Tag: youth

  • سیلفی کا جنون 20 سالہ نوجوان کی جان لے گیا

    سیلفی کا جنون 20 سالہ نوجوان کی جان لے گیا

    سیلفی کے شوق نے اب تک دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی جان لے لی ہے، کچھ لوگ سیلفی لینے کے دوران خطرناک حد تک لاپروائی کا مظاہرہ کرکے اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ بھارت کے شہر ممبئی کے نوجوان کے ساتھ پیش آیا ہے جہاں وہ دوستوں سے ساتھ سیلفی لینے کے دوران سمندر میں گر کر ہلاک ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے جوہو جیٹی کا رہائشی 20 سالہ نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ سمندر کنارے سیر کے لیے آیا تھا کہ اس دوران دوستوں کے ساتھ تصویریں کھینچتے ہوئے سمندر میں گر کر ہلاک ہو گیا۔

    بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے نوجوان کی شناخت انیل ارجن کے نام سے ہوئی ہے، وہ ہفتے کی شام اپنے دوستوں کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے اچانک توازن کھو بیٹھا اور سمندر میں جا گرا تھا۔

    جس کے بعد موقع پر موجود لائف گارڈز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو پانی سے باہر نکالا اور اسے فوری طور پر قریشی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔

    پولیس نے بتایا کہ نوجوان کی فیملی نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کرنے سے انکار کیا ہے۔

    اس سے قبل کیریبین میں پیش آئے افسوسناک واقعے میں 55 سالہ کینیڈین خاتون شارک کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش میں اپنے دونوں ہاتھ گنوا بیٹھیں، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ ترک اور کیکوس جزائر کے درمیان تھامسن کوو بیچ کے پانی میں موجود تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/egypt-incident-four-drown-nile-river/

  • وزیرستان کا نوجوان نظام الدین کالعدم ٹی ٹی پی کے چنگل میں پھنس گیا

    وزیرستان کا نوجوان نظام الدین کالعدم ٹی ٹی پی کے چنگل میں پھنس گیا

    وزیرستان کا نوجوان نظام الدین کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے چنگل میں پھنس گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گرد نظام الدین کو17 اگست 2023 کو پاک فوج پر خودکش حملے کیلئے استعمال کیا گیا، جس کے بعد دہشت گرد کے بھائی اور والد کو ڈیپورٹ کردیا گیا۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ خودکش بمبار نظام الدین کے والد کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ہماری نسلیں تباہ کررہے ہیں۔

    نظام الدین کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے کی غلطی سے خاندان کا روزگار چھن چکا، رشتے ناطے، تعلق ٹوٹ گئے، بیٹے کو افغانستان لے جایا گیا جہاں اسے غلط تربیت دی گئی۔

    نظام الدین کے بھائی نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے بھائی کو پیسے کا لالچ دے کر ورغلایا، کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے نظام الدین کو نشے کے انجکشن لگائے۔

  • آزاد وہ ہے جس کی روح انمول ہے: وزیر اعظم کا نوجوانوں کے نام پیغام

    آزاد وہ ہے جس کی روح انمول ہے: وزیر اعظم کا نوجوانوں کے نام پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد اور لبرل انسان وہ ہے جس کی روح کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، آزاد وہ ہے جو مادی قیمت سے بالاتر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزاد اور لبرل انسان وہ ہے جس کی روح کی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔ آزاد وہ ہے جو مادی قیمت سے بالاتر ہے۔

    وزیر اعظم نے شاعر اور اسکالر رومی کا ایک قول ٹویٹ کیا اور اسے نوجوانوں کے لیے اپنا پیغام قرار دیا۔

    رومی کے اس قول میں پیغام ہے کہ اپنی روح کسی قیمت پر فروخت مت کرو، یہ واحد چیز ہے جو تم اس دنیا میں اپنے ساتھ لائے ہو اور یہی چیز ساتھ لے کر جاؤ گے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور آج کل قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر قوم کے نام اس طرح کے حوصلہ افزا پیغامات جاری کرتے رہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں وہ اسلامی تعلیمات پر مبنی کتب پڑھنے اور ڈرامے دیکھنے کی بھی ترغیب دیتے رہتے ہیں۔

  • نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے: عثمان بزدار

    نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، آبادی کے اس بڑے حصے کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات میں ہے، پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ذہانت سے مالا مال ہیں، نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے۔

    خیال رہے کہ موجودہ صوبائی و وفاقی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے کئی اقدامات کیے جارہے ہیِں۔ وفاقی حکومت کی انہی کوششوں کی وجہ سے پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی یوتھ کونسل کا مستقل رکن بن چکا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا کامیاب جوان پروگرام اور یوتھ کونسل کا قیام درست فیصلہ تھا۔ نوجوان اب ایس سی او کی یوتھ کونسل اجلاس میں شریک ہو سکیں گے اور اسکل ڈویلپمنٹ کے پروگرامز میں نوجوانوں کی شرکت ممکن ہوسکے گی۔

  • خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کے لیے اپنا کاروبار شروع کرنے کا سنہرا موقع

    خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کے لیے اپنا کاروبار شروع کرنے کا سنہرا موقع

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے وزیر برائے سیاحت ویوتھ افیئرز عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر برائے سیاحت ویوتھ افیئرز عاطف خان نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تین ارب روپے 7 قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو جبکہ 2 ارب روپے صوبے کے دیگر ضلعوں میں نوجوانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں ان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا جائے گا، قبائلی اضلاع گزشتہ کئی دہائیوں سے پسماندہ رہ چکے ہیں لیکن اب انکی پسماندگی دور کی جائے گی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

    انہوں نے محکمہ یوتھ افئیرز کو ہدایت جاری کی کہ صوبے کے نوجوانوں کے لئے تمام سکیموں پر کام تیز کیا جائے۔

    اجلاس میں سیکرٹری یوتھ افئیرز کامران رحمان، ڈائریکٹر یوتھ افئیرز بحزاد عادل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، اس موقع پر سینئر وزیر کو نوجوانوں کے لئے مختلف سکیموں پر بریفنگ دی گئی۔

  • وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی: چیئرمین نیب

    وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی: چیئرمین نیب

    اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے یتیم بچوں کی کفالت کے ادارے پاکستان سویٹ ہوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے ملک کا نام روشن کریں گے، بچے اگرنیب کا دورہ کرنا چاہیں، تو ہمارےدروازے کھلے ہے.

    چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ یہاں بچوں کو دیکھ کر خوشی ہے، وہ محفوظ ہاتھوں میں‌ ہیں، قوم کی امیدیں بچوں اور نوجوان نسل سے وابستہ ہیں.

    مزید پڑھیں: نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے ، چیئرمین نیب

    ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ لوگ محنت کریں گے، تو وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی.

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میری دعاہے، ریاست مدینہ کا تصور اپنانے کاعمل کامیاب ہو، حکمرانی میں ریاست مدینہ کا تصورخوش آئند ہے، دعاہے  کہ یہ نظام آئے، کامیاب ہو، ملک ترقی کرے.

    خیال رہے کہ  26 جولائی 2019 کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ کرپشن فری پاکستان بنانے کے لیے میگا وائٹ کالر کرائمز کو انجام تک پہنچائیں گے.

  • شارع فیصل اور مختلف شاہراہوں پر نوجوانوں کی بدمعاشیاں

    شارع فیصل اور مختلف شاہراہوں پر نوجوانوں کی بدمعاشیاں

    کراچی : عید کے موقع پر اوباش نوجوانوں نے شارع فیصل اور مختلف شاہراہوں پر بدمعاشیاں شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے سی ویو، شاہراہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں اوباش نوجوانوں نے فیملز اور خواتین کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی بدتمیزیوں سے سی ویو سمیت دیگر تفریحی مقامات پر جانے والی فیملیز بھی تنگ آگئیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نے بتایا کہ شارع فیصل پر خاتون کو چھیڑنے والے تین موٹر سائیکل سواروں کی فیملز سے تلخ کلامی بھی ہوئی، ہر سڑک پر اسی طرح کے نوجوان نظر آرہے ہیں جو فیملیز کو تنگ کررہے ہیں۔

    ایس ایس پی اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ایسے نوجوانوں کو گھرمیں تربیت ہی ایسی دی جاتی ہے، فیملیز کے ساتھ بدتمیزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے

    ایس ایس پی اظفر مہیسر کا مزید کہنا تھا کہ اوباش نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے تو پتہ چل جائے گا کہ حوالات بھرگئے ہیں۔

  • نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں: آرمی چیف

    نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے امریکی کارنل یونیورسٹی کے طلبہ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا.

