Tag: Younis Khan

  • برگر کھانے سے متعلق یونس خان کا اعظم خان کو خاص مشورہ

    برگر کھانے سے متعلق یونس خان کا اعظم خان کو خاص مشورہ

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے وکٹ کیپر اور بلے باز اعظم خان کو اپنی فٹنس پر توجہ دینے سے متعلق اہم مشورہ دیا ہے۔

    سابق کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان آج کل پاکستان سپر لیگ 10 کی فرنچائر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیل رہے ہیں۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بطور اوپنر آنے پر اعظم خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اوپنر آنے میں کوئی حرج نہیں۔

    سابق کپتان نے کہا کہ اعظم خان کو اپنی کمزوریوں کو خاص طور پر باؤنسر کے خلاف طاقت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو بولرز انہیں باؤنسر کا نشانہ بناتے رہیں گے اور بار بار ان کی خامیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

    اعظم خان کو مشورہ دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اگر وکٹ کیپر اعلیٰ سطح پر کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں کو سنجیدگی سے لیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ غذائی ڈسپلن پر کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا، ہم سب برگر شوق سے کھاتے ہیں، میں بھی برگر کھاتا ہوں لیکن بطور پروفیشنل ایتھلیٹ ہمیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اعظم خان اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں اور اعلیٰ سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی فٹنس پر کام کرنا ہوگا، یہاں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں امریکا کے خلاف شکست اور صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کے بلے باز اعظم شدید تنقید کی زد میں آگئے تھے۔

    بلے باز کو نہ صرف امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے پر تنقید کا سامنا تھا بلکہ کیچز چھوڑنے پر بھی کرکٹ شائقین اعظم سے سخت نالاں تھے۔

    ایسے میں امریکی شہر نیویارک سے بلے باز کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، جس میں اُنہیں اسٹریٹ فوڈ کے اسٹال پر کھڑے ہوکر برگر کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    کین ولیمسن کراچی کنگز کو جوائن کرنے لاہور پہنچ گئے

    غیر ملکی میڈیا پر بھی اس ویڈیو کو خوب کوریج دی گئی تھی، جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین اس قسم کی ویڈیو وائرل کرنے پر ناراض بھی دکھائی دیئے۔

  • یونس خان نے ٹیم میں گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں سے متعلق کیا کہا؟

    یونس خان نے ٹیم میں گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں سے متعلق کیا کہا؟

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اپنے وقت میں ٹیم میں گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں سے متعلق کھل کر اظہار خیال کیا۔

    نجی ٹی وی کے شو میں میزبان نے سابق کپتان یونس خان سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی یہ سوچا کہ جب آپ کپتان بنے تو آپ کے خلاف لوگوں نے حلف اُٹھائے، گروپنگ بنائی، وہ سب بڑے کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ کام کیا،ابھی بھی آپ کی اُن لوگوں سے ملاقات ہوتی ہوگی؟

    سوال کے جواب میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جی بالکل ملتے ہیں، اُس وقت وہ ان کے حساب سے صحیح ہوگا، میں اپنی جگہ پر صحیح ہوں گا۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھے گھٹی میں پلایا گیا ہے کہ پاکستان سے پہلے، اپنے رنز نہیں بلکہ ٹیم کے رنز، وہ رنز جو ٹیم کے کام آئیں اور میں آج بھی اسی طرح کھیلتا ہوں۔میں سمجھتا ہوں جو اچھا کھلاڑی ہے، اسے موقع دینا چاہئے۔

    سینئر کھلاڑیوں کو ایسا نہیں کرنا چاہئے کہ وہ اگر اپنی جگہ پر سیٹ ہیں تو وہ جونیئر کھلاڑیوں کو آگے نہیں آنے دیں، میں اپنی ٹیم کی اگر بات کروں تو میرے وقت میں احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد عامر جیسے کھلاڑی سامنے آئے، جو ینگ تھے۔اس کے بعد نہیں بن پائے کیوں؟

    یونس خان نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ جو گھر کا بڑا ہے، اسے ہر حال میں اپنی کردار ادا کرنا چاہئے، میں نے ہر جگہ قربانی دی، مگراُس وقت صرف میں بڑا نہیں تھا، شاہد آفریدی تھے، محمد یوسف بڑے تھے، شعیب ملک بڑے تھے، مصباح الحق بڑے تھے، عمر گل بڑے تھے۔

    اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے کلچر میں بڑے کھلاڑی کو کپتان بنا دیا جاتا ہے جو غلط ہے۔

    ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹر اور سابق قومی کپتان نے ایڈیلیڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑے کھلاڑی کو کپتان بنانے کا رواج ہے جو غلط ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا کے لئے بری خبر

    سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی شامل ہیں اور سلیکشن میں کچھ مسائل ضرور ہیں تاہم انہوں نے امید کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

  • یونس خان نے پی ایس ایل 8 کی فیورٹ ٹیم بتادی

    یونس خان نے پی ایس ایل 8 کی فیورٹ ٹیم بتادی

    قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پی ایس ایل 8 میں اپنی فیورٹ ٹیم بتادی۔

    پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ میں ہمیشہ سے لاہور قلندرز کو سپورٹ کرتا رہا ہوں لیکن اس سیزن میں پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز فیوریٹ ہیں۔

    یونس خان نے کہا کہ سیزن ابھی شروع ہوا ہے کچھ میچز کے بعد پتا چلے گا ٹرافی کون لے جائے گا۔

    میری فیورٹ ٹیم پشاور زلمی ہے، کامران اکمل

    پشاور زلمی کے سابق بیٹر کامران اکمل نے کہا کہ میری فیورٹ ٹیم پشاور زلمی ہے ان کی بیٹنگ لائن اپ بہترین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیزن کچھ میچز ہوں گے تو واضح ہوگا کہ کونسی ٹیم آگے جاسکتی ہے۔

    فیورٹ ٹیم ملتان سلطانز ہے، سہیل تنویر

    سابق فاسٹ بولر سہیل تنویر نے کہا کہ میری فیورٹ ٹیم ملتان سلطانز ہے میں اس ٹیم کا حصہ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں ہماری ہیں جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا۔

  • ’یونس خان کو بیٹے کی پیدائش کی مبارک باد دینے پر قومی کرکٹر تنقید کا نشانہ بن گئے‘

    قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو بیٹے کی پیدائش کی مبارک باد چار سال بعد دینے پر سہیل تنویر تنقید کا نشانہ بن گئے۔

    سابق کپتان و کوچ یونس خان کے ہاں‌ دوسرے بیٹے کی پیدائش 2018 میں‌ ہوئی جس پر مداحوں‌ اور سابق کرکٹرز کی جانب سے انہیں مبارک باد دی گئی تھی لیکن فاسٹ بولر سہیل تنویر نے انہیں‌ کل مبارک باد دی جس پر انہیں‌ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے.

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں یاد دلایا گیا کہ ’سہیل تنویر بھائی یہ چار سال پرانی خبر ہے۔‘

    ایک صارف نے لکھا کہ ’بھائی کوئی لوکل نیٹ لگوایا ہوا ہے کیا۔‘

    ایک دوسرے صارف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ویڈیو شیئر کی جس میں یہ تاثر دیا گیا کہ جسے وہ یہ ٹوئٹ دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔

    ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ’سہیل بھائی تھوڑا سا انتظار کرلیتے بھتیجا خود شکریہ ادا کردیتا ہے جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ ’مزاحیہ ویڈیو شیئر کی جس میں بھارتی اداکار کہتے ہیں کہ ’یہ سب کیا دیکھنا پڑ رہا ہے ۔ اچھا ہے میں اندھا ہوں۔‘

  • ’ٹیم کا کوئی نہیں سوچ رہا سب اپنے لیے کھیل رہے ہیں‘

    ’ٹیم کا کوئی نہیں سوچ رہا سب اپنے لیے کھیل رہے ہیں‘

    راولپنڈی: قومی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست پر وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل برس پڑے۔

    پنڈی ٹیسٹ میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے دی، بیٹنگ وکٹ پر قومی بیٹرز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جو قومی ٹیم کی شکست کی وجہ بنا جبکہ اولی روبنسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    آخری سیشن میں پاکستان کو جیت کے لئے 86 جبکہ انگلینڈ کو 5 وکٹیں درکار تھیں، اس موقع پر انگلش کپتان بین اسٹوکس نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن قابو کیا۔

    انگلینڈ سے جیتنا ہے تو سپورٹنگ وکٹیں بنانا ہوں گی، یونس خان

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان و مایہ ناز بیٹر یونس خان نے کہا کہ اگر ہمیں جیتنا ہے تو سپورٹنگ وکٹیں بنانا ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ’اگر ٹیسٹ کرکٹ پروموٹ کرنا ہے اور اپنی ٹیم کو سکھانا ہے تو آپ کو سپورٹنگ پچزبنانا ہوگی کل انگلینڈ نے اننگ ڈیکلیئر کردی تو کہا جارہا ہے تو جلدی اننگ ڈیکلیئر کردی لیکن انہیں معلوم تھا کہ وہ یہ میچ جیت سکتے ہیں۔

