Tag: zabih ullah mujahid

  • افغان سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے، ذبیح اللہ مجاہد

    افغان سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے، ذبیح اللہ مجاہد

    کابل : نائب افغان وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ہم کسی کواجازت نہیں دیں گے کہ وہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرے۔

    یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ذبیح اللہ مجاہد کا پاکستانی صحافیوں کے سوالات پہ آڈیو جوابات دیتے ہوئے کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ خطے اور خصوصاً اپنے پڑوس میں امن چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے، بہت سارے افغان مہاجرین وہاں رہائش پذیر ہیں، ان کا تحفظ بھی ہمارے اپنے شہریوں کا تحفظ ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے وہاں بھی امن اور مصالحت کی صورت نکلے، ہم چاہتے ہیں مذاکرات کامیاب ہوں اور فریقین میں اتفاق رائے سامنے آئے۔

    نائب افغان وزیر اطلاعات نے کہا کہ امید ہےاس بار مذاکرات کامیاب ہوں گے اور مخلصانہ انداز میں آگے بڑھیں گے، ہم امریکا سے بہتر تعلقات کے خواہش مند ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنگ کا موسم گزر چکا ہے، ہم مزید دشمنی نہیں چاہتے، امریکا کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان سے بہتر تعلقات قائم کرے اور افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرے۔

    افغان رہنما نے بھارت میں بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جنونی انتہا پسندوں کو دین اسلام کی توہین کی اجازت نہ دی جائے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ایسے جنونی انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی بھی اجازت نہ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کو تیار ہیں، ہم نے عالمی برادری سے کم عرصے میں اچھے تعلقات قائم کیے، افغانستان میں اب ایک ذمہ دار اور حقیقی نمائندہ حکومت ہے۔

  • خواتین کو شرعی قوانین کے ساتھ عہدے دیں گے، ذبیح اللہ مجاہد

    خواتین کو شرعی قوانین کے ساتھ عہدے دیں گے، ذبیح اللہ مجاہد

    کابل : ترجمان امارات اسلامیہ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سرکاری دفاترفعال ہوگئے ہیں، خواتین کو شرعی قوانین کے احترام کے ساتھ انتظامی عہدے دیں گے۔

    کابل میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے ضیاء الحق سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طالبان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کی نئی حکومت سے متعلق اہم تفصیلات بیان کیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام سرکاری دفاتر فعال ہوگئے اور متعلقہ افسران نے جانا شروع کردیا ہے اس کے علاوہ تمام وزراء بھی اپنے دفاتر میں بیٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ عبوری حکومت ہے اور ابھی آغاز ہے, افغانستان مشکل صورتحال سے دوچار ہے لہٰذا ہماری پوری کوشش ہوگی دنیا ہمیں تسلیم کرلے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کو شرعی قوانین کے احترام کے ساتھ حکومتی عہدے دیں گے، خواتین حکومت کا حصہ بن سکتی ہیں لیکن یہ دوسرا مرحلہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ وزرات خارجہ فعال ہوگئی ہے، ہم دنیا سے تعلقات رکھیں گے، امریکا سمیت دیگر ممالک ہمیں تسلیم کریں اس پرکام کررہے ہیں، اگر کسی ملک کو ہم سے تشویش ہے تو اسے سیاسی طور پر حل کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان حکومت کے ہمارے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پاکستان نے ہمارے لیے امداد بھیجی اس پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔

  • طالبان نے وادی پنجشیر پر قبضہ کرلیا، ذبیح اللہ مجاہد

    طالبان نے وادی پنجشیر پر قبضہ کرلیا، ذبیح اللہ مجاہد

    کابل : طالبان نے کابل کے شمال میں وادی پنجشیر پر قبضہ کر نے کا دعویٰ کیا ہے، ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ باغی ہلاک اورباقی تمام فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے پنجشیر وادی کو فتح کرلیا ہے، علاقے پر قبضے کے بعد جنگ اب ختم ہوگئی۔

