Tag: yuhanaabad blast

  • لاہور: یوحنا آباد چرچ دھماکوں کا ایک اورملزم گرفتار

    لاہور: یوحنا آباد چرچ دھماکوں کا ایک اورملزم گرفتار

    لاہور : یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث دوسرے ملزم کو آؤٹ فال روڈ سے گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور کے علاقہ آؤٹ فال روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق پہلے سے حراست میں لئے گئے ملزم عابد بیگ معاویہ کی نشاندہی پر آؤٹ فال روڈ پر روڈ پر چھاپہ مارا گیا جس میں دوسرے ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    سیکیورٹی اداروں نے ملزم کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ اس سے قبل حساس ادارے نے بھٹہ چوک میں کارروائی کر کے سانحہ یوحنا آباد کے ملزم عابد بیگ معاویہ کو حراست میں لیا تھا۔

    عابد بیگ معاویہ ڈی جی خان کا رہائشی ہے اور اس پر خودکش حملہ آووروں کو سہولت فراہم کرنے کا شبہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر بھی ہے۔

    واضح رہے کہ لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں چرچز پر خود کش حملوں کے بعد مشتعل مظاہرین نے 2 بے گناہ افراد کو زندہ جلادیا تھا جبکہ نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔

  • لاہور: بلوائیوں کوکچلنےوالی خاتون کی ویڈیو منظرعام پرآگئی

    لاہور: بلوائیوں کوکچلنےوالی خاتون کی ویڈیو منظرعام پرآگئی

    لاہور: یوحنا آباد میں ہنگامہ آرائی کرنےوالوں کوکچلنےوالی خاتون کی ویڈیو سامنےآگئی، احتجاج کے دوران کار کی ٹکر سے زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا ،کار کی ٹکر سے مارے گئے افراد کی تعداد تین ہوگئی۔

    ویڈیو کے مطابق پولیس نےبڑی مشکل سے خاتون کو بلوائیوں کےچنگل سےبچایا۔ ورنہ شایدوہ اس کا بھی وہی حشرکرتےجواس کی گاڑی کا کیا۔درجنوں بلوائیوں نےایک گاڑی کوگھیررکھاتھا،وہ اس پرلاٹھیاں اورڈنڈے برسارہےتھے۔

    اسکول ٹیچرمریم صفدراس وقت فیروزپورروڈ پرپھنس گئی تھیں ، بلوائیوں سے بچنےکے لئےانہوں نےگاڑی ریورس کی توکچھ لوگ زخمی ہوگئے جن میں سے بعد میں  دو زخمی دم توڑگئے۔

    پولیس نےمریم کوحراست میں لے لیا جنہوں نےبیان دیا کہ بلوائیوں نےان سےدست درازی کی کوشش بھی کی تھی،وہ جان بچانےکےلیےبھاگیں توحادثہ پیش آگیا۔

    علاوہ ازیں یوحنا آباد میں احتجاج کے دوران کار کی ٹکر سے زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا کار کی ٹکر سے مارے گئے افراد کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

    حادثے کا تیسرا زخمی بیس سالہ تنویر بھی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا جس کے بعد کار کی زد میں آکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہوگئی۔

  • دو انسانوں کو زندہ جلانا جمہوریت اورعدالیہ کی تضحیک ہے، چوہدری نثار

    دو انسانوں کو زندہ جلانا جمہوریت اورعدالیہ کی تضحیک ہے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ سانحہ لاہور کے ردِ عمل کو نظر انداز نہیں کر سکتے، دو افراد کو زندہ جلانا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا بدترین دہشتگردی ہے۔

    یوحنا آباد کے گرجا گھروں میں خونی حادثہ اور بد ترین ردعمل نے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کو بھی جھنجوڑ ڈالا، وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے یوحنا آباد واقعے کی مذمت کی اور بتایا کہ واقعے میں صرف مسیحی نہیں مسلمان بھی جان سے گئے۔

    انھوں نے بتایا کہ لاہور چرچ حملوں میں اکیس افراد کی موت ہوئی، سات مسلمان اور چودہ عیسائی جاں بحق ہوئے جبکہ اکہتر افراد زخمی ہوئے، انھوں نے کہا کہ لاہور واقعہ کے ردعمل میں جو کچھ ہو ا اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا دو انسانو ں کو زندہ جلانے سے عالمی دنیا میں پاکستان کا کیا تاثر گیا ہے۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ گرجا گھروں پر حملہ درندگی ہے مگر اس کا ردعمل بھی بد ترین دہشتگردی سے کم نہیں، دہشتگردی کے واقعات پر اس طرح کا رد عمل افسوسناک ہے۔

    چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ امام بارگاہوں ، مساجد اور سکولوں پر حملے ہوئے مگر ایسا ردعمل نہیں آیا۔

    وزیرِ داخلہ نے سیکیورٹی خامیوں پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں لاکھوں عبادت گاہیں ہیں ہر جگہ دو تین اہلکار بھی کھڑے کریں تو باقی ملک کون دیکھے گا۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ سانحہ یوحنا آباد کے بعد دو انسانوں کو زندہ جلانے سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کرنے والوں کیخلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائیگی، کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ پوری قوم گزشتہ 14 سال سے حالات جنگ میں ہے، ایک طرف دہشتگرد ہمارے گھروں کو آگ لگا رہے ہیں اور پھر ہمارے اپنے ہی لوگ ان کا ایجنڈے آگے بڑھائیں تو اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گرد چاہتے ہیں عوام کو خوفزدہ کیا جائے لیکن ہمیں ان کا مقابلہ کرنا ہے، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جاچکا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے آسان اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔

    وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ چوہدی نثار علی خان نے کہا کہ سکیورٹی ادارے سانحہ شکار پور کے نیٹ ورک تک پہنچ چکے ہیں جنھیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا جبکہ دو ملزمان پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں، سندھ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں میں تعاون بہترہوا ہے، چوہدری نثار پولیس،انٹیلی جنس اداروں کے مربوط رابطے سے کامیابی ملی۔

    ان کا کہنا تھا کہ شفقت حسین کی پھانسی کے معاملے پرسیاست نہ کی جائے، انسدادِ دہشت گردی عدالت نے مجرم کو پھانسی کی سزا سنائی جب کہ دیگر عدالتوں نے بھی مجرم کو تمام قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد سزا برقرار رکھی تاہم اس پرسیاست سمجھ  میں نہیں آتی۔

    چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ مجرم کے کم عمر ہونے کے حوالے سے سوشل میڈیا بہت متحرک ہے جبکہ سیاسی بیانات بھی آرہے ہیں، انھوں نے ایوان کو بتایاکہ جیل کے ریکارڈ کے مطابق شفقت حسین کی عمر25 سال ہے حکومت نے سفارش کی تھی کہ مجرم کی عمر کے تعین کیلئے اس کا ڈی این اے کروایا جائے تاہم سندھ حکومت کی جانب سے یہ مراسلہ ملا کہ ڈی این اے عدالتی فیصلوں کے خلاف ہوگا۔

    انھوں نے کہاکہ اب بھی اگر کوئی عمر کے حوالے ریکارڈ سامنے آتا ہے تو اس معاملے کو دیکھنے کیلئے تیار ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مجرم سے جو سات سال کا بچہ قتل ہوا اس کے لواحقین کے بھی کچھ حقوق ہیں، پیپلزپارٹی دورمیں شفقت حسین کی رحم کی اپیل مسترد ہوئی تھی۔

  • لاہور:سانحہ یوحنا آباد میں جلائے گئے نعیم کے قتل کا مقدمہ درج

    لاہور:سانحہ یوحنا آباد میں جلائے گئے نعیم کے قتل کا مقدمہ درج

    لاہور: سانحہ یوحنا آباد مین جلائے گئے نعیم کے قتل کا مقدمہ اسکے بھائی سلیم کی مدعیت میں تھانہ نشتر ٹاون میں درج کر لیا گیا ہے، یوحنا آباد میں دھماکے کے بعد مظاہرین نے بربریت کی مثالیں قائم کردیں۔

    سانحہ یوحنا آباد مین جلائے گئے نعیم کے قتل کا مقدمہ اسکے بھائی سلیم کی مدعیت میں تھانہ نشتر ٹاون میں درج ہوگیا، مقدمہ نمبر تین سو تیرانوے بٹا پندرہ میں قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔