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہرشعبے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے، پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور پرعزم ہیں.

    مزید پڑھیں: آرمی چیف سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نوجوانوں کی بہادری سے کامیابیاں ملیں، نوجوان ترقی میں بھرپورکردار ادا کر رہے ہیں.

    [bs-quote quote=”ہرشعبے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے، پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور پرعزم ہیں” style=”style-8″ align=”left” author_name=”آرمی چیف”][/bs-quote]

    اس موقع پر آرمی چیف نے امن کے سفرمیں پاکستان کے تجربات پرتفصیلی روشنی ڈالی.

    آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی طلبہ نے لاہور، ہنزہ، پارلیمنٹ اور اسلام آباد کا دورہ کیا.

    امریکی طلبہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت اورپرامن ملک ہے، یہاں سے حسین یادیں لے کر جا رہے ہیں، امریکا میں پاکستان کی حقیقی تصویرکی عکاسی کریں گے.

  • اقوام متحدہ کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان

    اقوام متحدہ کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستانی نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے مشن پر اقوام متحدہ بھی پاکستان سے تعاون کو تیار ہے، اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کے لیے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور اقوام متحدہ حکام کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    ملاقات میں پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اقوام متحدہ حکام کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے لیے 30 ملین ڈالر مختص کردیے گئے۔ منصوبے کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے گا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لیے کام کریں گے، حکومتی سطح پر نوجوانوں کی سرپرستی بہتر اقدام ہے۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے عثمان ڈار کو پروگرام کا کو چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فنڈز فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کے شکر گزار ہیں، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے۔ چاہتے ہیں نوجوانوں کو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے مسائل کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرلی، متعدد منصوبوں کا فریم ورک مکمل ہے جلد لانچنگ ہوگی۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ دن رات محنت کر رہے ہیں، نوجوانوں کو کامیاب بنانا اصل ہدف ہے۔ تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ ’دیگر ممالک سے بھی رابطے میں ہوں، نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے‘۔

    اس سے قبل وفاقی حکومت نے یوتھ ٹریننگ اسکیم کے لیے وظیفہ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کابینہ سے منظوری کی صورت میں ہر نوجوان کے بقایا جات ادا کریں گے۔

  • وزیر اعظم آفس میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس

    وزیر اعظم آفس میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی منصوبہ بندی کے تحت معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کی کوششیں رنگ لے آئیں، نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق پہلا اجلاس آج منعقد ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس شروع ہوگیا جس کے لیے 8 سال بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک میز پر آگئیں۔

    اجلاس کے لیے پہلی مرتبہ چاروں صوبوں کے یوتھ منسٹرز، مشیر اور سیکریٹریز اکٹھے ہوگئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیکریٹریز برائے یوتھ افیئرز بھی شریک ہیں۔

    اجلاس میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا جارہا ہے جبکہ نیشنل یوتھ کونسل اور ڈویلپمنٹ فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال جاری ہے۔ اجلاس میں صوبائی حکومتوں نے وفاق کے ساتھ مل کر پالیسی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں ان کا مستقبل محفوظ بنائیں گے، روزگار کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی کرلی گئی۔ نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ ختم کر رہے ہیں۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر برائے سیاحت و ثقافت عاطف خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی سنجیدگی قابل تعریف ہے۔ پہلی بار پختونخواہ کے نوجوانوں کو وفاقی سطح پر اونر شپ ملے گی۔

    خیال رہے کہ عثمان ڈار کو اکتوبر میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا، بعد ازاں انہیں وزیر اعظم عمران خان نے اپنا معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز مقرر کیا تھا۔

    وزیر اعظم نے نوجوانوں کے لیے قومی پالیسی لانے کا فیصلہ بھی کیا تھا، پالیسی کی تیاری کا ٹاسک عثمان ڈار کے سپرد ہے۔