھر پر چھاپے کے بعد پانچ افراد کو حراست میں لے لیا، ڈبل کیبن سمیت دو گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئیں، جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    واقعے کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا تھا کہ مرسڈیز نے ہیوی بائیکر ڈاکٹررحیم کو ہٹ کرکے گرادیا تھا، پیچھے سے آنے والی ڈبل کیبن اور دیگر گاڑیوں نے مرسڈیز کا پیچھا کیا اوراسے جا پکڑا۔

    ڈبل کیبن کے ڈرائیور خاوربرنی نے فائرنگ کی، جس سے مرسڈیز میں سوار ظافر کو ایک گولی لگی جس وہ چل بسا، فائرنگ سے زید نامی شخص کو بھی گولیاں لگیں جس سے وہ زخمی ہوگیا۔

    پولیس نے بروقت کارروائی کرکے خاوربرنی کو اس کے گھرخالد بن ولید روڈ سے اس کے بھائیوں، گاڑیوں اور اسلحہ سمیت گرفتارکیا، چارسے5افراد زیرحراست ہیں، مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان سے تفتیش مکمل کرکے واقعے کا مقدمہ درج کیا جائیگا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ فائرنگ کرنے والوں کابائیک سوار ڈاکٹررحیم سے کوئی تعلق نہیں، ملزمان نے سوچا تھا کہ مرسڈیز والے لڑکے ہیوی بائیکر کو جان سے مارکر بھاگ گئے جبکہ ڈاکٹررحیم کا کہناہے کہ بائیک اے گرنے کےبعد اسے نہیں پتہ کہ کیاہوا ہے۔

  • سرگودھا: پولیس کا مبینہ تشدد، نوجوان جاں بحق، خود کشی قرار دے دیا

    سرگودھا: پولیس کا مبینہ تشدد، نوجوان جاں بحق، خود کشی قرار دے دیا

    سرگودھا : پولیس کی زیرحراست مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ہو گیا، پولیس نے واقعے کو خود کشی قرار دیا جسے ورثاء نے ماننے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر نوجوان حبیب الرحمان کی ہلاکت کے بعد لواحقین سراپا احتجاج بن گئے، مرحوم کے ورثاء سیکڑوں کی تعداد میں ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال پہنچےاور پولیس گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کی ہلاکت میں ملوث پولیس اہلکاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے زیرحراست حبیب الرحمان کو تشدد کا نشانہ بنا کرمار ڈالا اور پھر خود کشی ظاہر کرکے نوجوان کی نعش ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں پھینک آئے۔

    ورثاء کا کہنا تھا کہ حبیب الرحمن کو دو روز قبل پولیس نے شک کی بنیاد پر حراست میں لیا اور اس کے والدین تک کو خبرنہ کی اور تھانے میں اسے انسانیت سوز تشدد کانشانہ بنایا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔


    مزید پڑھیں : ملتان، بزرگ جوڑے پر پولیس کا انسانیت سوزتشدد


    بعد ازاں پولیس اسے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال لاوارثوں کی طرح پھینک کرچلی گئی، نوجوان کی موت کی ڈاکٹروں نے بھی تصدیق کردی لیکن پولیس اس قتل کو خود کشی میں بدلنا چاہتی ہے جو سراسر ظلم ہے انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