Tag: Zabihullah Mujahid

  • ذبیح اللہ مجاہد نے دوحہ میں خاتون رپورٹر کا سوال نظر انداز کر دیا

    ذبیح اللہ مجاہد نے دوحہ میں خاتون رپورٹر کا سوال نظر انداز کر دیا

    دوحہ: افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دوحہ، قطر میں ایک خاتون رپورٹر کا خواتین سے متعلق سوال یک سر نظر انداز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوحہ کانفرنس کے دوران طالبان وفد کے سربراہ سے افغان خاتون رپورٹر نے سوال کیا ’’کیا آپ خواتین سے خوف زدہ ہیں؟‘‘

    ذبیح اللہ مجاہد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا، انھوں نے افغانستان میں اقتدار کے قانونی جواز کا سوال بھی نظر انداز کر دیا۔

    تاہم وفد میں شریک طالبان رہنما سہیل شاہین نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے پاس قانونی جواز نہ ہوتا تو افغانستان سے قبضہ کیسے ختم کرایا۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی قیادت میں اتوار کے روز قطر میں افغانستان کے لیے دو درجن سے زائد ممالک کے خصوصی ایلچیوں پر مشتمل دو روزہ کانفرنس شروع ہوئی۔ اس کانفرنس میں طالبان نے عالمی مالیاتی پابندیاں ختم کرنے اور مغرب کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم خواتین کی آزادی پر عائد پابندیوں کے حوالے سے طالبان کا کہنا تھا کہ اس پر ان کی پالیسی مختلف ہے۔

    یہ یو این سیکریٹری جنرل کے ایک سال قبل شروع کردہ ’دوحہ عمل‘ کے آغاز کے بعد پہلا موقع ہے کہ طالبان نے بین الاقوامی تعلقات پر بات چیت کے لیے کسی کانفرنس میں شرکت کی ہے۔

    واضح رہے کہ طالبان نے فروری میں ہونے والی میٹنگ میں اس لیے شرکت نہیں کی تھی کیوں کہ اقوام متحدہ نے ہیومن رائٹس گروپس کے ارکان کو بھی مدعو کیا تھا، چناں چہ اس بار طالبان کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اس کانفرنس میں رائٹس گروپس کو دعوت نہیں دی گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طالبان کو پچھلے سال مئی میں ہونے والے پہلے دور میں مدعو نہیں کیا گیا تھا، رواں برس طالبان کی اس کانفرنس میں شرکت کو مندوبین نے خوش آئند قرار دیا ہے حالاں کہ رائٹس ایکٹویٹس کو مدعو نہ کیے جانے پر شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

  • ایشیا کپ ناخوشگوار واقعے میں ملک سے فرار ہونے والے شہری ملوث ہیں: ذبیح اللہ مجاہد

    ایشیا کپ ناخوشگوار واقعے میں ملک سے فرار ہونے والے شہری ملوث ہیں: ذبیح اللہ مجاہد

    کابل: امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایشیا کپ 2022 میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے بعد پیش آنے والے ناخوش گوار واقعات پر کہا ہے کہ افغان عوام سنجیدہ قوم ہے جو ایسی حرکتوں پر یقین نہیں رکھتی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں پاک افغان میچ کے بعد گراؤنڈ میں ہنگامہ آرائی اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم کے حوالے سے جب امارت اسلامیہ کا مؤقف پوچھا گیا تو ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ ناخوش گوار واقعہ ایسے کچھ لوگوں کی جانب سے پیش آیا ہے جو امارت اسلامیہ کی آمد کے بعد ملک چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔

    انھوں نے کہا افغان عوام سنجیدہ قوم ہے جو ایسی حرکتوں پر یقین نہیں رکھتی، سوشل میڈیا پر اس نفرت انگیز مہم کے پیچھے ہماری تحقیق کے مطابق کچھ فیک اکاؤنٹس کار فرما ہیں۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا امارت اسلامیہ نے سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس اور افغان نوجوانوں کے نام کچھ دن قبل ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا تھا جس میں انھیں شائستگی اور اخلاقی رویہ اپنانے کی تلقین کی گئی تھی۔

    پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں‌ اڑ گئیں!

    بدھ 7 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاک افغان میچ کے بعد ہنگامہ آرائی کے بعد امارت اسلامیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں پاکستان کے عوام کے خلاف سوشل میڈیا مہم کو افغانی اور اسلامی کلچر کے خلاف قرار دیا گیا تھا۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ ’گزشتہ دو دن سے جب سے کرکٹ میچ ہارنے کا واقعہ ہوا ہے کچھ افغان بھائی غیر شعوری طور پر اپنے اصول، اخلاق اور قلمی عفت سب کچھ بھول چکے ہیں، پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کی غمی و خوشی میں شریک دو بھائی ہیں، ان کی ایک دوسرے سے بہت سی ضروریات وابستہ ہیں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا کہ یہ سب کچھ نظر انداز کر کے توہین، تذلیل، تحقیر کا رویہ اختیار کرنا نہ امارت اسلامیہ کی پالیسی ہے نہ افغانی غیرت و حمیت کا تقاضا ہے، نہ ہی ہمارا دین اس کی اجازت دیتا ہے۔ ہر معاملے میں حد سے تجاوز اور عوام کو نفرت کی جانب بلانا اسلام دشمن قوتوں کا پروگرام ہے۔

    ہدایت کی گئی کہ اگرچہ ممکن ہے اُس جانب سے بھی ایسا کچھ ہوتا ہو مگر ہماری آپ کی اپنی ذمہ داری ہے، نفرت اور بیزاری کی باتیں نہ کریں، کھیل کھیل ہے کوئی جنگ یا سنجیدہ معاملہ نہیں، نہ اپنے کھلاڑیوں کو پریشان کریں، نہ دیگر ممالک سے اپنے تعلقات خراب کریں۔ نہ دیگر اقوام کو یہ تاثر دیں کہ ہم میں برداشت کی صلاحیت بالکل نہیں۔

    ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی تنبیہہ بھی کی گئی۔

  • طالبان نے روس سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا

    طالبان نے روس سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا

    کابل: افغان طالبان نے روس سے اپنی امیدیں وابستہ کر لیں، اقوام متحدہ اور افغانستان کے درمیان ثالثی ہو یا ملک کے اندر تعمیر نو کا مسئلہ، طالبان روس کی طرف دیکھنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ روس اقوام متحدہ اور افغانستان کے درمیان ثالث بن سکتا ہے، افغانستان پر عائد عالمی پابندیوں کے خاتمے اور ملک کے اندر تعمیر نو کے سلسلے میں بھی روس افغانستان کی مدد کر سکتا ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ہمیں مثبت نتائج کی امید ہے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل طالبان نے سہیل شاہین کو اقوام متحدہ کے لیے افغانستان کا سفیر مقرر کیا ہے، سہیل شاہین دوحہ میں طالبان کی مذاکراتی ٹیم میں شامل رہے ہیں اور طالبان کی ترجمانی کا فریضہ بھی انجام دیتے رہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے، جس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اعلیٰ سطح کی بحث میں حصہ لینے کی گزارش کی گئی ہے۔

    دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے طالبان رہنماؤں پر عائد سفری پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں۔