Tag: YouTubers

  • اداکار فردوس جمال کے بیٹے نے یوٹیوبر کو آخری وارننگ دیدی

    اداکار فردوس جمال کے بیٹے نے یوٹیوبر کو آخری وارننگ دیدی

    سینیئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے بازل فردوس نے اپنے خاندان کو بدنام کرنے پر یوٹیوبرز کو آخری وارننگ دیدی ہے۔

    گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فردوس جمال کی اہلیہ نے خلع کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے اور فردوس جمال اہلیہ اور بیٹوں سے جھگڑے کے باعث اپنے خاندان سے دور الگ رہ رہے ہیں جس کے باعث وہ کئی دنوں تک خبروں میں رہے اس دوران انہوں نے یوٹیوبرز کو انٹرویوز بھی دیے۔

    اب فردوس جمال کے بیٹے بازل فردوس نے ایک پیغام کے ذریعے اپنے خاندان کو بدنام کرنے پر یوٹیوبر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے درخواست کی کہ وہ اپنی خبروں میں خاندان کی تصاویر کا استعمال کرنا بند کریں۔

    بازل فردوس نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت سی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جس میں میری والدہ، بہنوں اور اہلیہ کو ڈسکس کیا جا رہا ہے یہ سب دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے۔

     اداکار کے بیٹے نے کہا کہ میں ان تمام یو ٹیوبرز کو آخری وارننگ دے رہا ہوں جو ویووز حاصل کرنے کے لیے ویڈیوز بنا رہے ہیں وہ ایسا کرنا بند کر دیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا تعلق ایک پٹھان فیملی سے ہے اور ہم اپنی عورتوں کو سوشل میڈیا پر نہیں لے کر آتے میرے خاندان کی خواتین کو میڈیا میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

    فردوس جمال نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

    اداکار کے بیٹے کا کہنا تھا کہ اگر یوٹیوبرز نے یہ سلسلہ بند نہیں کیا تو میں سب کے خلاف ایف آئی آر کٹواؤگا، اور میری عوام سے بھی درخواست ہے کہ کوئی بھی بات سن کر اس پر رائے قائم نہ کریں۔

    واضح رہے کہ فردوس جمال نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے بچوں کو بیرون ملک تعلیم دی، گھر بنایا، انہیں گاڑیاں لے کر دیں لیکن آج میرے پاس کوئی گاڑی، کوئی گھر نہیں ہےکیوں کہ میں  نے اپنا سب کچھ ان کو دے دیا۔

  • عمران سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں، آرمی چیف تعیناتی پر مشاورت نہیں کروں گا: وزیر اعظم کی یوٹیوبرز سے گفتگو

    عمران سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں، آرمی چیف تعیناتی پر مشاورت نہیں کروں گا: وزیر اعظم کی یوٹیوبرز سے گفتگو

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ عمران نیازی سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک کے معروف یوٹیوبرز سے گفتگو کی، جس میں انھوں نے بتایا کہ ان تک ایک ماہ قبل عمران خان کا پیغام پہنچانے والے شخص ان (شہباز شریف) کے ایک جاننے والے بزنس مین ہیں، جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا بقول بزنس مین عمران خان دھمکیاں بھی دے رہے تھے اور ڈائیلاگ کی بات بھی کر رہے تھے، میں نے اس شخص سے پوچھا کن ایشوز پر بات کرنے آئے ہیں، اس نے کہا عمران نیازی ایک آرمی چیف کی تقرری اور دوسرا الیکشن کی تاریخ پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا میرا سوال ہے کہ جب عمران نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی تھیں تو کیا مجھ سے مشورہ کیا تھا؟ آرمی چیف کی تقرری کا اختیار آئین نے وزیر اعظم کو دیا ہے، میں نے کہا عمران نیازی کو پیغام دے دیں میں ڈائیلاگ کے لیے تیار ہوں، مگر جہاں تک آرمی چیف کی تقرری کی بات ہے اس پر مشاورت نہیں کروں گا، اللہ کرے پاکستان کے بہترین مفاد میں آرمی چیف تعینات کر سکوں۔