    طالبان ترجمان نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہمارا کنٹرول اب سارے افغانستان پر ہوچکا ہے، مسائل پیدا کرنے والوں کو شکست ہوچکی ہے اور اب وادی پنجشیر ہماری کمان میں ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجشیر میں کچھ باغی ہلاک اور باقی تمام فرار ہوگئے، پنجشیرکےعوام ہمارےبھائی ہیں، انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، ہم سب مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کےلئےکام کریں گے۔

    گزشتہ روز یہ کہا جارہا تھا کہ طالبان فوجی پنجشیر کی سمت پیشرفت کر رہے ہیں اور انہوں نے گورنر آفس کی طرف پیش قدمی کی ہے۔

    سابق نائب صدر امر اللہ صالح نے جو طالبان کی شدید مخالفت کر رہے ہیں میڈیا کو بتایا کہ ان کے ملک سے فرار ہوجانے کی اطلاع غلط ہے اور وہ افغانستان ہی میں موجود ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا ادارے روئیٹرز نے بھی پنجشیر پر طالبان کے قبضہ کی اطلاع دی ہے، تاہم کہا گیا ہے کہ مکمل صوبے کے کنٹرول کی خبر کی ابھی آزادانہ توثیق نہیں ہوسکی ہے۔

    یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ پنجشیر پر کنٹرول حاصل کرلینے کے بعد طالبان نے وہاں کئی ٹینک اور دبابے بھی اپنے قبضے میں کرلئے ہیں۔

    پنجشیر میں طالبان کی فتح کے دعوؤں پر کابل میں جشن منایا گیا، یہاں زبردست فائرنگ کرتے ہوئے پنجشیر کی کامیابی کا جشن منایا گیا، تاہم طالبان نے اس طرح کی فائرنگ سے گریز کی اپیل کی ہے۔

    افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ فائرنگ کرکے خوشی کا اظہار کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جانا چاہئے۔

  • افغان طالبان کا عسکریت پسندوں کے خلاف اشتہاربازی بند کرنے کا مطالبہ

    افغان طالبان کا عسکریت پسندوں کے خلاف اشتہاربازی بند کرنے کا مطالبہ

    کابل: طالبان نے افغان ذرائع ابلاغ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ عسکریت پسندی یا شدت پسندوں کے خلاف کسی قسم کا اشتہار چھاپنے یا نشر کرنے سے گریز کریں، افغانستان میں طالبان ان دنوں امریکا سے مذاکرات کے مراحل میں ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ افغان ذرائع ابلاغ نے اس ہدایت کو نظرانداز کیا تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

    افغان طالبان کے ترجمان نے ایسے اداروں کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے اور کہا ہے کہ اس کے بعد انہیں میڈیا آفس کی جگہ فوجی ہدف قرار دیا جائے گا اور اس صورت میں انہیں حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کی حمایت سے قائم ہونے والی کابل حکومت، افغان میڈیا پر عسکریت پسندوں کے خلاف نشر ہونے یا چھپنے والے اشتہارات کا معاوضہ سرکاری خزانے سے ادا کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرا ت کا آخری دور رواں برس مئی میں مکمل ہوا تھا جس میں طے پایا تھا کہ امریکا افغانستان سے نکل جائے گا اور طالبان انخلا کے عمل میں رخنے نہیں ڈالیں گے۔طالبان نے افغان حکومت سے مطالبات غیر ملکی افواج کے انخلا سے مشروط کررکھے ہیں۔

    دوسری جانب طالبان نے ماسکو میں روسی حکومت سے بھی مذاکرات کیے تھے جبکہ ایران اور پاکستانی حکومت سے بھی ان کے مذاکرات جاری ہیں۔

    ان تمام مواقع پر طالبان نے یہی موقف اختیار کیا ہے کہ افغانستان میں قیامِ امن سے متعلق کسی بھی معاہدے پر اتفاق کے لئے بین الاقوامی افواج کا انخلاء انتہائی ضروری ہے۔