    ٹیم کا کوئی نہیں سوچ رہا سب اپنے لیے کھیل رہے ہیں، کامران اکمل

    دوسری جانب کامران اکمل نے کہا کہ ’ٹیم کا کوئی نہیں سوچ رہا سب اپنے لیے کھیل رہے ہیں۔‘

    انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم نے پاکستان کو جیتنے کا موقع دیا لیکن سیدھی وکٹ اور ہوم کنڈیشن کے باوجود پاکستان کو شکست ہوئی ہے۔

    کامران اکمل نے کہا کہ ٹیم آگے جانے کے بجائے پیچھے کی جانب جارہے ہیں، ایسی پچ جس میں نہ فاسٹ بولر کو مدد مل رہی ہے اور نہ اسپنرز کو اس پر وکٹیں گنوائیں۔

  • ‘اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں عمران خان حکومت کے خلاف ہوں’

    ‘اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں عمران خان حکومت کے خلاف ہوں’

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ تیل، ٹماٹر اور آٹا ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، پیٹرول ابھی سستا ہے لیکن ہو سکتا ہے پھر قیمت بڑھ جائے، پر اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں عمران خان حکومت کے خلاف ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے تحت ‘شہر قائد میں کھیلوں کو درپیش مسائل اور ان کا حل’ کے عنوان سے کراچی ری بِلڈ سیمینار میں کرکٹ لیجنڈ یونس خان نے خصوصی شرکت کی، سیمینار کی صدارت جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کر رہے تھے، تقریب میں سابق اولمپک باکسنگ ریفری علی اکبر شاہ اور ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین نے بھی شرکت کی۔

    کرکٹ لیجنڈ یونس خان نے کہا ماضی میں گراؤنڈز بہت تھے اور بلڈنگز کم ہوا کرتی تھیں، اب نرسریاں اور گراؤنڈز کم ہو گئے، گراونڈ کی فیس بڑھا دی گئی، کرکٹ کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے، تیس ہزار روپے کی صرف ہیلمٹ ہے تو یہ کہاں سے خریدیں لوگ۔

    انھوں نے کہا پیٹرول سستا ہوگیا لیکن شاید دوبارہ قیمت بڑھ جائے، اب تو ٹماٹر، آٹا ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، میں عمران خان کی حکومت کے خلاف نہیں ہوں، جب چیزیں مہنگی ہونے لگی تو چھوڑ دیں۔

    یونس خان نے کہا مجھے جگہ دیں میں اکیڈمی بناؤں گا، جو پیسے دے سکتا ہے ان ہی سے مانگیں گے ہر کسی سے نہیں،میرے اپنے بچے فٹبال کھیلتے ہیں، میں ایک آرم ریسلر کے لیے بھی اسپانسر ڈھونڈ رہا ہوں، اگر کھلاڑی کو اسپانسر نہ ملا تو میں خود پیسے خرچ کروں گا، پہلے زمانے میں محلے کے چاچے مامے خالی جیب کے باوجود کرکٹ کو سپورٹ کرتے تھے۔

    سابق اولمپک باکسنگ ریفری علی اکبر شاہ نے کہا کھیلوں کو گزرتے وقت کے ساتھ جھٹکے لگ رہے ہیں، جتنے بھی لوگ اسپورٹس منسٹری میں موجود ہیں وہ ایک لفظ بھی نہیں جانتے، کراچی نے کھیلوں کے نامور کھلاڑیوں کو جنم دیا ہے، جھنڈے کے لیے اب کم کھلاڑی کھیلتے ہیں، اصل مقصد پیسہ کمانا ہوگیا ہے۔

    ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین نے کہا حقدار کو حق دلانا ہوگا، یونس خان جیسے محنتی کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا، کھیلوں کا انفرا اسٹرکچر درست کرنے کی ضرورت ہے، گراؤنڈ آباد کرنے کے لیے بچوں کا حوصلہ بڑھانا ضروری ہے۔ انھوں نے شکوہ کیا کہ کرکٹ نے تمام کھیلوں کو دبا دیا ہے، اس کھیل میں ٹیلنٹ سمیت پیسہ بہت ہے، لیکن دیگر کھیلوں میں اگر اسپانسرشپ لائی جائے تو ٹیلنٹ اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