    وزیر اعظم نے کہا عمران نیازی اس ادارے کے خلاف زہر اگلتا ہے جس نے اسے پالا پوسا، اس ادارے نے تمام بیریئر ایک طرف کر دیے اور مکمل سپورٹ کی، اس ادارے نے اس شخص کو کہاں کہاں سے پیسے لا کر نہیں دیے، بیرون ملک سے بھی پیسے لے کر دیے، اگر اتنی یا اس کی 20 فی صد بھی سپورٹ ہمیں ملی ہوتی تو ملک راکٹ کی طرح اوپر جا رہا ہوتا۔

    انھوں نے کہا پی ٹی آئی والوں نے سوشل میڈیا پر فوج کی تضحیک کی، دشمن بھی اس طرح کی باتیں نہیں کرتا، کل بھارت نے پاکستان کا مذاق اڑایا کہ عمران نے تو ڈی جی آئی ایس آئی کا مذاق بنا دیا، آج ہندوستان عمران نیازی کے بیان پر بغلیں بجا رہا ہے، ڈی جی آئی ایس آئی نے مجھ سے اجازت لے کر پریس کانفرنس کی، وہ ان واقعات کا شاہد نہیں جو میں ہوں۔

    شہباز شریف نے کہا میں چین جا رہا ہوں تو یہ دوبارہ بدقسمتی سے دھرنوں اور لانگ مارچ پر اتر آئے ہیں، اس سے پہلے چین کے صدر نے پاکستان آنا تھا تو بھی اس نے دھرنا دیا تھا، چین کے سفیر نے درخواست کی تھی آپ 3 دن کے لیے اٹھ جائیں، لیکن انھوں نے کہا ہم نہیں اٹھیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا اب میں بھی سوشل میڈیا استعمال کرنے لگا ہوں، ہم سوشل میڈیا میں پیچھے ہیں، لیکن اس میں اب ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا ملک میں 6 ماہ سے چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں، سولر انرجی کے ذریعے ملک میں بجلی کا بحران ختم کریں گے، کسان کے لیے زرعی پیکج تیار ہے، ایک دو دن میں اعلان کریں گے، نوجوانوں کے لیے بھی پروگرام لا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا پڑوسی ملک بھارت سے بات کرنے کے لیے تیار ہوں اگر وہ کشمیریوں پر مظالم بند کرے، بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، یہ لڑائی جنگ کا زمانہ نہیں، بھارت سے کہتا ہوں آئیں میز پر بیٹھیں، سعودی عرب کو بھی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔

  • اب کمپنی یوٹیوبرز سے بھی ٹیکس لے گی

    اب کمپنی یوٹیوبرز سے بھی ٹیکس لے گی

     کیلیفورنیا : امریکی آن لائن ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یو ٹیوب نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب یوٹیوبرز سے ٹیکس وصول کرے گی تاہم اس میں وہ یو ٹیوبرز شامل نہیں جن کا تعلق امریکا سے ہے۔

    انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کے ماتحت ادارے و ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے غیر امریکی یوٹیوبرز پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے ای میل کے ذریعے یوٹیوبرز کو آگاہ کر دیا ہے کہ اس نئی ٹیکس پالیسی کا اطلاق جون 2021 سے ہوگا۔

    یویٹوب انتطامیہ نے کریئٹرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس کی تفصیلات ایڈسینس میں اپڈیٹ کریں تاکہ ٹیکس کی کٹوتی کے صحیح مقدار کا تعین کیا جاسکے۔

    رپورٹ کے مطابق اس تبدیلی کا اطلاق امریکہ میں رہائش پذیر یوٹیوبرز کے علاوہ دنیا بھر کے یوٹیوبرز پر ہوگا۔

    اس ضمن میں یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گوگل کی ذمہ داری ہے کہ وہ امریکی قانون کے تحت ٹیکس سے متعلق معلومات اکٹھا کرے۔

    گوگل کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی کریئٹر 31 مئی تک معلومات فراہم نہیں کرے گا تو اس کی آمدنی کا 24 فیصد حصہ کاٹ لیا جائے گا۔