Tag: Yousuf Raza Gelani

  • سینیٹ الیکشن : یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر حکومت کا بڑا اعلان

    سینیٹ الیکشن : یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر حکومت کا بڑا اعلان

    اسلام  آباد : سینیٹ الیکشن میں قومی اسمبلی سے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے بعد حکومت نے ان کی جیت کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے نتیجے کو چیلنج کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیرحتمی طور پر7 ووٹ مسترد ہوئے5ووٹ کا فرق ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یوسف رضا گیلانی کو169ووٹ جبکہ حفیظ شیخ کو164ووٹ ملے، قومی اسمبلی سے مجموعی 340ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے7مسترد ہو ئے۔

    شہباز گل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد 13 ووٹوں سے جیت گئی ہیں۔ ایک ہی بیلٹ پیپر پر لوگوں نے پیسے سے ووٹ بیچا۔ خان سچا ثابت ہوا۔ ایک بار پھر الیکشن میں ووٹ فروخت ہوا-

    انہوں نے کہا کہ ویڈیو کے آنے کے بعد یہ کلئیر ہو گیا تھا کہ گیلانی ٹبر ووٹ خرید رہا تھا۔ اگلی باری الیکشن کی بجائے ضمیروں کی نیلامی کروا لیا کریں۔

    اس سے قبل سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کے پولنگ ‏ایجنٹ نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جسے ریٹرننگ افسر نے منظور کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کروائی، جس میں یوسف رضا گیلانی نے پانچ ووٹوں کی برتری حاصل کی۔

    قومی اسمبلی میں7 ووٹ گنتی کے بعد الگ کر دیئے گئے تھے بعد ازاں ان ووٹوں کو ضائع ‏قرار دے دیا گیا۔

  • یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے پیپلز پارٹی چھوڑ سکتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے پیپلز پارٹی چھوڑ سکتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    ملتان : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گیلانی صاحب کے صاحبزادے پیپلز پارٹی چھوڑ سکتے ہیں، اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی اور اتحادیوں کی حکومت ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے پھسل جاتے ہیں۔

    بلاول بھٹو کو کہوں گا کہ گیلانی صاحب کے صاحبزادوں کو قابو میں رکھیں کیونکہ اطلاع ملی ہے کہ گیلانی صاحب کے صاحبزادے پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ سکتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ن لیگ میں چلے جانا چاہئے۔

    ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پی، پنجاب اور بلوچستان سے مکمل طور پر فارغ ہوچکی ہے، پی پی صرف اندرون سندھ میں ہی محدود ہوکر رہ گئی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کی حکومت قائم ہوگی، سندھ کے لوگوں میں شعورآرہا ہے اب جلد تبدیلی بھی دیکھیں گے۔

    پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 ملتان کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ ناکام ثابت ہوا ہے، ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا۔

    ملک واصف راں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج چوروں کی چوری پکڑی گئی ہے۔ ضمنی الیکشن میں واصف راں نے ساڑھے سات ہزار ووٹ کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی، نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

  • نوازشریف نے استعفے پرمشورہ مانگا تو ضروردیں گے، یوسف رضا گیلانی

    نوازشریف نے استعفے پرمشورہ مانگا تو ضروردیں گے، یوسف رضا گیلانی

    کراچی : سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نواز شریف پر سنگین الزامات ہیں اگر وہ مشورہ مانگیں گے تو دیں گے ورنہ نہیں،میں نہیں چاہتا جو کچھ میرے ساتھ ہوا وہ سب کے ساتھ ہو۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پی ایس 114 کے امیدوار سعید غنی کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تصادم کی فضا نہیں ہونی چاہئے، اداروں میں تصادم ہوا تو کچھ نہیں بچے گا، ہمیں اداروں کی بقاء کا خیال کرنا چاہئے۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے معاملات میں نہیں پڑنا چاہتا، فیصلہ آنےدیں، پاناما کیس پر میرا مؤقف پارٹی کے موقف سے الگ نہیں، اس حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے واضح پیغام دے دیا ہے،پارٹی پالیسی کے ساتھ ہیں،۔

    وزیراعظم کے استعفیٰ سے متعلق انہوں نے کہا کہ نوازشریف مشورہ مانگیں تو دیں گے ورنہ چپ رہیں گے، میں نے اپنے کیس میں اپیل کی اور نہ لڑائی کی، کیونکہ آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایاتھا اس لئے خط نہیں لکھا، اپنے خلاف آنے والے عدالت کے فیصلے کو من و عن قبول کیا۔

    یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ناراض نہیں، وہ حالات کے مطابق سیاست کر رہےہیں، پیپلزپارٹی اس وقت سب سے زیادہ متحرک ہے، آصف زرداری ملک میں نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا پالیسی میں عمل دخل نہیں۔

  • پاکستان فوجی حکومت کا متحمل نہیں ہوسکتا، یوسف رضا گیلانی،خصوصی انٹرویو

    پاکستان فوجی حکومت کا متحمل نہیں ہوسکتا، یوسف رضا گیلانی،خصوصی انٹرویو

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اب کسی فوجی حکومت کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم نے ہمیشہ انفرادیت کے بجائے آئین کی حمایت کی اور پارلیمنٹ کومضبوط کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں شرکت کے دوران میزبان ارشد شریف سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں کبھی پریشان نہیں ہوا، اپنے دور میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے آئین کی شکل ہی بگاڑ دی ہے۔ ہم نے اپنے دور میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام معاملات کو آئین کے مطابق چلانے کی کوشش کی۔ بدقسمتی سے وزیراعظم نواز شریف نے ایسا نہیں کیا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہر دور میں احتساب ہوتا رہا ہے۔ ہمارے دور میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کامیاب رہے۔

    یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے خلاف کیسز پندرہ سال بعد اب پبلک اکاونٹس کمیٹی کے پاس بھیجے گئے ہیں۔ میں ان کیسز میں باعزت بری ہو چکا ہوں۔ اس بات سے اس ملک کا قانون آپ دیکھ سکتے ہیں۔

    اپنی سزا کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے مجھے سزا دی گئی بعد میں معاملہ اے پی سی میں آیا، ہمارے دور میں دہشت گردوں کیخلاف ملٹری آپریشن کامیاب رہا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس پر پی پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا موقف ایک ہی ہے، ہم متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلیں گے، اگر ٹی او آرز پر تمام جماعتیں متفق ہیں تو ضرور بننے چاہئیں، پی پی کا احتساب تو ہمارے دور میں بھی ہورہا تھا، سب کا احتساب ہونا چاہئیے۔

    دریں اثناء انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں علی حیدرگیلانی کی بازیابی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