    اسپورٹس آرگنائزر مبشر مختار نے کہا اسپورٹس کوٹے پر ہونے والے داخلے اور نوکریاں ختم کر دی گئیں، سہولیات کا فقدان بھی کھیلوں کو تباہ کر رہا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ممکن ہے کہ سیاسی جماعتوں کے منشور میں چند نکات کھیلوں پر شامل ہوں، تاہم کھیلوں کے شعبے کافی حد تک نظر انداز کیے گئے، جب کہ پاکستان کے ستارے دنیا بھر میں جگمگا چکے ہیں مگر کمرشلائز ہونے کی وجہ سے اب نتائج سوچ کے برعکس آ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا اسکول لیول پر ٹورنامنٹ ہوا کرتے تھے جو اب ختم ہوگئے ہیں، کالج اور یونیورسٹی لیول پر بھی ایونٹ ہوتے تھے، جامعات میں 10 سے بارہ کھیلوں کو لازمی ہونا چاہیے، اگر ایسا مکمن نہیں ہو سکتا تو یونیورسٹی کو چارٹر نہیں کیا جائے۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ چائنا کٹنگ گراؤنڈز کو کون چھٹکارا دلائے گا، کرکٹ سے پاکستانیوں کو عشق ہے جو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

  • قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ نے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا

    قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ نے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا

    حال ہی میں قومی ٹیم کے بطور بیٹنگ کوچ سے مستعفی ہونے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے ماضی کے اہم رازوں سے پردہ فاش کردیا ہے۔

    یونس خان نے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کے ہمراہ اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام ” ہر لمحہ پرجوش” میں خصوصی شرکت کی،جہاں انہوں نے سال دوہزار نو میں ان کی دور کپتانی میں ڈریسنگ روم میں پیش آئے واقعات بیان کئے۔

    میزبان وسیم بادامی کی جانب سے بیان واقعے پر یونس خان نے کہا کہ یہ بڑا طویل معاملہ ہے اس پر تفصیلی بات بعد میں کرینگے، میں قصہ مختصر کرتے ہوئے بتارہا ہوں کہ میرے خلاف گروپنگ کرنے والے کھلاڑی بعد میں ٹیم سے آؤٹ ہوگئے تھے۔

    یونس خان نے بتایا کہ دو ہزار نو کی چیمپئن ٹرافی کے بعد بورڈ کی جانب سے مجھے کپتانی کی آفر ہوئی تو میں نے سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ سے کہا کہ اگر آپ مجھے کپتان بنانے چاہتے ہیں تو مجھے 2011 کے ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرے، اگر میں ٹیم کے کھلاڑیوں کو متحد نہ کرسکا تو کپتانی چھوڑ دونگا۔

    قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے یونس خان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ یونس خان کے خلاف ٹیم میں گروپنگ کرانے میں سابق کھلاڑیوں کو بڑا ہاتھ تھا، راشد لطیف نے ایسے کھلاڑیوں کو مہرہ قرار دیا۔

    پروگرام میں راشد لطیف نے بڑا دعویٰ کیا کہ یونس خان کے خلاف گروپنگ کرانے والے اس وقت پی ایس ایل کی تین فرنچائزر کو چلا رہے ہیں وہ نوے کی دہائی کے لیجنڈز بھی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں یونس خان نے بتایا کہ جن دس کھلاڑیوں نے قرآن پر حلف لیا تھا وہ قرآن شریف بھی مجھ سے ہی لیکر گئے تھے۔

    پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نے یونس خان سے سوال کیا کہ آپ نے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا عہدہ کیوں چھوڑا؟ جس پر سابق ٹیسٹ کرکٹر نے جواب دینے سے انکار کیا کہ کچھ دن رہنے دیں، سب سامنے آجائے گا۔

    یونس خان نے بیٹنگ کوچ کا عہدہ  لینے سے متعلق بھی بڑا انکشاف کیا کہ انہیں اس عہدے کے لئے دو ہزار سترہ سے آفر تھی مگر اس اہم ترین عہدے کے لئے میں نے تین سال سوچ وبچار کی اور دو ہزار بیس میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا عہدہ سنبھالا اور آج مستعفی بھی ہوچکا ہوں۔