    قصور کا حافظ نعیم ایلومونیم کی کھڑکیاں لگاتا تھا، نعیم کے دوست کا کہنا ہے کہ کام کی غرض سے نعیم یوحنا آباد گیا تھا کہ وہاں دھماکہ ہوا اور بعد میں مشتعل لوگوں نے اسے زندہ جلا ڈالا، حافظ نعیم چیختا رہا کہ وہ دہشتگرد نہیں،پتھر دل لوگ اسے پٹتا اور جلتا دیکھ کر موبائل پر تصویریں بناتے رہے۔

    نعیم کیساتھ ایک اور شخص یوحنا آباد دھماکے کے بعد مظاہرین کا نشانہ بنا، دوانسان جل رہے تھےاور لوگ موبائل پر تصویریں بنا رہےتھے، اس پربھی بس نہ کی لاشوں کوبھی گھسیٹتے فیروز پور روڈ پرلائے اور نعیم کی لاش کو میٹروبس کے جنگلے سے لٹکا دیا۔

  • یوحنا آباد خود کش حملے اور محمد نعیم کو جلائے جانے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی

    یوحنا آباد خود کش حملے اور محمد نعیم کو جلائے جانے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی

    یوحنا آباد : لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں خود کش حملے کے فوری بعد کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے جبکہ دوسری فوٹیج میں محمد نعیم کو جلاتے دکھایا گیا ہے۔

    لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں خود کش حملوں کے فوری بعد اور محمد نعیم کو جلائے جانے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، ،پہلی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہر طرف لاشیں اور زخمی بکھرے پڑے ہیں ، زخمیوں اور بچ جانے والوں کی آہ و بکا نے قیامت صغری ٰکا منظر برپا کر رکھا ہے۔

    حکومت پنجاب نے یوحنا آباد دھماکوں کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے ، یوحنا آباد میں مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں محمد نعیم کے جلا نے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، جس میں دیکھا گیا کہ محمد نعیم کو مشتعل مظاہرین زندہ جلا رہے تھے تو اس کے کپڑوں سے شناختی کارڈ بر آمد ہوا ۔

    محمد نعیم قصور کے گاؤں شیر کوٹ کا رہائشی تھا، محمد نعیم کی فیروز پور روڈ پر شیشے کی دکان تھی۔

    دوسری جانب گوجرانوالہ میں یوحناآباد واقعہ کے خلاف احتجاج کے دوران لوٹ مار کرنے والے ایک سو اسی افراد کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا گیا ،مقدمہ میں چالیس افراد نامزد جبکہ ایک سوچالیس نا معلوم افراد شامل ہیں۔

  • سانحہ یوحنا آباد، مرنے والوں کی آخری رسومات آج

    سانحہ یوحنا آباد، مرنے والوں کی آخری رسومات آج

    یوحنا آباد: سانحہ یوحنا آباد میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کے موقع پر یوحنا آباد کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے تاکہ اس موقع پر کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔

    سانحہ میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کی مذہبی رسومات صبح گیارہ بجے ادا کی جائیں گی، سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے فیروزپور روڈ یوحنا آباد اور اسکے اطراف میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔

    پنجاب حکومت نے دھماکوں کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، جو اپنی ابتدائی رپورٹ 48گھنٹوں میں پنجاب حکومت کو پیش کرے گی۔

    یوحنا آباد میں دو چرچوں میں خودکش دھماکوں کے مزید دو زخمی گزشتہ روز ہلاک ہو گئے اور ہلاکتوں کی تعداد 17ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز جنرل ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہونے والوں میں خوشی مسیح اور برکت مسیح شامل ہیں۔

    گزشتہ روز بھی لاہور کے یوحنا آباد میں 2 گرجا گھروں پرخودکش حملوں کیخلاف بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا اور کئی شہروں میں مسیحی برادری نے مظاہرے کئے اور جلوس نکالے اور کئی مقامات پر ٹائرجلاکر سڑکیں بلاک کردیں