    یونس خان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کوچ کا عہدہ پی سی بی کو سہارا دینے کے لئے سنبھالا تھا مگر کسی کو میرا سہارا نہیں چاہیئے تو میں کیا کرسکتا ہوں؟، یونس خان نے اس معاملے میں مزید گفتگو کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی دیگر لوگوں کی طرح باہر آکر بورڈ کے خلاف باتیں کروں، یہ نامناسب ہوگا۔

     

  • ٹاپ آرڈر میں ایک اچھی پارٹنر شپ ہو جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی، یونس خان

    ٹاپ آرڈر میں ایک اچھی پارٹنر شپ ہو جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی، یونس خان

    آکلینڈ : قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا ہے کہ فہیم اشرف آل راؤنڈر کا کردار ادا کررہے ہیں، امید ہے فہیم عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کے اختتام پر فہیم اشرف اور محمد رضوان کی بہترین بلے بازی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    یونس خان نے کہا کہ فہیم اشرف اچھے باؤلنگ آل راؤنڈر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ٹاپ آرڈر سے رنز نہیں ہوئے لیکن انہوں نے کریز پر وقت گزارا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں ایک اچھی پارٹنرشپ ہوجاتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔

    بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، محمد رضوان ایک میچور کھلاڑی کے روپ میں نظر آرہے ہیں۔

    یونس خان کا کہنا تھا کہ کپتان کی اپنی کارکردگی بہت اہمیت رکھتی ہے، کپتان کی پرفارمنس اچھی ہو تو فیلڈ میں فیصلے بھی اچھے ہوتے ہیں۔

    یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل کے دوسرے روز شان مسعود کا آؤٹ ہونا بدقسمتی رہا۔

  • لیجنڈ کرکٹر کی سالگرہ، قومی کھلاڑیوں کے پیغامات، آئی سی سی کا خراج تحسین

    لیجنڈ کرکٹر کی سالگرہ، قومی کھلاڑیوں کے پیغامات، آئی سی سی کا خراج تحسین

    لاہور: آج پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان کی 43 وں سالگرہ ہے، یونس خان کی سالگرہ پر نیوزی لینڈ میں موجود قومی کھلاڑیوں نے پیغامات جاری کیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ ٹیسٹ کرکٹر یونس کی آج سال گرہ ہے، اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی انھیں اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر خصوصی خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے ان کی بہت سی اننگز ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھیں، یونس خان سے زیادہ محنتی شخص آج تک نہیں دیکھا۔

    شان مسعود نے کہا میں یونس خان سے بہت متاثر ہوں، اظہر علی کا کہنا تھا کہ یونس خان ایک عظیم رول ماڈل ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے کہا میں نے یونس خان سے بہت کچھ سیکھا اور ان سے بہت کچھ اب بھی سیکھ رہے ہیں، یاسر شاہ کا کہنا تھا میں خوش قسمت ہوں کہ جب ڈیبیو کیا تو یونس خان ٹیم میں موجود تھے، فواد عالم نے کہا امید ہے یونس خان سے سیکھنے کا عمل یونہی جاری رہےگا۔

    دوسری طرف آئی سی سی نے اپنے ٹویٹ میں یونس خان کے لیے لکھا ’لیجنڈ کو سال گرہ مبارک ہو‘۔

    آئی سی سی ٹویٹ میں یونس خان کے شان دار کیریئر کی ایک جھلک بھی نمبرز کی صورت میں دکھائی گئی، لکھا گیا کہ یونس خان نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز 10,099 بنائے۔ وہ پہلے بلے باز ہیں جنھوں نے 11 ممالک میں ٹیسٹ سینچریاں بنائیں۔

    یونس خان ان 4 پاکستانی بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے ٹرپل سینچری اسکور کی، یہ کارنامہ انھوں نے 313 رنز بنا کر انجام دیا، نہ صرف ٹیسٹ کرکٹ میں شان دار ریکارڈ کے حامل ہیں بلکہ یونس خان نے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی 7249 رنز بنائے ہیں۔

  • یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھایا جائے گا، پی سی بی

    یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھایا جائے گا، پی سی بی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو مستقبل میں سسٹم کا حصہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے، یونس خان کی خدمات کی تفصیلات طے کی جارہی ہے۔

    پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سابق کپتان یونس خان جلد پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملاقات کریں گے، آئندہ ہفتے ممکنہ ملاقات میں یونس خان کے رول کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان سے بیٹنگ کوچ سمیت ایج گروپ ٹیموں کے لیے خدمات لیے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

    واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

    یونس خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، انگلینڈ کے مشکل دورے میں ملک کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ یونس خان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