  • لاہور: محمد نعیم دہشت گرد نہیں تھا، قاتلوں کو گرفتارکیا جائے، بھائی

    لاہور: محمد نعیم دہشت گرد نہیں تھا، قاتلوں کو گرفتارکیا جائے، بھائی

    لاہور :  یوحنا آباد میں دہشت گرد قراردے کر زندہ جلائے جانے والے مقتول محمد نعیم کے بھائی نے تھانے میں درخواست دے دی ۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ لاہور کے بعد  مشتعل ہجوم کی جانب سے دہشت گرد قرار دے کر زندہ جلائے جانے والے محمد نعیم کے بھائی محمد سلیم نے  نشتر تھانے میں درخواست جمع کرادی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیاگیا ہے کہ محمد نعیم دکاندار تھا،اور اس کا دہشت گردوں سے کوئی  تعلق نہیں ،اس کے قتل میں ملوث عناصر کیخلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    محمد نعیم کےپڑوسی کا کہنا ہے کہ حافظ قرآن کو باریشں ہونے کی سزاد ی گئی۔ دوسری جانب مقتول محمد نعیم کے دوست کا کہنا ہے کہ یوحنا آباد میں ظلم کی تاریخ رقم کی گئی۔

    محمد نعیم کے دوست رانا محمد عباس نے سانحہ یوحنا آباد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شرپسندوں کی طرف سے حملوں کو روکنے میں ناکامی کا ذمہ دار حکومت کو قراردیا۔

     پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے بعد ذمہ داران کیخلاف  ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا۔

  • لاہور: گرجا گھروں میں خودکش دھماکوں کے2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج

    لاہور: گرجا گھروں میں خودکش دھماکوں کے2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج

    لاہور: یوحنا آباد دو مختلف چرچز میں ہونے والے دھماکوں کے مقدمات درج کر لئے گئے۔

    لاہور کے تھانہ نشتر ٹاون میں پادری ارشاد اور فرانسز ارشاد کی مدعیت میں دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں، مقدمات انسداد دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کے دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں۔

    گذشتہ روز یوحنا آباد میں دو مختلف خود کش دھماکے ہوئے۔  یوحنا آباد میں واقع کرائسٹ اور کیتھولک گرجا گھروں میں دھماکے اس وقت ہوئے جب خصوصی عبادات جاری تھیں کہ یکے بعد دیگرے دھماکے ہوگئے، جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 71 زخمی ہوئے تھے، بعد ازاں مشتعل مظاہرین نے دو مشکوک افراد کو بد ترین تشدد کے بعد قتل کر دیا اور آگ لگا دی تھی۔

    پاکستان کی مسیحی برادری آج ملک بھر میں یومِ سوگ منانا رہی ہے جبکہ ملک بھر میں مشنری اسکول بھی آج بند ہیں۔

    کراچی میں آج تمام مشنری اسکول اور تعلیمی ادارے بند رہے سانحہ یوحنا آباد کے خلاف بشپ آف پاکستان صادق ڈینل کی اپیل پر تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، مسیحی کمیونٹی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

    شارع فیصل پر نکالی جانیوالی ریلی کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور شہری کئی گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے، شارع فیصل پر نکالی جانیوالی ریلی بلوچ پل سے شروع ہوکر گورا قبرستان پر اختتام پزیر ہوئی شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

    شرکاء نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث اصل افراد کو گرفتار کیا جائے ، کراچی میں سینٹ جوزف، سینٹ پیٹرک، سینٹ لارنس کالجوں سمیت مختلف نجی مسیحی اسکول بند رہے۔

    صادق ڈینیل کا کہنا ہے کہ حملہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے اور مسیحی کمیونٹی اس صورتحال میں صبر و تحمل سے کام لی۔

    سانحہ لاہور کے خلاف مسیحی برداری نے احتجاجاً مشنری اسکولز بند کردیئے گئے ہیں، سانحہ لاہور کے خلاف مسیحی برداری آج کوئٹہ میں احتجاجی ریلوں کا انعقاد کریگی اور تمام چرچز میں دعائیہ تقریبات کاانعقاد بھی کیا جائے گا ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق دعائیہ تقریبات اور ریلیاں کو سیکورٹی فراہم کردی گئی ہے۔

    بشپ آف پاکستان صادق ڈینئیل کا کہنا ہے کہ چرچ پر خودکش حملے ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہیں، دھماکوں کے کیخلاف ملک بھرمیں یوم سوگ منائیں گے۔

    آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ واقعہ واہگہ اور پولیس لائنز دھماکے سے ملتا ہے خودکش حملوں کے بعد مظاہرین کے خلاف پولیس نے بڑے نقصان سے بچنے کے لئے ایکشن نہیں لیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر پولیس وہاں موجود نہیں تھی تو اہلکار شہید اور زخمی کیسے ہوئے۔